کہانی اور افسانے کے مابین فرق پیش کش' پلاٹ سازی اور اسلوب کا ہوتا ہے۔
کہانی میں سیدھے طور پر کوئی واقعہ بیان کیا جاتا ہے جیسے پیاسا کوا۔۔۔۔ اس میں ایک پیاسے کوے کا واقعہ بیان ہوا ہے کہ کس طرح وہ مٹکے میں کنکر ڈال کر پانی کو اوپر تک لاتا ہے اور اپنی پیاس بجاتا ہے
لیکن افسانے میں تکنیکی طور پر پلاٹ سازی کا عمل دخل رہتا ہے۔ اس میں صرف واقعہ یا کہانی تک ہی پلاٹ محدود نہیں ہوتا ہے بلکہ افسانہ نگار بذریعہ راوی'کردار نگاری'زمان ومکان وغیرہ کے توسط سے اور پلاٹ کی بنت سازی میں علت ومعلول'اسلوب کی رنگارنگی'جزئیات نگاری اورتخیل کی بنیاد پر کبھی اپنی موجودگی کے عمل دخل اورکبھی کرداروں کے توسط سے'موضوعاتی جہات میں توسیع کرتا رہتا ہے اور جس سے پورا ماجرہ ایک سپاٹ کہانی سے نکل کر موضوع کی متنوع جہات کی متحرک شیڈز کا روپ دھار لیتا ہے۔
فکری سطح پرکہانی کو افسانہ بنانے میں مشاہدات وتجربات کے ساتھ ساتھ تخیل کی آمیزش بھی ہوتی ہے اور افسانہ نگار منطقی انداز سے قصہ'کہانی اور واقعہ یا واقعات کو پلاٹ کا حصہ بناتا ہے۔ اس طرح کہانی کی واقعیت افسانہ کے کینوس پر پھیل جاتی ہے۔
یہاں پر لفظ فکشن کے لغوی معنی کے برعکس اصطلاحی اور فنی کارگزاری کو ذہن میں رکھنا پڑے گا تب کہانی اور افسانے کا بنیادی تصور واضح ہوجائے گا نہیں تو کوے کی کہانی بھی تو فکشن یاافسانےکے دائرے میں آتی ہے' جس کو راوی نے مشاہداتی یا تخیل کی بنیاد پر سامنے لایا ہے۔ البتہ کہانی اور افسانے کے تکنیکی عوامل اور موضوعاتی برتاؤ کی متنوع جہات کی وسعت پذیری پر نظر ہی کہانی اور افسانے کے مابین امتیاز کرنے میں آسانی پیدا کرسکتا ہے۔ ۔۔۔