گرمیوں میں اپنے بزنس ہال کے اندرونی ٹمپریچر سے کافی پریشان تھا۔ اگر باہر کا درجہ حرارت پینتالیس ہے تو اندر کا ایک دو ڈگری کمی کے ساتھ بیالیس ، تینتالیس۔ اندر داخل ہوتے ہی یوں لگنا کہ جیسے کسی تندور میں آ گئے ہوں۔ چھت لنٹر کی ہے تو وہ گرمی جذب کر کہ ہال کو اندر سے آگ جیسا تپا دیتی تھی۔
ہال بناتے ہوئے موسم کی سختی ذہن میں رکھی تھی لیکن بجٹ ہاتھوں مجبور تھا جو چاہتا تھا وہ کر نا سکا ۔ اب سوچنا شروع کر دیا کہ کیا کروں۔ اندر کا موسم مہمانوں کے بیٹھنے لائک کیسے بناؤں۔
چھت والے پنکھوں کی گنتی بڑہائی ۔ ایگزاسٹ اور بریکٹ فین لگوائے ۔ کراس وینٹیلیشن بہتر کی ۔ اے سی لگوائے ، چھت کے اُوپر دو تین انچ چِپس کی تہہ چڑھا دی لیکن کوئی ایسا قابلِ ذکر فرق نا پڑا ۔
چند دن پہلے ایک آئیڈیا ذہن میں آیا ۔ طے کیا کہ اس پر عمل کیا جائے ۔
تینوں بیٹوں کو ساتھ لیا ۔ بارہ سو روپے کا ایک بیگ سفید سیمنٹ منگوایا ۔ بالٹی میں سیمنٹ ، پانی اور کپڑوں پہ لگایا جانے والا معمولی سا نیل مِکس کر کہ پتلا سا ملغوبہ تیار کیا ۔
دو پائپ لگا کر پانی ساتھ ہال کی چھت کو اچھی طرح دھو لیا ۔ اب میں ایک کپ ساتھ چھت پر بالٹی سے سفید سیمنٹ والا پانی گراتا رہا اور تینوں بیٹے اسے وائپر اور پینٹ والے بڑے برش ساتھ چھت پر پھیلا کر ہموار کرتے رہے ۔ یوں تقریباً ایک گھنٹے میں ہم چار لوگوں نے بارہ سو روپیہ کے خرچ ساتھ ہال کی پوری چھت پر سفید سیمنٹ کی پتلی سی تہہ چڑہا دی ۔ اندازہ یہ لگایا کہ چھت کا رنگ سفید ہو جانے کے بعد اب چھت گرمی کو اپنے اندر جذب نہیں کرے گی بلکہ دھوپ کو واپس مُنعکس کر کہ خُود ٹھنڈی رہے گی ۔
ایک ہفتہ پہلے یہ کام کیا ۔ موسم کچھ ٹھنڈا تھا تو پہلے تین دن صحیح اندازہ نا لگا سکا کہ اس کام سے ہال کے درجہ حرارت میں کیا فرق پڑا ۔
پچھلے تین دن قدرے گرمی رہی تو حساب لگایا کہ اس کام سے پہلے ہال کے اندر اور باہر کے ٹمپریچر میں جو اوسط فرق دو تین ڈگری کا تھا اب وہ فرق دس بارہ ڈگری کا ہے ۔ یعنی آج دوپہر دو بجے اگر باہر کا ٹمپریچر پینتالیس ڈگری تھا تو اُسی وقت ہال کے اندر کا درجہء حرارت تقریباً بتیس چونتیس ڈگری سنٹی گریڈ رہا ۔
ایک اور اندازہ یہ بھی لگایا کہ چھت پر کسی بھی دوسرے کیمیکل کی نسبت سفید سیمنٹ پر بارش ، دھوپ یا موسم کم از کم اثر انداز ہو گا ۔
میرا یہ خیال ہے کہ تھوڑی سی محنت اور صرف بارہ سو روپیہ خرچ کر کہ میں نے ڈیڑھ لاکھ کا کام جبکہ پانچ لاکھ کا مقصد حاصل کر لیا ۔