دہی کی کڑی بنانے کا دیسی طریقہ
کڑی ایک دیسی اور آسان ڈش ہے ۔ یہ کم خرچ میں تیار ہونے والی ایک بہترین اور لذیذ ڈش ہے۔ اگر کڑی کے ساتھ پکوڑے بنائے جائیں تو خرچہ ڈبل ہو جاتا ہے اس لیے ہم پکوڑوں کے بغیر صرف کڑہی بنانے کی ترکیب پیش کریں گے۔ اور اس دیسی کڑھی کی اصل لذت تب حاصل ہو گی جب دیسی گھی یا مکھن کے ساتھ استعمال کریں۔
اجزائے ترکیبی اور اشیائے ضروریہ
دہی آدھا کلو
بیسن ایک پیالی
پانی آدھا کلو
پیاز دو عدد درمیانے سائز کے باریک کٹے ہوئے
ادرک باریک پسی ہوئی ایک چائے کا چمچ
لہسن باریک پسا ہوا ایک چائے کا چمچ
خشک دھنیا موٹا پسا ہوا دو چائے کے چمچ
ہرا دھنیا ۔ آدھی گٹھی
سرخ مرچ ایک چائے کا چمچ
ہری مرچ تین عدد باریک کٹی ہوئی
سفید زیرہ باریک پسا ہوا آدھا چائے کا چمچ
میتھی دانہ ایک چوتھائی چائے کا چمچ
ثابت لال مرچ پانچ سے سات عدد
نمک حسب ذائقہ
کڑی پتہ حسب ذائقہ و حسب ضرورت
کھانے کا تیل یا گھی آدھی پیالی
بنانے کا طریقہ اور تیاری کے مراحل
سب سے پہلے ایک پتیلے میں تیل ڈال کر اسے ہلکی آنچ پر گرم ہونے کے لیے چڑھا دیں۔ جب تیل گرم ہو جائے تو اس میں پیاز ڈال کر اسے ہلکا براؤن کر لیں۔ جب پیاز براؤن ہو جائے تو اس میں لہسن اور ادرک کا پیسٹ ڈال دیں۔ تھوڑی دیر فرائی کرنے کے بعد موٹا پسا ہوا خشک دھنیا، باریک پسی ہوئی لال مرچ، سفید زیرہ، میتھی دانہ، ثابت لال مرچ باریک کٹی ہوئی اور ہری مرچ ڈال کر فرائی کر لیں۔ اب آپ کا تڑکہ تیار ہو گیا ۔یعنی تیاری کا ایک مرحلہ مکمل ہوا۔
اب اگلے مرحلے میں دہی میں بیسن اچھی طرح گھول لیں تا کہ گھٹلیاں نہ رہ جائیں بلکہ مکمل طریقے سے حل ہو جائے۔ اب تیار شدہ تڑکے میں تھوڑا تھوڑا دہی اور بیسن کا آمیزہ ڈالتے جائیں اور چمچ ہلاتے جائیں۔ جب تک ابال نہ آ جائے تب تک مسلسل ہلاتے رہیں۔ اس کے بعد دس منٹ تک ہلکی آنچھ پر پکنے دیں۔ جب اچھی طرح پک جائے تو اس میں کڑی پتہ اور باریک کٹا ہوا ہرا دھنیا ڈال کر پانچ منٹ کے لیے دم دے دیں۔ اتارنے سے ایک منٹ قبل اس میں نمک شامل کر کے اچھی طرح ہلا لیں ۔
یہ کڑہی پکانے کا دیسی طریقہ ہے جو پکوڑوں کے ساتھ نہیں بلکہ دیسی گھی یا مکھن کے ساتھ پیش کی جاتی ہے۔ اس لیے کوشش کریں کہ یہ زیادہ گاڑھی نہ ہو ۔ تا کہ جب اس میں گرما گرم تندوری روٹی کی ثرید بنائیں تو روٹی میں اچھی طرح جذب ہو کر لذت میں اضافہ کرے ۔
یہ تحریر فیس بُک کے اس پیج سے لی گئی ہے۔