الیکشن کی گہما گہمی جاری ہے۔ اگر سب کچھ مقررہ وقت پر ہوا تو 25 جولائی کو مرد و خواتین اپنے نئے نمائندے چننے کے لئے بڑی تعداد میں ووٹ ڈالنے نکلیں گے۔ لیکن ایسا ہونا دنیا کی تاریخ میں زیادہ پرانی بات نہیں۔ تاریخ میں یہ حق خواتین کو حاصل ہوئے بہت عرصہ نہیں گزرا۔ ساتھ دیا گیا نقشہ دنیا کا اس حوالے سے ہے کہ کس ملک میں یہ حق خواتین کو کب ملا۔
دنیا میں نیوزی لینڈ وہ ملک تھا جہاں یہ حق سب سے پہلے 1893 میں خواتین نے حاصل کیا اور سعودی عرب آخری جہاں یہ 2011 کو ملا۔ دنیا کے مختلف ممالک میں یہ حق لینے کی جد و جہد کی اپنی تاریخ رہی ہے۔ سوئٹزرلینڈ میں یہ 1975 میں اور اس کے ایک علاقے میں عدالت کے فیصلے کے بعد 1991 میں یہ حق خواتین نے حاصل کیا۔ لیختینستائن میں یہ 1984 میں ہوا۔ یہ اس حوالے سے یورپ کے آخری ممالک تھے۔
جب الیکشن میں خواتین اپنی رائے ووٹ کے ذریعے دے رہی ہوں گی تو یہ اب عام سی بات لگتی ہے لیکن اس کا عام لگنا ہی اس تیزی سے بدلتی دنیا کی ایک مثال ہے۔