شذرہ
شروع شروع میں ایک بار فلشنگ Flushing نیویارک کی لائبریری میں مجھے رات کے نو بجے گئے۔ گہما گہمی عروج پر تھی۔ میں نے لائبریری ریسپشن پر موجود ایک سٹاف ممبر سے استفسار کیا کہ اس وقت لائبریری کے مختلف شعبہ جات میں کتنے لوگ موجود ہیں؟ جواب ملا تقریبا پندرہ سو!
واو ..پندرہ سو لوگ! Waow
وہ مسکرائی کیونکہ وہ نہیں سمجھ سکتی تھی کہ میرے منہ سے بے ساختہ اوہ واو کیوں نکلا؟
جنابِ من!
ان پندرہ سو لوگوں میں پی ایچ ڈی کے وہ طلبا و طالبات شامل نہیں جو اپنے شعبہ جات، آفسز یا ڈیسک پر موجود کام کر رہے تھے۔
قارئین محترم!
یونیورسٹی کی لائبریری مختلف اسٹڈی سنٹرز اور فلورز پر مشتمل ہے – ہر فلور یعنی منزل پر مختلف اسٹڈی سنٹرز ہیں۔ ہر سٹڈی سنٹر کے چار حصے ہیں:
پہلا
کتابوں کے بیچوں بیچ یا دائیں بائیں بیٹھ کر پڑھیں۔
دوسرا
اسٹڈی سنٹرز۔ یہاں اکیلے بیٹھ کے پڑھ سکتے ہیں۔
تیسرا
گروپ اسٹڈی سنٹرز۔ جس میں ایک بڑی میز کے گرد پانچ سات کرسیاں ہوتی ہیں اور ملٹی میڈیا اور وائٹ بورڈ کی سہولت ہوتی ہے … ہر فلور پر تقریباٙٙ سات آٹھ میزیں ایسی بچھی ہوتی ہیں- جو طلبا گروپ کی صورت میں پڑھنا چاہیں تو یہاں آ کر بیٹھتے ہیں-
چوتھا
پڑھائی کے ساتھ ساتھ دیگر کام کرنے والے یا فون کی سہولت اور گپ شپ اور کھانے پینے کی سہولیات سے آراستہ حصہ الگ ہے تاکہ صرف پڑھنے والے ڈسٹرب نہ ہوں۔
اگر آپ کے پاس اپنا لیپ ٹاپ نہیں تو گھبرانے کی ضرورت نہیں لائبریری آپ کو آپ کی ضرورت اور ہسند کے مطابق کمپیوٹر فراہم کرتی ہے۔ آپ کو ٹیبلٹ چاہیے، ڈیسک ٹاپ یا لیپ ٹاپ چاہیے آپ کو ملے گا اور انٹرنیٹ بھی…
اہم یہ کہ لائبریری میں مہیا کردہ تمام کمپیوٹر جدید ترین ہیں اگر کسی میں آپ کوئی خرابی دیکھیں تو خاموشی سے ایک چٹ اس پر چسپاں کر دیں کہ اس میں فلاں مسئلہ آ رہا ہے، اگلے دن ایسا کوئی ایشو آپ نہیں دیکھیں گے۔
لائبریری کے ہر سیکشن میں طلبا و طالبات کی تعداد کے حساب سے پرنٹرز اور فوٹو کاپی مشینیں نصب ہیں جتنے چاہیں پرنٹ نکالیں لیکن جب آپ پرنٹ کی کمانڈ دیتے ہیں تو یہ نوٹیفکیشن آتا ہے کہ
اگر ضروری ہو تو پرنٹ لیں ورنہ اس سے ماحولیاتی آلودگی کا مسئلہ پیدا ہوتا ہے
ہر فلور پر تقریبا سات آٹھ پرنٹرز ہیں۔
لائبریری کے قریب ہی ہوسٹل ہے جس میں ان لوگوں کے رہنے کا عارضی انتظام ہے جو رات کو دیر گئے لائبریری میں کام کرتے رہتے ہیں۔ کئی بار خاکسار بھی وہاں سویا ہے۔
لائبریری کے ایک سیکشن کا نام لرننگ ہب (Learning Hub)
ہے جہاں ہمہ وقت دو چار ایسے لوگ موجود رہتے ہیں جن کا کام صرف یہ ہے کہ اگر کسی طالب علم کو میتھ میں کوئی مشکل آ رہی ہے تو وہیں بیٹھ کر انہیں میتھ سمجھا دیں-
ایک سیکشن ایسے سٹاف کے لیے مختص ہے جو صرف ڈیٹا سرچ کرنے کی مشکل سے آپ کو نکالتا ہے۔
ہر فلور پر صاف اور گرم پانی والے واش رومز مہیا ہیں۔
سب سے اہم بات یونیورسٹی کے سٹاف کی ہے – مہربان ، مددگار اور ہر وقت مسکراتے ہوئے روشن چہرہ لوگ – جو ہمارے نبی محترم حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ ہر ایک سے خندہ پیشانی سے پیش آو
الغرض یہاں بیٹھ کر دل سے ہمیشہ یہ دعا نکلتی ہے کہ:
ایسا انتظام و انصرام کرنے والوں پر خدا کی رحمتیں ہوں یہ تہذیب ہمیشہ آباد رہے – علم یہاں زندہ و تابندہ رہے کیوں کہ یہاں کوئی بخیل نہیں ہے سبھی اوپر والا ہاتھ بننے کی کوشش کرتے ہیں آمین یا رب العالمین
لطف یہ ہے کہ آدمی عام کرے بہار کو
موجِ ہوئے رنگ میں آپ نہا لیا تو کیا؟
ایسی تہذیبوں کو زوال نہیں۔
نیازمند