دنیا بھر کے سنجیدہ علمی و ادبی حلقوں کے لیے پروفیسر ڈاکٹر سید مقصود حسنی کا نام کسی تعارف کا محتاج نہیں۔وہ گزشتہ چار عشروں سے اُردو زبان و ادب کی تدریس اور پرورش لوح و قلم میں مصروف تھے ۔دنیا کا کوئی مقبول علمی و ادبی مجلہ یا وقیع ویب سائٹ ایسی نہیں جہاں ان کی علمی وادبی تخلیقات موجود نہ ہوں ۔ وہ پاکستانی زبانوں کے ادب پر مکمل عبور رکھتے تھے اس کے ساتھ ساتھ انھیں عربی ،فارسی ،انگریزی اور بنگالی زبان پر بھی دسترس حاصل تھی ۔انھوں نے تعلیم و تد ریس اور تخلیق ادب کے لیے اپنی زندگی وقف کررکھی تھی ۔تحقیق،تنقید،تخلیق ِادب اور فروغ علم و ادب کا جذبہ ان کی جبلت میں شامل تھا ۔ پنجاب کے شہر قصور میں مقیم اردو زبان و ادب کے اِس بے لوث خادم اور حریت فکر کے مجاہد نے ستائش اور صلے کی تمنا سے بے نیا ز رہتے ہوئے اپنی زندگی میں ہزاروں تحریریں زیبِ قرطاس کیں ،تیس کے قریب وقیع تصا نیف پیش کرکے اردو ادب کی ثروت میںاضافہ کیا، اردو نظم ہو یا نثر ہر صنف ادب میں اپنی تخلیقی فعالیت کے جھنڈے گاڑ کے اپنی خداداد صلا حیتوں کا لوہا منوا یا ۔ادیان ِ عالم ، عالمی کلاسیک ،اردو زبان کا کلا سیکی ادب ہو یا معاصر ادب ہر شعبے میں ان کی فکر پروراور بصیرت افروز تحریریں اپنی اہمیت اورافادیت میں اپنی مثال آپ تھیں ۔ جلا ل الدین رومی ،غالب اور اقبال شناسی کے شعبے میں ان کا تحقیقی کام اس قدر جامع ،پر مغز اور تجزیاتی نوعیت کا ہے کہ پوری دنیا میں اسے قدر کی نگاہ سے دیکھا گیا۔ اس کے باوجود اگر سادیت پسند وں کو اردو ادب کے ہمالہ کی یہ سر بہ فلک چوٹی دکھائی نہیںدیتی تو یہ اُن کی نظر کا قصور ہے ورنہ شہرقصور کے اس عظیم دانش ور نے تواپنے دل کی شمع فروزاں کر کے سفاک ظلمتوں کو کافور کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی ۔ان کی تخلیقی کامرانیوں ،علمی و ادبی فتو حات اور اوجِ کمال کا احوال گرفتِ نظر سے باہر ہے عجز وانکسار کا یہ پیکر ایک ایسا درویش منش تخلیق کار تھا جس نے مسلسل پانچ عشروں سے گوشہ نشینی کی زندگی بسر کر نا اپنا شعار بنائے رکھا ۔ قصور کے نواح میں واقع ایک بستی شیر ربانی ٹائون کہلاتی ہے جس کے گرد و نواح کا ماحول آج بھی پتھر کے زمانے کی یاددلاتاہے ۔شیر ربانی ٹاؤن کے ایک چھوٹے سے مکان جو طوفانِ نوح ؑ کی باقیات میں سے ہے ۔اُس میں اردو ادب کا یہ بہت بڑا تخلیق کار زندگی بھر مقیم رہا اور ہر حال میں اللہ کی رضا پر راضی رہنا اپنا شعار بنایا ۔وہ مرد خود آگاہ اس حقیقت سے باخبر تھا کہ در کسریٰ پر صدا کرنا بے سود ہے ،حادثۂ وقت کے نتیجے میں ان تاریک کھنڈرات میں حشرات الارض ،بُوم و شپر ،زاغ و زغن ،کرگس و چغد ، جامد و ساکت مجسموں ، حنو ط شدہ لاشوں،بدروحوں اور چلتے پھرتے ہوئے مُردوںکا بسیراہے ۔اس قسم کی بے حس مخلوق اور عفریت کو دکھی انسانیت کے مصائب و آلام اور مصائب کے بارے میں بتانا پیدائشی نابینا کے آگے گریہ و زاری کرنے ،بھینس کے آگے بین بجانے اور بہرے کو محرمِ راز بنا کر اس کے کان میں سرگوشی کر کے حالِ دِل بتانے کے مترادف ہے ۔اللہ کریم نے اس یگانہ ٔروزگار فاضل اور ہفت اختر ادیب کو عجزو انکساراور ایک شان استغناسے متمتع کیا تھا ۔وطن اور اہلِ وطن سے قلبی لگائو اور والہانہ محبت اس کے ریشے ریشے میں سما چکی تھی۔ تخلیق ادب کے وسیلے سے قومی تعمیر و ترقی کے کاموں میں ہمہ وقت مصرو ف رہنا اس کا مطمح نظر رہا اسے کسی کی تخریب سے کوئی غرض نہ تھی ۔پاکستان کے اس نامور ادیب کی فقید المثال ادبی کامرانیوں کاہر سو ڈنکا بجتا تھا لیکن مقام حیرت ہے کہ ان کی شخصیت ،اسلوب اور زندگی کے حالات پر ان کے شایان شان نہ توکوئی ٹھو س کام اب تک منظر عام پر آ سکااور نہ ہی کسی ادارے کو ان کی پذیرائی کی توفیق ہوئی ۔
پروفیسر ڈاکٹرسید مقصود حسنی کے ساتھ میرا معتبر ربط گزشتہ چار عشروں پر محیط ہے ۔ان کے ساتھ پہلی ملاقات سال 1978ء میں اسلام آباد میں ہوئی ۔وہ ڈاکٹر نثار احمد قریشی،ڈاکٹر رحیم بخش شاہین،ڈاکٹر محمد ریاض اور ڈاکٹر بشیر سیفی کے ساتھ جامعہ علامہ اقبال کے مرکزی کتب خانے میں ایک ادبی سیمینار کے سلسلے میںمعاصر ادب کے موضوع پر گفتگو کر رہے تھے ۔ وہ بول رہے تو ایسا محسوس ہوتاکہ علمی و ادبی دائرۃ المعارف کے اوراق کھلتے چلے جا رہے ہیں ۔ کتب خانے میں موجود سب دانش ور ، نقاد ،محقق اور طالب علم ہمہ تن گوش تھے اور تکلم کے ا س معتبر سلسلے میں کھو گئے تھے ۔گندمی رنگ ،دراز قد ،پتلا اور متوازن جسم ،سر پر گھنگھریالے بال ،پتلی رِیش ،گندمی رنگ ،گہری سیاہ آ نکھیں، الفاظ کی ترنگ اور دبنگ لہجہ ان کی سادہ مگر وجیہہ شخصیت کی پہچان تھی۔شلوار ،قمیص اور جیکٹ پہنتے تو ان کی شخصیت اور بھی پر کشش ہو جاتی ۔ اپنی دنیاآپ پیدا کرنے والے اس حال مست ولی، درویش منش صوفی اور صاحب ِ باطن فقیر نے قناعت و استغنا کوشعار بناتے ہوئے پرورش ِ لوح و قلم کو مطمح نظربنایا ۔ہر قسم کی ترغیب و تحریص کو لائق استردا د ٹھہراتے ہوئے ،ستائش اور صلے کی تمنا سے بے نیاز رہتے ہوئے اور صبر و رضا کا دامن تھا م کر زندگی بسر کرنے والے اس یگانۂ روزگار ادیب نے لوحِ جہاں پر اپنا دوام ثبت کر دیا۔ کٹھن اور صبر آزماحالات سے دو چار ہونے کے باوجود اُنھوں نے اسیر قیاس آرائی ہونے سے گریز کیا ۔حق گوئی و بے باکی کو شعار بنانے والے اس جری تخلیق کار نے حریت ِ ضمیر سے جینے کے لیے ہمیشہ اسوۂ شبیر ؓ ہی کو زاد ِراہ بنایا ۔پس نو آبادیاتی دور میں جب حرف صداقت لکھنے پر قدغنیں تھیں توایک ہمہ جہت تخلیق کار اور باوقار مصلح کی حیثیت سیپروفیسر ڈاکٹرسید مقصود حسنی نے اپنی فکر پروراورخیال افروز تحریروں سے عصری آ گہی پروان چڑھانے کی ٹھا ن لی اورمتاعِ لوح و قلم چھین لینے والوں پر واضح کر دیاکہ حریت فکر کے مجاہد خونِ دِ ل میں انگلیاں ڈبو کر دل پر گزرنے والے سانحات کااحوال رقم کرنے کا حوصلہ رکھتے ہیں ۔کسی بھی نابغۂ روزگار ہستی کی کتاب زیست کا مطالعہ بہت کٹھن مر حلہ ہے ۔معاشرتی زندگی کا المیہ یہ ہے کہ سطحی مطالعہ کے عادی صرف سر ورق پر نگاہ ڈال کر چپ سادھ لیتے ہیں۔انھیں قلزم زیست کی غواصی کرنے اور اس کی تہہ میں موجود کائنات کے اسرار و رموزکے گہر ہائے آ ب دار بر آ مد کرنے کی فرصت ہی نہیں ۔
