ہمدردی کے جذبات کے ساتھ کچھ باتیں کرلینی چاہئیں اور کچھ باتیں سن لینی چاہئیں۔ مامے چاچے اور اساتذہ تو پہلے ہی آبرو ریزی میں ملوث تھے، اب نوبت یہاں تک پہنچ گئی ہے کہ بھائی بہن کی طرف قدم بڑھا رہا ہے اور والد بیٹی پر ہاتھ ڈال رہا ہے۔ جنسی جذبات کو جانوروں پر آزمانے کے ثبوت آئے روز سامنے آرہے ہیں۔ سوچنے کے لیے یہ سارے واقعات بھی شاید کم ہوں۔ لیکن صورت حال جب یہ ہوجائے کہ صبح دفنائی ہوئی خاتون کو شام قبر سے نکال کر ہوس کا نشانہ بنایا جائے، تو پھر کچھ دیر کے لیے رک کر ہمیں سوچنا چاہیے کہ تہذیب کے شیرے میں نشہ آور ادویات ملا کر ہمیں کس نے کھلائی تھیں اور کب کھلائی تھیں۔
ہمارا اجتماعی شعور اب تک جنسی آلودگی کے جن اسباب کا تعین کر پایا ہے وہ یہ ہیں
فحاشی بڑھ گئی ہے
یہ سب انگریزی اور ہندی فلموں کا کیا دھرا ہے
یہ سب تہذیب مشرق سے دوری کا نتیجہ ہے
یہ سب اسلامی تعلیمات کی خلاف ورزی کی وجہ سے ہورہا ہے
جب خواتین چست لباس پہنتی ہیں تو مرد بیچارے کے پاس بہکنے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہوتا
جنسی بے راہ روی کے یہ اسباب بیان کرتے ہوئے ہم دراصل یہ کہہ رہے ہوتے ہیں کہ اصل مسئلہ یہ نہیں ہے کہ اپنے بچوں کو بچا لیا جائے۔ اصل مسئلہ تو یہ ہے کہ اپنے لگے بندھے نظریات کو کسی طرح بچا لیا جائے، چاہے اس کے لیے ہمیں نسلوں کی قربانی دینی پڑے۔
مشکل یہ آن پڑی ہے کہ کچھ زندہ تجربات اور مشاہدات پر مبنی سوالات بھی ہماری فکری عمارت کو ہلانے میں ناکام ہیں۔ مثلا، مسئلہ اگر لباس کا ہے تو چار پانچ سال کے بچے جنسی تشدد کا مسلسل نشانہ کیوں بن رہے ہیں۔ ان بچوں کی جسمانی ساخت میں تو جنسی تصرف کا کوئی امکان تک بھی موجود نہیں ہوتا۔بے پردگی اگر مسئلہ ہے، تو دفتر اور درس گاہ میں گلی اور بازار میں اور یہاں تک کہ خاندانی تقریبات میں باپردہ خواتین جنسی ہراسانی کا شکار کیوں ہورہی ہیں۔ اگر مسئلہ اسلامی تعلیمات سے دوری کا ہے، تو شب وروز قرآن پڑھنے پڑھانے والی ہستیاں جنسی بے راہ روی کی شکار کیوں ہوگئی ہیں۔ اگر معاملہ انگریزی اور ہندی فلموں کا ہے، تو جنسی تشدد میں وہ لوگ کیوں ملوث پائے جارہے ہیں جنہوں نے زندگی میں پہلا ڈرامہ ہی ارطغرل غازی دیکھا ہے۔
مسئلے کی حل کی طرف بڑھنے کے لیے سب سے پہلے یہ بات دل میں بٹھانی ہوگی کہ معاملہ بحث مباحثے میں جیتنے یا ہارنے کا نہیں ہے، یہ انسان کی زندگی کا سوال ہے۔ اس کے بعد ہمیں تمام ثبوت و شواہد اور تجربات و مشاہدات کی روشنی میں یہ اعتراف کرنا ہوگا کہ بنیادی مسئلہ مشرق مغرب کا نہیں ہے، جنسی گھٹن کا ہے۔ اگر ہم اس اعتراف میں کامیاب ہوجائیں تو ہمارے لیے اس بات پر غور کرنا آسان ہوجائے گا کہ گھٹن غیر فطری پابندیوں سے پیدا ہوتی ہے یا پھر آزادی سے؟ اس سوال کے درست جواب تک پہنچنا تب ہی ممکن ہوگا جب اس حقیقت کو تسلیم کرلیا جائے گا کہ انسان کا مزاج طلب اور جستجو کے خمیر سے اٹھایا گیا ہے۔
