اِس طرح شہرِ اَنا پر میں تباہی مانگوں
اپنے ’’ہونے‘‘ سے ’’نہ ہونے‘‘ کی گواہی مانگوں
اُس کے ہونٹوں پہ میں پھر مہکوں تمنا بن کر
پھر وہ چاہت جو کبھی اُس نے تھی چاہی مانگوں
یہ تو ہوگا کہ میںبھڑکوں گا یا بجھ جاؤں گا
یوں سلگنے سے توبہتر ہے ہوا ہی مانگوں
اُس کو پانے کی تمنا پہ یقیں کب ہے، مگر
ہاتھ جب اُٹھ ہی گئے ہیں تو دعا ہی مانگوں
اپنی کچھ نیکیاں لکھنے کے لئے بھی حیدرؔ
اپنے ناکردہ گناہوں سے سیاہی مانگوں
٭٭٭