ساتھ لگا گراف یہ بتاتا ہے کہ دنیا میں لوگ کتنے زندگی سے مطمئن ہیں۔ اس کو براہ راست تو ناپا نہیں جا سکتا۔ اس گراف میں پیمانہ یہ بنایا گیا کہ لوگوں سے سروے میں پوچھا گیا کہ وہ اپنی زندگی کے بارے میں کیا رائے رکھتے ہیں۔ پاکستان دنیا کے سب سے خوش ممالک میں تو نہیں لیکن ہم زیادہ ناخوش بھی نہیں بلکہ اوسط سے کچھ اوپر ہیں۔ پاکستان کا انڈیکس دس میں سے ساڑھے پانچ ہے۔ سب سے زیادہ خوش ممالک فن لینڈ، ڈنمارک، ناروے، آئس لینڈ اور نیدرلینڈ جبکہ سب سے زیادہ ناخوش ممالک تنزانیہ، سنٹرل افریقن ری پبلک، ہیٹی، روانڈا اور جنوبی سوڈان ہیں۔
سروے کی چند دلچسپ باتیں۔
لوگوں کی مالی حالت کا خوشی سے تعلق تھا لیکن یہ ریلیٹو تھا۔ یعنی لوگ یہ دیکھتے ہیں کہ وہ اپنے آس پاس کے لوگوں کے مقابلے میں کتنے زیادہ خوشحال ہیں۔
ممالک میں زندگی سے اطمینان کا سب سے گہرا تعلق آزادی سے تھا۔ جس ملک میں لوگ اپنے آپ کو آزاد محسوس کرتے ہیں، وہاں اس کا تناسب سب سے زیادہ تھا۔ پاکستان اس حوالے سے دنیا میں وسط میں ہے۔ اس کو دوسرے گراف میں دیکھا جا سکتا ہے۔
اس حوالے سے بڑا اہم کردار میڈیا کا تھا۔ وہ لوگ جو روز میڈیا کی خبریں فالو نہیں کرتے، ان کی خوشی کا لیول زیادہ تھا۔ کس قسم کی خبروں میں زیادہ دلچسپی لی جاتی ہے، اس کا بھی خوشی سے تعلق تھا۔
دس برس پہلے کے مقابلے میں عالمی خوشی میں کچھ اضافہ دیکھنے کو ملا۔ سب سے زیادہ اضافہ زمبابوے میں ہوا۔
انفرادی طور پر خوشی کا تعلق حالیہ ہو جانے والے واقعات سے ہوتا تو ہے، جیسا کہ شادی، طلاق، قریبی عزیز کی وفات، بچے کی پیدائش، ملازمت ختم ہو جانا وغیرہ لیکن ہر غم اور خوشی سے اس میں پڑنے والا فرق قلیل مدتی ہوتا ہے۔