نام تواُس کا سعدیہ تھا لیکن اُس کی پوری زندگی میں کوئی ایک بھی سعد لمحہ قرار نہ پاسکا تھا۔ وہ اُن لوگوں میں سے ایک تھی، جنھیں زندگی کچل کررکھ دیتی ہے اور وہ زندگی سے لڑنے کی ہمت بھی نہیں رکھتے۔ وقت کے تیزبہاؤ میں بہتے چلے جاتے ہیں۔ پیدا ہوئی توماں کو کھاگئی؛ شادی کی تو ایک ہی سال کے اندرشوہر کو چاٹ گئی اور بچہ پیدا کیا تووہ بھی دیوانہ۔ شروع میں اُس کاخیال تھا، کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ بچہ بولنے لگے گا لیکن یہ اُس کی خام خیالی ثابت ہوئی۔ بچہ نہ صرف گونگا بہرہ تھا، بلکہ حد سے زیادہ دُنیا بیزار اور ہیجان آشناتھا۔ معمولی باتوں پر ہتھے سے اُکھڑ جاتا، پھر جو چیز اُس کے ہاتھ لگتی اُٹھااُٹھا کر ماں کومارتا اور فرش پرپھینکتا۔دیوانگی کے یہ دورے اتنے طویل ہوتے کہ ماں سمجھاتے سمجھاتے خود دیوانی ہوجاتی اور پھر اپنے بال اور منھ نوچنے لگتی۔
وہ شکل وصورت کے اعتبار سے توجہ خیز اور جاذبِ نظر تھی۔جب اُس نے جوانی میں قدم رکھاتھا ،تومحلے کا ہرلڑکا اُس پر ڈورے ڈالنے کی کوشش کرتا۔ ایک تو بن ماں کی بچی جوانی کے جوبن میں آچکی تھی ؛ اس پر مستزاداس کااکلوتاہونا۔باپ کھاتاپیتا تاجر تھا۔غلہ منڈی میں آڑھت میں حصہ داری کے علاوہ شہر کے مصروف بازار میں چند دکانوں کی ملکیت بھی تھی۔ سعدیہ کودادی نے پال پوس کرجوان کیااور پھر خودچپکے سے منوں مٹی کے نیچے جا بسیرا کرلیا۔
نہیں معلوم کس طرح اسے تمباکو کی لت پڑ گئی تھی۔دن بھر گھر کی کھڑکی میں کھڑی لڑکوں کی طرح سیگرٹ کا دھواں اُڑاتی رہتی ۔وہیں سے چھوٹے لڑکوں کے ہاتھ سیگرٹ منگوابھی لیا کرتی تھی۔اس کی یہ عادت اتنی پختہ ہوچکی تھی، کہ وہ آس پاس سے بے نیازتمباکوکے مرغولوں میں گُم رہتی۔ ایک باروالد نے گھر میں سیگرٹ کی ڈبیا دیکھی توکچھ اور ہی سوچنا شروع کردیا:
’’گویا سعدیہ ______؟‘‘
اس خیال نے والد کی نیندحرام کردی۔ وہ رات رات بھرتڑپتا اورموقع کی تلاش میں رہتا۔دن میں کئی بارگھر کے چکر کاٹنا بھی شروع کردیے تھے۔جب تک لیکن اُس کے ہاتھ کوئی سرا نہ آجاتا، وہ کوئی بات نہیں کرنا چاہتاتھا۔باپ کے مسلسل کرب اور پریشانی کا نتیجہ یہ نکلا کہ اُس نے محض سولہ سالہ بیٹی کو اپنے ایک دوست کے بیٹے کے ساتھ فوراً بیاہ دیا۔
شوہر اُس سے عمر میں پندرہ سال بڑاتھا۔دونوں کا اندازِ نظر بہت مختلف تھا۔ اس لیے شروع سے ہی نہ بن سکی۔شوہر کی مصروفیات بھی کچھ عجیب سی تھیں،جنھیں چاہ کر بھی وہ نہ سمجھ سکی تھی۔ البتہ تمباکو کا نشہ اُس کے لیے آسان ہوگیاتھا۔ اُس کا شوہرسیگرٹوں کا پورا بنڈل لایاکرتاتھا اور ہربار ختم ہوجانے پر بیوی سے متحیرانداز میں کہتا:
’’ یہی ڈنڈا دو ماہ کے لیے مجھے کافی ہوتاتھا اوراَب ایک ماہ بھی مشکل سے نکلتا ہے۔‘‘
’’اچھا ___‘‘
’’ کہیں اباجی ___ ؟‘‘
’’ میں کیا جانوں۔‘‘
