ایک خوبصورت ملزمہ سے تفتیش
لاہور ائیر پورٹ پر پکڑی جانے والی خاتون’’ٹریسا‘‘ سے نوکلو ہیروئن برآمد ہوئی ہے۔ اس کافر حسینہ کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہیں جبکہ اخباری خبروں کے مطابق ملزمہ سے تفتیش کے لئے کسٹم ، اے این ایف اور اے ایس ایف کے مابین لڑائی جاری ہے۔ ہر محکمہ ا س عفیفہ سے تفتیش کرنا چاہتا ہے میں نہیں جانتا ابھی تک یہ تفتیش کس مرحلے میں پہنچی ہے لیکن روایات کو مدنظر رکھتے ہوئے مجھے اندازہ ہے کہ تفتیش کس طرح سے ہو رہی ہوگی کل رات میں نے خواب میں جو تفتیش ہوتے ہوئے دیکھی اس تفتیش پر مجھے ابھی تک تشویش ہے کیا دیکھتا ہوں کہ پکڑے جانے والی نازک اندام ’ٹریسا‘‘ ایک تفتیشی کے کمرے میں صوفے پر براجمان ہے اور کچھ اس قسم کے سوال و جواب ہو رہے ہیں ۔ گفتگو پیش خدمت ہے۔۔۔!!!
تفتیشی :۔آپ کچھ گھبرائی ہوئی لگ رہی ہیں پلیز ریلیکس ہو جائیں ، میں ہوں ناں ۔۔۔!!!
ٹریسا:۔(گھبرائے ہوئے لہجے میں ) م مم مم ۔۔۔ میرا گلہ خشک ہو رہا ہے مجھے بہت پیاس لگی ہے
تفتیشی :۔ماں صدقے ۔۔۔ بوتل منگواؤں ۔۔۔ جوس منگواؤں یا اپنا خون نکال کر پیش کروں
ٹریسا:۔ شکریہ ۔۔۔ مجھے صرف پانی پینا ہے یہ آپ کے سامنے جو جگ پڑا ہے اس میں سے ایک گلاس پانی لے لوں ؟
تفتیشی :۔(گھبرا کر) ہرگز نہیں ، ہرگز نہیں یہ دو تین گھنٹوں سے پڑا ہوا ہے یہاں اور ہے بھی سادہ ٹونٹی کا پانی آپ کی طبیعت خراب ہو سکتی ہے میری مانیں انار کا جوس پی لیں اپنے سامنے بنوا کر لاؤں گا۔۔۔!!!
ٹریسا :۔(رونی صورت بنا کر ) نہیں مجھے کچھ نہیں پینا یقین کریں مجھے نہیں پتا میرے سامان میں نو کلو ہیروئن کیسے آئی ، مجھے تو ایک دوست نے پیکٹ دیا تھا کہ واپس جا کر ’خالہ جولیا‘ کو دے دینا ۔۔۔!!!
تفتیشی:۔ دیکھئے چونکہ آپ سے 9 کلو ہیروئین برآمد ہوئی ہے اس لیے مجھے قانون کے تقاضوں کو مدنظر رکھ کر تفتیش تو کرنا ہوگی۔ اگر آپ
برا نہ منائیں تو تھوڑی سی تفتیش کرلوں؟
ٹریسا:۔ (بے چارگی سے) ٹھیک ہے ۔۔۔لیکن پلیز میری پریشانی کا خیال رکھئے گا‘ میرا بلڈ پریشر بہت جلدی Low ہوجاتاہے۔
تفتیشی: ۔ بے فکر رہیں اور جہاں کہیں بھی آپ کو محسوس ہوکہ آپ کا بلڈ پریشر Low ہورہا ہے فوراً مجھے بتائیے گا ‘ میرے پاس عجوہ کھجور پڑی ہے ‘ آپ فوراً بہتر محسوس کریں گی۔تو اب شروع کرتے ہیں تفتیش۔۔۔سب سے پہلے تو یہ بتائیے کہ کیا آپ نے کبھی محبت کی ہے؟
ٹریسا: ۔ (بوکھلا کر) جی؟ ۔۔۔مم۔۔۔محبت؟۔۔۔ہاں جی کی ہے۔۔۔وہ اُسی لڑکے سے جس نے مجھے ہیروئین کا پیکٹ دیا تھا‘ لیکن اب مجھے اس سے نفرت ہوچکی ہے‘ شدید نفرت۔۔۔!!
