اِررئیل فکشن ( Irreal Fiction ) ۔ 5
انگریزی افسانچہ
جین کا چہرہ ( Jane's Face )
ایان سیڈ ( Ian Seed )
اردو قالب ؛ قیصر نذیر خاورؔ
جین نے جب ہماری کمپنی میں نوکری شروع کی تو ہم سب مردوں اور عورتوں نے اسے نہ صرف پسند کیا بلکہ ہم اس کی محبت میں گرفتار ہو گئے ۔ ہم نے اس جیسی حسینہ پہلے کبھی نہیں دیکھی تھی ۔ اس نے البتہ شروع سے ہی ہم سے فاصلہ رکھا اور چند ہی ماہ میں ، اس کے لئے ہماری چاہت ، حسد اور بغض میں بدل گئی ۔
ایک دفعہ ہماری کمپنی نے ساحل کے کنارے تفریح کا انتظام کیا ۔ یہ ایک ٹھنڈا دن تھا اور تیز ہوا چل رہی تھی ۔ گول و چپٹے پتھروں والی اس ساحل پر ہمارے علاوہ اور کوئی نہ تھا ۔ جین ہم میں سب سے آگے چل رہی تھی ۔ ہم نے سرگوشیاں کرنا شروع کیں کہ دیکھو بیچاری پتھروں پر کس مشکل سے چل رہی تھی ۔ جوں جوں ہم چلتے رہے ، ہماری آوازیں اونچی ہوتی گئیں ۔
وہ اچانک ہماری طرف مُڑی اور بولی ؛
” اصل میں تمہیں میری کوئی پرواہ نہیں ہے ۔ تم لوگوں پر یہی خبط سوار رہتا ہے کہ میں کیسی دِکھتی ہوں لیکن وہ چہرہ جو تمہیں نظر آتا ہے وہ میرا نہیں ہے ۔ اگر تمہیں حقیقت معلوم ہوتی تو تم کبھی بھی میرے نزدیک ہونے کی کوشش نہ کرتے ۔ “
اور پھر اس نے اپنے دائیں ہاتھ کے ناخن بائیں کنپٹی پر رکھے اور تیزی سے ایک ترچھی حرکت کرتے ہوئے اپنے خوبصورت چہرے کو ایک مکھوٹے کی طرح اتار دیا ۔ نیچے ہمیں ایک اور چہرہ نظر آیا ؛ یہ بری طرح داغداراور مسخ شدہ تھا ۔
” لو دیکھو! “ ، اس نے کہا ، ” میں اصل میں ، یہ ہوں ۔ اور اب تم بھی اپنے اپنے ہاتھ اٹھاﺅ اور ویسے ہی اپنے مکھوٹے اُسی طرح اتار پھینکو، جس طرح میں نے اتار پھینکا ہے ۔ ۔ ۔“ #
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ایان سیڈ ( Ian Seed ) اس وقت یونیورسٹی آف چیسٹر، برطانیہ میں ’ تخلیقی تحریر ' ( Creative Writing ) کا استاد ہے ۔ اس سے پہلے وہ یونیورسٹی آف لنکاسٹراور یونیورسٹی آف کُمبریا میں پڑھاتا تھا ۔ وہ نثر( فکشن اور نان فکشن) لکھنے کے علاوہ شاعر اور مترجم بھی ہے ۔ اب تک اس کی شاعری اور نثر کی پانچ کتابیں شائع ہو چکی ہیں جبکہ وہ فرانسیسی شاعر ’ Pierre Reverdy ‘ کی شاعری کا ترجمہ ’ The Thief of Talant ‘ کے نام سے کر چکا ہے ۔ اس کی تازہ ترین کتاب ’ New York Hotel ‘ 2018 ء میں سامنے آئی ہے ۔
مندرجہ بالا کہانی مئی 2007 ء میں ' The Cafe Irreal ' کے شمارہ نمبر 23 میں سامنے آئی تھی اور اس کا ترجمہ مصنف کی اجازت سے کیا گیا ہے ۔
اسماء صبا خواج کا افسانہ مایوسی فنی و فکری مطالعہ
اسماء صبا خواج کا تعلق لکھیم پور کھیری ہندوستان سے ہے، اردو کی ممتاز لکھاری ہیں، آپ کا افسانہ ''مایوسی"...