شام لمحہ لمحہ اتر رہی تھی جب میں بستی میں داخل ہوا۔ یہ بستی اِرد گرد کی ساری بستیوں سےمختلف تھی۔ کوئی آواز تھی نہ حرکت۔ پیڑ دم سادھے کھڑے تھے۔ مکین سب سوئے ہوئے تھے۔ کچھمٹی اور کچھ مرمر اوڑھے تھے۔ جھٹپٹے میں مرمر کی سفیدی جگہ جگہ جھلک رہی تھی۔ پہلوئوںمیں مر مر کے تکیے‘ سروں کی جانب مرمر کے کتبے‘ کچھ ایستادہ‘ کچھ نیم دراز‘ مرمر میں کھدیہوئی آیات‘ مرمر ہی پر لکھے گئے اشعار ؎
یہ سنگِ مرمر‘ یہ شاخِ انگور‘ یہ کنیزیں
مگر کوئی کھینچتا ہے مٹی کے گھر کی جانب
پختہ پگڈنڈی پر چلتا اُس قبر کے پاس پہنچا جس میں سویا ہوا شخص ساری زندگی‘ زندگی گزارنےکے نہیں‘ زندگی کرنے کے طریقے سکھانے کی کاوش کرتا رہا۔ صبح نماز کے لیے اٹھانا ہوتا توکبھی بھی‘ کرختگی یا درشتی تو دور کی بات ہے‘ نرم آواز سے بھی ’’اٹھو‘‘ نہ کہا‘ بس وضو سے‘دھوئے ہوئے ٹھنڈے رخسار رخساروں سے لگا کر رگ رگ میں لطیف خنکی بھر دیتا۔ وہ لطیفخنکی آج بھی رگوں میں اور ہڈیوں میں اور ہڈیوں کے اندر گودے میں جیتی جاگتی چلتی محسوسہوتی ہے۔ کیا کیا انداز تھے تربیت کے۔
ایک بڑے افسر کا میں نے دوسرے مہمانوں سے تعارف کراتے ہوئے بتایا کہ یہ کالج میں میرےشاگرد رہے‘ سب چلے گئے تو آہستگی سے بتایا‘ شاگرد بڑا آدمی بن جائے تو استاد نہیں بتاتا کہ یہشاگرد رہا ہے۔ وہ خود بتائے کہ یہ میرے استاد ہیں۔ نہ بتائے تو اس باب میں خاموشی بہتر ہے۔بیوی سے جھگڑا ہوتا تو اتنا کہتے‘ کمزوریوں ہی کو دیکھتے ہو‘ خوبیاں کیوں نہیں نظر آتیں؟ اگرفلاں خامی ہوتی تو کیا کر لیتے‘ نہیں ہے تو قدر کرو۔ بچوں کو ڈانٹتا تو یاد دلاتے کہ زجر و توبیخ کازمانہ لد چکا۔ مار اور مکتب کا عہد گزر گیا۔ یہ دور اولاد سے دوستی کا دور ہے۔ بڑے دو پوتوں کوفارسی ادب کی شروعات خود کرائیں۔ تحدیثِ نعمت کہ ایک آج کارڈیالوجسٹ ہے اور دوسرا سولسروس میں‘ اور فارسی ادب کی جھلک‘ دادا کی براہ راست میراث نظر آتی ہے۔ مہمان آتے تودسترخوان پر یہ شعر پڑھتے ؎
درین خانہ ہر کس کہ پا می نہد
قدم بر سر و چشمِ ما می نہد
(اس گھر میں جو بھی پائوں دھرتا ہے‘ ہمارے سر اور آنکھوں پر دھرتا ہے)
اکلِ حلال کی تلقین کرتے تو بس اتنا یاد دلاتے کہ ایک سیر صاف شفاف دودھ کو گندا کرنے کے لیےغلاظت کا ایک قطرہ کافی ہے۔ کوئی مشکل وقت آن پڑتا تو سب خوابیدہ اہل خانہ کو صبحِ کاذب کےوقت جائے نماز سے ہچکیوں کی آواز آتی‘ کبھی اقبال کا وہ شعر یاد دلاتے جو اس کے مزار کیاندرونی چھت پر مرقوم ہے ؎
بیا بہ سجدہ و یاری ز خَسروان مطلب
کہ روزِ فقر نیاگانِ ما چنین کردند
(بادشاہوں سے مدد نہ مانگ۔ سجدہ کر کہ ہمارے اجداد نے مشکل وقت میں یہی کیا تھا)۔
سول سروس کا آخری درجہ طے نہیں ہو رہا تھا۔ ایک دوست نے کہا‘ اپنے والد کو دعا کے لیے کہو‘بتایا کہ کہا ہے‘ کر رہے ہیں‘ کہا‘ نہیں‘ پھر عرض گزارو۔ کاغذ کے ایک چھوٹے سے ٹکڑے پر اُسگردن بلند کا نام لکھا جو آڑے آ رہا تھا اور انہیں نواز رہا تھا جو ’’شام‘‘ کے وقت حاضر باش ہوتے۔عرض کیا کہ یہ ہے رکاوٹ۔ پھر اسباب مہیا ہوتے گئے‘ یہاں تک کہ ایک دوپہر کو اسی گردن بلند نےٹیلی فون پر اطلاع بھی دی اور مبارک بھی!
