مریخ واپس جا رہا ہے
پچھلے چند ماہ سے مریخ مسلسل مغرب سے مشرق کی طرف جا رہا ہے جو اس کی معمول کے مطابق حرکت ہے – آپ جانتے ہی ہیں کہ ان دنوں مریخ بے حد روشن ہے – صرف اسی سال کے آغاز کی نسبت اس وقت مریخ 25 گنا زیادہ روشن ہے – اس کی وجہ یہ ہے کہ آج کل مریخ زمین کے پاس سے گذر رہا ہے اور ہم اس کا روشن حصہ دیکھ رہے ہیں کیونکہ مریخ اور سور زمین کے نکتہِ نظر سے مخالف سمتوں میں ہیں اور ہم اس کا روشن حصہ اسی طرح دیکھ رہے ہیں جس طرح چودھویں کی رات کو ہم چاند کا روشن حصہ دیکھتے ہیں
لیکن پچھلے چند ہفتوں میں اگر آپ نے مریخ کا مشاہدہ کیا ہو یا اگلے چند ہفتوں میں اس کا مشاہدہ کرنا چاہیں تو آپ دیکھیں گے کہ مریخ مزید مشرق کی طرف جانے کے بجائے آج کل مغرب کی طرف سرک رہا ہے – اگست کے آخر تک یہ یونہی مغرب کی طرف سرکتا رہے گا جس کے بعد یہ دوبارہ مشرق کی طرف حرکت کرنے لگے گا – اس قسم کی حرکت کو retrograde motion کہا جاتا ہے اور سیاروں کی اس قسم کی حرکات ہزاروں سالوں سے ماہرینِ فلکیات کو پریشان کرتی آئی ہیں – انسان کا شروع سے یہ خیال رہا ہے کہ تمام سیارے زمین کے گرد گھومتے ہیں اس لیے اس قسم کی retrograde motion ماہرین کی سمجھ سے باہر تھی کہ بعض اوقات سیارے زمین کے گرد گھومتے گھومتے رک کر مخالف سمت میں کیوں گھومنے لگتے ہیں اور پھر چند ماہ بعد دوبار سمت بدل کر معمول کی سمت میں چلنے لگتے ہیں
لیکن اب ہم یہ جانتے ہیں کہ تمام سیارے زمین کے گرد نہیں گھومتے بلکہ زمین بھی ایک سیارہ ہے جو باقی سیاروں کے ساتھ سورج کے گرد گھوم رہا ہے – اس حرکت کے دوران جب زمین مریخ کے پاس سے گذرتی ہے تو زمین کی رفتار مریخ سے تیز ہوتی ہے جس وجہ سے مریخ زمین کے نکتہِ نظر سے الٹی سمت میں چلتا نظر آتا ہے – یہ ایسا ہی ہے جیسے آپ کسی تیز رفتار گاڑی میں جا رہے ہوں اور سست رفتار گاڑی کو اوورٹیک کریں تو آپ کے نکتہِ نظر سے وہ گاڑی پیچھے کی طرف حرکت کرتی معلوم ہو گی اگرچہ دونوں گاڑیاں ایک ہی سمت میں جا رہی ہیں – یہ محض نظر کا دھوکہ ہے جو صرف اس وجہ سے ہوتا ہے کہ ہم زمین پر موجود ہیں اور زمین کے نکتہِ نظر سے سیاروں کو دیکھ رہے ہیں
مریخ کی یہ حرکت آج کل بہت تیز ہے کیونکہ آج کل ہم مریخ کے پاس سے گذر رہے ہیں – البتہ اگست 28 کو یہ حرکت رک جائے گی اور اس کے بعد مریخ واپس مشرق کی طرف چلنے لگے گا – اس سال کے بعد مریخ کی retrograde motion سنہ 2020 کے اکتوبر میں نظر آئے گی
https://www.space.com/40968-mars-retrograde-guide.html
یہ تحریر فیس بُک کے اس پیج سے لی گئی ہے۔