ادیب معاشرے سے کٹ کر نہیں جی سکتا؛ وہ اپنے ماحول اور تہذیب وتمدن کا شاہد ہوتا ہے ۔ شہادت کایہ عمل بہ ہرحال اُس کے لیے تحریک کاسبب بنتا ہے۔جس کے نتیجے میں وہ اَدب کی مختلف جہات اختیار کرتے ہوئے بوقلموں ہیئات و اصناف میں اپنا مافی الضمیرپیش کردیتاہے۔
اس وقت پوری دُنیا سراسیمگی کے عالم میں ہے۔ ایک عجیب سا خوف اور اندوہناک مرحلہ ہے، جس سے ہرایک ہراساں دکھائی دیتا ہے۔ زندگی اوراس کے متعلقات پر جمود ساطاری ہے۔ ایسے میں انسان کی داخلی زندگی میں اُٹھنے والا جواربھاٹاشدیدطوفانوں کا پیش خیمہ ثابت ہوا کرتا ہے۔ ایک ادیب کی حیثیت میں، مجھے بھی ان مرحلوں سے گزرناپڑاہے، جنھیں عرفِ عام میں تخلیقی عمل کا کرب سمجھا اوربیان کیاجاتا ہے۔ معاشرتی نفسیات کی بطون میں اُتر کر، سمجھ کر اور پھر اُس تفہیم کو طے شدہ پیرائے میں بیان کرنا یقینامشکل کام ہے۔ ایک طرف فن کی حدبندیاں ہوتی ہیں تو دوسری جانب وہ عوامل جو تحریک کاسبب بنتے ہیں۔ دونوں میں توازن رکھنا بجائے خود ایک کڑا امتحان ہے۔
افسانہ نظریہ حیات، پلاٹ،وحدتِ فکر، کرداراورمکالمہ سمیت منظرنگاری اور جزئیات کاری کے وسیع منطقوں تک رسائی حاصل کرسکے تومعیار پرپورااُترتا ہے ؛ورنہ فن کی کسوٹی اُسے کھوٹا ظاہرکرکے رَد کردیتی ہے۔وباکے دنوں میں لکھی گئی یہ بیس کہانیاں اسی انسانی دُنیا میں موجود ہیں۔ میں نے انھیں اپنے ماحول میں ڈھال کرلکھا ہے۔ ان کہانیوں میں انسانی نفسیات کے ظاہر و پوشیدہ گوشوں تک رسائی کی کوشش کی گئی ہے۔ انسانی جبلت میں پروان چڑھنے والے احساسات و جذبات کی عمل داری کے نتیجے میں ظاہر ہونے والے دُنیا سے لے کرباطنی زندگی تک کے اکثر مرحلوں کو سمجھنے اور سمجھانے کی کوشش کی گئی ہے۔
ان افسانوں میں لمحۂ موجودکاخوف ناک کرب اوراُس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورت ِ حال کی منظر کشی گئی ہے۔ بہ ظاہر یہ کہانیاں وبا کو مرکزیت بنائے ہوئے ہیں لیکن اِن میں سے ہرکہانی اپنا الگ مزاج، ماحول اور موضوع بھی رکھتی ہے۔ان کہانیوں کا دُوسرا پہلوتاریخی ہے۔ کیوں کہ ان میں ہمارا آج سانس لے رہا ہے۔ آج کی زندگی اوراِس کے متعلقات جس طرح ظاہرہورہے ہیں اور جس طرح چھپائے جارہے ہیں،اُن کو قلم بندکرناضرور ہے؛ کیوں کہ ہمارا آج ہمارے کل کی امانت ہے۔
انسان کی روحانی اور سائنسی زندگی کا ارتقا اور تنزل ایک تجزیاتی عمل کے دوران ادیب کے ناخنوں میں آتا ہے تواُس کا رنگ یک گونہ جدا ہوجاتا ہے؛ چناں چہ ان کہانیوںکے مطالعے سے یقینی طور پر ان مشاہدوں تک رسائی ممکن ہوگی اورپھرجاری مباحث میں غُلو اور اعتدال کو سمجھنے میں بھی مدد ملے گی۔ چوں کہ اِن مباحث کا خمیرہماری مٹی سے اُٹھا ہے، جو ہماری دیکھی بھالی ہے، لہٰذا ان کی تشکیل و تجسیم کی مرکزیت ومعروضیت بغیرابہام کے تفہم کی منزل سرکرلے گی۔
اُمید وبیم کی اِن ساعتوں میںمعاشرے کے ایک ذمہ دار فرد کی حیثیت میں خود پر یہ فرض سمجھتا ہوں، کہ اپنے حصے کا کردار ادا کروں۔ چناں چہ یہ کہانیاں میرے تخلیقی کرب کانتیجہ ہوتے ہوئے بھی اجتماعیت کا رُخ رکھتی اور مجھے سرشاری کا موقع فراہم کرتی ہیں۔
ان کہانیوں میں بے لوث محبت بھی ہے اورخطرناک نفرت بھی؛اَن تھک خدمات کا سلسلہ بھی ہے اورفرائض سے غفلت کی تلچھٹ بھی؛ اخلاق اور اقدار کی اعلیٰ روایتیں بھی ان میں چمکتی ہیں اور انسانی لوبھ اور مایاموہ کی مضحکہ خیزحالتیں بھی نمایاں ہوتی ہیں۔ یہ کہانیاں انسان اور متعلقاتِ انسان کے اکثر گوشوں کو بے نقاب کرتی ہیں۔اس لیے انھیں پیش کرنے میں مجھے یک گونہ اطمینان بھی ہے۔
’’ طلسمِ خواب‘‘ میرا تیسرا افسانوی مجموعہ ہے۔ اس سے قبل ’’ چیخوںمیں دبی آواز ‘‘ (2008 ) اور ’’ چاند کی قاشیں ‘‘ ( 2019 ) شائع ہوچکے ہیں ۔ میرے افسانوں پر پاکستان کی ایک یونی ورسٹی میں ایم فل سطح کا مقالہ بھی لکھا جارہا ہے؛ یقینا یہ میرے لیے حوصلہ افزائی اور اعزاز کی بات ہے۔
اپنے قارئین کی رائے میرے لیے ہمیشہ اہم رہی ہے۔ کہانیاں پڑھیں اور اپنے معتبر رائے سے نوازیں۔ اس وبا سے نجات اور مستقبل کی نیک تمناؤں کے ساتھ آپ کا افسانہ نگار۔