حویلی سردار جوالا سنگھ سندھو
پڈھانا لاھور
لاھورکےسرحدی علاقے تاریخی قدیم شاندارعمارات ، حویلیوں ، گوردواروں ، سمادھیوں ، رھائشی قلعوں ،باؤلیوں ، سرائے کا شاندار ثقافتی ورثہ لئے ھوئے ھیں۔
سردار جوالا سنگھ سندھو کا تعلق سندھو جٹ خاندان سے تھا۔ یہ خاندان پنجاب کا قدیم ترین سردار خاندان ھے۔ پڈھانا تقریباً 720 سال قبل آباد ھوا۔ 1835 d میں پنجاب کی مہارانی جند کور کی بڑی بہن کی شادی سردار جوالہ سنگھ سندھو سے ھوئی۔ مہاراجہ رنجیت سنگھ کے دور حکومت سے لے کر اٹھارویں ، انیسویں اور ابتدائی بیسویں صدی 1947 ء کی تقسیم ھند تک پڈھانا کا یہ سردار خاندان انتہائی اثر رسوخ کا مالک تھا۔ یہ سکھ فوج کے کمانڈر بھی تھے اور سردار ھری سنگھ نلوہ کے ہمراہ لڑائیوں میں حصہ لیتے رھے تھے۔ پڈھانا کے سندھو سرداروں کو مہاراجہ رنجیت سنگھ کی فوج اور دربار میں اعلیٰ عہدے حاصل اور خاص اہمیت حاصل تھی ۔ سردار جوالا سنگھ سندھو کی وفات پر مہاراجہ رنجیت سنگھ نے یہاں ایک رات قیام بھی کیا۔
پڈھانا کے سرداروں کی عالیشان حویلی رھائشی عمارات کا کمپلیکس تھی۔ یہیں پر علاقائی کچہری بھی لگائی جاتی۔ امرتسر اور لاھور کے درمیان واقع پڈھانا بہت بڑا تجارتی مرکز بھی تھا۔ اس علاقے کی سب سے عالیشان عمارت کی طرز تعمیر کا وہ لوگ قدرے اندازہ لگا سکتے ہیں جنہوں نے حویلی دھیان سنگھ دیکھ رکھی ھے۔ تین منزلہ اس حویلی میں دو سے چار فٹ چوڑی دیواریں، گنبد ، پویلین ، کارنر برجیاں ، جھروکے ، بالکونیاں موجود ہیں۔ اس حویلی کی تعمیر میں نانک شاہی اینٹ استعمال کی گئی ھے۔ اینٹوں اور دیواروں پر کیا گیا تصاویر کا کام اس کے مغلیہ عہد خصوصاً اکبر دور اورسکھ عہد کی غمازی کرتا ھے۔
حویلی کے تہہ خانے میں موجود منفرد گرم حمام بھی موجود ھے جو کہ انتہائی اچھی حالت میں ھے۔ اس کا طرزِ تعمیر اندرون دھلی دروازہ لاھور میں موجود شاھی حمام جیسا ھے۔
آج کل حویلی سردار جوالہ سنگھ سندھو کی مسلمان ھوجانے والی اولاد کے پاس ھے۔ منفرد طرز تعمیر کی حامل یہ حویلی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ھونے کے باوجود مسحور کن کیفیت کی حامل ھے۔ مختلف ایڈورٹائزنگ کمپنیاں ، شوبز ادارے یہاں پکچرائزیشن کے لئے آتے رھتے ھیں۔ موجودہ مالک سردار سیف اللہ سندھو اس حویلی کی تعمیر و مرمت کرنا چاہتے ہیں مگر وسائل کی کمی آڑے آتی ھے۔ اگر حکومتی سطح پر اس تاریخی ورثے پر توجہ دی جائے ، یہاں ٹورسٹ سپاٹ ، ریسٹورنٹ ،کلچرل سنٹر ، کیفے بنایا جائے تو مقامی سیاحوں کے ساتھ ساتھ دنیا بھر سے آنے والے سکھ زائرین کو بھی یہاں لایا جا سکتا ھے۔
لاھور شہر سے پڈھانا جانے کے لئے تین چار راستے ھیں۔ مگر سب سے بہتر راستہ کینال روڈ ، جلو ، بی آر بی نہر کراس کر کے دائیں طرف کینال کے ساتھ ساتھ سفر کریں کچھ آگے جاکر سڑک بائیں جانب مڑے گی جبکہ کینال رینجرز چیک پوسٹ سے سیدھی بہتی رھے گی۔ اسی سڑک پر سفر کرتے براستہ منہالہ ، للو آپ پڈھانا جا سکتے ہیں۔ جلو موڑ سے تقریباً چالیس منٹ لگتے ہیں۔
یہ تحریر فیس بُک کے اس پیج سے لی گئی ہے۔