جمعہ، ۱۲۔ اپریل 2019کو پروفیسر ڈاکٹرسید مقصود حسنی کے نہ ہونے کی ہونی سن کر دل دہل گیا ۔قصور میں مقیم اس یگانۂ روزگارفاضل نے علم وادب کی جو خدمت کی وہ تاریخ کے اوراق میں آبِ زرسے لکھی جائے گی۔شاعری ،لسانیات ،صحافت ،افسانہ نگاری ،تحقیق ،تنقید،نفسیات ،فلسفہ اور علم بشریات کا یگانۂ روزگار فاضل رخصت ہوگیا۔ وہ ماہر تعلیم عدم کی بے کراں وادیوں کی جانب سدھا ر گیا جس نے پیہم پچیس برس تک نو جوان نسل کے قلوب کو ایک ولولۂ تازہ عطا کیا ۔ پامال راہو ںسے بچتے ہوئے ،کلیشے کو ٹھکرا کر اپنے اسلوب میں جدت او رتنوع کو شعار بناکر ،افکارِ تازہ کی مشعل تھام کر سفاک ظلمتوں کو کافور کر کے جہان ِ تازہ کی جانب روشنی کا سفر جاری رکھنے پر اصرار کرنے والا جر ی تخلیق کار کوہِ ندا کی صدا سن کر ساتواں در کھول کے جہاں سے یو ں اُٹھا کہ اُس کے سب مداحوں کا دِل بیٹھ گیا۔ اپنی شاعری کے لیے اس نے جن زبانوں میں طبع آزمائی کی ان میں اردو ،انگریزی ،پنجابی ،سرائیکی ،گوجری ،ہندکو ،پوٹھو ہاری ،فارسی اور عربی شامل ہیں۔ علم و ادب کا یہ درخشاں ستارہ سال 1951ء میں پنجابی زبان کے صوفی شاعر غلام حضور شاہ کے گھر اسلام پورہ قصور میں طلوع ہوا۔جامعہ پنجاب ،لاہور سے اردو ،سیاسیات ،معاشیات اور تاریخ میں ایم۔اے کی ڈگریاں حاصل کیں ۔علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ،اسلام آبادسے ایم۔فل ( اردو ) اور امریکہ سے اردو لسانیات میں ڈاکٹریٹ کی ۔پروفیسر ڈاکٹرسیدمقصود حسنی سراپا محبت و خلوص تھے انھوں نے اپنی تخلیقی فعالیت سے ثابت کر دیاکہ وہ خوابوں کے ایک ایسے صور ت گر ہیںجو اس دنیا کے آ ئینہ خانے کے سب رنگ دیکھ سکتے ہیں۔اپنی تخلیقات میں وہ اپنے دِل میں اُترنے والے سب موسموں کی لفظی مرقع نگاری بھی کرتے چلے جاتے تھے۔وہ یہ بات بر ملاکہتے کہ اپنے من کی غواصی کر کے سرا غ ِ زندگی پاناہر شخص کا مطمح نظر ہونا چاہیے ۔ اپنے داخلی جذبات اور احساسات کو پیرایہ ٔ اظہار عطاکرتے وقت وہ ایک ماہر فن مر صع ساز کا انداز اپناتے تھے ۔ہر بات بر محل اور ہر واقعہ کے لیے موزوں تمہید ان کے اسلوب کا امتیازی وصف رہا۔اُن کا کہنا تھاکہ انسان شناسی بھی ایک قسم کی دشت نوردی ہے اس میں قدم رکھنے والوں کو یہ بات ذہن نشین کر لینی چاہیے کہ سب سے پہلے تو اپنی حقیقت سے آشنا ہونابے حد ضروری ہے ۔ خود شناسی اور خود سپردگی کے نئے منظر نامے کی بساط کے معاملے میں کسی قسم کی تعجیل کی ہر گز احتیاج نہیں۔یہ جاننا ضروری ہے کہ کیا کوئی شخص اپنا بن کر خود اپنی نظروں میں معزز و مفتخر ہو سکا یا نہیں۔ اگر کوئی شخص اپنی ذات کے بارے میں تمام حقائق منظر عام پر لانے میں تامل کا مظاہرہ کرتاہے تو دوسروں کے معمولات بارے میں اس کے بتائے ہوئے معا ملات کی صداقت پر کون یقین کر ے گا؟
پروفیسر ڈاکٹرسیدمقصود حسنی ساری زندگی ارد و زبان و ادب کی تدریس میںمصروف رہے ۔وہ ایک وسیع المطالعہ نقاد تھے اوردنیابھر کے کتب خانوں سے انھوں نے استفادہ کیا۔ اُن کے ذاتی کتب خانے میں عالمی کلاسیک ،ادیان عالم ،تاریخ ،فلسفہ ،عمرانیات ، معاشیات ،طب یونانی اور نفسیات کے موضوع پر دس ہزار کے قریب کتب موجود ہیں ۔ باغِ جناح لاہور میں بانی ٔ پاکستان کی یا د میں قائم کی گئی قائد اعظم لائبریری،پنجاب پبلک لائبریری ،لاہور ،اقبال اکادمی کتب خانہ ،لاہور ،دیال سنگھ کالج لائبریری ،لاہوراور مجلس ترقی ٔ ادب ،لاہور میں ان سے اکثر ملاقات ہو جاتی ۔ ان ملاقاتوں کے حوالے سے وہ اپنے سب دوستوں کو یہ باور کرانے کی کوشش کرتے کہ ان لمحات کی قدر کر و اور احباب کے سامنے دردِ دِل کہہ ڈالو،ممکن ہے اس تسبیح رفاقت کے تار ٹوٹ جائیں اور سب دانے بکھر جائیں ۔دیرینہ رفقا اور معتمد ساتھیوں کے ساتھ اِس قسم کی ملاقاتوں کو وہ حاصل زیست قرا ر دیتے تھے ۔ سندی تحقیق کے سلسلے میںکتب خانوںمیں ہونے والی بہر ملاقات منعقد ہونے والی ہر تقریب کی عطر بیز یادیں آج بھی نہاں خانۂ دِ ل میں بسی ہیں ۔وہ گلو گیر لہجے میں یہ بات کہتے کہ سادیت پسندوں اور چشمِ حصودنے ہمیشہ خمیازہ کشان وفا اور اہلِ درد کواذیتوں اور عقوبتوں کے زندانوں میں محصور کرنے کی کوشش کی ہے ۔اس قسم کی منفی سوچیں ایسے قفس کا رُوپ دھار لیتی ہیں جس میں مجبور انسان کا طائرِ دِل پھڑ پھڑاتاہے مگر اس کی داد ر سی کے لیے کوئی چارہ گر آ گے نہیں بڑھتا۔ یکم جنوری 2004 ء سے علم کی روشنی پھیلانے کے سفر کا آغاز کرنے والی علامہ اقبال سائبر لائبریری( ICL) کے قیام کو وہ فروغِ علم و ادب کے لیے نیک فال قراردیتے تھے ۔ بر صغیر میںنو آبادیاتی دور میں علی گڑھ تحریک نے بر طانوی استعمار کے خلاف رائے عامہ بیدار کرنے کے سلسلے میں جو گراں قدر خدمات انجام دیں وہ ان کے بہت مداح تھے ۔سرسید احمدخان اوران کے ممتاز رفقائے کارکی علمی ،ادبی اور قومی خدمات پر ان کی تحقیق نہایت اہم ہے ۔عالمی کلاسیک کے مطالعہ کے فروغ کی خاطر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں سال 1877ء میں وائسرائے ہند لار ڈ لٹن(Robert Bulwer-Lytton) نے اپنے عرصہ ٔ قیام ( 1876 - 1880) کے دوران میںایک کتب خانے کا سنگ بنیاد رکھا۔ پس نو آبادیاتی دور میں(1960ء ) اس کتب خانے کو مولانا ابولکلام آزاد سے منسوب کر دیا گیا۔ محمد شریف خان مہتمم کتب خانہ گورنمنٹ کالج جھنگ اور حاجی احمد بخش نے بتایا کہ سال 1926ء میں رانا عبدالحمید خان پرنسپل گورنمنٹ کالج ،جھنگ کی قیادت میںپچاس طلبا و طالبات اپنے اساتذہ غلام رسول شوق ، لال چند لالہ اورپریم سنگھ کے ہمرا ہ مطالعاتی دورے کے سلسلے میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی پہنچے ۔یہاں انھوں نے عربی اور فارسی زبان کے ادب کے جو نادر و نایاب مخطوطات دیکھے ان کی تعداد سولہ ہزار تھی ۔پروفیسر ڈاکٹرسیدمقصود حسنی نے گورنمنٹ کالج ،جھنگ کے اُسی زمانے کے ایک طالب علم سردار باقر علی خان سے بھی ملاقات کی جو مطالعاتی دورے میں علی گڑھ گیاتھا ۔نو آبادیاتی دور میں یہ طالب علم انڈین سول سروس کامقابلے کا امتحان پاس کر کے ترقی کے مدارج طے کر کے لکھنو میں ڈپٹی کمشنر رہااور پس نو آبادیاتی دو ر میں ملتان میںکمشنر کے عہدے پر فائز ہوا۔ سردار باقر علی خان نے بتایا کہ اس کتب خانے کے ساتھ ایک سو دس شعبہ جاتی کتب خانے ملحق ہیں ۔پروفیسر ڈاکٹرسیدمقصود حسنی نے ایک ملاقات میں بتایا کہ سرسیداحمد خان کی یاد میںقائم اس جامعہ کے کتب خانے میں اٹھارہ لاکھ کتب موجود ہیں اور یہاں پانچ ہزار چھے سو کے قریب مجلات دستیاب ہیں ۔ محمد شریف خان مہتمم کتب خانہ گورنمنٹ کالج جھنگ نے ایک ملاقات میں پروفیسر ڈاکٹرسیدمقصود حسنی کو بتایا کہ گورنمنٹ کالج ،جھنگ کے کتب خانے میں بڑی تعداد میں مخطوطات اور نادر کتب کا ذخیرہ موجود تھا مگر دریائے چناب کے دو سیلابوں ( 1950& 1973) سے کتب خانے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا۔اب یہاں کے کالجز ،جامعات ، ثانوی و اعلیٰ ثانوی مدارس، ضلع کونسل اور بلدیہ کے کتب خانے مختلف مضامین کی نئی کتابوں کی فراہمی میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں ۔ پروفیسر ڈاکٹرسیدمقصود حسنی نے علمی و ادبی کتابوں کو ہمیشہ اپنا چمن قرار دیا۔ وطن عزیز کے جن کتب خانوں سے وہ مستفید ہوئے ان میں نیشنل لائبریری ،اسلام آباد،علامہ اقبال لائبریر ی سیال کوٹ ،علامہ شبیر احمد عثمانی لائبریری ،کراچی،حسر ت موہانی لائبریری، حیدر آباد ، اور فیضی رحمین آ رٹ گیلری ،کراچی شامل ہیں۔ وہ اس بات پر اکثر زور دیتے کہ اگر مقتدر حلقے ارض وطن کے اہم کتب خانوں کو ممتاز علمی و ادبی شخصیات کے نام منسوب کر دیں تو ان شخصیات کو خراج تحسین پیش کرنے کی یہ ایک قابل فخر صورت ہو گی ۔وہ یہ بات زور دے کر کہتے کہ جبر کے ماحول میں کتب خانوں میں عصری آ گہی کو پروان چڑھانے والی افکارِ تازہ سے مزین کتب کی فراہمی پر تو قدغنیں عائد کی جا سکتی ہیں مگر حریت فکر و عمل کے مجاہدوں کے نہاں خانۂ دِل اور بصیرت میں رچ بس جانے والے ارفع تصورات کی راہ میں جو دیوار بنے گا وہ نہیں رہے گا۔
