مقبولیت کا کیڑا ذہن سے نکال دیں۔
شہرت کا کیڑا ذہن سے نکال دیں۔
آپ ہر دل عزیز ہیں، یہ کیڑا ذہن سے نکال دیں
آپ اہم ہیں۔۔۔ یہ کیڑا بھی ذہن سے نکال دیں
ناموری اور سماجی مقام و مرتبہ کے کیڑے چن چن کر ذہن سے نکال دیں۔
آپ جتنے بھی مشہور و مقبول، اہم یا ہردلعزیز ہیں، ۔۔۔۔۔۔ چند مہینے یا چند سال دنیا کی نظروں سے اوجھل ہو کر دیکھ لیجئے۔۔۔۔۔ آپ کے چودہ طبق ضرور روشن ہو جائیں گے۔ زمانے کا کارواں، رواں دواں ہے اور وہ آپ کے بغیر بھی رواں دواں رہے گا۔
آپ اہم نہیں، آپ کا کام اہم ہے۔
اہمیت اس علم کی ہے جو آپ نے دنیا کو دیا۔
اہمیت اس نقطہ نظر اور رائے کی ہے جس کے مثبت اثرات زمانے پر ثبت ہوئے۔
اہمیت اس رہنمائی کی ہے جو آپ نے کسی کو منزل تک پہنچانے میں کی۔
اہمیت اس کوشش کی ہے جو آپ نے عصرِ رواں کی تابناکی بڑھانے میں کی۔
اہمیت اس دِیئے کی ہے جو آپ نے جہالت کی تاریک راہوں میں روشن کیا۔
اہمیت ان الفاظ کی ہے جو آپ کے قلم سے نکل کر کسی کی زندگی کو جگمگا گئے۔
سو، جانے دیجئے اس بات کو کہ زمانہ آپ کو یاد رکھتا ہے یا نہیں۔ آپ کو سراہتا ہے یا نہیں۔
صرف اس عہد کو یاد رکھئے جو آپ نے اپنے قلم سے کِیا ہے کہ یہ اٹھے گا تو صرف سچائی کے لئے۔۔۔۔۔ یہ چلے گا تو اس لئے کہ زمانے کی اقدار کو بلند تر کرے اور نسلِ نو کے دلوں میں علم سے محبت کی شمع روشن کرے۔