آج – 20؍مارچ 2016
درجنوں کتابوں کے مصنف، ممتاز نقاد اور معروف شاعر” انورؔ سدید صاحب “ کا یومِ وفات…
نامور ادیب، صحافی ڈاکٹر انورسدید 4؍دسمبر 1928ء کو ضلع سرگودھا کے دور افتادہ قصبہ مہانی میں پید اہوئے۔ ابتدائی تعلیم سرگودھا اور ڈیرہ غازی خان کے عام سکولوں میں حاصل کی۔میٹرک کا امتحان فرسٹ ڈویژن میں پاس کیا۔مزید تعلیم کے لیے اسلامیہ کالج لاہور میں داخل ہوئے۔ ان کا رجحان ادب کی طرف تھا لیکن والدین سائنس کی تعلیم دلا کر انجینئر بنانا چاہتے تھے۔ اس دور میں اسلامیہ کالج لاہور میں تحریک پاکستان کی سرگرمیاں زور پکڑ چکی تھیں، انور سدید بھی ان میں شرکت کرنے لگے اور ایف ایس سی کا امتحان نہ دیا۔ اس وقت ان کے افسانے رسالہ بیسوی صدی، نیرنگ خیال اور ہمایوں میں چھپنے لگے تھے۔ عملی زندگی کی ابتدا محکمہ آبپاشی میں لوئر گریڈ کلرک سے کی۔بعد ازاں گورنمنٹ انجینئرنگ سکول رسول(منڈی بہاؤ الدین) میں داخل ہو گئے۔
اگست1948ء میں اول آنے اور طلائی تمغہ پانے کے بعد اری گیشن ڈیپارٹمنٹ میں سب انجینئر کی ملازمت پر فائز ہو گئے۔ یہاں انہوں نے ناآسودگی محسوس کی تو دوبارہ تعلیم کی طرف راغب ہوئے اور ایف اے، بی اے اور ایم اے کے امتحان پرائیویٹ امیدوار کی حیثیت سے دئیے۔ ایم سے فرسٹ کلاس حاصل کی اور خارجہ طلبہ میں ریکارڈ قائم کیا۔
انور سدیدنے’’اردو ادب کی تحریکیں‘‘ کے موضوع پر مقالہ لکھ کر پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی، ان کے نگران راہنما وزیر آغا تھے، پنجاب یونیورسٹی نے ڈاکٹر سید عبداللہ اور ڈاکٹر شمس الحسن صدیقی کو ان کا ممتحن مقرر کیا۔دونوں نے ان کے مقالے کو نظیر قرار دیا جو آئندہ طلبہ کو راہنمائی فراہم کر سکتا تھا۔ ’’اردو ادب کی تحریکیں‘‘ کےاب تک نو اڈیشن چھپ چکے ہیں -اس دوران انور سدید نے انجینئرنگ کا امتحان اے ایم آئی، انسٹی ٹیوٹ آف انجینئر ڈھاکا سے پاس کیا۔
محکمۂ آبپاشی پنجاب سے ایگز یکٹو انجینئر کے عہدے سے 60 برس کی عمر پوری ہونے پر دسمبر 1988ء میں ریٹائر ہو گئے۔ ریٹائرمنٹ کے بعد انہوں نے صحافت کا پیشہ اختیار کیا۔ ماہنامہ ’’قومی ڈائجسٹ ‘‘ہفت روزہ’’زندگی‘‘ روزنامہ ’’خبریں‘‘ لاہور میں چند سال کام کرنے کے بعد وہ ملک کے نظریاتی اخبار’’نوائے وقت‘‘ کے ادارے میں شامل ہو گئے، اس ادارے سے انہوں نے’’دوسری ریٹائرمنٹ‘‘ جولائی2003ء میں حاصل کی لیکن مجید نظامی چیف ایڈیٹر’’نوائے وقت ‘‘ نے انہیں ریٹائر کرنے کی بجائے گھر پر کام کرنے کی اجازت دے دی ۔ ’’نوائے وقت‘‘ کے ساتھ سلسلہ آخر دم تک قائم رہا – تنقید، انشائیہ نگاری، شاعری اور کالم نگاری ان کے اظہار کی چند اہم اصناف ہیں۔
ڈاکٹر انور سدید نے اپنے بچپن میں ہی ادب کو زندگی کی ایک بامعنی سرگرمی کے طور پر قبول کر لیا تھا، ابتدا بچوں کے رسائل میں کہانیاں لکھنے سے کی، افسانے کی طرف آئے تو اس کے دور کے ممتاز ادبی رسالہ’’ہمایوں‘‘ میں چھپنے لگے۔ ڈاکٹر وزیر آغا نے’’اوراق‘‘ جاری کیا تو انہیں تنقید لکھنے کی ترغیب دی اور اپنے مطالعے کو کام میں لانے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے رسالہ’’اردو زبان‘‘ سرگودھا کے پس پردہ مدیر کی خدمات انجام دیں۔ ڈاکٹر وزیر آغا کے ساتھ’’اوراق‘‘ کے معاون مدیر کی حیثیت میں بھی کام کیا۔ روزنامہ ’’جسارت‘‘، روزنامہ ’’نوائے وقت‘‘، ’’مشرق‘‘، ’’حریت‘‘، ’’امروز‘‘، ’’ زندگی‘‘، ’’قومی زبان‘‘اور ’’خبریں ‘‘ میں ان کے کالم متعدد ناموں اور عنوانات سے چھپتے رہے۔ ’’دی سٹیٹسمن‘‘اور ’’دی پاکستان ٹائمز‘‘میں انگریزی میں ادبی کالم لکھے۔ انہیں تعلیمی زندگی میں تین طلائی تمغے عطا کیے گئے۔ ادبی کتابوں میں سے ’’اقبال کے کلاسیکی نقوش‘‘، ’’اردو ادب کی تحریکیں‘‘اور ’’اردو میں حج ناموں کی روایت‘‘پر ایوارڈ مل چکے ہیں۔ آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی نے انہیں بہترین کالم نگار کا اے پی این ایس ایوارڈ عطا کیا۔ 2009 میں ادبی خدمات پر صدر پاکستان نے تمغہ امتیاز سے نوازا .
