اس ملک میں لاکھوں لوگ آپ کو ملیں گے جو روزانہ جھوٹ بولیں گے، ملاوٹ کریں گے، کرپشن کریں گے۔ چوری، ڈاکہ، شراب، زنا، جوا اور ایسے ہزار گناہ اور جس کے بدلے جہنم کی نوید ہے۔ یہ وہ ہی لوگ ہیں جو خدا کے وجود اور مذہب پر اپنا اندھا اعتقاد بتاتے ہیں۔
آپ کسی ملاوٹ کرنے والی فیکٹری میں، کسی سرکاری دفتر میں، اے ٹی ایم پر، جوے، شراب یا زنا کے اڈوں پر سی سی ٹی وی کیمرے لگا کر انہیں پولیس سٹیشن سے منسلک کر دیں۔ اچانک یہ سارے جرائم ختم ہو جائیں گے۔ جن حرکات کو خدا کا ڈر نہیں روک سکتا وہ ہزار روپے کے کیمرے کی مار ہیں۔
اگر یہ یقین ہو کہ تین چار ماہ کے لیے پکا جیل جانا پڑے گا تو چھوٹے موٹے جرائم تو یوں ہی فنا ہو جائیں گے تاہم ابدی جہنم کی نوید سے ان ایمان پرستوں کا کچھ نہیں بگڑتا۔
آپ اشارے پر رکیں گے اگر کیمرہ لگا ہے یا پولیس والا کھڑا ہے لیکن یہ دونوں موجود نہ ہوں تو خدا کا ڈر آپ کا پیر ایکسیلیٹر سے نہیں اٹھا پائے گا۔
کیا اس کا مطلب یہ ہے کہ ہم دل میں یہ سمجھتے ہیں کہ کیمرہ، ایس ایچ او اور جیل حقائق ہیں اس لیے ان سے پنگا نہیں لیا جا سکتا پر ایک آسمانی قوت محض ایک مجرد تصور اور خام خیالی ہے اس لیے اس سے ڈرنے کی بات کرنے میں کوئی ہرج نہیں تاہم سچ مچ ڈرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