مٹی کی چادر تھی۔ چادر کو خزاں زدہ خشک زرد پتوں نے ڈھانک رکھا تھا۔ یا کشیدہ کاری تھی!ایسی نادر اور دیدہ زیب کشیدہ کاری جو کوئی سوزن کر سکتی ہے نہ کوئی ہاتھ۔ فقط قدرت کا دستِہنر کر سکتا ہے! سر سے پائوں تک متانت تھی‘ نیند تھی اور خاموشی! جیب سے رومال نکالا اورسرہانے کے اُس پتھر کو صاف کیا جو اس عہد کے بڑے نظم گو‘ پنجاب یونیورسٹی کے فارسی ادب و زبان کے شعبہ کے سربراہ ڈاکٹر معین نظامی نے لاہور سے بھیجا تھا اور خطاطی بھی اس پر وہیںسے کرائی تھی۔ ایک طرف نام اور تاریخ۔ دوسری طرف ان کے اشعار!
جو جانتا ہے وہ جانتا ہے اور خوش بخت ہے۔ جو نہیں جانتا وہ جان لے کہ دادرسی اس کے اپنےگھر کے ایک کونے میں پڑی ہے۔ اللہ کے بندو‘ بھٹکتے کیوں ہو؟ وسیلے کی تلاش میں اِدھر اُدھرمارے کیوں پھرتے ہو؟ وسیلہ تمہاری بغل میں ہے۔ باپ سے بڑا بزرگ کون ہے؟ ہاتھ چومنے ہیں تواس کے چومو‘ سر رکھنا ہے تو اس کے پیروں پر رکھو۔ ہاتھ باندھ کر کھڑا ہونا ہے تو اس کےسامنے کھڑے ہو جائو۔ جوتے پہنانے ہیں تو اپنے ہاتھوں سے اُسے پہنائو۔ کنگھی کرنی ہے تو اسکی کرو۔ دوا کھلانی ہے تو اپنے ہاتھ سے اُسے کھلائو۔ چومنا ہے تو اسے چومو‘ معافی مانگنی ہےتو اس سے اپنی لغزشوں‘ کوتاہیوں اور گستاخیوں کی مانگو‘ رونا ہے تو اس کی گود میں سر رکھکر بلک بلک کر روئو۔ نذرانہ دینا ہے تو اس کی نذر کرو۔ حج کرانا ہے تو اسے کرائو۔ دعا کروانیہے تو اس سے کروائو ؎
ای قوم بہ حج رفتہ کجائید کجائید
معشوق ہمین جاست بیائید بیائید
دہ بار ازان راہ بدان خانہ برفتید
یک بار ازین خانہ برین بام بر آئید
اے حج پر گئے ہوئے لوگو! کہاں ہو؟ معشوق تو یہاں ہے‘ اِدھر آئو‘ اُس راستے سے اُس گھر میںدس بار گئے ہو۔ ایک بار اِس گھر سے اِس بام پر بھی نکل کر دیکھو!!
اِدھر اُدھر دیکھا۔ سب خوابیدہ تھے۔ سر سے پائوں تک دراز۔ کوئی مٹی اوڑھے تھا اور کوئی مرمر!پیلے خشک پتوں کے انبار‘ قبروں پر بھی اور راستوں پر بھی! اڑتی ہوئی خاک تھی جیسے رفتگاںکے غم میں رو رہی ہو۔ دم بخود شاخیں جھکائے درخت تھے جیسے محوِ دعا ہوں! شام اتنی آہستگیسے گہری ہو رہی تھی جیسے احتیاط کر رہی ہو کہ کسی قبر پر پائوں نہ پڑ جائے۔
ہاتھوں میں درانتیاں لیے‘ راکھے‘ پگڈنڈیوں پر اور قبروں کے درمیان کے پتلے راستوں پر پھر رہےتھے۔ جس قبر کے پس ماندگان ان کی جیب میں کچھ ڈالتے‘ اسی قبر کی وہ دیکھ بھال کر لیتے‘ ورنہنہیں! یہی وہ حقیقت ہے جسے قبر میں جانے والا‘ قبر میں جانے سے پہلے یاد نہیں رکھتا۔ راکھادرانتی اٹھائے‘ اس کے پاس سے گزر جائے گا اور وہ اسے اتنا بھی نہیں کہہ پائے گا کہ میری قبرسے گھاس پھونس جھاڑ جھنکاڑ ہٹاتے جائو!
کتنا جمع کر لو گے؟ کتنے محلات بنا لو گے؟ کل ہی کوہستانِ مری کے دامن میں بیس کنال کے محلکا افتتاح ہوا ہے اور عمائدینِ خاص کی دعوت! ایک اور محل۔ ایک اور… ایک اور ’’بھلا تم ہر اونچیجگہ عبث نشان تعمیر کرتے ہو اور محل بناتے ہو کہ شاید تم ہمیشہ رہو گے۔ و اذا بطشتم بطشتمجبارین۔ اور جب پکڑتے ہو تو ظالمانہ پکڑتے ہو!‘‘
دنیا بھی عجب جادو کا کھیل ہے۔ عجب خانۂ طلسمات ہے۔ کھوپڑیوں میں پرندے انڈے دیتے ہیں۔جہاں آنکھ ہے وہاں سوراخ بن جاتا ہے اور حشرات الارض کی گزرگاہ! سکوں کی کھنک سانپ کیپھنکار میں تبدیل ہو جاتی ہے!!
یہ کالم اس لِنک سے لیا گیا ہے۔
"