ایک روایت شکن ادیب کی حیثیت سے پروفیسر ڈاکٹرسیدمقصود حسنی نے گزشتہ چار عشروں میں سماجی اور ثقافتی اقدار کی روشنی میں منطق اوردلیل کے ساتھ طرز ِ کہن کو لائق استرداد ٹھہرایا ۔ مختلف علمی و ادبی مجلات اور اخبارات میں ان کے تین سو سے زائدمضامین شائع ہوئے ۔ادبی نشستوں میں ان کے پانچ سو خطبات ان کی علمی فضیلت کی دلیل ہیں ۔ شاعری ،تراجم ،تخلیق اور تحقیق پر مشتمل ان کی اہم تصانیف درج ذیل ہیں :
شعری مجموعے :اوٹ سے ،سپنے اگلے پہر کے ،سورج کو روک لو
افسانہ نگاری :زرد کاجل ،وہ اکیلی تھی ،جس ہاتھ میں لاٹھی
طنز و مزاح : بیگماتی آ نسو
تراجم : ترک شاعری ،رباعیات ِ خیام
ادبی تحقیق و تنقید:اُردو میں نئی نظم ،جرمن شاعری کے فکری زاویے ،غالب اور اس کا عہد ،تخلیقی و تنقیدی زاویے ،منیر الدین کی افسانہ نگاری : ایک جائزہ ،شعریات ِ خیام ،تحریکاتِ اردو ادب ،شعریات ِ غالب ( لسانیات)،شعریاتِ شرق و غرب ،ارد و شاعری فکری و لسانی زاویے،اصول اور جائزے
وہ ایک خوش کلام ،خوش خصال اور خوش اخلاق ادیب تھے۔ ان کا خیا ل تھا کہ رشتہ و پیوند کے تراشیدہ بتان وہم و گماں کو بیخ و بن سے اُکھاڑ پھینکنا بلا شبہ اُس وقت تک ایک کٹھن مر حلہ رہے گا جب تک لوگ حرف صداقت کی اہمیت و افادیت کو تسلیم کرنے میں تذبذب کا مظاہرہ کر تے رہیں گے۔ سیاحت او ر آثار قدیمہ سے انھیں گہری دلچسپی تھی وہ جہاں بھی جاتے ماضی کی تہذیبی و ثقافتی میراث پر ضرور توجہ دیتے ۔ہرن مینار ،بھنبھور ،تھر تھر کانپتا تھر کا صحرا ،تخت ہزارہ ،کمالیہ ،گجرات اور چناب کا ذکر چھڑتا تو وہ پکار اُٹھتے ۔سنسان جنگل ،ویران کھنڈرات،اُجڑے ہوئے محلات ،شکستہ مقبرے اور برباد حویلیاں دیکھ کر یقین ہو جاتاہے کہ اس سراب کی سی دنیا کی نمائش میں ہماری زندگی حباب کے مانند ہے۔لطافت ،شرافت ،شائستگی اور متانت کی مظہر ان کی گل افشانی ٔ گفتار کا ایک عالم مدا ح تھا۔اظہار و ابلاغ میں عجز و انکسار ،دوستوں کے ساتھ پیمان ِوفا باندھنے میں استقامت او ر وقار۔ کینہ پرور اور بے کمال حاسدوں کے تیر ستم سہنے کے بعد صبر و قرار ایسے اوصاف تھے جو ان کی شخصیت کو نکھار عطا کرنے کا وسیلہ بن گئے۔ لاہور کی مضافاتی بستی شاہدرہ جاتے تو جیا موسیٰ میں مقیم پنجابی زبان و ادب کے محقق ، ادیب و نقاد میاں اقبال زخمی سے ضرورملاقات کرتے ۔ لاہور شہرکے ساتھ قلبی وابستگی اور والہانہ محبت ان کی باغ و بہار شخصیت کا امتیازی وصف تھا۔ لاہور کی قدیم تاریخی عمارات،باغات اور تہذیب و ثقافت کے بارے میںسر سید احمد خان ( 1817-1898)کی معرکہ آرا تصنیف آثار الصنادید ( 1847 ء ) کے انداز میں لکھی گئی تہذیب و ثقافت کے مورخ پراں نویل ( : 1922-2018 Pran Nevile)کی اپنی جنم بھومی لاہور کی یادوں پر مبنی سال 1993ء میں شائع ہونے والی کتاب ( Lahore: A Sentimental Journey) اُنھیں بہت پسند تھی ۔ شاہدرہ میں وہ اپنے دوستوں کے ہمراہ مغل شہنشاہ جہاں گیر اور اس کی اہلیہ نور جہاں کی آخر ی آرم گاہ پر حاضری دیتے اور کہتے سیلِ زماں کے تھپیڑے تخت و کلاہ کے سب سلسلوں کو خس وخاشاک کے مانند بہالے جاتے ہیں ۔ وہ اس بات پر اکثر دل گرفتہ ہو جاتے کے خراباتیانِ خرد باختہ نے زندگی کی حقیقی معنویت پر کبھی توجہ ہی نہیں دی ۔ان کا خیا ل تھا کہ اس عالمِ نا پائیدار میں زندگی سراب کی سی ہے یہاں کی رنگینیاں ،رعنائیاں اور حسن و خوبی کے جملہ استعارے اپنی نوعیت کے لحاظ سے الہامی اور وجدانی خیال آرائیوں کے پُر کیف اشارے ہیں۔ شہنشاہ جہاں گیر کے بارے میںوہ یہ کہتے کہ عیاش عورتوں کے ساتھ جنسی جنون کی حد تک بڑھے ہوئے تعلقات نے منشیات کے عا دی اس مطلق العنان بادشاہ کی نجی زندگی اور شخصیت و کردار کو تباہ کر دیا۔ سیرت و کردارکی تشکیل و تعمیر ِ نو ایک کٹھن اور پیہم رواں عمل ہے ،زندگی کے مختلف مراحل میں انسان کا واسطہ مختلف مزاج کے لوگوں سے پڑتا رہتاہے ،شہنشاہ جہاں گیر نے اپنی زندگی کے واقعات اور تاریخ کے سانحات سے کوئی سبق نہ سیکھا۔ عملی زندگی کے نشیب و فراز میں مستور سبق تجربات و مشاہدات کی روشنی میں واضح ہو جاتاہے ۔شہنشاہ جہاں گیر اس حقیقت سے چشم پوشی کرتا رہا کہ اس کی حسن پرستی نے اُسے اہل ِ عالم کی نگاہ میں تماشا بنا دیاہے ۔کوئی اِس بات پر چیں بہ جبیں ہو یا شاداں ہو مگر یہ ایک مسلمہ صداقت ہے کہ ہر شخص کے باطن میں ایک ترکی و تازی اسب پنہاں ہے جو طلب کا تازیانہ کھا کر یہ باور کراتاہے کہ چلے چلو ابھی منزل بہت دُور ہے ۔ گردش ِ مہ و سال کے وبال نے مغل شہنشاہ جہاں گیر کو اگرچہ اضمحلال کی بھینٹ چڑھادیا مگر حیران کن بات یہ تھی کہ عمر بڑھنے کے ساتھ ساتھ اس کی شخصیت میں شرم و حیا،اخلاق و شائستگی اور فہم و فراست بتدریج گھٹنے لگی ۔ قعر ِ مذلت میں ڈُوبے شاہی دربار سے وابستہ مسخرے ہر وقت خوشامد کی دولتیاں چلاتے اور خوب ہنہناتے ۔ ان عیار بھانڈوں کی جہالت اور خست و خجالت کی پیہم تیر اندازی سے باد شاہ اور دربار کا مشکیزہ ٔ وقار چھلنی ہو گیا۔ان حالات میں قصر ِ شاہی میں خود رائی اور خود ستائی کا شکار اناڑی ،عیاش اورراسپوٹین قماش بادشاہ اپنے پروردہ خوشامدیوں میں گھرا ہر وقت نشے میں دھت حسن مہ کو بہ ہنگامِ کمال دیکھنے میں مصروف رہتا۔ شا ہ جہان اور نو ر جہاں کی مساعی سے جہاں گیر کے مقبرے کی تعمیر کاآغاز 1627ء میں ہوا جسے دس سال کے عرصے میں دس لاکھ روپے خرچ کر کے مکمل کیا گیا۔ چار میناروں پر مشتمل مقبرہ جہاں گیر کو تاج محل کے بعد مغلیہ عہد کے فن تعمیر کا دوسر ا بڑ شاہ کار قرار دیا جاتا ہے ۔بادشا ہی مسجد لاہور کی بلندی سے دیکھیں تو مقبرہ جہاں گیر کے صرف تین مینار دکھائی دیتے ہیں۔یہی کیفیت یہاں سے بادشاہی مسجد کے میناروں کے ساتھ ہے ۔ مقبرہ جہاں گیر پر گلو گیر لہجے میں مجید امجد کی یہ نظم پڑھتے تو وہاں موجود سب سامعین کی آنکھیں بھیگ بھیگ جاتیں ۔
زنگ آلود کمر بند ،صدف دوز عبا،
یہ محافظ ،تہ محراب عصا تھامے ہوئے
کھانستی صدیوں کا تُھوکا ہوا اِک قصہ ہیں
اِسی گرتی ہوئی دیوار کا اِک حصہ ہیں !
کُھردرے ،میلے،پھٹے کپڑوں میں بُوڑھے مالی
یہ چمن بند ،جو گزرے ہوئے سلطانوں کی
ہڈیاں سینچ کے پھلواڑیاں مہکاتے ہیں
گھاس کٹتی ہے کہ دِن اِن کے کٹے جاتے ہیں
اور اِنھیں دیکھو------ یہ جاروب کشانِ بے عقل
صبح ہوتے ہی جو چُن چُن کے اُٹھا پھینکتے ہیں
گُتھیاں --------- عشرت ِ دزدیدہ کی تلچھٹ سے بھری
کہنہ زینوں میں پڑی ،تیرہ دریچوں میں پڑی !
لاکھ ادوارکی لاشوں پہ بچھا کر قالین
چند لوگ اپنی ترنگوں میں مگن بیٹھے ہیں
عکس پڑتا ہے جو نظروں پہ حسیں زُلفوں کا
ڈُوب جاتاہے پیالوں میں دُھواں سُلفوں کا
سنگ ِ احمر کی سِلوں پر یہ سطور ِ پُر نُور
جن کی ہر جدول ِ گُل پیچ کے اُلجھاؤ میں
کتنے صناعوں کی صد عمر عزیز آویزاں
اِس جگہ آج سحر خیز مریض آویزاں
موج صد نقش میں لپٹے ہوئے میناروں کے
دُودھیا بُرج ،درختوں کے گھنے جُھنڈ میں گُم
جن کے چھجوں سے نظر آتے ہیں مدفونِ غبار
رینگتی روحوں سے آباد گناہوں کے دیار !