ایک جنسی گھٹن ہی نہیں، گھٹن کی ہر قسم غیر فطری پابندیوں سے جنم لیتی ہے۔ انسان کو اظہار کی آزادی میسر ہو تو بات نرم لہجوں میں ہوتی ہے اور اپنے وقت پر ہوتی ہے۔ یہاں تک کہ لوگ خاموشیوں کی زبان میں بات کرنا بھی سیکھ لیتے ہیں۔ اظہار پر بندش لگادی جائے تو بیان کی طلب بڑھ جاتی ہے۔ طلب پوری نہیں ہوتی تو سینے میں ایک طرح کی گھٹن پیدا ہونے لگتی ہے۔ بات گھٹے ہوئے سینے میں رہتی ہے تو لاوا بنتا ہے، باہر نکلتی ہے تو بارہ گاوں دور آواز سنائی دیتی ہے۔ کچھ نہ بن پائے تو لوگ بات کہنے کے لیے ایسے مقامات ڈھونڈ لیتے ہیں جو نگاہوں سے اوجھل ہوتے ہیں۔ ایسی زبان جنم لے لیتی ہے تو ڈی کوڈ نہیں ہوپاتی۔ ایسے میں کچھ نہیں ہوتا، بس معاشرے سے شفافیت ختم ہوجاتی ہے۔
گھٹن بڑھ جائے تو گنبد کا دروازہ کھولنا پڑتا ہے۔ یا پھر وقت آتا ہے کہ لاوا گنبد پھاڑ کے نکلتا ہے اور جبر کے ہر نشان کو بہا کر لے جاتا ہے۔ حجاز کا شیخ اس حوالے سے سیانا نکلا۔ ہمارے جیتے جی اُس نے خواتین کو ڈرائیونگ کی بھی اجازت دیدی۔ کیا سعودی شاہوں کو خواتین کی آزادی میں کوئی دلچسپی تھی؟ نہیں، ان کی ساری دلچسپی اپنی سلامتی اور بقا میں تھی۔ شیخ نے بھانپ لیا تھا کہ پابندیوں نے معاشرے میں ایک گھٹن پیدا کردی ہے جس کے نتیجے میں انحراف کے جذبات ابھر رہے ہیں۔ یہ انحراف کسی دن اجتماعی روپ دھار کر سامنے آگیا تو آلِ سعود کے لال پیلے رومال بحیرہ عرب میں تیر رہے ہوں گے۔ شیخ کو احساس ہوگیا کہ خواتین کو اگر ڈرائیونگ کا حق حاصل ہوتا تو ڈرائیونگ ان کے لیے معمول کا ایک معاملہ ہوتا۔ مردوں کی طرح ان کے لیے بھی ڈرائیونگ کی حیثیت زندگی کی ایک ضرورت کی سی ہی ہوتی۔ مگر ضرورت کے اس کٹولے میں اب کتھارسس، شوق، بے چینی، طلب اور بغاوت جیسے رجحانات سوار ہوگئے ہیں۔ ڈرائیونگ اب ان خواتین کے لیے گھٹن نکالنے کا ایک اہم ذریعہ بھی بن گیا ہے۔
مجموعی طور پر یہ پورا معاشرہ جنسی گھٹن کا شکار ہے، مگر مدارس کا معاملہ کچھ سوا ہے۔ مدارس میں طالب علم کی تربیت کی جاتی ہے تو خاتون اور دولت کو اس کا محور بنایا جاتا ہے۔ خاتون کو نہیں دیکھنا۔ خاتون کی آواز بھی پردہ ہے۔ جس نے خاتون کو دیکھا گویا اس نے ز سے شروع ہونے والا کام کیا۔ باہر نکلو تو نظر کی حفاظت کرو۔ کہیں کسی کتاب میں نیم برہنہ خاتون کی تصویر دیکھو تو اس پر قلم کی سیاہی پھیردو۔ چونکہ یہ بیانیہ کہنے سننے اور دیکھنے کی مذمت کرتا ہے، سو اس بیانیے میں تعلق، معاملہ، محبت اور پسند نا پسند کی گنجائش از خود ختم ہوجاتی ہے۔ ساتھ ہی اس پورے بیانیے میں فحاشی، عیاشی، شہوت اور زنا جیسےکئی دوسرے الفاظ کا تکرار اس شدت کے ساتھ ہوچکا ہوتا ہے کہ انسانی جذبات زکوٹا جن کا روپ دھار لیتے ہیں۔ صبح شام ایک ہی تقاضا کرتے ہیں، مجھے کام بتاو میں کیا کروں میں کس کو کھاوں۔
پانچ دس سال کے مسلسل تکرار کے بعد ایک طالب علم کے جذبات بارود کا ڈھیر بنادیے جاتے ہیں۔ جب وہ پھٹنے کو آتا ہے تو اسے کہہ دیا جاتا ہے کہ تمہیں اپنے نفس پر قابو رکھنا ہوگا۔ یہاں صبر کا دامن تھاموگے تو وہاں کافور اور زعفران سے بنی ہوئی حوریں ملیں گی۔ لے دکر غریب کو ایک شادی کا آسرا ہوتا ہے، وہ بھی بن دیکھے ہوجاتی ہے۔ پسند ناپسند کا کسی نے پوچھ بھی لیا تو احترام کی روایت کا جبری تقاضا یہ ہوتا ہے کہ ہاں کردی جائے۔ شادی کی رسومات کس نے انجام دیں، کب دیں، کیسے دیں، شوہرِ نامدار کے علاوہ اس کی خبر سب کو ہوتی ہے۔ جب سارے معاملات بخیر وخوبی انجام کو پہنچ جائیں تو پتہ چلتا ہے کہ یہ لڑکی اپنا گھر چھوڑ کر لڑکے کے لیے تھوڑی آئی تھی، وہ تو لڑکے کے والدین کے تام جام سنبھالنے کے لیے آئی تھی۔ لڑکی یہاں مکے میں تندور گرم کرتی ہے اور لڑکا وہاں مدینے جوتیاں چٹخارہا ہوتا ہے۔ سال دو سال میں ایک دوسرے کو میسر آ بھی جائیں تو جسمانی ورزشیں ہوجاتی ہی، احساس کا تبادلہ نہین ہوپاتا۔ نکاح نامہ ہوتے ہوئے بھی گناہ کا ایک درجہ احساس دل دماغ میں کہیں زندہ رہتا ہے۔ انہیں جنسی آسودگی کا مطلب سمجھ آنے لگتا ہے تو عمر کا کانٹا چالیس کے پیٹے میں لٹک رہا ہوتا ہے۔
تہذیبِ مشرق کے اِس گھن چکر نے دریا کے کنارے بیٹھے ہوئے انسان کو بھی محروم ہی رکھا ہوا ہے۔ سچائیوں میں بڑی سچائی یہ ہے کہ محرومی اپنا ازالہ چاہتی ہے۔ کم لوگ یہ بات جانتے ہوں گے کہ جب مدارس میں لڑکیوں کی تعلیم کا آغاز ہوا تو سفید ریش علمائے کرام کے ہاں اپنی کم عمر شاگرداوں سے شادی کرنے کا رجحان پیدا ہوا۔ ان علمائے کرام میں کئی ایسے ہیں جو پانچ چھ برس پہلے اِس دنیا سے جاچکے ہیں۔ ان کی بیواوں کی عمر ابھی بھی تئیس چوبیس برس سے زیادہ نہیں ہوگی۔ ہزار منھ ہزار تجزیے، مگر سو باتوں کی ایک بات یہ ہے کہ شادیوں کی ان منہ زور ہواوں کے پیچھے دراصل چار چار عشروں کی محرومیاں کھڑی تھیں۔ مدارس میں کم عمر لڑکوں کی طرف جنسی رجحان کے پیچھے بھی یہی محرومیاں کارفرما ہیں۔
