داس کلچے…آ داس کلچے…داس کلچے
لاہور کی گلیوں میں اکثر سنائی دینی والی یہ صدا اب ختم ہوتی جارہی ہے. داس کلچہ لاہور کا روائیتی ناشتہ ہے جس کو پرانے لاہوریے صدیوں قدیم اس شہر کی سوغات بتاتے ہیں. داس کلچے کا رشتہ کسی افسانوی کردار مہر داس سے جوڑا جاتا ہے جو کے مغل دور کا تھا. تاریخ میں ان مہر داس سے متعلق مجھے کچھ نہیں ملا بلکہ حیرت ہے کہ لاہور کے اس معروف ناشتے کا ذکر بھی فقط مستنصر حسین تارڑ کی کتب میں ملتا ہے. داس کلچہ جس کو لاہور کی سوغات کہا جاتا تھا اپنے منفرد ذائقہ اور نام کے باعث ماضی میں خاصا معروف تھا. اب پرانے روائتی ناشتوں کو لوگ بھولتے جارہے ہیں مگر کچھ چیزیں اچھے ریستوران والوں نے بچا لی. جیسا کہ چاے اور پراٹھا اب نوجوانوں میں کافی مقبول ہے. مگر داس کلچے کو تو نئی رہائشی سکیموں میں جا بسنے والے پرانے لاہوریے بھی بھولتے جارہے ہیں. لاہور میں اس معدوم ہوتی روایت کو بچاے رکھنے والے اکیلے زاہد بٹ ہیں. یہ صاحب شیرانوالہ دروازے میں پاے جاتے ہیں. اور یہ کلچہ بھی وہیں تیار کیا جاتا ہے ان سے لے کر لوگ آگے بھی فروخت کرتے ہیں. نیشنل کالج آف آرٹس کی جانب سے داس کلچے پر ایک دستاویزی فلم بھی بنائی گئی تھی اور داس کلچہ نامی اِس دستاویزی فلم نے بہترین ڈاکومینٹری کا اعزاز بھی حاصل کیا.
بعض لوگ کہتے ہیں یہ کلچہ امرتسر سے آئے ایک خاندان نے تقسیم سے پہلے شروع کیا تھا. کشور ناہید صاحبہ کے ایک کالم سے معلوم ہوا کہ امرتسر میں اب بھی داس کلچہ بہت مشہور ہے بلکہ اسکو حاصل کرنا خاصا مشکل ہے کیونکہ رش ہی اتنا ہوتا ہے. خیر تقسیم کے بعد وہ امرتسری خاندان تو شاید اپنے امرتسر کو ہی لوٹ گیا یعنی سرحد پار چلا گیا لیکن اس کلچے کا نسخہ تندور کے موجودہ مالک کے بزرگوں کو مل گیا اور سینہ بہ سینہ ان سے زاہد صاحب کو ملا. کلچہ بنانے کر ترکیب تقریباً ایک راز ہے یہاں تک کہ کلچہ بننے والی جگہ پر کام کرنے والے ملازمین بھی کلچہ سازی کے تمام مراحل سے آگاہ نہیں. البتہ این سی اے کی دستاویزی فلم سے اس کلچے کی ترکیب کے متعلق کچھ معلومات ملتی ہے جو کہ اسطرح ہے… داس کلچے کو میدے, سوجی اور چند نامعلوم چیزوں کے ساتھ سونف کے پانی سے گوندھا جاتا ہے. پیڑے بنانے کے بعد ان پر دودھ کی لسی بھی لگائی جاتی ہے. کلچوں کا خمیر تیار کرنے کا طریقہ بڑا مختلف لگا. چنے کی دال اور سونف کے پانی کو مٹی کی مٹکی میں ڈال کر اوپر وزن ڈالا جاتا ہے جس کو کافی دیر کے لیے رکھ دیا جاتا پھر اس کو کھولنے پر اس میں سے جو سفید مادہ نکلتا ہے وہ کلچوں کا خمیر ہوتا ہے.
