آج – 15/دسمبر 1962
منفرد انداز کے لیے مشہور شاعر” کبیرؔ اطہر صاحب “ کا یومِ ولادت…
نام محمد کبیر، قلمی نام کبیرؔ اطہر، 15 دسمبر 1962ء کو احمد پور لمہ تحصیل صادق آباد ضلع رحیم یار خان میں پیدا ہوئے ۔پیشے کے لحاظ سے ڈاکٹر ہیں۔ ان کی بڑی خوبی یہ ہے کہ دکھی انسانیت کی خدمت کے تسلسل کو کبھی اپنی شاعری کی وجہ سے متاثر نہیں ہونے دیتے۔۔۔ بقول جناب حسرَت موہانی۔۔۔
"ہے مشقِ سخُن جاری ، چکی کی مشقت بھی"
شعر میں درد کا اظہار اس خوبی سے کرجاتے ہیں کہ محبت کے اظہار کی تب وتاب کسی طرح بھی کم نہیں ہوتی۔ سہل اندازِ بیان ان کی شاعری کو بےحَد جاذب بنا دیتا ہے ظاہری قد و قامت سے کامیاب معالج دکھائی دیتے ہیں مگر جب گفتگو کرتے ہیں تو ایک بھرپور شاعر سامنے آ جاتا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے متانت اور بردباری کی نعمتوں سے خوب نوازا ہے اپنی شاعری میں بھی اپنی ان خوبیوں کو قائم رکھے ہُوئے ہیں جو بلاشبہ قابِلِ داد ہے۔
پیشکش : اعجاز زیڈ ایچ
✦•───┈┈┈┄┄╌╌╌┄┄┈┈┈───•✦
مشہور شاعر کبیرؔ اطہر کے یومِ ولادت پر منتخب کلام بطور خراجِ تحسین…
کبھی فراق کبھی لذتِ وصال میں رکھ
مجھ اعتدال سے عاری کو اعتدال میں رکھ
نچا رہا ہے مجھے انگلیوں پہ عشق ترا
تمام عمر اسی رقصِ بے مثال میں رکھ
دکھی ہو دل تو اترتی ہے شاعری مجھ پر
تجھے غزل کی قسم ہے مجھے ملال میں رکھ
تو چاہتا ہے اگر کار ۔آفتاب کروں
مرا عروج مری ساعتِ زوال میں رکھ
ترے بغیر گزاری ہے زندگی میں نے
تو اس ستم کی تلافی بھی ماہ و سال میں رکھ
تو دل ہے اور دھڑکنا تری عبادت ہے
سو خود کو جسم سے باہر بھی تو دھمال میں رکھ
شکم سے ہو کے گزرتے ہیں قول و فعل مرے
مجھ ایسے شخص کو نان و نمک کے جال میں رکھ
مرے بدن کو بھلے اس سے آگ لگ جائے
چراغِ حرف مگر میرے بال بال میں رکھ
میں اس عذاب کے نشے میں مبتلا ہوں کبیرؔ
پرائی آگ اٹھا کر مری سفال میں رکھ
✧◉➻══════════════➻◉✧
ہم سایے سے طلب کروں پانی کے بعد کیا
رہتا ہے ہوش نقل مکانی کے بعد کیا
یہ کیسی توڑ پھوڑ ہے شہرِ وجود میں
آتنک مچ گیا ہے جوانی کے بعد کیا
پانی کے پاؤں کاٹنے پہ تل گئے ہو تم
دریا میں بچ رہے گا روانی کے بعد کیا
باتوں کے ساتھ منہ سے ٹپکنے لگا ہے خوں
مر جاوں گا میں ہجرِ بیانی کے بعد کیا
ان کو بتاؤں گا جنہیں حوروں سے عشق ہے
دراصل ہوگا عالمِ فانی کے بعد کیا
میں دیکھتا ہوں آنکھ میں خوابوں کی میتیں
تم دیکھتے ہو اشکِ فشانی کے بعد کیا
شعروں پہ ظلم کرتے ہیں جو جانتے نہیں
کرنا ہے کام مصرع ثانی کے بعد کیا
کیوں لفظ لفظ کھودتے ہو شعر کو کبیرؔ
شاعر نکالنا ہے معانی کے بعد کیا
●•●┄─┅━━━★✰★━━━┅─●•●
کبیرؔ اطہر
انتخاب : اعجاز زیڈ ایچ