(غیر شادی شدہ شخصیات )
دروازہ کھلا ہے کہ کوئی لوٹ نہ جائے
اور اس کے لیئے جو کبھی آیا نہ گیا ہو
اطہر نفیس کے اس شعر میں دنیا بھر کا درد سمویا ہوا ہے اور یہ ان شخصیات کے دلی جذبات کی بھرپور ترجمانی کر رہا ہے کہ ہزار چاہنے کے باوجود شادی کے فطری عمل سے محروم رہی ہیں جبکہ ایک اور شعر اس کے بالکل برعکس ہے جو ایسی شخصیات کی ترجمانی کر رہا ہے جو انا اور ضد میں آ کر شادی نہ کرنے کے اپنے فیصلے پر زندگی بھر ثابت قدمی کے ساتھ قائم رہی ہیں ۔
دنیا کی ایسی بہت سی نامور مرد و خواتین شخصیات ہیں جنہوں نے شہرت، دولت ،صحت اور طاقت و اختیار رکھنے کے باوجود تجرد کی زندگی گزار دی اور گزار رہی ہیں ۔ یعنی ان شخصیات نے عمر بھر شادی نہیں کی ۔ ظاہر ہے کہ ان کی شادی نہ کرنے کا بھی ان کے پاس کوئی جواز ضرور ہوگا ۔ کسی نے مجبوری کے باعث شادی نہیں کی تو کسی نے اپنی خوشی سے بھی شادی نہیں کی ہوگی ۔ آج اس کالم میں دنیا بھر سے بہت سی نامور شخصیات کے بارے میں احوال زیر قلم لایا جا رہا ہے امید ہے کہ قارئین ایسی دلچسپ معلومات کو ضرور پسند فرمائیں گے ۔
نوبل امن ایوارڈ کو دنیا بھر میں بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے جس کے بانی الفریڈ نوبل ہیں انہوں نے بھی زندگی بھر شادی نہیں کی ۔ ان کی شادی نہ کرنے کا پس منظر یہ ہے کہ برتھاوان سٹ نر نامی ایک خاتون ناول نگار کا Surrender "ہتھیار رکھ دو " کے نام سے ایک ناول الفریڈ نوبل کو بہت پسند آیا جس سے ان کے ذہن میں یہ خیال آیا کہ امن کیلیئے جدوجہد کرنے والوں کو خصوصی ایوارڈ سے دے کر ان کی جدوجہد اور خدمات کا اعتراف کیا جائے اور بعد ازاں خود ناول نگار بھی ان کو بہت پسند آ گئی ۔ انہوں نے ان سے شادی کی خواہش کا اظہار کیا لیکن برتھاوان نے شادی کرنے سے انکار کر دیا ۔ جس پر الفریڈ نوبل نے زندگی بھر شادی نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔ اتفاق یہ ہوا کہ جب الفریڈ کے انتقال کے بعد 1905 میں دنیا کی جس پہلی خاتون لکھاری کو نوبل انعام دیا گیا وہ وہی برتھاوان تھی اور ان کو اسی ناول پر یہ تاریخی اہمیت کا حامل ایوارڈ دیا گیا ۔ ایک وقت تھا جب دنیا پر برطانیہ کے اقتدار کی حدود میں سورج غروب نہیں ہوتا تھا اسی برطانیہ کی پہلی ملکہ الزبتھ اول نے بھی شادی نہیں کی اور تجرد کی زندگی گزار دی ۔ وہ 1557 میں برطانیہ کے بادشاہ ہنری ہشتم کے انتقال کے بعد ملکہ منتخب ہوئی تھیں وہ بہت باصلاحیت حکمران ثابت ہوئیں ان کے دور میں برطانیہ کو بہت سی تاریخی کامیابیاں حاصل ہوئیں ۔ امریکہ کے صدر جیمز بک نن نے بھی شادی نہیں کی ۔ نوبل انعام یافتہ عالمی شہرت یافتہ سماجی کارکن مدر ٹریسا نے بھی شادی نہیں کی وہ یوگوسلاویہ میں پیدا ہوئیں انسانی خدمت کی غرض سے بھارت پہنچ گئیں اور یہیں انسانیت کی خدمت میں اتنی مگن ہوگئیں کہ شادی تک کی فرصت بھی نہ مل سکی ۔ جرمنی کی ایک پری پیکر دوشیزہ ڈاکٹر رتھ پفاو نے کراچی پاکستان میں جذام کے مریضوں کی خدمت اور علاج کے لیئے خود کو وقف کر دیا اور یہیں پر انتقال کر گئیں ۔
