میرا ٹی وی خراب ہو گیا ہے
صدیوں سالوں بعد
مجھے اب ٹی وی دیکھنے کی فرصت ملی تھی
لیکن:
میرا ٹی وی خراب ہوا پڑا ہے
اس کے ہر فریم میں کتے گھس آئے ہیں
میں نے چینل بدل کر بھی دیکھ لیا ہے
چینل بدلنے سے
سپلٹ فریم اور لوگو بدل جاتے ہیں
چینل بدلنے سے کتے بدل جاتے ہیں
مگر:
کتوں کی گھس بیٹھ جاری رہتی ہے
میرے ٹی وی پر بھونکنے کی کیفیت طاری رہتی ہے
میں نے مکینک بھی بلایا تھا
مکینک مجھے یہ دلاسہ دے کر چلا گیا
کہ میرے ٹی وی میں کتے چوکیدار نے چھوڑے ہیں
میں اپنے ٹی وی پر وہ ہاکی میچ دیکھنا چاہتا ہوں
جن میں فلاءنگ ہارس گیند سے بھی آگے نکل جاتا تھا
میں وہ ڈرامہ سیریل دیکھنا چاہتا ہوں
جس جی آخری قسط میں ش شیخ کو دیکھ کر
میں مبہوت ہو گیا تھا
(کوئی اسقدر حسین کیسے ہو سکتا ہے)
میں پھر سے ہاکی میچ دہکھنا چاہتا ہوں
میں پھر سے ش شیخ کو دیکھ کر مبہوت ہو جانا چاہتا ہوں
مگر میرا ٹی وی خراب پڑا ہے
اس کے ہر چینل میں کتے گھس آئے ہیں
"