انرجی جو کہ ایک اچھی صحت مند زندگی گزارنے کے لیے بہت ضروری ہے۔ پرسکون زندگی تب ہی مل سکتی ہے جب ہم اپنی سوچ اور انرجی کو اچھے کاموں میں لگائیں گے۔ جب ہم اپنی انرجی کو اچھے کاموں میں لگاتے ہیں تو اس کے نتیجے میں ہمیں خوشی ملتی ہے۔ وہ انرجی اور خوشی ہمیں آ گے بڑھنے کی قوت دیتی ہے۔ نہ صرف خود کو بلکہ دوسروں کو بھی اس طرف لا کر معاشرے کو امن و سکون کا گہوارہ بنا سکتے ہیں۔
کہتے انسان جیسی سوچ رکھے زندگی کے حالات و واقعات ویسے ڈھل جاتے ہیں۔ اس لیے سوچ اچھی ہو تو زندگی اچھی ہو جاتی ہے۔
سوچ کو جھوٹ،غیبت ،حرام خوری پر لگائیں تو زندگی ویسے ویسے انسان کے لیے تنگ ہونا شروع ہو جاتی ہے۔ اس طرح جب کوئی خود بےچین ہوتا ہے تو دوسروں کا جینا بھی حرام کر دیتا ہے۔ جس سے گھر اور اردگرد کا ماحول بھی خراب ہو جاتا ہے۔
لہذا ضروری ہے کہ ہم خود بھی سکون سے رہیں اور دوسروں کو بھی ان کی زندگی جینے دیں۔
آپ نے دیکھا ہوگا کہ کچھ لوگ بلا وجہ دوسروں کی زندگیوں میں عیب ڈھونڈتے ہیں تاکہ انہیں کمزور کرکے خوش ہو سکیں ۔لیکن درحقیقت جہاں یہ لوگ دوسروں کو تنگ کرتے ہیں وہاں انہیں خود بھی کسی حد تک رسوائی اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
یہاں چند نکات ہیں جس سے اپنی انرجی/توانائی کا مثبت استعمال کیا جا سکتا ہے۔
1)اپنے چہرے پر سکون اور مسکراہٹ رکھیں کیونکہ جو بات آ پ غصے اور لڑائی سے نہیں منوا سکتے وہ پیار سے منوا سکتے ہیں۔
2)غصے میں انسان کی صلاحیتیں کام کرنا چھوڑ دیتی ہیں ۔
اسلام میں بھی غصے حرام قرار دیا گیا ہے۔ تو بہتر ہے انرجی کو غصے میں ضائع نہ کریں ۔
3)دوستیاں اچھی رکھیں جب آپ اچھے لوگوں سے گھرے ہونگے تو خود بخود اچھے کاموں کی طرف آئیں گے۔
4)ضرورت مند کی مدد کرنا بھی اپنے آپکو اچھے کام میں لگانا کہلاتا ہے۔
5)جب کسی کو اچھا مشورہ دیتے ہیں تو یہ بھی
آپ کا بہترین قدم ہے۔ کیونکہ کسی کو مالی امداد کرنا ہی صرف نیکی نہیں بلکہ کسی کو بہتر راستہ دیکھانا ،اچھا مشورہ دینا بھی بہت بڑا تحفہ اور صدقہ جاریہ ہے۔
6)خود کو جھوٹ کے خول میں بند نہ کریں۔ آپ جو ،جہاں جیسے ہیں انمول ہیں ۔اپنی ذات سے بڑھ کر بات کرکے شرمندہ ہونے سے بہتر ہے کہ جو ہیں اپنے ہونے پر فخر کریں۔
7)غلط دوستیاں اور باہر انجوائے منٹ کی تلاش سے بہتر ہے اپنے گھر پر والدین ،بہن، بھائیوں اور اپنے شریک حیات یا بچوں کے ساتھ خوشیاں اور سکون بانٹیں۔ اس سے آپ کی خوشی کم ہونے کی بجاۓ دوبالا ہوگی۔
8)جو پوری دنیا میں ڈھونڈتے ہیں وہ خوشی آپ میں چھپی ہے ۔
9)ہر وہ کام جو آپ کرتے ہیں اس کا رزلٹ مثبت ہو۔ بےشک دیر پا ہو تو سمجھیں آپ نے خود کو مثبت کاموں میں لگایا۔
10)زندگی بڑا تحفہ ہے ساتھ ہی ہماری صحت بھی اس قابل ہے کہ ہم خود سے کام لے سکیں تو موقع سے فائدہ اُٹھا کر اپنے انسان ہونےکا حق ادا کر دیا کریں۔
آج کل حالات ایسے ہیں کہ ہم انسان ہی ایک دوسرے کے دشمن بن چکے ہیں۔ چند ایک کے سوا بے پناہ دشمنیاں اور عداوتیں بغیر وجہ کے ہم پال رکھتے ہیں۔
اپنے اردگرد بے شمار مثالیں ہیں جس میں اکثریت گھر میں،سکول،آ فس،کسی خوشی یا غم میں بغیر وجہ ایک دوسرے سے دشمنیاں کیے ہوۓ ہیں۔ جس سے اپنا پیارا وقت اور انرجی انہی مخالفتوں میں تباہ کر دیتے ہیں۔
اس لیے اپنے اور دوسروں کے لیے آسانیاں بانٹیں تاکہ زندگی خوشگوار گزرے۔