گنبدِ دِل میں لیے رقص مہ و سال کی گُونج
یہ جھروکا کہ جو راوی کی طرف کُھلتاہے
اپنی تنہائی ویراں سے اما ںمانگتاہے
ہر گزرتی ہوئی گاڑی سے دھواں مانگتاہے !
تین سو سال سے مبہوت کھڑے ہیں جو یہ سرو
اِن کی شاخیں ہیں کہ آفاق کے شیرازے ہیں
صفِ ایام کی بِکھری ہوئی ترتیبیں ہیں
اِ ن کے سائے ہیں کہ ڈھلتی ہوئی تہذیبیں ہیں
مرمریں قبر کے باہر چمن و قصر و اُطاق ،
کوئلیں ،امریاں ،جھونکے ،روشیں ،فوارے
اور -------کچھ لوگ کہ جو محرمِ آداب نہیں !
مرمریں قبر کے اندر ،تہِ ظُلمات کہیں
کِرمک، مُور کے جبڑوں میں سلاطیں کے بدن
کوئی دیکھے ،کوئی سمجھے تو اِ س ایواں میں جہاں
نُور ہے ،حُسن ہے ،تزئین ہے ،زیبائش ہے
ہے تو بس ایک دُکھی روح کی گنجائش ہے
تم نے دیکھا کہ نہیں آج بھی اِن محلوں میں
قہقہے جشن مناتے ہوئے نادانوں کے
جب کِسی ٹُوٹتی محراب سے ٹکراتے ہیں
مرقدِ شاہ کے مینار لرز جاتے ہیں ! ( 1956)
احسان دانش ( 1914-1982) کے شعری مجموعے ’’ دردِ زندگی ‘‘ میں شامل نظم ’’ جہانگیر کے مقبرے پر ایک شام ‘‘ بھی وہ اکثر پڑھ کر سناتے ۔اس طویل نظم کے یہ اشعار سامعین کو بہت پسند تھے :
چلتے چلتے سامنے وہ مقبرہ آیا نظر
دفن جس میں اکبر ِ اعظم کا ہے لخت ِجگر
یہ زمین اُس تاج دار ِ ہند کی ہے پردہ دار
جس کے آئینِ جہاں بانی رہیں گے یادگار
ہے یہاں روپوش دورِ مغلیہ کا آفتاب
ہے یہاں اِنساں کی ہستی کا معّما بے نقاب
ہے یہاں نظارہ ٔ آغاز انجام ِ حیات
ڈگمگاتے ہیں یہاں چلتے ہوئے گامِ حیات
یہ تو سب کچھ ہے مگر پہلی سی اب باتیں نہیں
وہ خوشی کے دِن نہیں وہ عیش کی راتیں نہیں
ملکہ نور جہاں کے بارے میں پروفیسر ڈاکٹر سید مقصود حسنی کی چشم کشا صداقتو ںسے لبریز لیکچرز اور خیال افروز مباحث سن کر سامعین کے لیے یہ مشکل ہو جاتاکہ وہ محبت اورنفرت کے جذبات میں فر ق محسوس کر سکیں۔ شہنشاہ اکبر نے اپنے ایک مشیر ملک مسعودکے کہنے پر میرزا غیاث بیگ کو اعتماد الدولہ کا لقب دیا اور شعبہ دیوان ( خزانہ ) کانگران بنا یا۔اُس کی بیٹی نو ر جہاں( مہر النسا : 1577-1645 )کے متعلق ان کے خیالات سن کر قاری دنگ رہ جاتا کہ ہر بڑے سر کے ساتھ انجام کارفقط سنگ ہی رہ جاتاہے ۔ وہ کہا کرتے تھے کہ مہر النسا نے مغل بادشاہ اکبر اعظم کے اعتماد کو ٹھیس پہنچائی اور اپنے حسن سے شہزادہ سلیم کو دیوانہ بنا دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ گردش افلاک نے نور جہاں کے ساتھ بھی عجب کھیل کھیلے۔منھ زور شباب کی شدت سے مغلوب اس حسینہ نے جذبات کی حدت اور احساسات کی تمازت سے اپنی مقناطیسی شخصیت سے کئی لوگوں کو اپنا گرویدہ بنا رکھا تھا۔وہ غیر فعال شناسائی کو جگ ہنسائی پر محمول کرتی اور سب فاصلے مٹا کر یک جان دو قالب ہو جانے والے تعلق کو حاصلِ زیست قرار دیتی تھی ۔ سراغ رسانوں نے مغل شہنشاہ جلا ل الدین اکبر (1522-1605)کو بر وقت بتا دیاکہ اُس کا لخت ِ جگر مہر النسا کی زلف گرہ گیر کا اسیر ہو چکا ہے ۔شہنشاہ اکبر نے اپنے بیٹے کو اس آفت نا گہانی سے بچانے کی خاطر سترہ سال کی مہر النسا کی شادی علی قلی خان سے کر ا دی اور سکھ کا سانس لیا۔ بنگال کے جنگلات میں ایک شاہی شکارکے دوران میں ایک آدم خور شیر نے ہاتھی پر سوار شہنشاہ اکبر پر حملہ کردیا علی قلی خان برق رفتاری سے شیر پر جھپٹااور درندے کو مارگرایا ۔اس بہادری کی وجہ سے علی قلی خان کو شیر افگن کا لقب ملا ۔یوں ایرانی سپاہی اور صو بہ بہار کے گورنر علی قلی خان کو اس کی مصنوعی چاہت ،خلوص ،وفا ،ایثار اور دردمندی کا ذائقہ چکھنے کا موقع ملا۔ علی قلی خان کے سا تھ شادی کے بعدمہر النسا کی بیٹی لاڈھی بیگم پید اہوئی۔علی قلی خان کے ساتھ نو ر جہاںکی شادی کے بعد وفا کی اداکاری کے عرصے (1594-1607)میں بھی شہزادہ سلیم کی نظریںاس مہ جبیں حسینہ پر مرکوزرہیں ۔ دونوں کی محبت کا یہ لاوا خفتہ آتش فشاں کی طرح اندر ہی اندر اُبلتا رہا۔ شہزادہ سلیم یہ سمجھتا تھا کہ علی قلی خان اپنی اوقات فراموش کر کے کباب میں ہڈی بن گیاہے۔ شہنشاہ اکبر کی وفات کے بعد جب شہزادہ سلیم تخت نشین ہوا تو اس نے مہر النساکے ساتھ باندھے ہوئے پیمان وفا کی تجدید کی خاطر علی قلی خان کو سال 1607 ء میںٹھکانے لگادیا۔ پہلے سے طے شدہ منصوبے کے مطابق مہر النسا کو قصر شاہی میں طلب کر لیا گیااور اس نے وہاں بیوگی چادر اوڑھ کراپنے مقتول شوہر کے سوگ کی تین سال تک اداکاری کی ۔ علی قلی خان جب عدم کی بے کراں وادیوں کو سدھار گیا تو نورالدین جہاں گیر نے بیوہ مہر النسا جس کی عمر چونتیس سال تھی سے 25۔مئی 1611ء کو عقد کر لیا ۔علی قلی خان کے ساتھ اپنی محبت،وفا اور عہد و پیمان کو قصر شاہی کی بیرونی سیڑھیوں میں دفن کر کے نو ر جہاں دھیرے دھیر قدم اُٹھاتے جب شاہی محل سرا میں داخل ہوئی توعبرت سرائے دہر کے موسموں کے مانند بدلتے ہوئے رنگ واضح ہو گئے۔ہر شام قصر ِ شاہی میں ملکہ نورجہاں پریوں کا اکھاڑا سجاتی اور شہنشاہ جہاں گیر وہاں راجہ اندربن کر داد عیش دیتا تھا۔شہنشاہ جہاں گیر کے ساتھ اپنی شادی کے عرصے ( 1611-1627) میں نور جہاں ہندوستان کے سیاہ و سفید کی مالک بن بیٹھی ۔ رعایا کے چام کے دام چلانے کے ساتھ ساتھ اس ملکہ نے پٹنہ کی ٹکسال سے تیار ہونے والا چاندی کا ایک روپے کا سکہ بھی چلا دیا جس پر ’’ نور جہاں ‘‘کندہ تھا۔ اس شادی کے بعد نور جہاں کی کوئی اولاد نہ ہوئی اور وہ اپنی بے وفائیوں کی سزا بھگتنے کے لیے بھری دنیا میں تنہا رہ گئی ۔ اقربا پروری میں نو ر جہاں اپنی مثال آ پ تھی ۔اس نے اُس نابینا کو بھی مات دے دی جو ریوڑیا ں بانٹتے وقت مستحقین کو خوب چھا نٹتا تھااور ہر حال میںریوڑیاں صرف اپنوں ہی میں بانٹتا تھا۔ سب سے پہلے تو اس نے اپنے باپ کو بلند منصب پر فائز کیا اس کے بعد اپنے بھائی آصف خان کو وزیر اعظم مقرر کیا ۔ شہنشاہ جہاں گیر کی اس بیسویں بیوی نور جہاں نے اپنی بیٹی لاڈھی کی شادی شہنشاہ جہاں گیر کے بیٹے شہر یار سے کی اور اپنے بھائی آصف خان کی بیٹی ارجمند بانو بیگم ( ممتاز محل ) کی شادی شہنشاہ جہاں گیر کے بیٹے خرم ( شاہ جہاں ) سے کی ۔نور جہاں کا مزاج سازشی تھا،شہنشاہ جہاں گیر کی شدید علالت کے زمانے میں اس نے اپنی بیٹی لاڈھی کے شوہر شہر یار کو اپنے بھائی آصف خان کی بیٹی کے شو ہر شہزادہ خرم کے بجا ئے بادشا ہ بنانے کامنصوبہ بنایا۔آصف خان کی بغاوت کے نتیجے میں وہ اپنے مکروہ عزائم کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں کامیاب نہ ہو سکی ۔ اقتدار کے بھوکے اور محسن کش آصف خان نے اپنی بہن کو زندان میں ڈال دیا،نور جہاں کے داماد شہزادہ شہر یار کو اندھا کر نے کے بعداسے موت کے گھاٹ اتار دیا۔ شاہ جہاں نے اقتدار سنبھالتے ہی اپنی سوتیلی ماں نور جہاں کو رہا کر دیا اور اس کے لیے دو لاکھ روپے سالانہ وظیفہ مقرر کیا۔ داماد کی ہلاکت کے بعد اس نے پیہم سفید ملبوسات پہنے اور شوہر کی وفات کے بعد باقی زندگی ( اٹھارہ سال )کے لیے سفید ردائے بیوگی اوڑھ لی ۔ اس نے اتر پردیش کے شہر آگرہ میں دریائے جمنا کے کنارے سفید سنگ ِ مر مر سے اپنے باپ اعتماد الدولہ کا مزار تعمیر کرایا ۔ جالندھر سے سولہ میل کے فاصلے پر سال 1618ء میں تعمیر کی گئی نو ر محل سرائے اس کی انسان دوستی اور فن تعمیر سے دلچسپی کا ثبوت ہے ۔ ملکہ نور جہاں کا تخلص مخفی ؔ تھااور وہ فارسی زبان میںشعر کہتی تھی ۔ اس کا یہ شعر زبان زد عام ہے:
بر مزار ما غریباں نے چراغے نے گلے
نہ پر پروانہ سوزد نے صدائے بلبلے
جنسی جنون کے چقماق سے بھڑک کر قصر شاہی میں داد عیش دینے والی اِس موقع پرست عورت نے اپنے شوہر کے قاتل سے پیمان وفا باندھ کر اپنی ذات کو نفرتوںکی ایسی خندق میں دھکیل دیا جہاں سے وہ کبھی نکل نہیں سکتی ۔ سیلِ زماں کے تھپیڑوں نے اس خورشید جمال حسینہ کا اوج کمال حقارتوں کے پاتال میں لا پھینکا ۔ وہ چشم تصور سے یادوں اور فریادوں کے اس خرابے میں علی قلی خان کی بیٹی لاڈھی اس کی بیوی نو ر جہاںجو بعد میں مغل شہنشاہ جہاں گیر کی بیسویں اہلیہ بن بیٹھی کو دیکھ لیتے۔ عبرت سرائے دہر میںاپنی پتھرائی ہوئی آ نکھوں میں ندامت ،کرب ،پشیمانی اور غم کاڑھے ہوئے یہ موقع پرست عورتیں حیر ت وحسرت کی مثال بن گئیں ۔ کچھ فاصلے پر محسن کش افعی آصف خان کی قبر ہے جسے گردش حالات کے جبر نے ویران کر دیا ہے ۔فضاؤں میں پھیلی ان کی فریادیں صاف سنائی دیتی ہیں کہ جس مکان نے بھی اپنے محسن مکین کو اذیت دی گردش حالات نے اسے کہیںکا نہیں رکھا۔ شاہدرہ میں وسیع رقبے ( 16.5 ۔ایکڑ ) پر محیط اِس مزار میں ملکہ نور جہاں آ سودۂ خا ک ہے جو اس نے تین لاکھ روپے کی لاگت سے چار سال کے عرصے میں اپنے لیے خود تعمیر کرایا تھا۔علی قلی خان( شیر افگن )کی بیٹی لاڈھی کو بھی اسی مزار میں اپنی ماںنو ر جہاں کے ساتھ سپردِ خاک کیا گیا۔ وہ یہ بات زور دے کر کہتے کہ جن لوگوں کی آ نکھوں میں آ صف خان جیسے وضیع کا بال ہو انھیں تو فطرت کی انتہائی سخت تعزیروں کا یہ احوال دکھائی نہیں دیتا مگر دیدہ ٔ بینا سے متمتع حساس انسانوں کے نزدیک نوشتہ ٔ تقدیر کے سب بیان عبرت کے سامان ہیں ۔نو ر جہاں کے گلشن زیست میں آصف خان جیسے تھوہر اور حنظل مزاج خود رو طفیلی بوٹے کا پروان چڑھنا کلیوں ،غنچو ںاور شگوفوں کومایوسیوں ،محرومیوں اور رنج و الم کے سوا کچھ بھی نہیں دے سکتا تھا۔آصف خان کی پوری زندگی عیاری ،مکاری ،فریب ،ٹھگی اور محسن کشی کی تصویر بن گئی تھی ۔ محسن کش سفہا اور اجلاف و ارذال کی نسل سے تعلق رکھنے والے پیمان شکنوںکی اذیت ناک دغا بازیوں کے مسموم اثرات سے خوابوںکی خیاباں سازیاں معدوم ہو جاتی ہیں۔ ان قبروں کے گر دو نواح میں چھائے سکوت ِمرگ کو دیکھ کر زندگی پر لرزہ طاری ہو جاتاہے ۔ نو ر جہاں کے مزار کا موجودہ فرش حکیم اجمل خان ( 1868-1927)نے سال 1612 ء میں تعمیر کرایا ۔میاں اقبال زخمی نے روایت کی ہے کہ پروفیسر ڈاکٹر سید مقصود حسنی جب میاں والی سے تعلق رکھنے والے اردو کے مشہور شاعر تلوک چند محروم( 1887-1966) کی یہ نظم پڑھتے تو ان کی آ نکھیں ساون کے بادلوں کی طرح برسنے لگتیں ۔
نو رجہاں کے مزار پر
دِن کو بھی یہاں شب کی سیاہی کا سماں ہے
کہتے ہیں یہ آرام گہِ نُور جہاں ہے
مُدت ہوئی وہ شمع تہِ خاک نہاں ہے
اُٹھتا مگر اب تک سرِ مرقد سے دُھواں ہے
جلووں سے عیاں جن کے ہوا طُور کا عالم
تُربت پہ ہے اُن کی شبِ دیجور کا عالم
اے حُسنِ جہا ںسوز کہاں ہیں وہ شرارے
کِس باغ کے گُل ہو گئے کِس عرش کے تارے
کیا بن گئے اب کِرمکِ شب تاب وہ سارے
ہر شام چمکتے ہیں جو راوی کے کنارے
یا ہو گئے وہ داغ جہا ںگیر کے دِل کے
قابِل ہی تو تھے عاشقِ دِل گِیر کے دِل کے
تُجھ سی ملکہ کے لیے بارہ دری ہے
غالیچہ سر ِ فرش ہے کوئی نہ دری ہے
کیا عالمِ بے چارگی اے تاج وری ہے
دِن کو یہیں بِسرام یہیں شب بسری ہے
ایسی کسی جوگن کی بھی کُٹیانہیں ہوتی
ہوتی ہو مگر یوں سرِ صحرا نہیں ہوتی
تعویذِ قبر ہے زَبر زیر یہ اندھیر
یہ دورِ زمانہ کے اُلٹ پھیر یہ اندھیر
آنگن میں پڑے گَرد کے ہیں ڈھیر یہ اندھیر
اے گردشِ ایام یہ اندھیر! یہ اندھیر
ماہِ فلک ِ حسن کو یہ بُرج مِلا ہے
اے چرخ تیری حُسنِ نوازش کا گِلا ہے
حسرت ہے ٹپکتی درو دیوار سے کیا کیا
ہوتا ہے اثر دِل پہ اِن آثار سے کیا کیا
نالے ہیں نِکلتے دِلِ افگار سے کیا کیا
اُٹھتے ہیں شرر آہ ِ شرر بار سے کیا کیا
یہ عالمِ تنہائی یہ دریا کا کنارا
ہے تجھ سی حسینہ کے لیے ہُو کا نظارا
چوپائے جو گھبراتے ہیں گرمی سے تو اکثر
آرام لیا کرتے ہیں اِس روضے میں آکر
اور شام کو بالائی سیاہ خانوں سے شِپر
اُڑ اُڑ کے لگاتے ہیں در و بام کے چکر
مامور ہے یوں محفل جاناں نہ کسی کی
آباد رہے گور ِ غریباں نہ کسی کی
آراستہ جن کے لیے گل زار و چمن تھے
جو نازکی میں داغ دہِ برگِ سمن تھے
جو گُل رُخ و گُل پیرہن و غنچہ دہن تھے
شاداب گُلِ تر سے کہیں جِن کے بدن تھے
پژ مردہ وہ گُل دب کے ہوئے خاک کے نیچے
خوابیدہ ہیں خار و خس و خاشاک کے نیچے
رہنے کے لیے دیدہ و دِ ل جِن کے مکاں تھے
جو پیکرِ ہستی کے لیے روحِ روا ںتھے
محبوبِ دِلِ خَلق تھے جا ں بخشِ جہاں تھے
تھے یوسف ِ ثانی کہ مسیحائے زماں تھے
جو کچھ تھے کبھی تھے مگر اب کچھ بھی نہیں ہیں
ٹُوٹے ہوئے پِنجر سے پڑے زیرِ زمیں ہیں
دُنیا کا یہ انجام ہے دیکھ اے دِلِ ناداں
ہاں بُھول نہ جائے تُجھے یہ مدفنِ ویراں
باقی ہیں نہ وہ باغ نہ وہ قصر نہ ایواں
آرام کے اسباب نہ وہ عیش کا ساماں
ٹُوٹا ہوااِک ساحلِ راوی پہ مکاں ہے
دِن کو بھی جہا ںشب کی سیاہی کا سماں ہے
پس نو آبادیاتی دور میں ملکہ نور جہاں کے مزار کی مرمت اور بحالی کا کام سب سے پہلے سال 1950ء میں کیا گیا اس کے بعد سال 1980ء میں اس پر کام ہوا ۔اس کے بعد کچھ کام سال 1980ء میں ہوا۔ یہاں یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ حکومت پاکستان نے نور جہا ںکے مقبرے کو مکمل انہدام سے بچانے اور اس کی اصل صورت میں بحالی پر سال 2014ء میں ایک بڑا منصوبہ بنایاجوتین سال میں 118ملین روپے کی لاگت سے مکمل ہوا اور اب یہ مزار سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن گیاہے ۔
