مضمون کا خلاصہ
چیلنج 500 ملی لیٹر فی ایکڑ، سن سٹار گولڈ 20 گرام فی ایکڑ اور ریجنٹ 45 گرام فی ایکڑ، یہ تینوں زہریں کماد کاشت کرنے کے بعد پہلے پانی کے ساتھ اکٹھی فلڈ کر دیں.
گاجر بوٹی، سوانکی، اٹ سٹ اور تاندلہ سمیت دیگر جڑی بوٹیوں کا مکمل خاتمہ ہو جائے گا انشاءاللہ.
اس کے ساتھ ساتھ جڑ کی سنڈی، تنے کی سنڈی، چوٹی کی سنڈی اور دیمک بھی کنٹرول ہو جائے گی.
مضمون کی تفصیل
اگر دیکھا جائے تو کماد میں 90 فیصد مسئلہ تین جڑی بوٹیوں کا ہی ہے. ان جڑی بوٹیوں میں اٹ سٹ، سوانکی اور ڈیلا شامل ہیں.
ان کے علاوہ ایک اور جڑی بوٹی بھی کماد میں اب نظر آنا شروع ہو گئی ہے اور وہ ہے گاجر بوٹی جسے پارتھینم بھی کہتے ہیں. گاجر بوٹی بڑی تیزی کے ساتھ کماد کے کھیتوں میں پھیل رہی ہے، ہوتا یہ ہے کہ جب کاشتکار جڑی بوٹی مار زہروں کا ستعمال کرتے ہیں تو باقی ساری جڑی بوٹیاں مر جاتی ہیں جبکہ گاجر بوٹی اگ آتی ہے اور کنٹرول نہیں ہوتی.
کونسی زہریں ڈالنی ہیں؟
گاجر بوٹی اور ڈیلا سمیت کماد کی تمام جڑی بوٹیوں کو کنٹرول کرنے کے لئے آپ کو دو زہریں تجویز کی جاتی ہیں.
نمبر 1. چیلنج
یہ بائیر کمپنی کی دوائی ہے اور اس میں موجود زہر کا نام ہے اکلونی فن (aclonifen)
چیلنج ایک ایسی زہر ہے جو گاجر بوٹی کا مکمل خاتمہ کر دیتی ہے. گاجر بوٹی کے ساتھ ساتھ چیلنج گھاس نما اور چوڑے پتے والی تمام جڑی بوٹیوں کا بھی خاتمہ کر تی ہے سوائے ڈیلے کے.
ڈیلا مارنے کے لئے آپ کو ایک دوسری زہر سن سٹار گولڈ تجویز کی جاتی ہے.
نمبر 2. سن سٹار گولڈ
سن سٹار گولڈ بھی بائر کمپنی کی دوائی ہے جس میں موجود زہر کا نام ہے ایتھاکسی سلفیوران (Ethoxy-sulfuron)
ویسے تو سن سٹار گولڈ، تاندلہ، ہزاردانی، چولائی، اور چبھڑ کا بھی خاتمہ کرتی ہے لیکن ڈیلے کے خلاف یہ سب سے زیادہ موثر ہے.
اس کے ساتھ ساتھ آپ نے ایک کام اور کرنا ہے. اوپر والی دونوں زہروں کے ساتھ اگر آپ ایک تیسری زہر ریجنٹ بھی فلڈ کر دیں تو دیمک سمیت کیڑوں مکوڑوں کا بھی خاتمہ ہو جائے گا.
نمبر 3. ریجنٹ
ریجنٹ بھی بائیر کمپنی کی دوائی ہے جس میں موجود زہر کا نام ہے فیپرونل (Fipronil)
ریجنٹ کماد پر حملہ آور ہونے والی جڑ کی سنڈی، تنے کی سنڈی اور چوٹی کی سنڈی سمیت دیمک کا مکمل خاتمہ کر دیتی ہے.
ان زہروں کو استعمال کیسے کرنا ہے؟
کماد کاشت کرنے کے بعد جب پہلا پانی لگانا ہے تو پہلے پانی کے ساتھ 500 ملی لیٹر فی ایکڑ چیلنج، 20 گرام فی ایکڑ سن سٹار گولڈ اور 45 گرام فی ایکڑ ریجنٹ ان تینوں زہروں کو ملا کر اکٹھا فلڈ کر دیں.
اس سے گاجر بوٹی، سوانکی، اٹ سٹ اور تاندلہ سمیت دیگر جڑی بوٹیوں کا مکمل خاتمہ ہو جائے گا انشاءاللہ.
اور اس کے ساتھ ساتھ آپ کی فصل جڑ کی سنڈی، تنے کی سنڈی اور چوٹی کی سنڈی سمیت دیمک سے بھی 45 دن تک محفوظ ہو جائے گی. 45 دن کے بعد ایک دفعہ دوبارہ ریجنٹ 45 گرام فی ایکڑ فلڈ کرنے سے کیڑوں کا مکمل خاتمہ ہو جائے گا انشاءاللہ.
واضح رہے کہ یہ زہریں کماد پر برا اثر نہیں ڈالتیں.
عام طور ہمارے کچھ کاشتکار بھائی کماد میں جڑی بوٹیوں کے کنٹرول کے لئے سینجنٹا کی دوائی ڈوئل گولڈ استعمال کرتے ہیں. یہ بات درست ہے کہ ڈوئل گولڈ چوڑے اور نوکیلے پتے والی جڑی بوٹیوں کا خاتمہ کرتی ہے لیکن یہ گاجر بوٹی کا خاتمہ نہیں کرتی. یہ صرف گاجر بوٹی کو صرف 20فیصد تک ختم کرتی ہے باقی 80 فیصد گاجر بوٹی کماد میں اگ آتی ہے. اس کے علاوہ ڈوئل گولڈ کماد پر برا اثر بھی ڈالتی ہے.
نوٹ: زہروں کی دی گئی مقداریں کم یا زیادہ نہ کریں
تحریر
ڈاکٹر شوکت علی
ماہر توسیع زراعت، زرعی یونیورسٹی، فیصل آباد
تکنیکی معاونت
محمد عاشق
ماہر زراعت، ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ، فیصل آباد