اُن دنوں اُس کا آٹھواں ماہ چل رہاتھا، جب ایک حادثے نے اُس کے شوہر کی جان لی تھی۔ کچھ بھی تھا ،بہ ہرحال وہ اُس کا شریکِ سفرتھا اورپھر روایتی بیویوں کے طرح وہ روئی بھی خوب تھی۔ایک آسمان ٹوٹ کر نہیں گرا ، ورنہ ہرکوئی یہی سمجھتاتھا ،اس کی جان بھی نکل ہی جائے گی۔ ننداُسے سمجھاتی ،جو عمر میں اُس سے بڑی تھی۔ ساس تھی نہیں اور سسرکی اپنی کاروباری زندگی کی مصروفیات تھیں۔عدت کے دوران ہی اُس نے بیٹاجنا۔کچھ دنوں کے لیے پوراگھرانہ جوان موت کا صدمہ بھول گیا اورہر کوئی نومولود پرواری قربان ہوتارہا۔اُسے بھی گویا کوئی کام ہاتھ آگیا تھا۔ وہ ایسی اُلجھی، کہ اپنی طرف دھیان ہی نہ رہا اوراَب جب کہ بیٹادسویں سال میں دیوانگی کی کامل تصویربنااُس کے سامنے رہتاتوایک طرح سے وہ بھی دردانگیزحالات سے گزرتی رہتی۔کبھی جو دُکھ حدسے گزرجاتاتوشکوہ کرتی:
’’ ماں چھین لی ، شوہر چھین لیا، بیٹے کو عذاب کی صورت جھولی میں ڈال دیا،موت کیوں نہیں دیتے؟‘‘
اَب وہ اُس عمر میں تھی؛ جہاں عورت مکمل طور پر جوان ہوجاتی ہے اور زندگی کے تجربوں کو اپنے ناخنوں میں رکھتی ہے۔خوشیاں کشید کرتی ہے اور حکمرانی کا لطف اُٹھاتی ہے۔ اُس کاتابناک چہرہ توکسی کے لیے توجہ خیزرہابھی نہ تھا۔بوڑھا سسرجو رات گئے پلٹتاتھااورپاگل بیٹا جو ہروقت ناک میں دم کیے رکھتا؛یہی دونوںاُس کی زندگی کا محورتھے۔ اُس نے کئی سال سے خود پر دھیان ہی نہ دیا تھا۔ اُسے تو یہ بھی یاد نہ رہاتھا، کہ اُس کاخوب صورت سراپا کئی لڑکوں کو بے چین رکھتاتھا۔گلی میں آتے جاتے کتنی ہی آنکھیں اُس کے قدموں میں بچھ جایا کرتی تھیں؛ کتنے ہی دلوں کی دھڑکن ٹھہر جاتی تھی اور کتنی ہی سانسیں تھم جایاکرتی تھیں۔وہ تو یہ بھی بھول چکی تھی، کہ کبھی اُس نے دُلھنوں والا سُرخ جوڑا پہن کر شوہر کاانتظاربھی کیا تھا۔ نہیں معلوم کب منھ زورگھوڑے نے اُسے خود پرسواری کا موقع فراہم کیا اور کب یہ بے فکری سے پوری طاقت کے ساتھ اُس پر لگام ڈال کربیٹھ گئی۔
وہ بہت تیزی کے ساتھ زندگی کی طرف پلٹ آئی تھی۔اُسے اپنا دیوانہ بیٹا پہلے سے زیادہ پیارا ہوگیاتھا۔ وہ اُس کی ہرضرورت کوفوراً پورا کردیتی تھی۔ پہلے سسرکاکھانا رکھ کر سوجایا کرتی تھی مگر اَب جاگتی رہتی، جب تک وہ آ نہ جاتا۔ پھردونوں مل کرکھانا کھاتے۔کبھی وہ اُس سے دن کی مصروفیات کا احوال بھی پوچھ لیتی۔نندآجاتی تواُس کے سامنے یوں بچھ جاتی ،جیسے اُس کی زندگی کا اصل مقصد ہی یہی ہو۔سب اس تبدیلی پر حیران تھے اورخوش بھی۔
یہ دوسری بار تھی، جب وہ دلھن بنی لیکن اُسے یوں لگاتھا، جیسے وہ پہلی بارسُرخ جوڑا پہننے جارہی ہو۔ خوب اہتمام اور تیاریوں میں مصروف تھی۔ پہلی بار جب اُس کی شادی ہوئی تھی، تب وہ اپنے شوہر سے چھوٹی تھی؛اس باراُسے برابری اورجوڑ کا رشتہ ملاتھا۔ عمر کے ساتھ ساتھ ذہنی ہم آہنگی اور پھر درمیان میں محبت کاایک توانااور مضبوط ہاتھ بھی تھا ۔ ان باتوں کے علاوہ ایک فرق یہ بھی تھا، کہ وہ اب باپ کے گھر کی بجائے سسرکے گھر سے بیاہی جارہی تھی۔وقت نے دیکھا ایک نند،بھابی کو اپنی دیورانی بنا کر لے گئی۔
