ہر گاؤں میں ایک آدمی مختص کیا جاتا ہے جو گاؤں کے لوگوں کو خوشی اور غمی سے باخبرکراتا ہے ان دونوں موقعوں پر یہ آدمی حجرے اور چوک اور مسجد کو صاف کرتا ہے۔اس آدمی کو بنوسوالہ پشتو میں کیٹ وول کہتے ہیں ۔خود ہمارے علاقے جھنڈوخیل میں ابھی تک کیٹ وول موجود تھے۔ علاقے کے لوگ بھی کیٹ وول کی بہت عزت کرتے ہیں۔اس کے علاوہ کیٹ وول گاؤں کی ہر بات پر نظر رکھتا ہے اور علاقے کے مشر یا ملک کو اس سے آگاہ کرتا ہے ۔تا کہ کسی کے ساتھ کوئی زیادتی نہ ہو۔حجرے میں حقہ اور پینے کے پانی کے لیے گھڑا بھی ہوتاہے ۔حقہ کو تمباکو سے بھرنا گھڑے کو پانی سے بھرنا بھی کیٹ وول کا کام ہوتا ہے۔غم کے موقع پر کیٹ وول صبح سویرے اٹھ کر گاؤں کے مولوی کو خبر دیتا ہے کہ فلاں آدمی فوت ہوا ہے اتنے بجے جنازہ ہے اور فلاں قبرستا ن میں اس کی قبر کا بندوبست کیا جائے۔پھر علاقے کے ملک اور مشران و بزرگ لوگوں کو خبر دے دیکر گاوں کے کچھ لوگوں کے ساتھ حجرے و چوک کو صاف کراتا ہے۔
ماضی میں جب کسی قبیلے کی کسی اور قبیلے کے ساتھ کوئی چپقلش ہوتی تو کیٹ وول ہی اپنے قبیلے کے لوگوں کو ملکان اورمشران کے کہنے پر جرگہ کا اعلان کرتا کہ فلاں جگہ پر قبیلے کا اہم جرگہ ہوگا جس میں ہرقبیلے کے ہر فر د کی حاضری لازمی ہے۔کیٹ وول کے اعلان کو ہر کوئی ملک اور مشر کے حکم کی طرح سنتے اور جرگے میں حاضری دیتے۔اسی طرح گاؤں کے تمام لوگ بھی شادی بیاہ میں کیٹ وول کا خاص خیا ل رکھتے ان موقعوں پرولیمے سے پہلے کیٹ وول کو کھانا وغیرہ دیا جاتا اور سب سے پہلے وہ اپنے گھر میں کھانے لے جاتے ۔اسی طرح غم کے موقعوں پر بھی مرحوم کے گھر پر تیسرے دن ،نوے دن او چالیسیں دن جو خیرات کئے جائے ہیں جس میں مختلف چیزیں پکتی ہیں ان میں سے بھی پہلے گاؤں کے لوگ کیٹ وول کو اجازت دیتے کہ پہلے آپ اپنے گھر لے جائے موجودہ وقت میں اب کیٹ وول کا نظام ختم ہوچکا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