مشہور شاعر ساحر لدھیانوی کے بارے میں پہلے بیان کر چکا ہوں کہ وہ بھی جیون ساتھی سے محروم رہے ۔ ہندوستان کی 2 عالمی شہرت یافتہ گلوکاراؤں لتا منگیشکر اور ثریا نے بھی شادی نہیں کی ۔ لتا کے شادی نہ کرنے کی ایک وجہ ساحر لدھیانوی سے محبت اور اس کی طرف سے سرد مہری کے باعث دل برداشتہ ہو کر زندگی بھر شادی نہ کرنے کا فیصلہ قرار دیا جاتا ہے ۔ کہا جاتا ہے کہ ساحر لدھیانوی کی زندگی میں 4 ایسی خواتین آئیں جنہوں نے ان سے دل ہار کر شادی کی خواہش کا اظہار کیا جن میں ایک تو امرتا پریتم تھیں دوسری ساحر کے کالج کی لڑکی ایشر تھی جو اپنے گھر سے بھاگ کر شادی کی غرض سے ساحر کے پاس آ گئیں لیکن ساحر نے اسے جواب دے دیا تھا ۔ ایک اور خاتون اور مشہور گلوکارہ سدھا ملہوترا نے بھی ساحر سے شادی کی خواہش کا اظہار کیا لیکن اس کو بھی ساحر سے مایوس ہونا پڑا ۔ ثریا کو ہندوستان کی انتہائی خوبصورت گلوکارہ اور اداکارہ مانا جاتا ہے اس نے بھی شادی نہیں کی اس کی وجہ بھارتی اداکار دیو آنند کی بیوفائی تھی دونوں نے شادی کرنے کا فیصلہ کیا تھا مگر ثریا کے والدین کی جانب سے انکار پر دیو آنند نے ایک اور اداکارہ کلپنا کارتک سے شادی کر لی جو کہ لاہور کے ایک معزز بیورو کریٹ مسٹر سنگھا کی آزاد خیال بیٹی تھی جبکہ ثریا نے آنند سے کہا تھا کہ آپ کچھ عرصہ انتظار کریں جب حالات سازگار ہو جائیں تو شادی کر لیں گے مگر دیو آنند نے جلد بازی کا مظاہرہ کیا جبکہ ثریا نے اس کے علاوہ کسی اور سے شادی نہ کرنے کا وعدہ نبھاتے ہوئے زندگی تنہا گزار دی حالانکہ بھارت کے سپر اسٹار دلیپ کمار نے ثریا کی قربت حاصل کرنے کی بہت کوشش کی مگر ثریا نے ان کو بھی نظر انداز کر دیا ۔
بابائے اردو مولوی عبدالحق نے اردو زبان کی ترقی اور فروغ کیلئے اپنی زندگی وقف کر دی 200 کے لگ بھگ کتابیں لکھیں جس کی وجہ سے شادی کیلئے وقت نہیں نکال سکے اور شادی کے بغیر زندگی گزار دی ۔شادی نہ کرنے والوں میں ایک مشہور اور خوبصورت شاعر اطہر نفیس بھی شامل ہیں ۔ وہ بارہ دری کی ایک خوبصورت ہندو دوشیزہ شوبھا کے عشق میں مبتلا ہو گئے تھے جو اطہر سے عمر میں 3 سال بڑی تھی ۔ قیام پاکستان کے بعد اطہر نفیس کراچی پاکستان منتقل ہو گئے تھے یہاں سے 20سال بعد اپنی محبوبہ کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے بھارت گئے تھے خوش قسمتی سے ان کا دیدار ہو گیا اطہر نفیس کراچی میں شوبھا کی ایک ہم شکل خوب صورت شاعرہ پر فریفتہ ہو گئے دونوں کے درمیان وعدے وعید ہوئے مگر یہاں بھی قسمت نے اطہر نفیس کا ساتھ نہیں دیا شاعرہ صاحبہ کی شادی کسی اور سے ہو گئی جس کے بعد اطہر کا دل ٹوٹ گیا اور زندگی بھر شادی نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا اور یونہی تجرد اور تنہائی کی زندگی گزار دی ۔
