لوکاٹ ایک پھل دار درخت ہے، اس کا انگریزی نام بھی لوکاٹ (Loquat) ہی ہے۔
بنیادی طور پر لوکاٹ ایک غیر معروف پھل "کندس" (Medlar) کی چاپانی ورائٹی ہے۔ شکل اور ذائقے کے لحاظ سے لوکاٹ کا پھل آم اور ناشپاتی کا امتزاج ہے۔ دنیا کے مختلف ممالک اور معاشروں میں اس کا استعمال بطور دوا کیا جاتا ہے۔ لوکاٹ کے پھل اور پتے دونوں میں کیلشیم ، فاسفورس ، آئرن، پوٹاشیم، وٹامن "اے" اور وٹامن "سی" کثیر مقدار میں پائے جاتے ہیں۔
لوکاٹ کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ متلی کی کیفیت کے لئے کافی فائدہ مند ہے، اس کے علاوہ پیاس کا بار بار لگنا، ڈائریا، زہر خورانی اور سوجن کو کم کرنے میں بے حد مددگار ہے۔
لوکاٹ کے پھل کے ساتھ ساتھ لوکاٹ کے درخت کے پتے بھی بے شمار طبی فوائد کے حامل ہیں جن میں سرفہرست موکس ممبرنس (انسانی جسم میں پائی جانے والی لعابی جھلی)، زیابطیس، جلدی سرطان اور جگر کی تیزابیت کو کم کرنے میں بے حد مددگار ہے۔
لوکاٹ کا پتا سدابہار گہرا سبز اور چمکدار ہوتا ہے، اس کے پتے کی لمبائی پانچ سے بارہ انچ جبکہ چوڑائی 3 سے چار انچ تک ہوتی ہے۔ کسی بھی باغیچے میں لوکاٹ کا درخت ایک الگ ہی شان دکھاتا ہے۔
لوکاٹ کا درخت بیج، قلم اور گٹی (گرافتنگ) کے ذریعے لگایا جاتا ہے، لیکن چونکہ بیج کو پروپیگیٹ کرنا خاصا مشکل امر ہے اس لئے گرافتنگ (Grafting) اور قلم (Cutting) کے زریعے لگایا جاتا ہے۔ اس کے درخت کی عمومی لمبائی تیس فٹ تک ہوتی ہے۔ لوکاٹ کے پھل سے پہلے اس پر سفید رنگ کے چھوٹے خوشبودار پھول لگتے ہیں۔ اس کو الکلائن سے پاک ہر قسم کی کھاد میں لگایا جاسکتا ہے۔
گرم معتدل اور سٹرس کیلئے موزوں ہر علاقہ لوکاٹ کیلئے بھی موزوں ہے۔ زیادہ ٹھنڈ اس کو برداشت نہیں ہوتی، منفی تین درجہ سینٹی گریڈ یا اس سے کم درجہ حرارت پر اس کے پھول اور پھل تباہ ہوجاتے ہیں اور منفی بارہ درجہ سینٹی گریڈ سے کم درجہ حرارت اس کیلئے انتہائی نقصان دہ ثابت ہوتا ہے۔
لوکاٹ کا درخت قدرے ڈھیٹ ہوتا ہے اور عام طور پر کیڑا لگنے سے محفوظ ہوتا ہے لیکن سیب اور ناشپاتی کے درخت کو لگنے والی ایک بیماری فائر بلائٹ (Fire Blight) اس کیلئے موذی ثابت ہوتی ہے بالخصوص اس کے پھول کیلئے۔ ایک دفعہ فائر بلائٹ لگ جائے تو دھیرے دھیرے پورا درخت اس سے متاثر ہوجاتا ہے۔ جس شاخ پر فائر بلائٹ لگے اس فوری طور پر کاٹ دینا مناسب ہوتا ہے۔
اس کے علاوہ اس درخت کی جڑ گھاس پھوس سے متاثر ہوتی ہے یعنی گھاس پھونس اس کی جڑ کو ملنے والی توانائی خود لے لیتے ہیں اور یہ بیچارہ ان سے لڑ نہیں پاتا۔ اس کیلئے درخت کے تنے کے آس پاس سے خودرو جھاڑیاں اور گھاس پھونس اکھاڑ لینی چاہیئے لیکن اکھاڑتے وقت احتیاط ضروری ہے کیونکہ اس درخت کی جڑیں زمین سے کافی قریب ہوتی ہے۔
یہ تو چیدہ چیدہ باتیں تھیں، مزید جو بھی جاننا ہو کمنٹ باکس میں سوالات کے ذریعے پوچھا جا سکتا ہے۔
(اضافی نوٹ)
فائر بلائٹ زدہ شاخوں کو کاٹنے کا عمل پرننگ (Prunning) کہلاتا ہے۔ پرننگ کا عمل فائر بلائٹ کے علاوہ بھی درخت کی ساخت کو ترتیب دینے کیلئے کیا جاتا ہے۔ فائر بلائٹ سے متاثرہ شاخ کو کاٹنے کے بعد جلا دینا مناسب ہوتا ہے، ورنہ اس میں موجود بیکٹیریا پھیل کر دوبارہ متاثر کر سکتے ہیں۔
کھاد کیلئے بجھا ہوا گوبر یا اوجھڑی کی کھاد استعمال کی جائے اس کے علاوہ فرٹیلائزر تقریباً ایک تہائی کپ ہر چار ماہ بعد اس کے تنے کے آس پاس بکھیر کر دھیرے دھیرے پانی دیا جانا چاہیئے۔