(Last Updated On: )
چھٹی کا دن تھا محلے کے ہم سبھی بچے جلد ی جلدی اپنے گھروں سے نکل کر اِرم آپی کے پاس جانے لگے۔ استانی ماں کی بیٹی جو سب کی اِرم آپی تھیں۔جو پیاری پیاری باتوں اور کہانیوں کے ذریعہ بچوں کو کچھ نہ کچھ سکھاتی رہتیں۔اِرم آپی کے گھرسب سے آخر میں مسکان داخل ہوئیں۔
اِرم آپی : مسکان کہاں رہ گئی تھیں؟
مسکان : میں بھیا کے ساتھ چاؤمین لانے گئی تھیں یہ دیکھیں۔
(مسکان کے ہاتھوں میں چاؤمین اور کریکس کے پیکٹ دیکھ ہم سبھی خوش ہوگئے۔)
اِرم آپی : چلویہ پیکٹ میرے پاس رکھ دو بتائیے آپ کو کھانے میں سب سے زیادہ کیا پسند ہے؟
سبھی بچے ایک ساتھ کہنے لگے : کُرکُرے، چپس، کریکس، کاجو پف، چاؤمین، نوڈلس جیسی چیزیں ہماری پسندیدہ
ہیں۔
اِرم آپی : آج آپ جسے شوق سے کھا رہے ہیں وہ آپ کی صحت کے لئے نہایت نقصان دہ ہے۔اور سائنس داں تو
ان بازاری اشیاء کے بارے میں یہاں تک کہتے ہیں کہ یہ صحت کے لئے زہر ہے۔ہمارے جسم کو صحت
مند رکھنے کے لئے ان چیزوں سے دور رہنا چاہئے۔
ثانیہ : صحت مند جسم ہونا کیوں ضروری ہے؟
اِرم آپی : اللہ رب العزت کی بیش بہا نعمتوں میں سے صحت مند جسم ایک عظیم نعمت ہے اور اس کی حفاظت کرنا ہمارا
فرض ہے۔ہمیں پڑھنے، لکھنے، کھیل کود اور کام کرنے کے لئے جس قوت کی ضرورت ہوتی ہے وہ ہمیں
جسم سے حاصل ہوتی ہے۔اس لئے جسم کا صحت مند ہونا ضروری ہے۔
غزل : ہم اپنے جسم کو صحت مند کس طرح رکھیں؟
اِرم آپی : ’خوراک‘ کے ذریعہ۔
سبھی بچے ایک ساتھ بول پڑے : خوراک؟ کون سی خوراک آپی؟
اِرم آپی : ایسی خوراک جس میں غذائیت ہو۔ ہمارے جسم کو صحت مند رکھنے کے لئے خوراک کی ضرورت ہوتی ہے۔
لیکن خوراک ایسی ہو جس میں غذائیت ہو تب ہی ہمارے جسم کو طاقت ملے گی۔
صدف : آپی خوراک کیسی ہونی چاہئے؟
اِرم آپی : خوراک ایسی ہونی چاہئے جو غذائیت سے بھر پور ہو۔ساتھ ہی جلد ہضم ہونے والی، متوازن اور سادہ ہو۔
جس کی وجہ سے جسم میں قوت اور توانائی پیدا ہو۔ اور یہ دونوں چیزیں حاصل ہوتی ہیں روزمرہ کی غذا سے۔
مسکان : آپی ہم جو دن بھر میں ناشتہ، دوپہر اور رات کا کھانا کھاتے ہیں اسے روزمرہ کی غذا کہتے ہیں۔
اِرم آپی : مسکان صحیح کہا۔ ہمارے جسم پر روزمرہ استعمال ہونے والی غذا کا بڑااثر پڑتا ہے۔ روزمرہ کی غذامیں یہ
بات اہم ہے کہ آپ ناشتہ میں کیا کھاتے ہیں؟ دوپہر اور رات کے کھانے میں کون کون سی غذائیں
استعمال کرتے ہیں۔
افشین : آپی ہماری روزمرہ کی غذا میں کون کون سی چیزیں ضروری ہیں؟
اِرم آپی : ہماری غذا میں لازمی جز ضروری ہیں۔
غزل : ہماری غذا میں لازمی جز کیا ہوتا ہے؟
اِرم آپی : ہماری غذا کا لازمی جز ہے روٹی اور چاول۔روٹی تیار ہوتی ہے آٹے سے۔ کبھی آپ نے سوچا روٹی کون