مجھے داس کلچہ کافی مشکل سے ملا بلکہ ایسا لگتا تھا میرے اور اسکے ستارے کبھی نہیں ملیں گے. تو اس کو تلاش کرنا شروع کیا انارکلی سے وہاں نہیں ملا تو لوہاری گے پھر کسی نے رنگ محل کا بتایا وہاں سے معلوم ہوا کہ موچی دروازے جائیں. موچی دروازے میں لوگوں نے کہا خلیفہ بیکری جائیں جب یہ بیکری دریافت کی تو انہوں نے کہا ہم نہیں فروخت کرتے مگر ہمارے قریب ہی ایک صاحب بیچتے ہیں. اگلے روز دوبارہ وہاں گے تو کہا گیا آپ تاخیر سے پہنچے ہیں یہ ١ بجے تک ہی ملتا ہے. پھر گے تو داس کلچوں والے صاحب چھٹی پر تھے مگر ہم پکے ڈھیٹوں کی طرح اگلے روز پھر وہاں پہنچ گے… مگر اس دفعہ ہم نے داس کلچے پا لیے. ان کے چھابے کو دیکھا تو اس پر ایک پھولا ہوا چھوٹا سا کلچہ تھا جو نان و روٹی کی بجاے شوارما بریڈ کے خاندان سے لگ رہا تھا ساتھ ہی چنے تھے جن کی صورت لاہوری چکڑ چھولوں جیسی تھی اور پھر بیسن کی بوندی دیکھی پوچھنے پر بتایا گیا جی کہ یہ لونچڑے ہیں. ان کے علاوہ مصالحے دار پیاز, اچار, چٹنیاں اور سلاد بھی نظر آیا. بیٹھنے کی جگہ دیکھ ہی رہا تھا ایک صاحب نے اپنے مخصوص لاہوری لہجے میں کہا "لہوری ناشتہ کرن آیاں ایں تے لاہوریاں آر کھا." اب سمجھ نہیں آیا کہ کھڑے ہوکر کھانے کا لاہور سے کیا تعلق ہے. داس کلچہ اور چنے دونوں ہی خشک ہوتے ہیں جس کے وجہ سے پہلی بار ذائقہ ذرا مختلف لگتا ہے اور کھانے میں بھی مشکل ہوتی ہے. دیکھنے میں چھوٹا سا نظر آنے کلچہ حقیقتاً کافی بھاری ہوتا ہے یعنی ثقیل کچھ ہمارے اندر ملاوٹ اتنی ہو چکی ہے کہ خالص اشیاء ہضم ہی نہیں ہوتیں اب. لیکن اس کا ذائقہ منفرد ہے. کلچے بیچنے والے صاحب کا کہنا ہے کہ لوگ ان کے پاس داس کلچے کھانے کئی کئی سال سے آ رہے بلکہ جب وہ کہیں باہر جائیں تو اس روائتی ناشتے کو بھی ساتھ لے کر جاتے ہیں. انہوں نے مزید بتایا کہ کلچہ ایک جگہ بنتا ہے اور وہ اور انکے تین بھائی اس جگہ کے علاوہ سائیکل پر داس کلچہ مختلف جگہ پر فروخت کرتے ہیں. لیکن کافی تلاش کے باجود مجھے یہ کلچہ فقط چوہٹہ مفتی باقر میں ملا مگر سنا ہے کہ پھیری والے رنگ محل, چوک دالگراں, ڈبی بازار, موتی بازار وغیرہ میں بھی اسکو بیچتے ہیں.
اگر آپ لاہور کے اس ثقافتی اور منفرد ناشتے کو کھانے کا شوق رکھتے ہیں تو میں اپنے ذاتی تجربے کے بناء آپ کو مشورہ دوں گا کہ صبح سویرے جائیں اور موچی دروازہ پہنچ کر کسی سے خلیفہ بیکری کا رستہ پوچھ لیں آپ بآسانی پہنچ جائیں گے. دوسرے شہروں سے آنے والے سیاح حضرات بھی سورج نکلنے کے بعد وہاں پہنچ کر اس طلسمی داس کلچے سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں کیونکہ چند گھنٹوں بعد اسکا ملنا مشکل ہوجاتا ہے. اندرون لاہور کے لوگ تو اب تک لاہور کی روایات سے جُڑے ہوے ہیں مگر اب بہت سے پرانے لوگ نئی آبادیوں کی جانب کُوچ کر رہے ہیں اور ہمارے نوجوان اپنی روایات سے ناواقف بھی ہیں اور لا تعلق بھی تو گزارش ہے کہ مغربی,چائنیز و دیگر ممالک کے کھانوں کو ضرور چکھیں مگر اپنے روایتی کھانوں کو بھی کھائیں آپ یقین کریں آپ کو مایوسی نہیں ہوگی….