یہ فوج ہے۔
فوج کیا کرتی ہے؟
فوج لڑتی ہے۔
کہاں؟
جنگ کے میدان میں
فوج میں کون بھرتی ہو سکتا ہے؟
جس کے بازو میں دم ہو۔
اچھا ۔ بس
ہاں ۔ بس
میرا خیال ہے آپ غلط ہیں
کیسے؟
یہ محض فوج نہیں ہے، یہ اسلامی فوج ہے
وہ کیا ہوتی ہے؟
جو اسلام کی سربلندی کے لیے لڑتی ہے۔
اسلام کی سر بلندی کیا ہوتی ہے؟
اسلام کی سر بلندی کا مطلب ہے ۔۔۔۔۔ہممممم۔۔۔۔ کھوں کھوں کھوں ۔۔۔آ آ آ ۔۔۔ اس کا مطلب ہے کہ اسلام کا نام اونچا رکھنے کے لیے۔
اسلام کا نام نیچا کب ہوا تھا؟
کیا مطلب ہے اس بات کا۔ آپ دیکھتے نہیں کہ مسلمان کس ذلت اور خواری سے دوچار ہیں۔ دین سے دوری نے ہمیں زبوں حال کر دیا ہے۔ دنیا ہم پر ہنستی ہے۔ ہم مغلوب ہیں، غلام ہیں۔
پر اس سے فوج کا کیا لینا دینا؟
کمال کرتے ہیں۔ اسی فوج نے ان غلامی کی زنجیروں کو توڑنا ہے
کس کی غلامی اور کون سی زنجیریں؟ ہم آزاد ملک نہیں ہیں کیا؟
اسے آپ آزادی کہتے ہیں۔ دیو استبداد ہے جمہوری قبا میں پائے کوب
لیکن آپ تو اسلام کی بات کر رہے تھے، یہ جمہوریت کہاں سے آگئی؟
یہ جمہوریت ہی تو کفر کا نظام ہے
اچھا، تو فوج جمہوریت سے لڑے گی
اور نہیں تو کیا۔
تو دشمن سے کون لڑے گا؟
فوج لڑے گے۔ یہ غازی یہ تیرے پراسرار بندے
لیکن فوجی تو بالکل پراسرار نہیں ہوتے۔ غالبا آپ کا اشارہ ایجنسیوں کی جانب ہے
اوہو ، ایک تو آپ کو اقبال کی سمجھ نہیں آتی ۔
نہیں، میرا مسئلہ یہ ہے کہ مجھے اقبال کی سمجھ آتی ہے لیکن اسے چھوڑیں، آپ یہ بتائیں کہ فوج دشمن سے کیوں لڑے گی؟
بتایا تو آپ کو کہ اسلام کی سربلندی کے لیے
تو دشمن اسلام کے خلاف ہے؟
دریں چہ شک
تو ہم صرف غیر مسلموں سے لڑیں گے
اللہ اکبر ۔ ہم ان نصرانیوں اور یہودیوں کو مٹی میں ملا دیں گے
کون سے نصرانی اور کون سے یہودی؟
یار آپ بالکل گاؤدی ہیں۔ یہودی اسرائیل میں ہیں اور نصرانی یورپ اور امریکہ میں
پر ہم اسرائیل سے کیسے لڑیں گے؟ اسرائیل سے تو ہماری سرحد نہیں ملتی
اس سے کیا ہوتا ہے۔ آپ جانتے نہیں کہ اسرائیل کی آنکھ میں ہم کھٹکتے ہیں اور وہ ہماری سالمیت کے خلاف روز سازشیں کرتا ہے
کون سی سازشیں؟
آپ انصار عباسی اور اوریا مقبول جان کو لگتا ہے کہ بالکل نہیں پڑھتے
جی نہیں
اف، پھر آپ کا علم خام ہے، زندگی تباہ ہے
اچھا۔۔۔۔۔چلیں چھوڑیں، یہ بتائیں کہ ہم یورپ سے کیوں لڑیں گے؟
آپ نے کبھی ایم آئی سکس کا نام نہیں سنا
سنا ہے پر ایم آئی سکس تو برطانیہ کی ایجنسی ہے
تو برطانیہ کیا یورپ میں نہیں ہے؟
جی بس جغرافیائی طور پر
کسی بھی طور پر ۔ آپ بال کی کھال نہ اتاریں۔ ایم آئی سکس کے عزائم بھلا کس سے پوشیدہ ہیں
اوروں کا تو پتہ نہیں پر مجھ سے یقیناً ہیں۔
لگتا ہے آپ ہارون الرشید صاحب کو بھی نہیں پڑھتے
یہ کون صاحب ہیں؟
یہ عارف کے رازدار ہیں؟
کون عارف؟ عارف علوی؟
ارے، میں کہاں سر ماروں اپنا۔ گوجر خان والے عارف
لیکن عارف صاحب گوجر خان والے کا ایم آئی سکس سے کیا لینا دینا ؟
حد ہوگئی۔ یہ آپ نے کہاں کی بات کہاں جوڑ دی ہے۔
لیکن آپ ہی تو کہہ رہے تھے۔۔۔۔۔
ارے یار میں کچھ اور کہہ رہا تھا۔ خیر چھوڑیں، آپ نے ہارون صاحب کو پڑھا ہی نہیں تو آپ کو کیا پتہ کہ بین الاقوامی قوتیں کیسے ہمارے درپے ہیں۔
میں اپنی کوتاہ علمی پر شرمندہ ہوں