دلشادایک ملٹی نیشنل موبائل فون کمپنی میں اہم عہدے پرفائرتھا۔اُن دنوں وہ ایک پڑوسی ملک میں خدمات انجام دے رہاتھا۔شادی کے کچھ دن بعد ہی لوٹ گیا تھا۔ سعدیہ کے لیے قیامت کے دن رات لوٹ آئے تھے لیکن ان میں انتظار کی ایک لذت بہ ہرحال موجود تھی، جواُسے مسرور رکھتی۔پھر وجود میں ایک سرشاری ، ایک لہر بھی تو پیدا ہوچکی تھی۔ راتوںکو وہ بہت دیرتک اپنے شوہر کے ساتھ فون پر باتیں کرتی لیکن باتیں تھیں، کہ ختم ہی نہ ہوں۔نئی زندگی کی باتیں، نئی کلیوں کی باتیں، نئی تمناؤں کی باتیں اور پھر نہ ختم ہونے والی محبت کی باتیں۔ان سب باتوں کے باوجود وہ شوہر کی کمی شدت سے محسوس کرتی تھی۔اس کیفیت میں اکثر اپنے شوہر سے کہا کرتی تھی:
’’ دلشاد! میں رات سے بہت ڈرتی ہوں؛ غمزدہ رہتی ہوں۔ تم چھوڑ آؤ ملازمت۔‘‘
وہ ہمیشہ اُسے یہی جواب دیتا:
’’ شاخِ آفتاب کو رات سے کیا خوف؟ سورج تو تمھاری آنکھوں میں رہتا ہے۔ رات کواپنی ضوفشاں آنکھوں سے روشن کر لیا کرو اور دلشاد ہوجایا کرو، دلشاد کردیا کرو۔ تو ہوجائے پھر ایک قہقہہ۔‘‘
اُنھی دنوں ایک خوف ناک آندھی چلی، جس نے ہر چیز کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ زندگی جیسے کسی بھاری چٹان تلے آگئی ہو۔ وقت جیسے تھم سا گیا ہو۔ ہر کوئی زندگی اور موت کا کھیل دیکھنے کا منتظر ہو جیسے۔ ایسے ہی ایک لمحے میں دلشاد پلٹ آیا لیکن سعدیہ کے لیے وہ اب دل شاد کرنے کا سبب نہ رہاتھا۔اُس کی آنکھوں میں مستقبل کی موہوم سی جھلک بھی دکھائی نہ دیتی تھی۔ چہرے سے وہ ایسا غمزدہ اور مایوس دکھائی دیتاتھا، جیسے دوبارہ زندگی کی طرف کبھی نہیں آئے گا۔ ہرطرف گہرا سناٹا اورناقابلِ یقین دُھندلاہٹ تھی۔ اگرکوئی چیز اُسے زندگی کی طرف لاسکتی تھی تو وہ سعدیہ کی لامختتم محبت تھی اور سعدیہ پوری دیانت داری کے ساتھ اپنی محبت اُس پر لٹارہی تھی۔
وہ رات بہت بھاری تھی۔ ڈاکٹر بار بارسعدیہ کو گھر جانے کا کہ رہے تھے اورانتظامیہ کے لوگ بھی یہی کہتے تھے:
’’ مریض خطرناک حالت میں ہے؛ وبا پھیل سکتی ہے؛ خود کو بچائیں اور ہمیں سختی پر مجبور نہ کریں۔‘‘
’’ میں دلشاد کے ساتھ مرجانا چاہتی ہوں۔آپ کریں سختی ، مارڈالیں مجھے ۔‘‘
نہیں معلوم کیسے وہ اسپتال سے نکلی اور اپنی گاڑی میں آکر بیٹھ گئی۔اُس کی گاڑی بوڑھے برگد کے نیچے کھڑی تھی۔ گاڑی میں ہی اُس نے ساری رات آنکھوں میں گزاردی۔ ایک لمحے کو بھی اُس نے آنکھ نہ جھپکی تھی۔وہ جانتی تھی ،اہل کار اور ڈاکٹر اپنی ڈیوٹی کس وقت بدلتے ہیں۔ اس وقت آسانی سے اسپتال میں داخل ہوا جاسکتا تھا؛ تب وہ موقع پاکراسپتال میں داخل ہو گئی۔
ایک اسٹریچر کو دونقاب پوش دھکیل کر سردخانے کی طرف لے جارہے تھے؛سفید پلاسٹک میں لپٹا ہوا انسانی ڈھانچانم آلود نارنجی کرنوں کا استقبال کررہاتھا ۔