جناب انور سدید نے 88 کتابیں تصنیف و تالیف کی ہیں، چند کتابوں کے نام حسب ذیل ہیں:
1۔’’فکرو خیال‘‘، 2۔’’اختلافات‘‘، 3۔ ’’کھردرے مضامین‘‘، 4۔’’اردو افسانے کی کروٹیں‘‘، 5۔’’موضوعات‘‘، 6۔ ’’بر سبیل تنقید‘‘، 7۔’’شمع اردو کا سفر‘‘، 8۔’’نئے ادبی جائزے‘‘، 9۔‘’’میر انیس کی اقلم سخن‘‘، 10۔’’محترم چہرے‘‘، 11۔’’اردو ادب کی تحریکیں‘‘، 12۔’’اردو ادب کی مختصر تاریخ‘‘، 13۔’’پاکستان میں ادبی رسائل کی تاریخ‘‘، 14۔’’اردو ادب میں سفر نامہ‘‘، 15۔’’اردو ادب میں انشائیہ‘‘، 16۔’’اقبال کے کلاسیکی نقوش‘‘، 17۔ ’’اردو افسانے میں دیہات کی پیشکش‘‘،18۔’’?‘‘، 19۔’’ غالب کے نئے خطوط‘‘، 20۔’’ دلاور فگاریاں‘‘، 21۔’’ قلم کے لوگ‘‘، 22۔’’ادیبان رفتہ‘‘، 23۔’’آسمان میں پتنگیں‘‘، 24۔’’دلی دور نہیں‘‘، 25۔ ’’ادب کہانی 1996ء‘‘، 26۔’’ادب کہانی 1997ء‘‘، 27۔’’اردو افسانہ: عہد بہ عہد‘‘، 28۔’’میر انیس کی قلمرو‘‘، 29۔’’ وزیر آغا ایک مطالعہ‘‘، 30۔’’ مولانا صلاح الدین احمد، فن اور شخصیت‘‘، 31۔’’حکیم عنایت اللہ سہروردی، حالات و آثار‘‘ 32۔ ’’ جدید اردو نظم کے ارباب اربعہ‘‘، 33۔’’کچھ وقت کتابوں کے ساتھ‘‘، 34۔’’مزید ادبی جائزے‘
٢٠؍مارچ ٢٠١٦ء کو انورؔ سدید داعی اجل کو لبیک کہا ۔
✨ پیشکش : اعجاز زیڈ ایچ
፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤
ممتاز شاعر انورؔ سدید کے یوم وفات پر منتخب اشعار بطور خراج عقیدت…
اس کے بغیر زندگی کتنی فضول ہے
تصویر اس کی دل سے جدا کر کے دیکھتے
—
آرزو تھی یہ بکھیریں اپنی کرنیں صبح تک
روتے روتے بجھ گئی ہیں ساری شمعیں صبح تک
—
تو جسم ہے تو مجھ سے لپٹ کر کلام کر
خوشبو ہے گر تو دل میں سمٹ کر کلام کر
—
جاگتی آنکھ سے جو خواب تھا دیکھا انورؔ
اس کی تعبیر مجھے دل کے جلانے سے ملی
—
چلا میں جانبِ منزل تو یہ ہوا معلوم
یقیں گمان میں گم ہے گماں ہے پوشیدہ
—
تلاش جس کو میں کرتا پھرا خرابوں میں
ملا وہ شخص مجھے رات میرے خوابوں میں
—
خاک ہوں لیکن سراپا نور ہے میرا وجود
اس زمیں پر چاند سورج کا نمائندہ ہوں میں
—
دم وصال تری آنچ اس طرح آئی
کہ جیسے آگ سلگنے لگے گلابوں میں
—
خوابوں کی تفصیل بتا کر جائیں گے
جو اٹھی ہے دھول بٹھا کر جائیں گے
—
شکوہ کیا زمانے کا تو اس نے یہ کہا
جس حال میں ہو زندہ رہو اور خوش رہو
—
بس ایک ہی ریلے میں ڈوبے تھے مکاں سارے
انورؔ کا وہیں گھر تھا بہتا تھا جہاں پانی
—
تجھ کو تو قوتِ اظہار زمانے سے ملی
مجھ کو آزادہ روی خون جلانے سے ملی
—
کھلی زبان تو ظرف ان کا ہو گیا ظاہر
ہزار بھید چھپا رکھے تھے خموشی میں
—
یوں تسلی کو تو اک یاد بھی کافی تھی مگر
دل کو تسکین ترے لوٹ کے آنے سے ملی
—
کس قدر تھا مطمئن میں پیڑ کے سائے تلے
چاندنی مجھ پر چھڑک کر تو نے بہکایا مجھے
●•●┄─┅━━━★✰★━━━┅─●•●
انورؔ سدید
انتخاب : اعجاز زیڈ ایچ