صبح خیزی میری عادتِ قدیم ہے۔ چھٹ پن میں، جب کہ میں ابھی چلنا سیکھ پایاتھا؛ صبح جگادیاجاتا۔ اماں بی نے گھر کے سارے کام سنبھالنے ہوتے تھے؛اس لیے ہمیں گھر سے باہر کھلے کھیتوں میں بھیج دیا کرتیں۔یوں ناشتے سے بہت پہلے اچھی خاصی ورزش ہوجاتی تھی۔ اسکول کے زمانے میں تونمازِ فجر سے ہی دن کا آغاز ہوجاتاتھا؛ پھر دیہی زندگی کے ضروری امور کی نبٹائی کے بعد اسکول جانے کا سلسلہ۔لڑکپن سے نوجوانی اور پھراس عمر تک ،یہ عادت میرے ساتھ ہے۔ میں صبح کی سیر کوہرکام سے ضروری خیال کرتا ہوں۔اُن دنوں میں ،جب کہ سخت سردی میں بارشوں کا سلسلہ بھی قائم ہو۔ گھٹنوں سے نیچے نکلتے کوٹ اور سُرمئی چھاتے میں ویسے بھی انسان خود کو محفوظ خیال کرتا ہے۔ کم ازکم مجھے یہی محسوس ہوتا ہے کہ اَب بارشیں اور ٹھنڈی ہوائیں لطف کیشی کا سبب ہی بنیں گی۔ایسے مزاج کے باوصف یہ ممکن نہیں ہوتا کہ انسان معمولات فوراً بدل ڈالے۔
جس طرح نوجوانی میں انسان محبوب کا ساتھ ضروری خیال کرتا ہے؛اسی طرح ڈھلتی عمر میں بیوی کی ہمرکابی لازمی جزو کی حیثیت اختیار کرلیتی ہے۔چناںچہ میرے زیادہ ترمعمولات میں میری شریکِ سفر موجود رہتی ہے۔ ہم دونوں ایک فرض کی طرح صبح کی سیر کے لیے جاتے ہیں۔ سیکڑوں ایکڑ پھیلے رقبوں پرباغات، فصلوں، پھولوں اورہری ہری گھاس سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔ لالیوں، قمریوں، فاختاؤں، چڑیوں اور کویلوں کی سُریلی آوازوں کو اپنی سماعتوں میں اُتارتے ہیں اوریوں فطرت سے خاموش ہم کلامی کے بعد باقی معاملات کی طرف متوجہ ہوجاتے ہیں۔
میرے گھر کے سامنے اناروں کا باغ ہے؛ان دنوں اُن پر پھیلتی کلیاں بہت خوش نما معلوم ہوتی ہیں۔اس باغ کے بیچوں بیچ تارا میرا کاشت کیاگیاتھا؛جوکٹائی کے بعداُسی طرح پڑا ہے۔ دائیں جانب بیریاں ہیں اورانھی بیریوں میںسیاہ تُوت کے چھے درخت ہیں۔ بیریاں خوب اچھی طرح پک چکی ہیں اورتُوت ابھی کھٹے میٹھے ہیں۔ سیاہی مائل سُرخ، کچھ ہرے اور کچھ سُرخ۔ پھل پوری طرح پک جائے توسیاہ ہوجاتا ہے لیکن چھونے سے ہاتھ سُرخ ہوتے ہیں۔ گھر کے عقبی حصے میں جامن کا اوراس سے متصل لیموں کا باغ ہے۔
حسبِ معمول جب میںسیر سے واپس آیا توگھر کی دوسری منزل کے ٹیرس پرآگیا۔ یہاں کچھ گملوں میں گلاب، چنبیلی ،کیکٹس اورگلِ داؤدی اپنی بہاردکھاتے ہیں۔ ٹیرس کی سامنے والی دیوار کے وسط میں ایک ٹوکری سال بھر پڑی رہتی ہے، جس میں پرندوں کے لیے دانہ ڈالا جاتا ہے اوراسی ٹوکری کے قریب پانی کے لیے ایک چھوٹا سا برتن پڑاہوتا ہے۔ ٹیرس کے بالکل سامنے اناروں کے باغ کی نکڑ پرتُوت کا ایک ثمربار درخت ہے۔ اس کی شاخیں گولائی میں چاروں طرف پھیل کر ایک چھتری کی شکل اختیارکرچکی ہیں۔سخت دھوپ میں اگر میں وہاں کُرسی کے سامنے میزبچھا کربیٹھ جاؤں تو مطالعے کے لیے پُرلطف سایہ دار جگہ ہے۔