تخلیقی عمل میں جذبات ،احساسات ،ذہن و ذکاوت ،تجربات ،فکر و خیال اور تاثرات کے بکسنے کو پروفیسر ڈاکٹر سید مقصود حسنی جدت اور تنوع سے تعبیر کرتے تھے ۔آثار قدیمہ کو دیکھ کر حساس تخلیق کاروں نے جس خوش اسلوبی کے ساتھ اپنے داخلی جذبات اور قلبی و روحانی احساسات کو پیرایہ ٔ اظہارعطا کیاہے وہ تاریخ اور اس کے پیہم رواں عمل سے ان کی آ گہی کی دلیل ہے ۔انھیں ا س بات کا قلق تھا کہ ماضی میں خواتین نے مسی کی چھب دکھا کر اور نتھنے پھیلا کر نہایت ڈھٹائی سے شہدوں ،لچوں مسخروں اور تلنگوں سے التفات کا تقاضا کیا ۔ان بوسیدہ،تنگ اور تاریک قبروں میں آ نسوؤں میں ڈوبی وہ خواتین ردائے خاک اوڑھے سو ر ہی ہیںجنھیںگردش ِ حالات نے زندہ در گور کر دیا تھا۔چشم ِ بینا ان کے ساتھ ہی ضمیر ِ عالم کا مدفن بھی د یکھ لیتی ہے جسے ہوائے جور و ستم کے مہیب بگولوں نے مار ڈالا ۔ ماضی کی وہ تلخ یادیں جو ابلقِ ایام کے سموں کی گرد میں اوجھل ہو جانے کے بعد تاریخ کے طوماروں میں دب گئی تھیں انھیں یادوں کے خرابات میں اُمنگوں کی نئی مشعل فروزاں کر کے ایک نئی جہت عطا کی گئی ہے ۔شیریں یادوں کے مانند تلخ یادوں کو بھی ساتھ لے کر چلناایک صبر آ زما مر حلہ ہے ۔ ارض ِ وطن ،اہلِ وطن اور انسانیت کے ساتھ محبت پروفیسر ڈاکٹر سید مقصود حسنی کے ریشے ریشے میں سما گئی تھی ۔وہ خاک ِ وطن کے ایک ایک ذرے کو اپنی جاں سے بھی پیارا سمجھتے تھے اور کہتے تھے کہ اسی خاک نے ہمیں اپنے دامن میں پناہ دینی ہے ۔محبت کے بارے میں ان کے خیالات نہایت دل کش تھے ۔وہ کہاکرتے تھے وہ آفتاب و ماہتاب جن سے ہم ٹُوٹ کر محبت کرتے ہیںجب وہ دائمی مفارقت دے جاتے ہیں تو ہمارا دِل ٹُوٹ جاتاہے ۔قزاق ِ اجل انھیں ہم سے دُور نہیں کر سکتا وہ تو ہمیشہ کے لیے ہمارے دِلِ حزیں میں بسیرا کر لیتے ہیں۔جنھیں ہم دیکھ کر جیتے تھے وہ جب ہماری آ نکھوں سے اوجھل ہو جاتے ہیں تو دِل میں ان کی یادیں مستقل طور پر بسیر اکر لیتی ہیں ۔وہ ہر صبح نہاں خانۂ دِل پر دستک دے کر طلوع ِ صبحِ بہاراں کی نوید سناتے ہیں ۔رفتگاں کے الم نصیب پس ماندگان کوموت بلاشبہ ایسا گہرا گھاؤ لگاجاتی ہے جس کا کوئی اندمال نہیں مگر دائمی مفارقت دینے والوںسے قلبی وابستگی ،والہانہ محبت اور وفا و خلوص کا مظہر درد کا رشتہ یادوں کا ایسا بیش بہا مخزن ہے جسے اندیشۂ زوال نہیں ۔ وہ عبدالحئی ساحر لدھیانوی ( 1921-1980 ) کی یہ نظم بھی بڑے کرب سے سناتے تھے :
پہلوئے شاہ میں دختر جمہور کی قبر
کتنے گم گشتہ فسانوں کا پتا دیتی ہے
کتنے خوں ریز حقائق سے اُٹھاتی ہے نقاب
کتنی کچلی ہوئی جانوں کا پتا دیتی ہے
کیسے مغرور شہنشاہوں کی تسکیں کے لیے
سال ہا سال حسیناؤں کے بازار لگے
کیسے بہکی ہوئی نظروں کے تعیش کے لیے
سرخ محلوں میں جوا ں جسموں کے انبار لگے
کیسے ہر شاخ سے منھ بند مہکتی کلیاں
نوچ لی جاتی تھیں تزئینِ حرم کی خاطر
اور مرجھاکے بھی آزاد نہ ہو سکتی تھیں
ظل ِ سبحان کی اُلفت کے بھرم کی خاطر
کیسے اِک فرد کے ہونٹوں کی ذرا سی جنبش
سرد کر سکتی تھی بے لوث وفاؤں کے چراغ
لُوٹ سکتی تھی دمکتے ہوئے ہاتھوں کے سہاگ
توڑ سکتی تھی مے عشق سے لبریز ایاغ
سہمی سہمی سی فضاؤں میں یہ ویراں مرقد
اِتنا خاموش ہے فریاد کنا ں ہو جیسے
سرد شاخوں میں ہوا چیخ رہی ہے ایسے
روح ِ تقدیس و وفا مر ثیہ خواں ہو جیسے
تُو مِری جان مجھے حیرت و حسرت سے نہ دیکھ
ہم میں کوئی بھی جہاں نور و جہاں گیر نہیں
تُو مجھے چھوڑ کے ٹھکرا کے بھی جا سکتی ہے
تیرے ہاتھوں میں میرے ہاتھ ہیں زنجیر نہیں
شاعر کا خیا ل ہے کہ ایام گزشتہ کی تلخ یادوں کے ویران ساحلوں پر ہوس پرستی اور خود غرضی کے نہنگ ایثار و خلوص کو نگل چکے ہیں۔ان حالات میں صبر و رضا کے پیکر انسانیت نواز انسانوں کی آ رزوئیں مات کھا کر رہ گئی ہیں ۔ حلقۂ یاراں میں وہ سب شرکا کی باتیں نہایت صبر و تحمل سے سنتے ۔یہاں تک کہ بعض چربہ ساز ،سارق،کفن دُزد، کم فہم اور ذہنی قلاش مسخروں کی عامیانہ گفتگو اور مجنونانہ استدلال پر بھی دِل بُرانہ کرتے ۔ معاصر ادب میں وہ ایڈورڈ سعید ( :1935-2003 Edward Said )پر تگیز ادیب جوز سرامگو ( : 1922-2010 Jose Saramago )، اپنے اسلوب میں شعور کی رو کو رو بہ عمل لانے والی بر طانوی ناول نگار ورجینا وولف ( : 1882-1941 Virginia Woolf)کو لمبیاکے ناول نگار گبریل گارسیا مارکیز (: 1927-2014 Gabriel García Márquez) ،جرمن ناول نگار فرانز کافکا ( : 1883-1924 Franz Kafka)،روسی ناول نگار دوستو وسکی( : 1821-1881 Fyodor Dostoyevsky )اور ترکی کے ناول نگار اُرہان پاموک( Orhan Pamuk) سے بہت متاثر تھے ۔ ان مشاہیر کے اسلوب کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر سید مقصود حسنی نے تخلیق فن کے لمحوں میں کورانہ تقلید کو تخلیقی خو د کشی سے تعبیر کیا ۔اسی لیے پِٹے ہوئے فرسودہ خیالات ( Cliche)کے جعلی قصر کو انھوں نے تیشہ ٔ حرف سے منہدم کرنے کی مقدور بھر سعی کی۔وہ یہ بات اکثردہراتے کہ اس دنیا میں چشمِ تر آنے والا نو مولود تکلم کے سلسلوں کی آموزش کا آغاز دو برس کی عمر میں کرتاہے مگر کس لفظ کے استعمال کے لیے کون سا موقع و محل موزوں ہے یہ سیکھنے میں اس کی عمر بیت جاتی ہے۔ وہ خیالی پلاؤ پکانے اورگرجنے کے بجائے برسنے کی تلقین کرتے تھے تا کہ غنچۂ دِل کے کِھلنے کے امکاں پیداہوں اور دل کے گلشن میں اُمیدوں کی فصل شاداب ہو۔
اپنے طے شدہ اصولوں کی پاس داری اور لائق صد ر شک و تحسین روّیوں کا مدلل دفاع پروفیسر ڈاکٹر سید مقصود حسنی کی مضبو اور مستحکم شخصیت کاامتیازی وصف تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اخلاق اوراخلاص کے اعجاز سے سینۂ سنگ سے بھی انسانیت نوازی کے چشمے پھوٹ سکتے ہیں۔خوش کلامی کی مثال لبوں سے ٹپکنے والے مے انگبین کی سی ہے جو سامعین کو اپنی گرفت میں لے کر مخمور کر دیتی ہے ۔زندگی کے سفر میں انسان کا خزاں اور بہار کے سیکڑوں مناظر سے واسطہ پڑتاہے ۔علم بشریات کے ماہر کی حیثیت سے وہ اس بات پر زور دیتے تھے کہ سچ تو یہ ہے کہ سب موسموں کا تعلق غنچۂ دِ ل کی نمو اور پژمردگی سے ہے ۔دِل میں اُترنے والے طلوع ِ صبحِ بہاراں اور وقف ِ خزاں ہونے کے موسموں کا احوال انسان کے لیے اس وقت تک ایک جنجال بنا رہتاہے جب تک اُس کا مآل زیب قرطاس نہ کر دیا جائے ۔وہ سدا اس بات پر زور دیتے تھے کہ رخشِ حیات کی روانی اس امر کی متقاضی ہے کہ آفاتِ ناگہانی میں صبراور تسلیم و رضا کو شعاربنایا جائے ۔فصلی بٹیروں ،آستین کے سانپوں ،طوطا چشم موقع پرستوں ،بہتی گنگا میں ہاتھ دھو کر اپنا اُلّو سیدھا کر کے رفو چکر ہو جانے والے برادرانِ یوسف اور بروٹس قماش کے محسن کشوں کے ستم سہنے کے بعد تنہائیوں اور جدائیوں سے سمجھوتہ کرکے ان صعوبتوں اور عقوبتوں کی تنسیخ ہی مصلحت کا تقاضا ہے ورنہ رسوائیوں اور جگ ہنسائیوں کے باعث زندگی اجیرن ہو جائے گی۔
