خواتین وحضرات کے مسائل
خواتین وحضرات کے مسائل اتنے گھمبیر ہیں کہ سن کر کلیجہ منہ کو آتا ہے اور حیرت ہونے لگتی ہے کہ اتنے مشکل حالات میں بھی یہ کیسے زندہ ہیں۔پہلے خواتین۔۔۔میری طویل تحقیق کے نتیجے میں خواتین کے بلڈ پریشر بڑھنے اور ڈپریشن کی علامات ظاہر ہونے کی وجوہات یہ ہیں کہ ۔۔۔ 32 نمبر کا ہیرکلر نہیں مل رہا۔کٹ پیس میلہ ختم ہوگیا لیکن ایک بھی سوٹ نہیں خرید ا جاسکا۔ خالوکے بیٹے کی سالی کی بیٹی کی شادی طے کرتے وقت مجھ سے مشورہ کیوں نہیں لیا گیا۔نئی جوتی کے اوپر لگا جو موتی ٹوٹ گیا تھا وہ کہیں سے نہیں مل رہا۔ہمسائی کون سے بیوٹی پارلر جاتی ہے؟خالہ حمیداں نے جو رنگ گورا کرنے والی ذاتی کریم بنائی ہے اُس کا نسخہ کیا ہے؟شوہر کسی بات میں میری حمایت کیوں نہیں کرتا؟سُسرال والوں نے نیا اے سی کیسے لگوا لیا؟نئے کپڑوں کے ساتھ میچنگ دوپٹہ نہیں مل رہا۔دوست بتارہی تھی کہ اس نے فوٹو شاپ سے دس منٹ میں اپنا رنگ گورا کیا ہے‘ یہ فوٹو شاپ ملتی کہاں سے ہے؟بھوک نہیں لگتی‘ وزن مسلسل بڑھتا جارہا ہے‘پاؤں میں جلن رہتی ہے‘ یقیناًشوگر ہوگئی ہے۔شوہر چھپ چھپ کر اپنے گھروالوں کی مالی مدد کرتاہے۔سسرال والوں نے کبھی مجھے بہو تسلیم نہیں کیا۔شناختی کارڈ میں میری عمر غلط لکھی ہوئی ہے۔بھائی کی شادی پر مجھے سب سے گھٹیا سوٹ دیا گیا ۔سب سمجھتے ہیں کہ میں بونگیاں مارتی ہوں۔میری قسمت میں سکون نہیں۔میں سب کا خیال رکھتی ہوں لیکن کوئی میرا خیال نہیں رکھتا۔سامنے والوں کے گھر چاول بھیجے تھے‘ دو ماہ ہوگئے ابھی تک پلیٹ واپس کیوں نہیں آئی۔میکے جانے پر بھابیاں مجھے اکیس توپوں کی سلامی کیوں نہیں دیتیں۔میرے بھائی ’رن مرید‘ کیوں ہوگئے ہیں۔میں ہمیشہ صحیح بات کرتی ہوں پھر بھی کوئی برداشت کیوں نہیں کرتا۔میرے حصے میں ہمیشہ پرانا موبائل کیوں آتا ہے؟مجھے کسی کی نظر لگ گئی ہے۔میرا ہر خواب سچا کیوں ہونے لگا ہے۔مجھ میں یقیناًروحانی صلاحیتیں پیدا ہوگئی ہیں۔سسرال والے مجھ سے ہر با ت چھپاتے ہیں۔کاش میرے نصیب میں میرے جیسے کوئی خاندانی لوگ ہوتے۔کیا میں موٹی ہوں؟محلے کے بچے مجھے آنٹی کیوں کہتے ہیں۔سارے رشتہ دار ہم سے جلتے ہیں۔کاش میں نے گھر والوں کی مرضی مان لی ہوتی۔شوہر کو میری سالگرہ کی تاریخ یاد نہیں رہتی۔میں کتنی مظلوم ہوں۔میں چپ رہتی ہوں پھر بھی ہر کوئی میرے خلاف کیوں ہے۔بچے نہ ہوتے تو میں کوکنگ کلاسز اٹینڈ کرتی۔صرف میں ہی دُکھی ہوں باقی سب بہت خوش ہیں۔کیا نئی لپ اسٹک کا شیڈ ٹھیک ہے؟درزی نے چاک لمبے کیوں رکھ دیے ہیں۔مجھ پر تعویز کرائے گئے ہیں۔شوہر نے کبھی میری صلاحیتوں کا اعتراف نہیں کیا۔ شکیل ہی ٹھیک تھا۔