میں نے غور کیا،تُوت کی ایک شاخ باہر کی طرف کچھ زیادہ نمایاں ہوگئی تھی؛ زیادہ غور کرنے پر اندازہ ہواکہ اپنے مرکز سے ٹوٹ رہی تھی۔ ممکن ہے، کسی بچے نے تُوت اُتارنے کی غرض سے اُسے کھینچا ہوتووہ تنے سے جداہونے لگی ہو۔میں نے دیکھا بلبلیں، لالیاں، چڑیاں ، کوے اور دوسرے پرندے قطاروں کی صورت میں اُس ڈالی پر لپکتے اور پلک جھپکنے کی ساعت میں آگے نکل جاتے ۔ یہ عمل مسلسل جاری رہا۔ یہ منظر زندگی میں پہلی باردیکھاتھا۔ ہر پرندہ آتا اور اُڑان کے دوران ہی پکا ہوا پھل نوچ کر نکل جاتا۔ٹوٹی شاخ نے ہر ایک کے لیے اپنی بانہیں پھیلا رکھی تھیں؛جو جتنا نوچ سکتاتھا، نوچ رہاتھا۔میرے ذہن میں انتہائی فضول جملہ کودا:
’’ پرندے انسان کی طرح میز پر بیٹھ کر نہیں کھاتے ۔‘‘
اور پھرا گلے ہی لمحے انسان کے کھانے کے آداب وحشت میں بدلتے نظر آئے۔
قبیلوں اور ملکوں کی لڑائیاں،سُود اور فریب کی گرم بازاری، رشوت اور سفارش کا چلن، اقربا پروری، ذخیرہ اندوزی ، مجبوروں اور لاچاروں کے لہو کا عملِ کشید،انسانی اعضا کا بیوپار اورڈاکا۔
میں نے سوچا اگرانسان پرندوں کی مانندکھانا سیکھ لے اورمستقبل کے لیے جمع کرنے کی روش ترک کردے تو بہت ممکن ہے اس دُنیا میں موجود وسائل ہر ایک کے لیے کافی شافی ہوں۔ پھر کوئی فوٹو گرافر اپنی تصویر:The Vulture and the Little Girl کے باعث خودکشی پر مجبور نہیں ہوگا۔ کوئی ماں اپنے بچوں سمیت نہر میں کود کر جان نہیں دے گی۔سوال تو یہ ہے:
’’ کیا وسائل پرپوری انسانیت کا حق تسلیم کرنے کے لیے کوئی تیار ہے ؟‘‘
میں اپنے اُلجھے ہوئے ذہن کے ساتھ جب ناشتے کی میز پربیٹھا تو ہر چیزمیں سیاہ تُوت کا ذائقہ سرایت کرچکا تھا۔ اپنے خیالات کو جوں جوں جھٹکتاوہ اور زیادہ شدت کے ساتھ میرے اعصاب پر طاری ہونے لگتے۔آخر اُکتا کر میں ناشتے سے بیزار ہو کراُٹھا اور مطالعے کے کمرے میں چلاآیا۔ایک کتاب اُٹھائی، دوسری اور پھر تیسری۔ عجیب طرح کی بے قراری میرے اندرخیمہ زن ہورہی تھی۔میں نے سوچا:
’’ آج اگر مالی اس طرف آیا تویقینا اس شاخ کو کاٹ ڈالے گا۔ وہ ایسے ہی سوکھی ٹہنیوں اور ٹوٹی شاخوں کو درختوں اور پودوں سے الگ کرتا رہتا ہے۔ وہ تو ذرا مرجھائے ہوئے پھولوں کو بھی گملوں میں نہیں برادشت کرتا۔پوری بے دردی کے ساتھ نوچتا اور پھینکتا جاتا ہے۔ اُسے یوں نہیں کرنا چاہیے۔ کم ازکم تُوت کی شاخ اُس وقت تک تنے سے جدا نہیں کرنی چاہیے، جب تک اُس پر پھل موجود ہے اور وہ سوکھ نہیں جاتی۔وہ اسے کاٹ ڈالے گا۔‘‘
دروازہ ایک خاص چرچراہٹ کے ساتھ کُھلا۔ میں جانتا ہوں، کہ میری ننھی پوتی اسی انداز سے دروازہ کھولتی ہے۔وہ خاموشی سے آکر میرے پہلو میں کھڑی ہوگئی۔ اُس کی طرف رُخ کر کے دیکھا تو وہ بہت مزے سے اسٹرابیری(Strawberry) ملادودھ پی رہی تھی۔اگرچہ پھل عام طور پر میسر ہوتے ہیں لیکن ان کی قدروقیمت اُس وقت سوا ہوجاتی ہے ، جب کوئی آپ سے یہ کہے:’’ آپ سے جس قدر ہوسکے وٹامن سی کا اہتمام کریں، یہ آپ کے نظامِ دفاع کے لیے ناگزیر ہے۔‘‘ توآپ زیادہ اہتمام کرتے ہیں۔میں نے جب اُسے دوسری باردیکھا تووہ کہنے لگی:
’’ ڈاڈا بُو!آپ بھی ڈوڈ پیاکڑیں نا، ماما کہٹی ہیں اِش شے ہڈیاں مجبوت ہوٹی ہیں۔‘‘
’’ میری مضبوطی تو تم ہو۔‘‘ یہ کہ کر میں نے اُس کی ہتھیلی پربوسہ دیاتواُس کی زخمی انگلی سے میرا ہونٹ کچھ زیادہ مس کرگیا ؛ پھر مجھے تُوت کاذائقہ محسوس ہوا اوروہی شاخِ زرّیں یادآئی، خیال آیا:
ادویہ ساز کمپنیوں اور ڈاکٹروں کے لیے وبا ’’ شاخِ زرّیں‘‘ ثابت ہوئی ہے۔