فرض کیجئے کہ میں ائیرپورٹ جا رہا ہوں۔ مجھے گاڑی کی ایک ہی سیٹ چاہیے۔ آپ قریب ہی رہتے ہیں اور آپ نے بھی اس وقت ائیرپورٹ ہی جانا ہے۔ میں آپ کو لفٹ دے سکتا ہوں۔ آپ مجھے اس کے عوض کچھ پیسے دے سکتے ہیں۔ اس میں آپ کا بھی فائدہ ہوا اور میرا بھی۔ میں نے تو جانا ہی تھا۔ ساتھ کچھ پیسے مل گئے۔ آپ کو سستی سواری مل گئی۔ لیکن ایسا نہیں ہوتا۔ وہ کیوں؟
اس کی سب سے بڑی وجہ تو یہ کہ اگر ہمیں ایک دوسرے کے بارے میں معلوم ہی نہیں تو یہ نہیں ہو سکے گا۔ کچھ ہی عرصہ قبل تک اس ٹرانزیکشن کو کرنے کا واحد طریقہ یہ ہوتا کہ آپ سڑک کے کنارے کھڑے ہو جاتے اور جاتی ہوئی گاڑیوں کو لفٹ کے لئے روکنے کی کوشش کرتے۔ لیکن یہ پریکٹیکل نہیں تھا کیونکہ ائیرپورٹ بھی وقت پر پہنچنا تھا۔ جہاز انتظار نہیں کرتا۔
ضرورت کا خدمت کے ساتھ ملاپ کروانا انٹرنیٹ کے اکانومی پر ڈالے جانے والے سب سے طاقتور اثرات میں سے ہے۔ روایتی منڈیاں کئی اجناس اور خدمات کے لئے بہت اچھا کام کرتی ہیں لیکن سب کے لئے نہیں۔
مارک فریزر کو 1995 میں لیزر پوائنٹر کی ضرورت تھی۔ لیکن یہ مہنگا آلہ تھا جسے وہ افورڈ نہیں کر سکتے تھے۔ انہیں اعتماد تھا کہ اگر کوئی خراب پوائنٹر انہیں مل جائے تو وہ اس کو ٹھیک کر کے اپنا کام چلا لیں گے۔ لیکن خراب پوائنٹر کہاں سے ملے گا؟ یہ Ebay پر ہونے والا سب سے پہلا سودا تھا۔ مارک فریزر نے پندرہ ڈالر میں اس کو کسی سے خرید لیا۔
لیکن یہ خریداری ایک بڑا رِسک تھی۔ مارک فریزر کو معلوم نہیں تھا کہ فروخت کرنے والا کون ہے۔ اس کا کیا اعتبار کہ بیچنے والا پیسے لے کر غائب نہیں ہو جائے گا۔ یہ سودا بھروسے پر کیا گیا تھا۔
اور لفٹ دینا؟ دوسری بڑی وجہ جس بنا پر میں آپ کو شاید لفٹ نہیں دوں گا، وہ یہ ہے کہ مجھے آپ کا نہیں پتا کہ آپ کون ہیں۔ اور یہاں خطرہ بڑا ہے۔ ہو سکتا ہے کہ آپ میری گاڑی چھیننا چاہتے ہوں۔ جبکہ دوسری طرف آپ کے لئے بھی خطرہ بڑا ہے۔ ہو سکتا ہے کہ میں تاوان کے لئے اغوا کرنا چاہتا ہوں۔ چند دہائیاں پہلے تک لفٹ لینا اور دینا عام بات تھی لیکن ہونے والے ناخوشگوار واقعات کی وجہ سے یہ طریقہ ختم ہو گیا۔
اور یہ ہمیں معاشرت کے بہت اہم نکتے کا بتاتا ہے۔ معاشرہ، کاروبار، معیشت کا ایندھن اعتبار ہے۔ آپس میں ایک دوسرے پر اعتبار جس گروہ میں زیادہ ہو، وہ زیادہ جلد آگے بڑھتا ہے کیونکہ معاملات طے ہو سکتے ہیں۔ عدم اعتماد سب کچھ ختم کر دیتا ہے۔ گروہ، نظام، معیشت، معاشرت اس کے بغیر باقی نہیں رہتیں۔ منڈیاں اعتبار اور بھروسے پر چلتی ہیں۔ یہ اس قدر ضروری ہے کہ اس کے بغیر کچھ بھی نہیں ہو سکتا۔
