جمعہ کا دن گویا چھوٹی عید کا نصف ہوتا تھا… خوب نہا دھو کے تیل سے بال چمکائے جاتے.. آنکھوں میں سرمہ ڈالا جاتا.. استری شدہ شلوار قمیض ملتی.. عطر کے بھبھوکے اٹھتے تھے… سَر پہ ٹوپی سجاتے اور مسجد کی جانب چل پڑتے… مسجد کے باھر گلی میں چُونے کی سفیدی مٹی پہ برف باری کا منظر پیش کرتی تھی… اذان ہوتی.. ابا کی آنکھوں کے اشاروں کے حکم پہ خوب لہک لہک کے لاؤڈ-اسپیکر پہ نعت پڑھتے.. پھر مولوی صاحب تقریر کرتے جو اکثر و بیشتر مافوق العقل و فطرت واقعات پہ مبنی ہوتی تھی، سننے والے سَر دھنتے تھے اور بیچ بیچ میں نعرے بھی لگاتے تھے.. پھر اذان ہوتی، مولوی صاحب کتاب سے عربی میں خطبہ پڑھتے، پھر جماعت کھڑی ہو جاتی.. نماز کے بعد درود و سلام لاؤڈ-اسپیکر پہ پڑھا جاتا اور پھر سب گلے ملتے…
یہ ہمارے بچپن و لڑکپن کے جمعے تھے…. گاؤں کی ایک ہی جامع مسجد تھی… اتنے لاؤڈ-اسپیکر نہیں بدلے گئے تھے جتنے مولوی بدلے گئے…
ایک قاری صاحب ایک معذور بارہ تیرہ سالہ لڑکی کا ریپ کر کے اسے اپنے حجرے کے کمرے میں بند کر کے ایسے بھاگے کہ پتا ہی نہیں چلا کہ اسے کہاں پناہ ملی ہو گی…
پھر ایک مولوی صاحب ایک دس بارہ سالہ لڑکے کے ساتھ بدفعلی کرتے پکڑے گئے سو نکال دئیے گئے…
سو انھیں مولویوں کے پیچھے ہمارے جمعے ادا ہوا کرتے تھے..
پھر وقت دوڑا اور ہم اسی دوڑ میں ناروے آ پہنچے کہ پہنچی وہیں پہ خاک جہاں کا خمیر تھا…
شروع میں فراغت تھی تو اسی باقاعدگی اور اسی باقاعدہ اہتمام سے جمعے کی نمازیں پڑھا کرتے تھے.. پھر غمِ عشق اور غمِ روزگار نے آہستہ آہستہ جمعوں سے چھٹیاں دینی شروع کر دیں… مگر گاہے گاہے جمعہ پڑھنے جاتے رہے…
جتنے مکتبہ ہائے (بـے) فکر ہیں اوسلو میں، قریب قریب سبھی کی مساجد میں جمعے ادا کیـے…
پورے ناروے میں قریباً اڑھائی لاکھ مسلمان بستے ہیں اور ان اڑھائی لاکھ مسلمانوں کے لیے 220 مساجد ہیں…
اوسلو میں 60 کے قریب مساجد ہیں اور ان ساٹھ مساجد کو 2018 میں حکومت کی طرف سے 94 ملین کرونرز ملے ہیں…
المیہ مگر یہ ہے اتنی مساجد ہونے کے باوجود ہر جمعے کو، ہر فطر و بقر عید پہ، اور رمضان کی ہر تراویح کے بعد مسجد کے لیے پیسے مانگنے والے آپ کے آگے چادر لے کے پھرتے ہیں کہ مسجد کی خدمت کرو اور پھر اور مساجد کی تعمیر کے نام پہ اور پیسے دو….
اب سوال تو یہ ہے کہ خدا "ایک" ہے تو اتنے گھروں کی "ایک خدا" کو کیا ضرورت ہے… کون سا برف میں کھڑا ہے خدا…
اب تو اکثر کوئی ساتھی (بھولے سے) جمعہ پڑھنے جانے کا کہے ہمارا جواب یہی ہوتا ہے "یار، وہ جمعہ پڑھنے کے پیسے بھی لیتے ہیں"