سوشلسٹ سماج کی تشکیل کو سرمایہ دار اور ان کے نمائندے ہمیشہ سے ایک ناممکن بات کہتے رہے ہیں۔ انقلاب روس سے پہلے بھی یہی کہاجاتا رہا مگر عظیم اکتوبر انقلاب نے اسے جھٹلا دیا۔ سوویت یونین کے انحطاط کے بعد ایک مرتبہ پھر بورژوا میڈیا اور نام نہاد ’’دانشور‘‘ سوشلسٹ نظریے کے خاتمے کا اعلان کررہے ہیں۔ لیکن سامراج کی کھلی معاشی، سیاسی اورفوجی جارحیت نے لوگوں کو دوبارہ ایک متبادل سوچنے کی راہ پر ڈال دیا ہے۔ یہ کتاب ایک ایسے سیاسی مقدمے پر مبنی ہے جس میں دئیے گے بیانات سوشلسٹ نظریات کو انتہائی سادہ اور عملی شکل میں پیش کرتے ہیں۔ یہ کتاب انقلاب، انقلابی جماعت کا کردار اور سیاست، ٹریڈ یونین اور مزدور طبقہ اورمساوی سماج کے قیام کے متعلق سوالات کا سائنسی اور عملی جواب ہے۔ جو ریاست ہائے متحدہ امریکہ کے معروف انقلابی جیمز پی کینن نے 1941ء میں بغاوت کے مقدمے کے دوران عدالت کے کٹہرے میں کھڑے ہو کر دئیے۔
آج سرمایہ داری نظام نے پوری دنیا میں جس لوٹ کھسوٹ، ظلم وجبر اور اجارہ داری کی انتہاء کر رکھی ہے اس کا ایک ہی مستقل اورسائنسی حل ہے، ایسا نظام جس میں ایک طبقہ دوسرے کا استحصال نہ کر سکے __ طبقات کے بغیر معاشرہ __ ایک سوشلسٹ معاشرہ۔ اس کتاب کو شائع کرنے کا مقصد اسی نصب العین کے حصول میں مدد کرنا ہے۔ یہ "Socialism on Trial" نامی کتاب کا ترجمہ ہے (جس میں اگرچہ بعض حصے شامل نہیں) جو ہفت روزہ مزدور جدوجہد میں سال 2001ء اور 2002ء میں شائع ہوا۔یوں تو اس مقدمے سے پہلے اور بعد میں بہت سے سیاسی مقدمات جن کا سامنا مزدور، کسان، طالبعلم، دانشور اور سیاسی رہنما کرتے آئے ہیں لیکن اس مقدمے کے بیانات نے سوشلسٹ نظریات کو جس طرح واضح کیا وہ اسی کا ہی خاصہ ہے۔
رضوان عطا
ایڈیٹر ہفت روزہ مزدور جدوجہد