خدا کے جھوٹے ایجنٹ
کبھی نادرا یا پاسپورٹ آفس گئے ہوں۔ باہر بہت سے ایجنٹ بیٹھے ہوتے ہیں۔ انکا اصلی کام فارم پر کرنا اور طریقہ کار کی رہنمائی دینا ہوتا ہے۔ ان سے پوچھ کر دیکھیں کہ اگر میں خود فارم پر کرنا چاہوں کیونکہ سارے کوائف مجھے پتہ ہیں۔ وہ کہیں گے نہیں نہیں بہت مشکل ہے۔ کوئی نہ کوئی غلطی ہوجانی اے۔ ہم آپ کو ٹھیک طریقہ بتائیں گے۔ کچھ تو شارٹ کٹ کے گر بتانے کے ایکسٹرا پیسے بھی مانگیں گے۔
کورٹ کچہری کے باہر بہت سے وکیلوں کے تھڑے لگے ہوئے ہیں۔ آپ کسی وکیل سے مشورہ کریں۔ مقدمہ ہے، خود میں صفائی دے سکتا ہوں، کیا کروں؟ سو فیصد وکیل آپ کو کہیں گے کہ یہ آپ کے بس کا کام نہیں۔ قانون مشکل ہے اور جج بہت غصے والا، اور اوپر سے آپ کی واقفیت بھی نہیں کورٹ کچہری کے معاملات کی۔ آپ وکیل ہی کرلیں۔ ویسے بھی میں نے ایسے کیس منٹوں میں حل کیے ہیں، بس سال میں آپ کو ایک بار فیس دینی ہے باقی کام میرا۔
یہ دنیاوی دفاتر کی بات ہے۔ جو انسانوں کے بنے ہوئے ہیں۔ جہاں سننے والے، کرنے والے انسان ہیں۔ یہاں بھی آپ اپنا کام خود کر سکتے ہیں مگر بیچ میں ایجنٹ اپنا معاوضہ وصول کرنے کو آپ کو بھٹکا دیتے ہیں۔ چھوٹے راستے کو لمبا کرکے بتاتے ہیں۔ خواہمخواہ کی گھنڈیاں ڈالتے ہیں کہ بالاخر آپ ان کی "دلالت" قبول کر لیں۔
مگر ایک اور جگہ ہے، جہاں کا مالک آپ کی نیتیں جانتا ہے۔ جس نے مقدمہ سننا ہے وہ آپ کے فارم بھرنے سے پہلے آپ کا گناہ و بے گناہی جانتا ہے۔ جس نے آپ کو انصاف دینا ہے، وہ آپ کا ظاہر و باطن جانتا ہے۔ جو آپ کے سامنے ہوا وہ بھی اور جو آپ کے علم میں نہیں وہ بھی۔ سب جانتا ہے۔ اسکے دربار میں آپ کو کسی ایجنٹ کی ضرورت نہیں۔
مگر دنیا میں کچھ لوگوں نے اسکی "ایجنٹی" کو اپنا روزگار بنا لیا ہے۔ پیشہ بنا لیا ہے۔ وہ کہتا ہے ذبیحہ میرے نام لے کر کھاؤ۔ ایجنٹ چھری ہاتھ میں لے کر آ جاتے ہیں، کہ نہیں اس میں اتنی گھنڈیاں ہیں۔ تم ٹھیک سے کر نہیں پاؤ گے، ہم تمہیں ذبح کر کے دیتے ہیں۔ بس ہدیہ دے دینا۔ وہ کہتا ہے کہ مرد و عورت جب تعلق قائم کریں تو معاشرے میں اعلان کردیں، آپس میں معاہدہ کرلیں اور اسکی پاسداری کریں۔ ایجنٹ ہاتھ میں فارم لے کر آ جاتے ہیں۔ آؤ پہلے فارم پر کریں۔ آؤ پہلے تم سے فلاں فلاں سورت سنیں، اس کے بغیر تمہارا کام نہیں ہوگا۔ اور یہ سب کرنے کا معاوضہ ہماری جیب میں ڈال دو۔ وہ کہتا ہے کہ جب تم کسی کو دفن کرنے لگو تو اس کے لیے دعا کرو نماز میں۔ ایجنٹ پھر آ جاتے ہیں، تمہیں کیا پتہ دعا کیا مانگنی ہے۔ تمہاری مانگی ہوئی دعا قبول ہونے کا چانس نہیں۔ لاؤ ہم نماز کرائیں گے، ہم دعا مانگیں گے، بس تم اپنی جیبیں ڈھیلی کرتے جاؤ۔ اور ہاں چاول بریانی والے پکانا۔
یہ ایجنٹ ہر وقت آپ کو یہ بتاتے رہتے ہیں کہ ہم نہ ہوتے تو تمہارے جنازے کون پڑھاتا۔ ہم نہ ہوتے تو تمہارے روزے کون ٹھیک کرواتا۔ ہم نہ ہوتے تو تمہارے نکاح کون کرواتا۔ حقیقت یہ ہے کہ ان ایجنٹوں کو صرف اپنے معاوضے کی فکر ہوتی ہے اور یہ پیشہ ور لوگ ہیں۔ اور آپ انکے گاہک۔
جبکہ حقیقت یہ ہے کہ بندے اور خدا کے درمیان اگر کوئی ہے تو صرف پیامبر جو اسکا پیغام آپ تک لے کر آیا۔ اور کوئی اسکا ایجنٹ نہیں ہے۔ یہ سب جھوٹے ایجنٹ ہیں ان سے اپنے ایمان کو بچائیں۔ اور جو آپ کو یہ کہے مذہب عام بندے کی سمجھ میں نہیں آسکتا تو پھر اس سے ضرور پوچھیں کہ ہمارے رب نے تو ایسا مشکل مذہب نہیں بھیجا تھا، اسکو مشکل کس نے بنایا؟
یاد رکھیے، آسان راستے کو مشکل بنانے والا ہی ایجنٹ ہوتا ہے۔
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
یہ تحریر فیس بُک کے اس پیج سے لی گئی ہے۔