اور اب ذرا کچھ نظر مردوں کے مسائل پر۔ یہ مسائل زیادہ سنگین ہیں اورعین ممکن ہے اِنہیں پڑھتے ہوئے آپ پر رقعت طاری ہوجائے لیکن مجبوری ہے دوسری طرف کی سیچوایشن بتانا بھی ضروری ہے۔مردوں کے مسائل یہ ہیں۔ پیر دبوانا کہاں کی شرافت ہے۔گھر کے سارے تولیے ایک ہی دن دھودیتی ہے اورپھر بستر کی چادر سے بھی منہ نہیں صاف کرنے دیتی۔حرام ہے جو فریج میں کولڈ ڈرنک کی بوتل سلامت رہ جائے۔پیسے کہاں چھپا کر رکھے جائیں۔گاڑی کے بونٹ پر کیل سے ’چنگڑ‘ لکھنے والا یقیناًمیرا سالا ہے۔گھرمیں وافر آٹا ہونے کے باوجود مجھے تنور سے روٹیاں لانے بھیجا جاتا ہے۔کاش میں شادی سے پہلے ہی سب کچھ سچ سچ بتا دیتا۔قمیص کی جیب میں جو پانچ سو کا نوٹ پڑا رہ گیا تھا وہ کیوں نہیں مل رہا‘ ماسی پر تو مجھے پورا اعتماد ہے وہ چوری نہیں کر سکتی۔کیا واقعی لڑکیاں بڑی عمر کے مردوں کو پسند کرتی ہیں؟میں گھر میں ہوتا ہوں تو اے سی کیوں نہیں چلایا جاتا؟سسرال نے جو سالگرہ پر سوٹ بھیجا ہے وہ پانچ سو والا ہے یا تین سو والا؟سٹور کی چابی آخر گئی کہاں؟صوفے پرلگا سگریٹ کا داغ کیسے صاف کیاجائے؟بیگم کے بڑے بھائی کی اصل عمر پتا چل جائے تو مسئلہ آسان ہوجائے ۔ضرورت کے وقت گھر میں کوئی پین کیوں نہیں ملتا۔کیبل کی رسید کہاں رکھی تھی؟آخری تاریخ گذر گئی ہے اب بجلی کا بل جمع کرانے کا کیا فائدہ‘دوبارہ لگ کے آجائے گا۔کیا فیس بک پر فرینڈ ریکوئسٹ بھیجنے والی ’شکیلہ‘ واقعی کوئی لڑکی ہے؟دو درجن انڈے ایک ہفتے میں کیسے ختم ہوگئے یقیناًسسرالئے آئے ہوں گے۔مجھے اتنی کم عمری میں شادی نہیں کرنی چاہیے تھی۔بادشاہوں والاڈرامہ لگتا ہے تو ریموٹ کیوں گم ہوجاتاہے؟ گھر میں میری عزت کیوں نہیں؟داڑھ میں درد کیوں رہنے لگا ہے‘ کہیں ہیضہ تو نہیں ہوگیا؟میں گاڑی میں بیٹھتا ہوں تو لوگ سارے شیشے کیوں کھول دیتے ہیں۔موبائل کی کون سی وڈیوزپہلے ڈیلیٹ کی جائیں؟معاشرے میں دوسری شادی کا رواج کیوں نہیں زور پکڑ رہا؟فیس بک پر دھڑا دھڑ فرینڈ ریکوئسٹ بھیجنے والی آدھی سے زیادہ لڑکیاں میڈیکل سٹوڈنٹ کیوں ہوتی ہیں؟خوبصورت لڑکیوں کے باپ اتنے خوفناک کیوں ہوتے ہیں؟