قحط الرجال کے موجودہ دور میں پیمان شکنی اور محسن کشی کووہ بے حسی،بے غیرتی اور بے ضمیری سے تعبیر کرتے تھے ۔ احسان فراموش سفلہ کو وہ ایسا افعی قرار دیتے تھے جو اپنے زمرد صورت محسن کو دیکھتے ہی لذتِ ایذا کی خاطر بصارت سے محروم ہو جاتاہے اور اپنے محسن کی شہ رگ میںاپنے نو کیلے اور زہریلے دانت پیوست کر کے اسے عدم کی بے کراں وادیوں کی جانب دھکیل دیتاہے ۔ایسا مارِ آستین جب شرم و حیا اور تہذیب و شائستگی کو پاؤں تلے روند کر آ نکھوں پر ٹھیکری رکھ لیتا ہے تواپنی سادیت پسندی پر اس قدر ہنہناتا ،چیختا ،چلاتا اور ٖغراتا ہے کہ اُس کا نرخرہ اُٹھ جاتاہے ۔ پروفیسر ڈاکٹر سید مقصودحسنی کونمود و نمائش ،فیشن کے بڑھتے ہوئے رجحان ،عریانی ،فحاشی ،ہوس اور جنسی جنون سے شدیدنفرت تھی۔وقت کے اس سانحہ پر وہ دل گرفتہ رہتے کہ اپنے بزرگوں ،رشتہ داروں اور اولاد پر جان چھڑکنے والی خواتین اب عنقا ہیں ۔چشم بینا اس المیہ پر خون کے آ نسو روتی ہے کہ بے پردگی اور بے حیائی بڑھ رہی ہے اور شرافت گھٹ رہی ہے ۔اس دنیا کے آ ئینہ خانے میں یہ منظر بھی عام ہے کہ فیشن کی رو میں بہہ کر کچھ خواتین اس طرح بن سنور کر اپنے گھر سے بازار کو نکلتی ہیں جیسے شکاری اپنے شکار کی تلاش میں جنگل کا رخ کرتاہے ۔ہمارے معاشرے میں خواتین جس طرح توہم پرستی کاشکار ہیں اُس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتاہے کہ اپنے گھر کے آ نگن میں پھول کھلنے اور اپنی گود ہری ہونے کی تمنا دل میں لیے وہ طویل مسافت طے کر کے سیال کوٹ پہنچتی ہیں مگر انھیں اپنی شہ رگ سے بھی قریب موجود اپنے خالق کومدد کے لیے پکارنے کی توفیق نہیں ۔وہاں اتوار کے دِن پورن بھگت کے کنویں کے پانی سے نہاتی اور اپنا دوپٹہ وہاں کھڑے ایک بوسیدہ نخل کی شاخ سے لٹکاکر پیمان وفا باندھ لیتی ہیں ۔اس قسم کی خام خیالی ہر با شعور شخص کو پانی پانی کر جاتی ہے کہ خواتین کو کنویں کے پانی سے عجیب اُمیدیں وابستہ ہیں ۔ مغربی معاشرے میں تو رہائشی مکانات کے حالات اس قدرابتر ہو چکے ہیں کہ گھروں پر قحبہ خانے کا گماں گزرتاہے۔مغربی ممالک کے گنجان آباد شہروں کے جن ویران گلی کوچوں میںپہلے دُھول اُڑتی تھی گردش ِ ایام کے نتیجے میں وہاں کے بے غیرت بھڑووں اور بے ضمیر عیاشوں کو جب حسینوں کی جلوہ آ رائی قبول ہوئی تو طوائفوںکی مشقت وصول ہوئی ۔ مجید امجد کی نظم ’’ کنواں ‘‘کو وہ زندگی کی حقیقی معنویت اورچشم کشا صداقتوں کی مظہر قرار دیتے ۔سال 1995ء کے آغاز میں اتوار کی ایک سہانی صبح وہ آصف خان ، امیر اختر بھٹی ،فیض محمد ،تراب علی ، میاں اقبال زخمی ،شریف خان ،احمد بخش ناصر ،گدا حسین افضل ،شفیع ہمدم ،شفیع بلوچ ،سجاد بخاری ،محمد فیروز شاہ ،ارشاد گرامی ،اسحاق ساقی ، سجا دحسین ،منیر حسین ،شبیر احمد اختر ،اسحاق مظہر ،بشارت خان ،شیخ ظہیر الدین اور حاجی محمد ریاض کے ہمراہ سیال کوٹ پہنچے ۔یہاں انھوں نے عالمی شہرت یافتہ ادیب گبریل گارسیا مارکیز کی طلسمی حقیقت نگاری پر کھل کر بات کی ۔ امیر اختر بھٹی نے ما بعد الطبیعات کے حوالے سے بتایا کہ سیال کوٹ کے راجہ سلبان کی دو بیویا ںتھیں۔ایک کانام اچھراں تھا اور دوسری کا نام لونا تھا۔ اچھراں نے شہزادہ پورن کو جنم دیا جب کہ لونا بے اولاد تھی ۔نجومیوں کی ہدایت پر پورن کو بارہ سال کے لیے ضروری سامان اور نگہبان کے ساتھ گھر سے باہر ایک دور دراز ویرانے میں بھیج دیا گیا۔بارہ سال کے بعد جب پورن گھر پہنچا تو اس نے سب سے پہلے اچھراں کے سامنے سر جھکایا اس کے بعد جب وہ لونا سے ملنے گیا تو وہ اس نو عمر شہزادے کے حسن میں کھو گئی ۔لونا کی بدلتی ہوئی نیت اور تیور دیکھ کر پورن وہاں سے بھاگ نکلا مگرلونانے انتقام کی آ گ میں جل کر شہزادہ پورن پر جنسی زیادتی کی کوشش کا جھوٹا الزام لگا دیا۔ راجہ کے حکم سے جلاد نے شہزادے کے ہاتھ اور پاؤں کاٹ کر اُسے اس کنویں میں پھینک دیا۔ اس کنویں کو راجہ سلبا ن نے اپنے بیٹے شہزادہ پورن کو ناکردہ گناہوں کی سزا دینے کی خاطر ایک عقوبت خانہ بنا دیا ۔اجل گرفتہ الم نصیب شہزادہ پورن انتقام کے پھندے میں پھنس کر بارہ سال اس گورکھ دھندے میں مبتلا رہا۔ایک جوگی گرو گورکھ ناتھ جب اس طرف سے گزرا تو اس نے درد ناک آواز سُن کر پورن کونئی زندگی عطا کر دی ۔ پورن اب بھگت بن چکا تھایہ خبر سنتے ہی بے اولاد لونا اپنے شوہر کے ہمراہ پورن کے پاس پہنچی اور اولاد کی التجا کی ۔پورن نے ان کے لیے دعا کی اور بیٹے کی نوید سنائی ۔لونا نے پورن پر اپنے لگائے ہوئے بہتان پر ندامت کا اظہارکیا۔اس موقع پر پورن نے اپنی پہچان کرائی اور ساتھ ہی راجہ کے تقاضے کے باوجود قصر شاہی میں واپس جانے سے انکار کر دیا۔پورن نے یہی کہا کہ اب تو قصر شاہی میں لونا کا ہونے ولا بیٹاہی قیام کرے گا۔ جاہ و منصب کے حصول کایہ چکر یو ں ہی جاوداں چلتا رہتاہے ۔یہ باتین سن کر وہاں موجود سب سیاح اش اش کر اُٹھے۔پروفیسر ڈاکٹر سید مقصودحسنی نے مجید امجد کی نظم ’’ کنواں ‘‘ پڑھی جو اُردو نظم کے اس عظیم تخلیق کار نے بارہ فروی 1941ء کو لکھی تھی ۔
کنواں
کنواں چل رہاہے !مگر کھیت سُوکھے پڑے ہیں نہ فصلیں ،نہ خرمن ،نہ دانہ ،
نہ شاخوں کی باہیں ،نہ پُھولوں کے مُکھڑے ،نہ کلیوںکے ماتھے ،نہ رُت کی جوانی
گزرتاہے کیاروں کے پیاسے کناروں کویوں چِیرتا تیز،خوں رنگ ،پانی
کہ جس طرح زخموں کی دُکھتی تپکتی تہوں میں کسی نیشتر کی روانی
ادھر دِھیری دِھیری
کنویں کی نفیری
ہے چھیڑے چلی جا رہی اِک ترانہ
پُر اسرار گانا
جسے سُن کے رقصاں ہے اندھے تھکے ہارے بے جان بیلوں کا جوڑا بچارا
گراں بار زنجیریں ،بھاری سلاسل ،کڑکتے ہوئے آتشیں تازیانے
طویل اور لا منتہی راستے پر بچھا رکھے ہیں دام اپنے قضا نے
رواں ہیں نہ جانے
کدھر ؟کس ٹھکانے؟
نہ رُکنے کی تاب اور نہ چلنے کا یارا
مقدر نیارا
کنویں والا ،گادی پہ لیٹاہے مست اپنی بنسی کی میٹھی سُریلی صدا میں
کہیں کھیت سُوکھا پڑا رہ گیااور نہ اُس تک کبھی آئی پانی کی باری
کہیں بہہ گئی ایک ہی تُند ریلے کی فیاض لہروں میں کیاری کی کیاری
کہیں ہو گئیں دُھول میں دُھول لاکھوں ،رنگا رنگ فصلیں ،ثمر دارساری
پریشاں پریشاں ،
گریزاں گریزاں ،
تڑپتی ہیں خوشبوئیں دامِ ہوا میں
نظامِ فنا میں
اوراِک نغمہ ٔ سر مدی کان میں آ رہا ہے ،مسلسل کنواں چل رہاہے
پیاپے مگر نرم رو اس کی رفتار ،پیہم مگر بے تکان اِس کی گردش
عدم سے ازل تک،ازل سے ابد تک ،بدلتی نہیں ایک آن اس کی گردش
نہ جانے لیے اپنے دو لاب کی آستینوں میں کتنے جہاں اِس کی گردش
رواں ہے رواں ہے
تپاں ہے تپاں ہے
یہ چکر یوں ہی جاوداں چل رہاہے
کنواں چل رہاہے
ایک رجائیت پسند ادیب کی حیثیت سے پروفیسر ڈاکٹر سید مقصودحسنی نے ہمیشہ حوصلے اور اُمید کی شمع فروزاں رکھتے ہوئے روشنی کا سفر جاری رکھنے پر اصرار کیا۔اس کے باوجود وہ خود فریبی کے شکار لوگوں کی سوچ پر اس وقت گرفت کرتے جب وہ ناقابل اندمال گھاؤکو گلِ نور س اور بادِ سموم کو نسیم سحر کہنے پر تُل جاتے ۔ان کی دلیل یہ ہوتی کہ خالق کائنات نے گل زار ہستی کی جو تصویر بنائی ہے سیلِ زماں کے تھپیڑے اس کے سب رنگ اُڑ ا لے جاتے ہیں ۔وہ گلشن ہستی میں ہر شاخ ثمر دار پر کھلنے والے شگوفوں اور ریگ ساحل پر نوشتہ آئینہ ٔ ایام کی اداؤں کا سرابوں سے انسلاک کر کے دنیاکی بے ثباتی کے راز کی گرہ کشائی کرتے تھے ۔ ان کا استدلال تھا کہ اس حقیقت سے چشم پوشی نہیں کرنی چاہیے کہ نخلِ زماں کی ٹہنیوں پر زمزمہ خواں طیور بدلتے ہوئے موسموں کی شدت اور ہوائے جور وستم کے بگولوں کی تاب نہ لاکر بالآخر لمبی اُڑان بھر جاتے ہیں ۔ اس کے بعدخزاں کے سیکڑوں مناظر میںاس قسم کی آفاتِ نا گہانی کے بعد گلشن کی ویرانی کی نوحہ خوانی کے لیے عنادل کو شور تازیانہ ٔ عبرت ہے ۔ کارِ جہاں کے ہیچ ہونے کے بارے میں پروفیسر ڈاکٹر سید مقصودحسنی نے اس نظم کی جو وضاحت کی اُسے سن کر سب حاضرین کی آ نکھیں نم ہو گئیں ۔زندگی کے میلے کبھی کم نہیں ہوتے مگر اگلے برس ان میں شامل ہونے کے لیے ہم نہیں ہوتے۔ دامِ اجل اور دامِ ہوا سب کروفر، اناج کے خرمن، اُمیدوں کی فصل کی کیاریاں ،رنگا رنگ فصلیں ،نخلِ ثمر دار اورعطر بیز شگوفے سب کچھ اُڑا لے جاتاہے ۔گلشن ہستی میںپت جھڑ کے جھونکے چلنے کے بعد لرزتی ڈالیاں اورکانپتی ٹہنیاں زبان حال سے سُوکھے پتوں کے ٹُو ٹ کر بکھر جانے کا احول بتاتی ہیں۔جس طرح گلزار ہست و بُود میں چلنے والے نسیم سحر کے عطر بیز جھونکے اپنی مہلت ِ سفر،برق ِ بے تاب فرصتِ شرر اور شب تاریک میں ظلمتیں کافور کرنے والی شمع فروزاں کو منزل سحر کے بارے میں کچھ بھی معلوم نہیںاُسی طرح انسان بھی اپنی حباب جیسی ہستی کی حقیقی معنویت سمجھنے سے قاصر ہے ۔ خزاں کی سلطنت میں فضائے زندگی کی آندھیوں کا سامان کرتے ہوئے اپنی پلکوں پہ غبارِ رہِ حیات لیے یہ سب ساتھی اُمیدوں کی سنہرے جال بُن کر خار ِ مغیلاں سے اُمیدِ اِلتفات لیے جب رخصت ہونے لگے تو پروفیسر ڈاکٹر سید مقصودحسنی نے اُنھیں دِل پر ہاتھ رکھ کر الوداع کہا ۔