کون سے اناج سے تیار ہوتی ہے؟
مسکان : میں بتاؤ آپی۔ میں تو گیہوں کی روٹی کھاتی ہوں۔ مگر داداجان اور دادی جان جوار کی روٹی کھاتے ہیں۔
اِرم آپی : صحیح کہا بزرگ جوار اور باجرہ کے آٹے سے بنی روٹی شوق سے کھاتے ہیں۔اللہ نے اناج میں قوت اور
صحت بخش اجزاء شامل کئے ہیں جو ہمارے لئے ضروری ہے۔
غزل : آپی امی جان صبح صبح ہمارے ہاتھ میں دودھ سے بھراگلاس تھما دیتی ہیں؟بھلا روزہمیں دودھ کیوں پینا پڑتا
ہے؟
اِرم آپی : اس لئے کہ دودھ میں کیلشیم ہوتا ہے۔ جس طرح غذا سے ہمارے جسم مضبوط بنتا ہے۔ اسی طرح انسانی
ہڈیوں کو مضبوط بنانے کے لئے کیلشیم کی ضرورت ہوتی ہے۔ اسی لئے دودھ اور اس سے بنی اشیاء جیسے دہی،
مکھن، گھی ہم کا استعمال کرتے ہیں۔
اچانک استانی ماں کی آواز آئی : اِرم! کھانا پکانے کاتیل کہاں رکھا ہے۔
ثانیہ : آپی کھانے کے تیل میں کون کون سی چیزیں پکائی جاتی ہیں؟
اِرم آپی : کھانے کے تیل میں سبزیوں اور دالوں کو پکا کر کھایا جاتا ہے۔
ثانیہ : کھانے کا تیل کن کن چیزوں سے ملتا ہے؟
اِرم آپی : کھانے کاتیل کئی چیزوں سے حاصل ہوتا ہے۔ جیسے سورج مُکھی کا پھول، مونگ پھلی، سویا بین، سرسوں کے
تیل سے بھی کھانا بنایا جاتا ہے۔
غزل : غذا الگ الگ مزہ دیتی ہیں؟کیسے؟
اِرم آپی : ہم جب کھانا کھاتے ہیں اس میں کچھ چیزیں میٹھی لگتی ہیں کچھ کھٹی اور کچھ تیز۔وہ اس لئے کہ ہر چیز کا مزہ
الگ ہوتاہے۔جیسے لیموں کا ذائقہ کھٹا ہوتا ہے۔
صدف : گڑ میٹھا اور مرچ تیز ترش ہوتی ہے۔
افشین : اور کریلا توکڑوا ہوتا ہے۔
اِرم آپی : بچے کھٹی میٹھی چیزوں کو بہت پسند کرتے ہیں۔اور ان ہی کھٹی میٹھی چیزوں سے مل کر ہماری خوراک بنتی ہے۔
مسکان : گھر میں جب ترکاری آتی ہے تو کچھ کچی چیزیں ہم بغیر پکائے کھالیتے ہیں بھلا ایسا کیوں؟
اِرم آپی : اس لیے کہ کچھ چیزوں کو کچا ہی کھایا جاتا ہے جس میں اِملی،کیری، کھیرہ، ککڑی اور کیری ہے۔ ہم ان چیزوں
کو نمک اور مرچ لگاکر مزے لے لے کر کھاتے ہیں۔ ان کچی چیزوں کو سلاد کہتے ہیں۔
ثانیہ : سلاد کا کیافائدہ ہے؟
اِرم آپی : سلاد صحت کے لیے بہت فائدہ مند ہے۔سلاد سے ہمیں پروٹین، وٹامنز اور منرلز ملتے ہیں۔جو اچھی صحت
کیلئے بہت ضروری ہے۔اورسلاد ایک ایسی ہلکی پھلکی غذا ہے جو جسم کو توانائی اور غذائیت فراہم کرتی ہے۔
غزل : سلاد کون کون سی غذائی چیزوں سے بنایا جاتا ہے؟
اِرم آپی : سلاد پتّہ گوبھی،پیاز، ٹماٹر، گاجر، مولی اور شلجم سے سلاد تیارکیاجاتا ہے۔
سبھی بچے ایک زبان ہوکر کہتے ہیں : اِرم آپی ہم سمجھ گئے بازاری اشیاء ہماری صحت کے لیے نقصاندہ ہیں۔ آج سے ہم
بازاری اشیاء نہیں کھائیں گے۔ ہم گھر کی بنی ہوئی صحت مندغذا ہی کھائیں گے اور صحت مند رہیں گے۔
٭٭٭٭٭