بابائے قوم بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی ہمشیرہ مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح نے اپنے بھائی کی مدد اور خدمت کی غرض سے اور پاکستان کے استحکام کے لیے عمر بھر شادی نہیں کی وہ پاکستان کی پہلی لیڈی ڈینیل ڈاکٹر بھی تھیں ۔ دنیا کی پہلی لیڈی ڈاکٹر الزبتھ بلیک ویل نے بھی شادی نہیں کی وہ 3 فروری 1821کو برطانیہ کے برسٹل میں پیدا ہوئیں اور امریکہ میں ڈاکٹر بنیں انہوں نے امریکہ میں پہلی وومن ہسپتال بنائی اور برطانیہ میں خواتین کے لئے پہلا وومن میڈیکل کالج کا قیام عمل میں لایا ۔ ایک بار ان کا دل ایک ڈاکٹر کیلئے دھڑکا مگر خواتین کی طبی خدمات میں اتنی مگن ہوگئیں کہ شادی کی فرصت ہی نہ مل سکی اور 31 مئی 1910کو شادی کیئے بغیر برطانیہ میں انتقال کر گئیں ۔ شادی نہ کرنے والی مشہور شخصیات میں بھارت کے سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی اور موجودہ وزیر اعظم نریندرا مودی ،جرمنی کے فلسفی آرتھر شوپن ہار، برطانیہ کے مشہور سائنسدان، ریاضی دان، اور ماہر فلکیات سر آئزک نیوٹن، عالمی شہرت یافتہ اطالوی خاتون ماہر تعلیم میریا مونٹی سوری، جنوبی افریقہ کے سیاسی رہنما سیل رہوڈوز،ممتاز امریکی سماجی کارکن ایڈمز، برطانوی ادیب اور نقاد چارلس لیم بھی شامل ہیں ۔ شادی نہ کرنے والی شخصیات میں بلوچستان کے سابق گورنر، سابق ڈپٹی چیئرمین سینٹ اور موجودہ رکن صوبائی اسمبلی سید فضل آغا بھی شامل ہیں یہ ان کا بڑا پن ہے کہ مجھے اپنا چھوٹا بھائی کہتے ہیں ورنہ میرے اور ان کے درمیان "تو کجا من کجا " والا معاملہ ہے ۔ یہ متاثرکن اور مہربان شخصیت کے مالک ہیں ۔
شادی نہ کرنے والی شخصیات میں بلوچستان کے عظیم سیاسی رہنما،ادیب، شاعر، صحافی اور مگسی قبیلے کے سربراہ نواب یوسف عزیز مگسی بھی شامل ہیں ۔ یہ بلوچ قومی تحریک ودیگر سیاسی، سماجی، ادبی اور علمی سرگرمیوں میں اتنے مصروف رہے کہ ابھی شادی بھی نہیں کی تھی کہ 31 مئی 1935 کے کوئٹہ کے ہولناک زلزلے میں صرف 27سال کی عمر جانبحق ہو گئے ان کی خداداد صلاحیتوں کا اس بات سے بھی بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ برصغیر کے عظیم اور انقلابی ادیب،شاعر اور صحافی مولانا ظفر علی خان نے ان کی تعریف اور توصیف میں اشعار کہے ملاحظہ ہو
تم کو خفی عزیز ہے ہم کو جلی عزیز
عارض کا گل کہیں ہمیں دل کی کلی عزیز
لفظ بلوچ مہر و وفا کا کلام ہے
معنی ہیں اس کلام کے یوسف علی عزیز