یہ روایت اب اتنی پرانی اور پختہ ہوچکی ہے کہ مدارس میں یہ بہت معمول کا معاملہ بن گیا ہے۔ یہ کہنا کہ اس میں کوئی ایک فرد ملوث ہوتا ہے، بالکل غلط بات ہے۔ تسلیم کرنا چاہیے کہ دینی جامعات کی جنسی ثقافت ہی یہی ہے۔ اساتذہ اور سینئیر طلبا کم عمر لڑکوں کو باقاعدہ پرپوز بھی کرتے ہیں۔ پرپوز نہ کریں تو زبانی کلامی ایک نسبت طے ہوجاتی ہے۔ حفظ اور ناظرہ قرآن مجید پڑھانے والے اساتذہ اپنی خدمت کے لیے بہت چُن کر لڑکوں کا انتخاب کرتے ہیں۔ یہ اساتذہ یا سینئیر باہم مل بیٹھتے ہیں تو اپنے اپنے لڑکے کے بہت رچاو کے ساتھ تذکرے کرتے ہیں۔ مدارس کی تہذیب میں زیادہ تر لطائف کا محور یہی تعلقات ہوتے ہیں۔ افراد باذوق ہوں تو ان تعلقات کے گرد شاعری بھی گھومتی ہے۔
مدارس میں بااثر افراد کم عمر طلبا کو جنسی طور پر ایسے ہی ہراساں کرتے ہیں، جیسے جامعات میں کوئی فیکلٹی ڈین یا سپر وائزر کسی طالبہ کو ہراساں کرتا ہے۔ مدارس کی روایت میں استاد کی شکایت ایسے ہی قابلِ مذمت ہے جس طرح کسی کم سن بچی کا اپنے ماموں اور چاچو کی شکایت کرنا قابل مذمت ہے۔ یہ بچے نہ اپنے والدین کو شکایت کرسکتے ہیں اور نہ انتظامیہ کو آگاہ کرسکتے ہیں۔ استاد کی شکایت؟ لاحول ولا۔ انتظامیہ کو شکایت اگر کردی جائے تو اول اسے سنجیدہ نہیں لیا جاتا۔ اگر سنجیدہ لے بھی لیا جائے تو اتنا ہی سنجیدہ لیا جاتا ہے جتنا ایک ہاسٹل وارڈن صفائی کے مسئلے کو سنجیدہ لیتا ہے۔
کیا میں یہ کہہ رہا ہوں کہ نوجوانوں کی جنسی آسودگی کے لیے بالا خانے کھول دیے جائیں؟ نہیں، میں ایسا کچھ نہیں کہہ رہا۔ میں اس بات کو ایک مثال سے سمجھانے کی کوشش کرسکتا ہوں۔ مدارس میں ایک محدود مگر نمایاں تعداد اُن طلبا کی ہوتی ہے جو شہروں میں اور آسودہ خاندانوں میں پلے بڑھے ہوتے ہیں۔ سوچنا چاہیے کہ یہ طلبا مدارس کی اِس جنسی ثقافت کا حصہ کیوں نہین بنتے؟ آخری تجزیے میں بھی یہی کہا جاسکتا ہے کہ ان بچوں کو قدرے آزاد ماحول میسر ہوتا ہے۔ خاتون اور دولت ان کے لیے دنیا کا آٹھواں عجوبہ نہیں ہوتے۔ محرومیوں اور جنسی بیانیوں نے ان کے ہاتھ میں ہتھوڑا نہیں دیا ہوتا۔ چونکہ ان کے ہاتھ میں ہتھوڑا نہیں ہوتا تو انہیں ہر ابھری ہوئی چیز کیل بھی نہیں لگتی کہ جہاں ابھار دیکھا وہی ٹھوک دیا۔