ہونا بھی چاہیے۔ ویسے کمال ہے یار۔ آپ کو تو کچھ پتہ ہی نہیں ہے۔ آپ کو تو غزوہ ہند کا بھی پتہ نہیں ہو گا
یہ غزوہ کب ہوا تھا؟
ابھی ہوا نہیں، ہونا ہے ۔
لیکن غزوہ تو وہ جنگ نہیں ہوتی جس میں رسول اللہ شریک ہوتے تھے۔
ہوتی تو وہی تھی
تو اب غزوہ کیسے ہو گا؟
غزوہ تو ہوگا۔ یہودی قتل ہو جائیں گے
لیکن ہندوستان میں تو یہودی نہیں ہوتے
اوہو۔ یہاں سے فوجیں اسرائیل جائیں گی
یہ چکر کچھ لمبا نہیں پڑے گا
آپ مذاق اڑا رہے ہیں؟
نہیں جناب، میری مجال۔ میں تو بس یہ پوچھ رہا تھا کہ اس سے ہماری فوج کا کیا تعلق؟
بتایا تو ہے کہ ہماری فوج اسلامی فوج ہے۔ یہی تو قلب میں ہو گی۔
لیکن باقی مسلم ملکوں کی فوجیں؟
وہ بھی ہوں گی؟
کہاں؟
یار، آپ زید حامد کو سنا کریں
یہ کون ہیں
یہ غزوہ ہند پر اتھارٹی ہیں۔ اوریا صاحب کے ساتھ ساتھ
لیکن جو غزوہ ابھی ہوا ہی نہیں اس پر دو دو لوگ اتھارٹی کیسے ہو سکتے ہیں؟
ہو سکتے ہیں۔ اگر ڈاکٹر شاہد مسعود قیامت پر اتھارٹی ہو سکتے ہیں تو یہ تو پھر مستقبل قریب کا واقعہ ہے۔
یہ ڈاکٹر شاہد مسعود پی ایچ ڈی ہیں قیامت پر؟
نہیں ایم بی بی ایس ہیں۔
پر ایم بی بی ایس کا قیامت سے۔۔۔۔۔ اچھا چھوڑیں۔ اس سے پہلے کہ آپ مجھے چغد بھی قرار دے دیں۔ بات بیچ میں رہ گئی۔ یہ بتائیں کہ غزوہ ہند تو جب ہو گا سو ہو گا تب تک ہماری فوج کیا کرے گی؟
جہاد کرے گی اور کیا ؟
کس سے؟
کافروں سے
تو وزیرستان میں کون لڑے گا؟
فوج لڑے گی
لیکن وہاں تو کافر ہیں نہیں۔
نہیں ہیں؟ اچھا۔ لیکن وہ کافروں کے گماشتے ہیں
پر یہی بات وہ ہمارے بارے میں بھی کہتےہیں؟
یار آپ کو ان کا اعتبار ہے یا میرا
پتہ نہیں۔ یہ مشکل سوال ہے ۔ اچھا یہ بتائیں کہ ہم چینیوں سے بھی لڑیں گے؟
نہیں۔ ان سے کیوں لڑیں گے ۔ وہ تو ہمارے دوست ہیں
پر چینی بھی تو کافر ہیں ۔ وہ تو اہل کتاب بھی نہیں ہیں۔ خدا کو سرے سے ہی نہیں مانتے
یار جب غزوہ ہند ہو گا تو یہ سارے چینی مسلمان ہو جائیں گے
وہ کیسے؟
بس ہو جائیں گے۔ میں زید حامد سے پوچھ کر بتاؤں گا
اور تب تک ہم کیا کریں؟
دعا ۔
اچھا ہماری فوج اگر اسلامی فوج ہے تو اس کے غیر مسلم سپاہیوں کا کیا ہو گا ؟
دیکھو میاں، دنیا میں بس دو قومیں ہیں۔ مسلمان اور کافر ۔ تو یا تو یہ کلمہ پڑھیں گے یا پھر یہ ہمارے دشمن ہوں گے
اچھا کون سا کلمہ۔ یہ والا یا پھر وہ والا
وہ تو خود کافر ہیں تو ان کا کلمہ کیسے پڑھ سکتے ہیں۔
تو جن کا وہ والا ہے، انہیں بھی فوج سے نکال دیں۔
نکالنا پڑے گا ورنہ ایمان کے کھوٹ کے ساتھ فوج جہاد کیسے کرے گی
اچھا وہ کچھ دن پہلے آپ کہہ رہے تھے کہ فوج کا سربراہ جو عقیدہ۔۔۔۔۔
لاحول ولا قوة ۔ میں نے تو ایسی کوئی بات نہیں کی
لیکن وہ آپ نے کہا تھا نا کہ جنرل صاحب پر آپ کو اعتراض ۔۔۔۔۔
یار آپ کیسے بہتان باندھ رہے ہیں۔ میں تو بچپن سے جنرل صاحب کا فین ہوں۔
پر جنرل صاحب کے بارے میں۔۔۔۔
ارے آپ افواہوں پر کان کیوں دھرتے ہیں۔ ہم تو نہیں دھرتے۔ ہم تو ہمیشہ سے یہی کہتے تھے کہ ان سے بہتر انتخاب ممکن نہیں ہے اس فوج کے لیے ۔ آپ ہم پر الزام نہ لگائیں ۔ ہم اسلامی فوج کے سپہ سالار پر قربان ہونے والوں میں سے ہیں۔ نیز ہماری بوٹ پالش سب سے اچھی ہے اور اس کی تین سال کی پکی وارنٹی ہے۔ آپ اب منہ بند کریں اور ہمیں موسیقی سننے دیں
اے میرے رشک قمر ۔۔۔۔۔۔۔۔۔