The Irishman "دی آئریش مین" :
لگی لپٹی بغیر، سوائے جو پیشچی کے، انتہائی تیسرے درجے کی فلم۔ رابرٹ ڈی نیرو، ایل پچینو اور ھدائتکار مارٹن سکورسیسی نے وھی کچھ کیا جو وہ پچھلے دس سال سے اپنی ھر فلم میں کرتے آ رھے ھیں۔ ایل پچینو کا بلاوجہ شور مچانا اور منہ سے تھوک نکالنا، رابرٹ ڈی نیرو کا بادلِ نخواستہ گینگسٹر کا کردار ادا کرنا، مارٹن سکورسیسی کا یہ ایمان کہ وہ صرف امریکی گینگسٹر فلمیں ھی بنا سکتا ھے۔ اس فلم سے ایل پچینو کی "سرپیکو"، "سینٹ آف اے وومن" اور ڈی نیرو کی "ٹیکسی ڈرائیور" "ڈئیر ھنٹر" "ریجنگ بُل" وغیرہ کی توقعات رکھنے والے شدید مایوسی کا شکار ھوں گے۔ صرف جو پیشچی کی دھیمی لیکن پاورھاؤس اداکاری فلم میں قابل ذکر تھی۔ اس فلم نے نہ مجھے جکڑ کر رکھا اور نہ ہی اپنے ساتھ کہیں لے کر گئی۔
میری ریٹنگ:3/10
A Hidden Life "اے ھِڈن لائف" :
دوسری جنگ عظیم کے دوران ایک عام شخص کی نازی پارٹی سے نظریاتی مخالفت اور اس کے نتیجے میں اس اور اس کے خاندان پر گزرے واقعات کی کہانی۔ بہترین کہانی، بہترین فلمسازی، بہتری اداکاری اور دل چیرنے والے ڈائیلاگ۔ مرکزی کردار کے اس جج کے ساتھ تین چار منٹوں پر محیط مکالمے جو اسے سزا سناتا ھے، تباھی مکالمے ھیں۔
میری ریٹنگ: 7/10
Just Mercy "جسٹ مرسی" :
مناسب اور مکمل عدالتی کاروائی کے بغیر موت کی سزا پانے والے ایک سیاہ فام شخص کی کہانی جسے ایک پروبونو سیاہ فام وکیل بچانے کی کوشش کرتا ھے۔ امریکی معاشرے میں اس زمانے کے نسلی امتیاز پر ایک بہترین فلم۔ جیمی لی فاکس کی عمدہ اداکاری۔ حقیقی واقعات پر مبنی۔
میری ریٹنگ: 6/10
The Bachelors "دی بیچلرز" :
گہرے جذبات اور احساسات کو ھلکے پھلکے انداز میں پیش کرتی ھے۔ بیوی کی موت کے بعد اس کے شوہر کی زندگی میں تاریک خلا کی بہترین عکاسی۔ اس موضوع پر کم فلمیں بنی ھیں۔
میری ریٹنگ: 6/10
The Gentlemen "دی جنٹلمین" :
لنڈن میں ایک امریکی گینگسٹر کی اپنے منشیات کے وسیع و عریض کاروبار پر قابو برقرار رکھے کی کہانی۔ 'دی آئریش مین' سے دس گنا بہتر فلم۔ گی رچی کی بہترین ہدائتکاری اور زبردست سکرپٹ۔ میتھیو مکناہی، چارلی ھُنم اور کولن فیرل کی عمدہ اداکاری لیکن حیرت انگیز طور پر چونکا دینے والی اداکاری میں ھیو گرانٹ بازی لے گیا۔ یہ فلم آپ کو واقعی اپنے ساتھ لے کر چلتی ھے۔
میری ریٹنگ : 7/10
Bad Boys For Life "بیڈ بوائز فار لائف" :
فلم کی ٹیگ لائین Ride Together, Die Together ھے اور حسب توقع فلم بھی دو گھنٹے میں تڑپ تڑپ کر جان دے دیتی ھے۔ البتہ ایک بات کا فیصلہ کرنا مشکل ھے کہ فلم میں سب سے زیادہ ناقابلِ برداشت کیا چیز تھی : وِل سمتھ یا مارٹن لارنس ؟ دل تو تھوڑی تسّلی اس وقت ھوئی جب بیس پچیس منٹ کے بعد وِل سمتھ کو گولی لگی اور میں سمجھا کہ چلو شکر ھوا فلم تو ختم ھوئی۔ لیکن فلم اس کے بعد ڈیڑھ پونے دو گھنٹے تک مزید تڑپتی رھی۔
میری ریٹنگ : 2/10
Parasite "پیراسائیٹ" :
"اچھی" فلم۔ غربت، افلاس، معاشرتی تفاوت، امارت، امیروں غریبوں دونوں میں اخلاقیات کی پنڈولم کے دو سروں پر موجود یکسانیت کی اچھی تصویرکشی۔ لیکن فلم سے متعلق شاید میری توقعات کچھ زیادہ ھی تھیں۔ ٹھیک تھی۔
میری ریٹنگ : 6٫5/10
In Bruges "اِن برُوژ" :
کولن فیرل، برینڈن گلیسن اور رالف فائنز کی گینگسٹر فلم۔ دو پیشہ ور ق قاتل ہدایات کے مطابق بیلجیم کے سیاحتی شہر برُوژ میں چھپے بیٹھے ھیں۔ ان میں ایک کو اپنے ضمیر کی ملامت کچوکے لگاتی ھے۔ کہانی میں سیاحوں کو پھانس کر کوکین بیچنے والی ایک لڑکی داخل ہوتی ہے اور کہانی ایک نیا موڑ لیٹی ھے۔ کہانی کا سٹئیرنگ وھیل خراب ھے اور بہت سے موڑ لیتی ھے۔ آخری آدھ گھنٹہ تو بچوں کی ریموٹ کنٹرول کار کی مانند دیواروں سے ٹکریں مارتی پھرتی ھے۔ تینوں مرکزی اداکاروں کی بہترین اداکاری۔۔۔ ایک سے بڑھ کر ایک پرفارمنس۔۔۔ یورپ کے خوبصورت ترین شہروں میں ایک برُوژ کے مناظر۔۔۔ اور سب سے پر لطف بات ڈائیلاگ جو ایک لمحے آپ کو اچھائی برائی ضمیر وغیرہ جیسی ثقیل اور بھاری بھرکم نظریات کے بارے میں سوچنے پر مجبور کر دیتے ہیں اور دوسرے ھی لمحے کھلکھلا کر ہنسنے پر۔ آخری حصّے میں فلم نے نہ صرف مجھے جکڑا بلکہ اوندھے منہ زمین پر لا پھینکا۔
میری ریٹنگ : 8/10