اردو میں کچھ ایسے الفاظ ہیں جن کو غلط مفہوم اور معنوں میں استعمال کیا جاتا ہے. ایسے الفاظ میں سب سے زیادہ لفظ مشکور کو غلط مفہوم میں استعمال یا لکھا اور بولا جاتا ہے . مشکور کے علاوہ درستگی اور ناراضگی کو غلط املا میں استعمال کیا جاتا ہے . ایسے کٸی دیگر الفاظ بھی ہیں مگر اس وقت مجھے یہ 3 الفاظ یاد آٸے ہیں . ان کا غلط مفہوم یا املا میں استعمال اتنا عام ہو چکا ہے کہ اگر کوٸی ان کو درست استعمال کرے تو عوام میں اس کو غلط سمجھا جاٸے گا.
یہ بات ہمارے روزانہ مشاہدے میں آتی ہے کہ عوام میں بلکہ کافی لکھے پڑھے طبقے میں بھی درستگی اور ناراضگی کے الفاظ استعمال کیٸے جاتے ہیں . ان دونوں کے درست الفاظ یا املا درستی اور ناراضی ہے لیکن یہ الفاظ بہت کم ادبا اور شعرا استعمال کرتے یا لکھتے اور بولتے ہیں . ان غلطیوں کے درست استعمال میں اہلِ قلم خصوصی کردار ادا کر سکتے ہیں . ناراضی یا ناراضگی اور درستی یا درستگی کے معانی اور مفہوم پر خاص فرق نہیں پڑتا مگر مشکور کے غلط مفہوم میں استعمال کا مفہوم اور معانی پر بہت بڑا فرق پڑتا ہے جس کا صحیح معنوں اور مفہوم میں استعمال بہت ضروری ہے .
مشکور کا غلط مفہوم میں استعمال اتنا زیادہ ہو چکا ہے کہ اس میں ہمارے ملک کا حکمران طبقہ بھی پیش پیش ہے جن میں صدر اور وزیراعظم بھی شامل ہیں . کوٸی لیڈر ہو یا سرکاری آفیسر یا کسی بھی طبقے اور شعبے سے اس کا تعلق ہو وہ جب بھی کسی کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہے تو یہ کہتا ہے کہ ” میں آپ کا مشکور ہوں “ یا ہم آپ کے مشکور ہیں . یہ کہنا اور لکھنا سراسر غلط ہے . اس طرح کے لفظی استعمال سے لکھنے اور بولنے والے کی مراد یہ ہوتی ہے کہ میں شکر گزار ہوں یا ہم شکر گزار ہیں . اور یہی سب سے بڑی غلطی ہے . حالانکہ مشکور کا معنیٰ یہ ہے کہ جس کا شکریہ ادا کیا جاٸے جیسے مخدوم کا مطلب ہے جس کی خدمت کی جاٸے اور جیسے معبود یعنی جس کی عبادت کی جاٸے . اسی طرح محمود یعنی جس کی تعریف کی جاٸے یا تعریف کی گٸی ہے . کسی کا شکریہ ادا کرنے کیلیٸے اردو میں صحیح لفظ شکر گزار کا ہے اور عربی میں شاکر .
چونکہ اردو میں عربی اور فارسی کے الفاظ بہت زیادہ استعمال ہوتے ہیں اور اب وہ الفاظ اردو ہی تصور کیٸے جاتے ہیں . اس لیٸے غلطی کی تصحیح یا درستی بہت ضروری ہے . جب بھی کوٸی کسی کا شکریہ ادا کرنا چاہے تو وہ مشکور کی بجاٸے شکر گزار یا شاکر کا لفظ استعمال کرے . مثلاً عام طور پریہ کہا جاتا ہے کہ میں آپ کا مشکور ہوں تو اس کی جگہ پر یہ کہنا یا لکھنا چاہیٸے کہ میں آپ کا شکر گزار ہوں یا میں شاکر ہوں یعنی شکر ادا کرنے والا یا شکریہ ادا کرنے والا.