ٹوائلٹ کی صفائی
کولڈ ڈرنک کی ایک بوتل غلیظ ترین ٹوائلٹ کی صفائی کے لیے کافی ہے، بس اسے ٹوائلٹ پر انڈیل دیں اور ایک گھنٹے بعد اس جگہ کو رگڑ کر پانی سے صاف کرلیں، ٹوائلٹ کی چمک دمک دیکھ کر آپ حیران رہ جائیں گے.
کٹے ہوئے پھولوں کو دیر تک تازہ رکھنا
کولڈ ڈرنک پیتے ہوئے اس کے بچے ہوئے قطروں کو پھینکنے کی بجائے اس کی چوتھائی کپ کے برابر مقدار گلدان کے پانی میں ڈال دیں، ان مشروبات میں شامل چینی گلدان میں لگے پھولوں کی چمک دمک کو دیر تک برقرار رکھے گی.
زنگ لگے نٹ بولٹ کو نکالنا
زنگ لگے نٹ بولٹ کو کسی چیز سے نکالنا کوئی آسان کام نہیں لیکن کولڈ ڈرنکس اس طرح کے نٹ بولٹ کو ڈھیلا کرنے میں مدد کرتے ہیں، ایک کپڑا مشروب میں ڈبو کر رکھیں اور پھر اسے نکال کر زنگ لگے نٹ بولٹ پر کچھ منٹ کیلئے ڈال دیں، اس کے بعد وہ آسانی سے کھل جائے گا۔
نکاسی آب کے پائپس کی صفائی
پائپ میں کچرا پھنس جانے سے اس میں پانی کھڑا ہونے لگتا ہے. اس کا آسان حل بھی کولڈ ڈرنک ہے۔ بس دو لیٹر بوتل کو نکاسی آب کے پائپ میں انڈیل دیں، اس میں پھنس جانے والا کچرا نرم ہوکر خود بخود بہہ کر پانی کا راستہ صاف کردے گا۔
گاڑی کی بیٹری کے ٹرمینل کی صفائی
کولڈ ڈرنکس کی تیزابی خصوصیات گاڑی کی بیٹری پر لگ جانے والے زنگ کو ختم کرنے میں مدد فراہم کرتی ہیں۔ لگ بھگ تمام کاربونیٹ کولڈ ڈرنکس میں کاربونک ایسڈ شامل ہوتا ہے جو داغ دھبوں کو ہٹانے اور زنگ کو ختم کرنے میں مددگار ہوتا ہے، مشروب کی تھوڑی سے مقدار بیٹری کے ٹرمینلز پر انڈیلیں اور کچھ دیر بیٹھ کر انتظار کریں، جس کے بعد زنگ والے حصوں کو گیلے اسفنج سے صاف کردیں، بیٹری چمکنے لگے گی۔
بالوں میں پھنسا چیونگم نکالنا
بچے اپنے بالوں میں چیونگم پھنسالیتے ہیں یا کوئی اور ان کے بالوں میں ڈال دیتا ہے۔ اس صورت میں بال کاٹنے کی بجائے بالوں کے چیونگم والے حصے کو کولڈ ڈرنک سے بھرے کسی برتن میں کچھ منٹ تک ڈبوئے رکھیں اور پھر اسے دھولیں. چیونگم غائب ہوجائے گی۔
روسٹ کو رس دار بنانا
کولا مشروب کی ایک بوتل روسٹ بنانے کی روایتی ترکیب کے ساتھ انڈیل دیں اور پھر اسے معمول کے مطابق پکالیں جب آپ کھائیں گے تو اس کا ذائقہ آپ کو انگلیاں چاٹنے پر مجبور کرسکتا ہے۔
سکوں کی صفائی
گندے سکے اپنی جیب میں رکھنا کس کو پسند ہوگا؟ اگر تو آپ سکے جمع کرنے کے شوقین ہیں یا ویسے ہی ان کو چمکانا چاہتے ہیں تو کولا استعمال کریں۔ کسی چھوٹے برتن میں سکے ڈال کر انہیں کولا مشروب میں ڈبو دیں، کچھ دیر بعد انہیں پانی سے دھو کر یا ویسے ہی کپڑے سے صاف کرلیں وہ بالکل نئے کی طرح چمکنے لگیں گے۔ (ڈان)
سوچنے کی بات ہے کہ یہ تیزاب جسم کے اندر بھی تو کچھ نہ کچھ کرتا ہوگا۔