تفتیشی: ۔(خوشی سے) شاباش۔۔۔ایسے لڑکوں سے بلکہ ہر قسم کے لڑکوں سے نفرت ہی کرنی چاہیے۔یہ لڑکے بالے محبت کو کیا سمجھیں‘ محبت کے لیے بندے کا 45 سال سے زائد عمر کا ہونا بہت ضروری ہے۔ویسے کیا آپ کی لائف اچھی گذر رہی ہے؟
ٹریسا: ۔ پہلے تو اچھی تھی لیکن اب لگ رہا ہے کہ بہت بری پھنس گئی ہوں‘ شائد ساری زندگی جیل میں گذارنی پڑے۔
تفتیشی: ۔ اللہ نہ کرے‘ آپ کو ایسی باتیں زیب نہیں دیتیں۔ ویسے میری لائف بہت دُکھ بھری ہے‘ بیوی ہر وقت لڑتی رہتی ہے‘ صبح آفس آتا ہوں تو سوئی ہوتی ہے‘ رات کو گھر جاتا ہوں تب بھی سوئی ہوئی ملتی ہے۔ نہ پیار سے بات کرتی ہے نہ کھانا بنا کر دیتی ہے‘ پلیز ذرا ٹشو دیجئے گا بلاوجہ آنکھیں بھر آئی ہیں۔ شکریہ! ہاں تو میں کہہ رہا تھا کہ میں بچپن سے ہی محبت کے لیے بڑا ترسا ہوں۔میں نے ایک پانچ مرلے کا پلاٹ لیا ہوا ہے لیکن بیوی کو نہیں بتایا‘ اب میں وہ پلاٹ اُسے ہی دوں گا جو مجھ سے زندگی بھر محبت کرے گی۔
ٹریسا: ۔(ایک اداسے) ہائے آپ اتنے ہینڈ سم‘ اتنے گریس فل ہیں‘ کوئی بھی لڑکی آپ کی محبت میں گرفتار ہوسکتی ہے‘یقین کریں خود میں نے جب پہلی بار آپ کو دیکھا تھا تو سمجھی تھی شائد آپ ٹام کروز ہیں۔۔۔!!!
تفتیشی: ۔(چونک کر) آپ کا مطلب ہے میری شکل کروز میزائل جیسی ہے؟
ٹریسا: ۔نہیں نہیں۔۔۔کروز میزائل نہیں‘ ٹام کروز۔۔۔میرا خیال ہے آپ نہیں جانتے، ہالی وڈ کا بڑا ہینڈ سم ہیرو ہے‘ بالکل آپ جیسا!
تفتیشی:۔(شرماتے ہوئے) اوہ اچھا۔۔۔میں اصل میں انگریزی فلمیں بہت کم دیکھتا ہوں‘ ویسے ایک دفعہ کسی نے مجھے بتایا تھا کہ میری شکل شان سے۔۔۔سوری ۔۔۔شان کی شکل مجھ سے بہت ملتی ہے۔شان ہماراپاکستانی ہیرو ہے۔
ٹریسا:۔میرا نہیں خیال کہ ایسا ہے۔۔۔اگر آپ کا پیٹ تین انچ اندر ہوجائے‘ آنکھیں بڑی ہوجائیں‘ قد بڑا ہوجائے ‘ ناک پتلا ہوجائے‘ بال گھنے ہوجائیں ‘ آواز کا کھردرا پن ختم ہوجائے‘ رنگ سفید ہوجائے تو آپ اور ٹام کروز ایک دوسرے کے جڑواں بھائی لگیں گے۔
تفتیشی: ۔(پرجوش ہوتے ہوئے) اگر آپ کہہ رہی ہیں تو میں کون ہوتا ہوں انکار کرنے والا، یقیناًمیں ’ٹائم کروز‘ ہی لگتا ہوں گا۔
ٹریسا: ۔ ٹائم کروز نہیں۔۔۔ٹام ۔۔۔ٹام کروز!
تفتیشی: ۔ جی جی وہی۔۔۔(اتنے میں فتح محمد کمرے میں داخل ہوتاہے)
فتح محمد: ۔ سر جی۔۔۔وہ لندن جانے والے مسافر کا کیا کرنا ہے۔۔۔وہ جس کے بیگ سے چرس والا سگریٹ نکلا تھا۔۔۔!!!
تفتیشی:۔ (غصے سے) الٹا لٹکا دو بدبخت کو‘ٹھوک کے کیس بناؤ اور اخبار میں خبر دیتے وقت میرا نام ضرور لکھنا کہ میں نے اسے پکڑاتھا۔
فتح محمد: ۔ جی سر۔۔۔ویسے میں نے ایک درجن چھتر پہلے ہی مار دیے تھے‘ ڈیڑھ درجن اور مار کے آتاہوں۔(چلا جاتاہے)
تفتیشی: ۔ جی تو ٹریسا جی۔۔۔بات یہ ہے کہ (اچانک فون کی گھنٹی بجتی ہے) ہیلو۔۔۔جی جی! کیوں بھئی کیس ہمارا ہے ہم کیوں ملزمہ تمہیں دے دیں؟۔۔۔نہیں نہیں۔۔۔سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔۔۔ہم عزت دار لوگ ہیں،اپنی ملزمہ کسی کے حوالے نہیں کر سکتے۔۔۔بھئی کہہ دیا ناں۔۔۔جاؤ جاؤ کورٹ آرڈر لے آؤ۔۔۔ہونہہ۔۔۔(فون پٹخ دیتاہے)
ٹریسا: ۔ سنئے! کیا دوسرے محکمے والے مجھے مانگ رہے ہیں؟ پلیز نہ دیجئے گا۔۔۔میں آپ کے بغیر نہیں رہ سکتی۔۔۔!!!
تفتیشی: ۔ میں بھی نہیں رہ سکتا۔۔۔مکمل تفتیش کے بعد مجھے اندازہ ہوگیا ہے کہ آپ معصوم ہیں‘ بے قصور ہیں‘ بے گناہ ہیں۔ اگر میری تفتیش پر عمل درآمد ہوا تو آپ کو کچھ نہیں ہوگا۔ بس اتنا یاد رکھئے گاکہ گرفتار آپ نہیں ‘ میں ہوچکا ہوں۔۔۔!!!
یہ تحریر فیس بُک کے اس پیج سے لی گئی ہے۔