(Last Updated On: )
تمہیں کیا ہوگیا ہے
دوستوں کو کیوں تنگ کرتے ہو
دوستوں نے
اپنی دوکانیں کھولنی ہوتی ہیں
نائی سے بال بنوانے ہوتے ہیں
بچوں کی سائیکل ٹھیک کرانی ہوتی ہے
محبت نہ پانے کی وجہ سے
بالکونی میں پڑے مورپنکھ کو
تین تین بار پانی دینا ہوتا ہے
اور خود
پیٹ کو سائیکل پہ بیٹھا کے
دفتر جاناہوتا ہے
محبوباوُں کی بانہوں سے
اتارے گجرے
بیویوں کو پہنانے ہوتے ہیں
افسروں کی غزلوں کے تیور
درست کرنے ہوتے ہیں
ایسے موسموں میں
وہ
تمہاری نظمیں ایسے پڑھتے ہیں
جیسے
افسروں کا جاری کردہ
دفتری نظم وضبط کا فرمان
لہٰذا باز آوُ
اور ان کو زندہ رہنے دو
اور خود
کھڑکی کے پاس بیٹھے
گلہری کو درخت پر چڑھتے
اور جانسن کو
پوتے کے ساتھ کھیلتے دیکھو
اور۔۔۔۔۔۔۔۔ اور خود
اپنی محبوب موت کا انتظار کرو
جو آئے
اور تم کو اپنی ایک پہیے والی
سائیکل پر بیٹھا کے لے جائے
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