نواب یوسف عزیز مگسی کی شہادت سے بلوچستان اور بلوچ قوم کا بہت بڑا اور ناقابل تلافی نقصان ہوا ۔ ان کی شہادت کے بعد ان کے چھوٹے بھائی نواب محبوب علی خان مگسی کو قبیلے کا سردار منتخب کیا گیا ۔ بلوچستان کے سابق گورنر و سابق وزیر اعلی اور مگسی قبیلے کے موجودہ سردار نواب ذوالفقار علی خان مگسی نواب محبوب علی خان مگسی کے پوتے اور نواب سیف اللہ خان مگسی شہید کے صاحبزادے ہیں ۔ بلوچستان کی ایک مشہور شخصیت محترمہ راحیلہ درانی نے بھی تاحال شادی نہیں کی ہے ۔ وہ بلوچستان کی صوبائی اسمبلی کی پہلی خاتون اسپیکر کا اعزاز حاصل کر چکی ہیں یہ بہت باوقار، سنجیدہ ،بردبار اور متاثر کن شخصیت کی مالک ہیں ۔وہ اپنی بڑی بہن اور رٹائر ڈائریکٹر کالجز بلوچستان محترمہ ربابہ درانی کے ساتھ مقیم ہیں یہ کچھ عرصہ صحافت اور وکالت سے بھی وابستہ رہی ہیں ۔ بلوچستان کی ایک اور مشہور شخصیت اور متعدد بار صوبائی وزیر رہنے والے میر عاصم خان عرف گیلو کرد بھی تجرد کی زندگی گزارنے والوں میں شامل ہیں جبکہ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید بھی شادی نہ کرنے والی شخصیات میں شامل ہیں یہ اپنی غیر سنجیدہ اور ناشائستہ گفتگو کے حوالے سے بہت بدنام ہیں ۔ شیخ رشید نے اپنی شادی نہ کرنے کی وجہ بھی غیر اخلاقی گفتگو میں بتائی ہے جنہوں نے میڈیا کے سوال کے جواب میں کہا تھا کہ " جب ایسے ہی تازہ دودھ مل جاتا ہے تو پھر بھینس پالنے کی کیا ضرورت ہے "۔
شادی نہ کرنے والی مشہور شخصیات کی فہرست طویل ہے لیکن اس کو مختصر کرتےہوئے چند اور شخصیات کے نام لینے پر اکتفا کرتے ہیں جن میں انگریزی کے مشہور شعراء الیگزینڈر پوپ، والٹیئر، خاتون شاعرہ ایملی ڈکنس، ناول نگار جین آسٹن، ہینری جیمس، عالمی شہرت یافتہ پاکستانی مصور اور شاعر صادقین، ادیب، صحافی، شاعر اور نقاد شفیع عقیل، حامد عزیز مدنی دنیا کی پہلی خاتون شاعرہ سیفو نے بھی شادی نہیں کی ، بھارت کے مشہور فلمی اداکار سنجیو کمار نے گلوکارہ سلکھشنا پنڈت سے شادی نہ ہوبے کے صدمے سے زندگی بھر شادی نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا ۔ جدید نرسنگ کی بانی فلورنس نائٹ اینگل مریضاوں کی خدمت میں اتنی مگن ہوگئیں کہ شادی کی فرصت ہی نہیں ملی ان کو برطابیہ کا سب سے بڑا سول اعزاز " آرڈر آف میرٹ" سے نوازا گیا ۔ مولانا عبدالستار خان نیازی اور مایہ ناز گلوکارہ مہناز نے بھی شادی نہیں کی ۔ میری ان سے نیاز مندی تھی ان سے فون پر اکثر بات چیت ہوتی تھی لیکن میں کبھی ان سے اس بارےمیں سوال کرنے کی جسارت نہیں کر سکا ۔ پاکستان کی مشہور ہونے والی ایک جاذب نظر خاتون پولیس آفیسر نے بھی ابھی تک شادی نہیں کی ہے میری ان سے کافی عرصہ سے سے دعا سلام ہے میں نے ایک دو بار ان سے اس بارے میں سوال کیا مگر وہ ہر بار میرے سوال کو ٹال گئیں ۔
آخر میں تجرد کی زندگی گزارنے والے افراد کے دلی جذبات کی کی ترجمانی کیلئے حامد عزیز مدنی کے اشعار آپ کی سماعتوں کی نذر
طلسم خواب زلیخا و دام بردہ فروش
ہزار طرح کے قصے سفر میں ہوتے ہیں
نرم ہوا پہ یوں کھلے کچھ ترے پیرہن کے راز
سب ترے جسم ناز کے راز وصال لے گئی
اسی مناسبت سے ایک بہت مشہور شعر بھی ملاحظہ ہو
عمر دراز مانگ کرلائے تھے چار دن
دو آرزو میں کٹ گئے دو انتظار میں
ن م