دو دن پہلے ایک دوست کی پوسٹ پر یہ عجیب و غریب بات پڑھی کہ منی پلانٹ اگر کسی کے گھر سے چوری کرکے اپنے گھر میں لگایا جائے تو وہ تبھی پھلتا پھولتا ہے ۔۔۔۔ہے نا عجیب بات ۔۔۔؟؟؟؟
یعنی جب آپ خرید کر اپنے گھر میں لگائیں گے تو اس کے بڑھنے کے چانسز بہت کم ہوتے ہیں ۔۔اس لیے آپ لازماَ اسے چوری کر کے لگائیں
پودوں کے حوالے سے بھی ہمارے معاشرے میں کافی myths ہیں جنہیں ضعیف الاعتقادی کہا جا سکتا ہے ۔۔۔
اس حوالے سے ایک سچا واقعہ میرے ذہن میں کلک ہوا ۔۔۔آپ بھی سنیے اور رائے دیں کہ کیا ایسا ہونا ممکن ہے ۔۔۔اور کس حد تک اس میں سچائی ہے ؟؟؟
میری بڑی بہن کے گھر میں ان کی نند نے کافی ساری کھجور کی گھٹلیاں زمین میں لگائیں ۔۔۔کیونکہ ان کے گھر میں کوئی پھلدار پودا نہیں تھا ۔۔۔تو انہیں کافی شوق تھا ۔۔۔۔ان کی دن رات کی دعاؤں سے کھجور کے کافی پودے نکل آئے ۔۔۔ایک وقت تھا کہ کافی ایریا ان پودوں نے گھیر رکھا تھا ۔۔پھر وقت گزرا تو انہوں نے سوائے ایک اچھے صحت مند اور خوبصورت درخت کے، باقی سب کاٹ دیے ۔۔۔
مگر اب اس خوبصورت درخت نے اپنی اہمیت جتانے کے لیے نخرے شروع کردیے ۔۔
کئی سال گزرنے کے باوجود اس پر پھل نہ آیا ۔۔۔۔
کافی علاج معالجہ کروایا ۔۔۔دم کروایا ۔
مگر کھجور صاحب ٹس سے مس نہ ہوئے۔۔۔
خدا کا کرنا ایسا ہوا کہ ان کے گھر ایک دور پار کے رشتہ دار آئے ۔۔۔کافی پرانے بابا جی تھے ۔۔۔
جب گھر والوں نے کھجور کی کارستانی ان کے سامنے رکھی تو انہوں نے صدیوں پرانا نسخہ تجویز فرمایا ۔
وہ عجیب نسخہ یہ تھا کہ ۔۔۔۔
کہ گھر کے باہر کا کوئی فرد کلہاڑی لے کر کھجور کے درخت کے پاس آئے اور زور سے چلا چلا کر کہے کہ آج میں اس کھجور کے درخت کو کاٹ کر رہوں گا ۔یہ ایک بانجھ درخت ہے ۔۔اس لیے اسے کاٹ دینا چاہیے ۔۔
اب کوئی گھر کا آدمی اس کی کلہاڑی پکڑ لے ۔۔۔سلطان راہی مرحوم کی طرح ۔
اور کہے کہ جی نہیں آپ اسے نہیں کاٹ سکتے ۔۔یہ بانجھ نہیں ہے ۔۔۔ان شاءاللہ اگلے سال اس پر ضرور پھل آئے گا ۔۔۔
بس جی پھر آپ اس نسخے کی کرامت دیکھیں ۔۔۔
اب اگلی صبح ان کے چچا کلہاڑی لے کر بڑھکیں مارتے ہوئے کھجور کے درخت کے پاس پہنچے ۔۔۔اور درخت کی طبیعت صاف کرنی شروع کر دی۔
آگے سے میرے بہن اور بھانجے بھانجیوں نے کلہاڑی پکڑ لی ۔۔۔۔اور اس کھجور کی شان میں ایسے ایسے کلمات کہے کہ کھجور بھی سوچتا ہوگا کہ اب اگلے سال مجھ پر انار ہی آئیں گے ۔
لو جی عجیب و غریب نسخہ پورا ہوا ۔۔۔
مگر پکچر ابھی باقی ہے میرے دوست ۔۔
اگلے سال اس کجھور کے درخت پر واقعی پھل لگ گیا ۔۔بابا جی نے کرامت دکھا دی ۔۔
اور اب ہر سال اس درخت پر پھل لگتا ہے ۔۔۔
پچھلے ساون میں بھی میں بہن کے گھر گئی تو بھانجیوں نے مجھے کھجوریں پیش کیں ۔۔۔
اور میں اب جب بھی اس درخت کو دیکھتی ہوں اور اس کا پھل کھاتی ہوں تومیری ہنسی نہیں رکتی ۔۔۔
کیا واقعی ہم انسانوں کی طرح درختوں کو بھی جان پیاری ہوتی ہے ۔۔۔۔؟؟؟