ہمسائی روزانہ ڈیڑھ کلومیٹر پیدل چل کر بس اسٹینڈ تک جاتی ہے اور کسی کو پرواہ ہی نہیں۔کیا میں واقعی کھانا کھاتے ہوئے ’چپاکے‘ مارتاہوں۔گھرمیں مہمان آئے ہوں تو مجھے کیوں سب سے آخر میں شربت دیا جاتاہے۔بیگم کے باپ کے گھر کی مالیت کتنی ہوگی؟محض چار سال میں کالی شرٹ پرانی پرانی سی کیوں لگنے لگی ہے؟آف وائٹ پینٹ کی ویسٹ ایک انچ کھلی کروانی پڑے گی۔گرین کلر والے جوگرز کی پالش کہاں سے ملے گی؟اُس فلم کا نام ذہن میں کیوں نہیں آرہا جس میں بندہ بیوی کو ایسے قتل کرتا ہے کہ پولیس بھی کوئی ثبو ت نہیں ڈھونڈ پاتی۔بیوی کے نام کا پرائز بانڈ کبھی نہیں خریدنا چاہیے۔ہینڈز فری کے دوسرے سپیکر میں آواز کیوں نہیں آرہی؟پتا نہیں بیگم نے کاٹن کے سوٹ کو مائع لگوایا بھی ہوگا کہ نہیں۔کیا کبھی کسی گھر میں ایسا ہوا ہے کہ بیوی ڈبل بیڈ پر سوئے اور شوہر ڈائننگ ٹیبل پر۔آج شیو کرلی جائے یا پرسوں ماموں کے بیٹے کے عقیقے پر ؟ بہن کے لیے جو سوٹ لیا ہے وہ بیوی کی نظر سے چھپا کر کہاں رکھا جائے؟خود نہانے میں ڈیڑھ گھنٹہ لگاتی ہے لیکن میں گاڑی دھونے لگوں تو چیخنے لگتی ہے کہ ٹینکی ختم ہوجائے گی۔سو دفعہ سمجھایا ہے کہ گھر میں مرغی پکی ہو تو یہ مت کہا کرو کہ آج Hen پکی ہے۔پانی کی موٹر میں مٹی کا تیل ڈال کر میرے ’دوالے‘ ہوگئی ہے کہ تم ہی نے کہا تھا ہر پندرہ دن بعد تیل ڈال دیا کرو۔رزق تو عورت کی قسمت کا ہوتاہے اس میں میرا کیا قصور۔کالی ٹیپ کہاں رکھ بیٹھا ہوں؟حرام ہے جو ایک بھی ہینگر میرے کپڑوں کے لیے بھی مل جائے۔چائنہ کے موبائل پر سکرین شاٹ کیسے لیا جاتاہے؟باہر کے ملک کی لڑکیاں پاکستان کے دور دراز کے دیہاتی لڑکوں سے شادی پر کیسے راضی ہوجاتی ہیں؟چار دن پہلے خالہ کے گھر سے مٹھائی کا پورا ایک کلو کا ڈبہ آیا تھا‘ اب صرف برفی کے دو ٹکڑے کیسے رہ گئے؟ کیا مئی کا مہینہ اے سی کی بجائے کولر میں گذر سکتا ہے؟تسمے والے بوٹوں سے بڑا عذاب کوئی نہیں۔آئندہ جس شادی میں پانچ سو سلامی دینی ہو پوری فیملی کوساتھ لے کر جانا ہے۔کیا فیس بک پر مظلوم شوہروں کا بھی کوئی پیج ہے؟کوئی وٹس ایپ گروپ؟اطاعت گذار بیویاں کہاں پائی جاتی ہیں؟کیا وہ مجھے اب بھی یاد کرتی ہوگی؟ٹیلنٹ کی کوئی قدر نہیں۔کسی عالم سے پوچھنا چاہیے کہ جو عورت اپنے شوہر کو ’’اوئے‘‘ کہہ کر بلائے اس کے بارے میں کیا حکم ہے۔۔۔؟؟؟
یہ تحریر فیس بُک کے اس پیج سے لی گئی ہے۔
"