کیا آپ کو مضاربت کا سکینڈل یاد ہے؟ یہ کھربوں کا ایک سکینڈل تھا جس میں دینی اداروں سے وابستہ افراد ہی ملوث تھے۔ کیا چھوٹا کیا بڑا ،کیا پیر کیا مرید، کیا استاد کیا شاگرد سبھی نے اس گنگا میں ہاتھ دھوئے تھے۔ انسان سوچتا ہے کہ جو شیوخ و سالک عمر بھر دنیا سے بے رغبتی کا درس دیتے رہے ان کی اپنی انگلیاں اچانک کیلکولیٹر پر کیوں تھرکنے لگیں؟ سارے قضیے ملانے کے بعد اس سوال کا جواب بھی "محرومی” آتا ہے۔ دن رات پیسوں کا تکرار بھی، پھر پیسوں اور خوش حالی سے انکار بھی۔ کمانا بھی ہے مگر بتانا بھی نہیں ہے۔ خود پہ لگانا ہے، مگر اس احساس کے ساتھ کہ یہ کارِ گناہ ہے۔ اس دوہری صورتِ حال کا نتیجہ یہ ہوا کہ پیداوار کے امکانات ختم ہوگئے۔ طبعیت میں محرومیوں نے جگہ پکڑلی، جو وقت کے ساتھ پختہ ہوتی چلی گئی۔ اب جیسے ہی کمائی کی آواز پڑی اور دیکھا کہ شیوخ متفق بھی ہیں، تو محروم طبعیتوں نے جائز دیکھا اور نہ ناجائز دیکھا، رسیاں توڑ کر باہر نکلیں اور اُن عیاشیوں میں پیسہ لگا کر آگئے جو عیاشیاں پندرہ سولہ برس کی عمر میں نمٹ کر پرانی ہوجانی چاہیے تھیں۔
انہی محرومیوں کے دو ضمنی نتائج بھی ہیں۔
پہلا، مدارس کے گریجویٹس عورت اور خوش حال لوگوں سے نفرت میں مبتلا ہوجاتے ہیں۔ کسی جوڑے کو کہیں باہم رضامند دیکھ لیں تو اداس ہوجاتے ہیں۔ ہمارے دل میں اندھیرے ہیں تو کسی کے شبستان میں دیے کیوں جل رہے ہیں۔ کسی کو اچھی گاڑی سے اترتا دیکھتے ہیں تو دل گرفتہ ہوجاتے ہیں۔ ہماری جوتی میں پیوند ہے تو کسی کی دسترس میں اڑن طشتری کیوں ہے۔
دوسرا، عورت ان کے لیے کُل ملاکر ایک جسم بن جاتی ہے۔ جب بھی سوچتے ہیں اسی تناظر میں سوچتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ خاتون کسی اشتہار میں نظر آجائے تو مولانا منظور مینگل جیسی عظیم ہستیوں کو جسم کے وہ مقامات تک نظر آجاتے ہیں جو کسی عام گنہگار کو ہر گز نظر نہیں آتے۔ زونگ کے جس اشتہار پر لوگوں کے آنسو چھلک جاتے ہیں، اسی اشتہار میں اوریا صاحب کو فحاشی نظر آجاتی ہے۔ حضرات کو معرفت کے یہ درجے بہت ریاض کے بعد حاصل ہوتے ہیں۔
بظاہر بہت پختہ نظر آنے والے یہ ذہن کئی حوالوں سے ہماری ہمدردیوں کے مستحق ہوتے ہیں۔ تیس برس کے بعد جب کنویں کا ڈھکن کھول کر انہیں معاشرے میں چھوڑا جاتا ہے تو ان کا دماغ دس گیارہ برس کا ہوتا ہے۔ اچانک اچھی آواز، بھلے رنگ اور روشنی دیکھ کر یہ گھبرا جاتے ہیں۔ گھبراہٹ میں ہاتھ پاوں مارتے ہیں تو برتن توڑ دیتے ہیں۔ اس ادراک سے بھی محروم ہوتے ہیں کہ برتن کتنے قیمتی تھے۔ یقین مانیے یہ کوئی بہت بڑی نظریاتی جنگ نہیں ہے۔ آپ شام سے پہلے ان کے لیے معاشی اور مشاہداتی مواقع پیدا کردیں، صبح ہونے سے پہلے یہ درست پتے پر پہنچے ہوئے ہوں گے۔ یہ عجیب معصوم سے ہوتے ہیں۔ کبھی بات کرکے دیکھیے گا!
حیوانی جبلت، مکھیوں کا دیوتا، مکڑیوں بھرا جزیرہ اور ہم
( نوبل انعام یافتہ ولیم گولڈنگ کے ناول ’ لارڈ آف فلائیز ‘، 1954ء پر تبصرہ ) یہ پچھلی صدی...