کسی چیز پر برانڈ کا نام اور لوگو بھروسے کے لئے لگایا جاتا ہے۔ یہ لوگو اس بھروسے کے لئے ہے کہ فلاں برانڈ کی مصنوعات معیاری ہیں۔ اور یہ سودا ممکن بناتا ہے۔ گارنٹی، واپسی کی ضمانت اور دوسرے حربے بھروسہ حاصل کرنے کے لئے ہیں۔ کسی جگہ کا مستقل گاہک ہونا بھروسے کی وجہ سے ہوتا ہے۔ دکان کی مستقل جگہ خریدار کو تسلی دیتی ہے۔ کاروبار چلتا رہتا ہے۔
لیکن شئیر کرنے والی اکانومی میں ان میں سے کچھ بھی نہیں۔ تو پھر اجنبی کی گاڑی میں کیسے بیٹھا جائے؟ کسی سے انٹرنیٹ پر کوئی چیز کیسے خریدی جائے؟ 1997 میں Ebay نے اس کا حل کرنے کے لئے ایک نئی ایجاد کی۔ خریدار کی فیڈ بیک۔
کسی بھی سودے میں دونوں پارٹیاں ایک دوسرے کو ریٹنگ دیتی ہیں اور بعد میں آنے والے اس کو دیکھ سکتے ہیں اور یہ آن لائن سودوں میں بھروسے کی کرنسی ہیں۔ اوبر یا کاریم میں کونسا مسافر اور کونسا ڈرائیور کتنا قابلِ اعتبار ہے؟ کسی ہوٹل میں ٹھہرنے کا تجربہ کیسا ہے؟ کسی بیچنے والے کی شہرت کیسی ہے؟ یہ “شہرت کا سرمایہ” ہے۔ اور اس کی مدد سے اجنبیوں کی مدد سے معاملات کئے جا سکتے ہیں۔
اس نے نئے پلیٹ فارم ممکن بنائے۔ نئی اکانومی کی منڈیاں تخلیق کیں۔ شہروں کو لچکدار بنایا۔ اضافی گاڑی کی سیٹ، اضافی کمرہ، کسی کے وقت کے اضافی گھنٹے، سامان یا کھانا کسی کے گھر تک پہنچانے جیسی خدمات بھی نئی منڈیوں میں آ گئیں۔
اس ایجاد سے ہارنے والوں میں بہت سے تھے۔ صرف ہوٹل اور ٹیکسی ڈرائیور ہی نہیں، اور بھی بہت سے۔ اوبر یا فری لانسنگ کی مارکیٹ میں لوگ محض فارغ وقت یا اضافی سیٹ نہیں بیچتے۔ یہ لوگوں کے لئے روزگار کا ذریعہ بن گیا۔ اس میں لیبر قوانین کا اطلاق نہیں ہوتا۔
گاہکوں کے لئے اس کا ایک اور مسئلہ بھی ہے۔ بیسویں صدی کی معاشرت کی اہم ترین کامیابیوں میں سے ایک امتیازی قوانین کا دنیا بھر سے بڑی حد تک خاتمہ تھا۔ اگر کسی کاروبار کرنے والے کو میری شکل، نسل، قومیت یا رنگت پسند نہ آئیں تو وہ مجھے خدمات دینے سے انکار نہیں کر سکتے۔ اس نئی اکانومی میں ایسے کوئی اصول و ضوابط نہیں۔ اگر Airbnb پر میری تصویر کسی کو کسی بھی وجہ سے پسند نہیں، تو وہ مجھے کمرہ دینے سے انکار کر سکتا ہے۔ کسی فری لانسنگ کروانے والے کو میرا نام پسند نہیں تو وہ مجھے کام دینے سے انکار کر سکتا ہے۔ اس پر کوئی قانون نہیں بن سکتا۔
نئی اکانومی نئے مواقع اور نئے مسائل سمیت تیزی سے نئی ایجادات کر رہی ہے اور بہت تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ فیڈبیک کی ایجاد اس کا وہ انوکھا خیال تھا جس نے اس اکانومی میں بھروسے کے اضافے کے ذریعے اس سب کو ممکن بنایا۔
کیا آپ کسی ایسے اجنبی کے ساتھ معاملہ کرنا چاہیں گے جس کی ریٹنگ ساتھ لگی تصویر جیسی ہو؟ یہ شہرت کا سرمایہ ہے۔
مقدس شاعری کا منفرد شاعر ضیغمؔ زیدی
شاعری ایک خدا داد ملکہ ہے۔یہ خاص الخاص غیبی امداد کی عطا کردہ نعمتِ مترقبہ ہے۔جس کو یہ فن ملتا...