چپ کی آواز دبانے کیلئے بیٹھتے ہیں
ہم جہاں شور مچانے کیلئے بیٹھتے ہیں
تیری محفل میں ترے ساتھ نہیں بیٹھتے جو
ایسا لگتا ہے وہ جانے کیلئے بیٹھتے ہیں
بیٹھنا ہم بھی نہیں چاہتے اس پہلو میں
ہم تو اوروں کو اٹھانے کیلئے بیٹھتے ہیں
اس جگہ پہلے بہت خاک اڑی ہوتی ہے
ہم جہاں خاک اڑانے کیلئے بیٹھتے ہیں
جس نے جانا ہو بہر حال چلا جاتا ہے
آپ کیا دیر سے جانے کیلئے بیٹھتے ہیں