آج – ٢٢ ؍مئی ؍ ١٩٨٨
منفرد لب و لہجہ کے لیے مشہور اور معروف خاتون شاعرہ” نسیم صباؔ صاحبہ “ کا یومِ ولادت…
نام نسیم خانم اور تخلص صباؔ ہے ۔ ٢٢ آج – ٢٢ ؍مئی ؍ ١٩٨٨ء کو ریاست حیدراباد میں پیدا ہوئیں ، ابتدائی تعلیم انجمن خیر الاسلام گرلز اسکول ممبئ مہا نگری سے حاصل کی اور ریاست کرناٹک کے ضلع بلاری سے ڈی ۔ ایڈ کیا اور گلبرگہ ڈویژن کے ضلع کوپل کے سرکاری اسکول میں درس و تدریس کے پیشے سے وابستہ ہوئیں ۔
بچپن سے ہی شعر و ادب سے شغف رہا اور ابتدا میں نظم "ماں" پر لکھی جو ریاست کے صدر مقام بنگلورو کے مقامی اردو اخبار روزنامہ سالار میں شائع ہوئی اور ادبی حلقوں میں کافی پسند کی گئی ۔٢٠١٢ء سے شاعری کرنے لگی اور یہ سلسلہ جاری ہے ۔
پیشکش : اعجاز زیڈ ایچ
مقبول خاتون شاعرہ نسیم صباؔ کے یومِ ولادت پر منتخب کلام بطورِ خراجِ تحسین…
علم سے بڑھ کر اثاثہ بے بہا کچھ بھی نہیں
علم سے خالی هو جو اس میں رہا کچھ بھی نہیں
خلق کی خدمت کی خاطر وقف کر دیجے حیات
قوم کی خدمت سے بہتر راستہ کچھ بھی نہیں
راہبر کے سامنے ہی لٹ گیا ہے کارواں*
بس کھڑا دیکھا کیا ، اس نے کیا کچھ بھی نہیں
اس نے یہ کہکر سنوارے اپنے گیسو دیر تک
آپکی آنکھوں سے اچھا آئینہ کچھ بھی نہیں
کوئی بھی موسم رہے شکر خدا لب پر رہے
زندگی جہدِ مسلسل کے سوا کچھ بھی نہیں
اس کی خاموشی پہ اب تک سوچتی ہوں اے صباؔ
کیا ہوا ایسا کہ کہنے کو رہا کچھ بھی نہیں
***
اپنا جلوہ دکھا گئیں آنکھیں
خوب محفل سجا گئیں آنکھیں
کچھ نہ کہنے کو رہ گیا باقی
سارا قصہ سنا گئیں آنکھیں
جبکہ نظروں نے ان کو دیکھا تھا
کس طرح دل کو بھا گئیں آنکھیں
ساری پر نور ہوگئی محفل
ایسا جلوہ دکھا گئیں آنکھیں
ماں کے چہرے کو جس گھڑی دیکھا
خوب ٹھنڈک سی پا گئیں آنکھیں
اے صباؔ تو نہ پا سکی جلوہ
ہو کے ناکام آ گئیں آنکھیں
***
دھواں ہمیشہ اگلتے ہیں حاسدوں کے چراغ
جلائے رکھے ہیں ہمنے بھی حوصلوں کے چراغ
ہیں شہر کی سبھی سڑکوں پہ مشعلیں روشن
بجھے ہوئے ہیں مگر سارے ہی گھروں کے چراغ
نظر اٹھا کے ذرا دیکھ دل کی طاقوں پر
فروزاں آج بھی ہیں غم کی آئیتوں کے چراغ
کیا تھا کام یہ حالات کے لپیٹوں نے
کہاں بجھائے تھے ہم نے رفاقتوں کے چراغ
ترس رہے ہیں سبھی امن کے اجالوں کو
لہو میں غرق ابھی تک ہیں سرحدوں کے چراغ
جہاں خلوص بھری روشنی کی حاجت ہے
جلانے ہونگیں وہاں پر ہمیں دلوں کے چراغ
صباؔ یقین نہیں تھا مگر مدد کے لئے
نکل کے آئے ہیں دریا سے نیکیوں کے چراغ
نسیم صباؔ
انتخاب : اعجاز زیڈ ایچ