کل دوپہر ہوٹل سے کھانا کھانے کا پروگرام بنا ۔ سائیکل پکڑا اور قریبی بازار پہنچ گیا ۔ ہوٹل کی تلاش میں دکانوں کے سائن بورڈز پر نظر دوڑانی شروع کر دی ۔
ایک عظیم الشان روحانی ہستی کے بہت پیارے نام سے منسوب ایک ہوٹل نظر آیا ۔ اُس نام نے مجھے اپنی طرف مقناطیس جیسے کھینچا اور فوراً ہی سائیکل کھڑا کر کہ میں ہوٹل کے اندر تھا ۔
متواتر استعمال سے گِھسی ہوئی میز کرسیوں والا دو تین مرلے کا سفید پوش سا ہوٹل تھا ۔ لیکن اندر کا ماحول کافی صاف سُتھرا ۔ کاؤنٹر پر میری ہی عمر کے ایک کافی خوب صورت سے صاحب ٹانگیں پسارے موبائل پر مصروف نظر آئے ۔
کھانے کا پوچھا تو پتا چلا کہ چکن ، دال اور سبزی ملے گی تو سبزی کا آرڈر دے دیا ۔ ایک ڈیڑھ منٹ کے اندر صاف ستھری پلیٹ اور خوب صورت سی چھابی میں تَلی ہوئی ثابت سبز مرچ سے سَجا آلو پالک ، گرما گرم روٹی اور تازہ سلاد ، رائتہ میرے سامنے تھا ۔ بظاہر سبزی کی وہ پلیٹ میرے جیسے دو بندوں کے لئے کافی تھی ۔
عموماً دو روٹیاں کھاتا ہوں پر اس ہوٹل کے ماحول اور ذائقے نے چار روٹیاں کِھلا دیں اور اس کے بعد بھی میں بھوکا ہی رہا ۔
کھانا کھا کر بِل پوچھا تو وہ تھا ساٹھ روپے ۔ بڑی حیرانگی ہوئی ۔ ایسے اور اتنے ہی کھانے کے میں تین چار سو دینے کا عادی ہوں تو یہ صرف ساٹھ روپے کیوں بتا رہے ہیں ۔ سوچا شاید بھول رہے ہوں ۔
دوبارہ پوچھا تب بھی اُنہوں نے ساٹھ روپیہ ہی بتایا ۔ میں نے حیران ہو کر کاؤنٹر والے صاحب سے پوچھا کہ سر ۔ جب آپ اتنا نِکا سا بل بناتے تو آپ کا کاروبار کیسے چل رہا ۔
انہوں نے جواباً فرمایا کہ ۔ تمام اخراجات نکال کر اس میں بھی میری پانچ تا دس روپے بچت ہے اور اس پر میں پورا پورا مطمئن ہوں ۔ میں نے کہا کہ محترم ، آپ اپنا منافع کچھ تو بڑہا لیں تو وہ بولے کہ ایسا ممکن نہیں ۔ ؟
آپ نے میرے ہوٹل کا نام پڑہا ۔ اس نام کے سائے تلے میں کسی طرح بھی ناجائیز منافع خوری کا تصور نہیں کر سکتا ۔
میں نے کہا کہ جناب ، آپ ایسا کیوں نہیں کر سکتے تو بولے کہ میں چاہتا ہوں کے میرے ہوٹل کو اندر سے بھی باہر لگے سائن بورڈ کے مطابق ہی ہونا چاہیے ۔ میں اچھائی کا لبادہ اوڑھ کر بُرائی نہیں کرنی چاہتا ۔
اگر مجھے اپنی اِس جگہ کبھی کچھ غلط کرنا ہوا تو سب سے پہلے میں اپنے ہوٹل کا نام بدلوں گا ۔ میں نہیں چاہتا کہ میرے کسی بھی عمل سے میرے ہوٹل کی پہچان طور لکھا اتنا عالی مرتبت نام بدنام ہو ۔۔
واپسی پر میں سوچ رہا تھا کہ نام تو میرا بھی کافی پاکیزہ سا اور گھر کے ہر کمرے میں اللّہ کی پاک کتاب بھی موجود ہے ۔ ؟