مکتوب نگاری سے پروفیسر ڈاکٹر سید مقصودحسنی کی دلچسپی زندگی بھر برقراررہی ۔ اگرچہ وہ برقی ڈاک ( E.Mail) ،مختصر پیغامات کی خدمات ( S.M.S) ،واٹس ایپ اور ٹیلی فون سے بھی استفادہ کرتے تھے مگر قلم و قرطاس اور نامہ بر کو پیغامات کی ترسیل کا سب سے معتبر وسیلہ سمجھتے تھے۔اپنے نام آنے والے مشاہیر کے بیش تر مکتوبات کو انھوں نے سکین کر کے انٹر نیٹ پر محفوظ کر دیا لیکن ان کے اپنے لکھے ہوئے مکاتیب آج بھی محققین کے دسترس سے باہر ہیں ۔وہ احباب کے گراں قدر مکاتیب کوحیات آفریں نوید سے تعبیر کرتے تھے۔وہ کہاکرتے تھے کہ زندگی کی سب کلفتیں درد آشنا احباب کے مکتوبات سے راحتوں اور شادمانیوں کی نقیب ایسی الفتیں بن جاتی ہیںجن کے معجز نما اثر سے دِل کی کلی کِھل اُٹھتی ہے۔مشاہیر کے خطوط کو وہ ایسی ابد آ شنا تحریر یں قراردیتے تھے جن میں نہ صر ف مشاہیر کے افکار بل کہ ان کے عہد کی تصویریں بھی فکر و خیال کو مہمیز کرتی ہیں۔ دوستوں کے انتخاب میں پروفیسر ڈاکٹر سید مقصودحسنی ایک وضع احتیاط کے قائل تھے مگر جب بھی وہ کسی دوست کے ساتھ پیمان وفا استوار کر لیتے تو اسی کو علاج گردشِ لیل و نہار سمجھتے ہوئے زندگی بھر اس پر قائم رہتے ۔ وہ اس بات پر زور دیتے کہ جس طرح سانس لینے کے لیے آ کسیجن کا وجود ضروری ہے اسی طر ح اِس کائنات میں پر سکون زندگی بسر کرنے کے لیے بے لوث محبت پر مبنی دوستی نا گزیر ہے ۔بے لوث دوستی کو وہ ایک ایسا گوہر قرار دیتے جوذرا سی بد گمانی کی ٹھیس سے کر چیوں میں بٹ جاتاہے۔اس کے بعد یہ گوہر کسی بھی مسیحائی سے کبھی اپنی اصلی حالت میں واپس نہیں آ سکتا۔ وہ دوستی کے بارے میں کہتے تھے کہ برادرانِ یوسف تو پریشاں حال اور درماندگی کے عالم میں تنہا چھوڑ کر اپنی راہ لیتے ہیں مگر حقیقی دوست اپنی جان پر کھیل کر درد کا رشتہ نبھاتاہے ۔ جس طر ح صراحی میں سجا ہوا نر گس کا تنہا پھول کمرے کو گلزار بنادیتاہے ،اُسی طرح ایک مخلص دوست کا ساتھ زندگی کو جنت کا معیار عطا کرتاہے ۔اپنے قریبی دوستوں اور معتمد رفقا کے ماضی ،حال اور مستقبل کے بارے میں وہ پوری آ گہی رکھتے تھے ۔ان کا خیا ل تھا افراد کی زبوں حالی اور خستگی کا سبب پر خلوص باہمی اعتماد کا فقدان نہیں بل کہ موقع پرستی ، ہوس اور مہم جوئی میں جی کا زیان ہے ۔آستین کے سانپوں ،چشم حسود اور سادیت پسندوں کی تیر اندازی سے وہ اس قدر نالاں نہیں تھے جتنے وہ ابتلا اور آ زمائش کی گھڑی میں موقع پرست احباب کی پر اسرار خاموشی اور بے تعلقی پر دِل گرفتہ رہتے تھے ۔ بروٹس قماش کے مسخروں نے جب سے دوستی کا سوانگ رچانا اپنا وتیرہ بنا لیاہے دوست بنانے کے معاملے میں پروفیسر ڈاکٹر سید مقصودحسنی بہت محتاط ہو گئے تھے ۔وہ تکلف کو اخلاص تسلیم کرنے پر تیار نہیں ہوتے تھے۔ قحط الرجال کے موجودہ زمانے میں مرغانِ باد نمااور ہوا کا رخ دیکھ کر بدل جانے والے جعلی دوستوں پر اعتماد کرنے کے سلسلے میں وہ کہتے کہ ان کی مثال ہاتھی کے دانتوں کی سی ہے جو چبانے کے اور جب کہ دکھانے کے اور ہوتے ہیں ۔یہ ایسے کواکب ہیں جو اپنی اصلیت کبھی ظاہر نہیں کرتے ان کے مکرکی چالوں کے باعث زندگی کی سب رُتیں بے ثمر ہو گئی ہیں اور کا نشانہ بننے والے سادہ لوح لوگ اکثر دھوکا کھاجاتے ہیں۔بھیڑ کی کھال پہنے ہوئے ایسے بھیڑیے زمین کا بوجھ بن جاتے ہیں۔وہ علی گڑھ تحریک کے ممتاز شاعر خواجہ الطاف حسین حالی ؔ ( 1837-1914)کا یہ شعر اپنے احباب کو سناتے تو اُن کی آ نکھیں بھیگ بھیگ جاتیں ۔
جہاں میں حالی ؔ کسی پہ اپنے سوا بھروسا نہ کیجئے گا
یہ راز ہے اپنی زندگی کا بس اس کا چرچا نہ کیجئے گا
شرافت اور شائستگی کو وہ نخیل زیست کے عنبر فشاں پھول کا نام دیتے تھے۔زندگی کو سود و زیاں کے اندیشے سے بالاتر سمجھتے تھے اور کسی کے ساتھ درد مندی اور خلوص کے رشتے کو پروان چڑھانے کے بعد کسی
قسم کی جانچ پرکھ کے وہ بالکل قائل نہ تھے ۔اپنے ذاتی مسائل کے بجائے وہ پوری کائنات کے مسائل کے بارے میں سوچتے تھے ۔ولولۂ تازہ سے لبریز اخلاقی جرأ ت کو جذبہ ٔ انسانیت نوازی کی درخشاں مثال قرار دیتے تھے۔ انسانیت کے وقار اور سر بلندی کے سلسلے میںذاتی پسند و نا پسند کو کبھی خاطر میں نہ لاتے۔وہ ہر قسم کی عصبیت سے بالاتر رہتے ہوئے دکھی انسانیت کی بے لوث خدمت پر یقین رکھتے تھے۔ وہ نہایت رازداری کے ساتھ ملک بھر کے فلاحی اداروں کی مالی اعانت کرتے۔آلام ِ روزگار کے مہیب پاٹوں میں پسنے والے مجبور انسانوں کی خدمت کے کاموں میںوہ اپنی ذات کو بھی فراموش کردیتے تھے ۔ خدمت ِ خلق کے کاموں کو وہ اطاعت خداوندی کی ایک صورت سے تعبیر کرتے تھے ۔جب اطہر ناسک میو ہسپتال ،لاہور میں زیر علاج تھا تو اپنی علالت کے باوجود وہ نہ صرف اس کی عیادت کو پہنچے بل کہ ڈیوٹی پر موجود طبی عملے سے رابطہ کر کے اپنے دوست کے علاج پر توجہ دینے کی تلقین کی ۔اپنے دوستوں کی عیادت کے لیے وہ طویل سفر کر کے پہنچتے اور ان کا حال معلوم کرتے ۔اس سلسلے میں وہ امیر اختر بھٹی ، رفعت سلطان ،احمد تنویر ،گدا حسین افضل ، معین تابش،رام ریاض ،خیر الدین انصاری ،شفیع ہمدم اور سجاد بخاری کی عیادت کے لیے جھنگ بھی آئے۔ اپنی بے مثال محبت اور ہمدردی سے اس نے اس شہر نا پرساں کے ادیبوں کو خود اپنی نظروں میں معزز و مفتخر کر دیا۔امیر اختر بھٹی کہا کرتے تھے کہ اپنی زندگی کے افسانوں کی ژولیدہ سطور میں مستور ایسی محبوب خلائق ہستی کی وفا کو بھلا کون فراموش کر سکتاہے جس نے کتاب زیست کے سیکڑوں اوراق پر اپنی دل کش و حسین یادیں رقم کر دی ہوں ۔
پروفیسر ڈاکٹر سید مقصود حسنی نے ایک حقیقی بھائی کے مانند ہمیشہ میری غم گساری کی۔ان کی وفات میرا ذاتی صدمہ ہے ، مجھے ایسا محسوس ہوتاہے جیسے میرا ایک بازو ہی کٹ گیا ہے ۔ انسانی زندگی میں کسی بھی عزیزکی موت بلا شبہ ایک لرزہ خیزاور اعصا ب شکن سانحہ ہے مگر اس سے بھی بڑ االمیہ یہ ہے کہ پس ماندگان کی رو ح اور قلب میں جینے کی تمنادم توڑ دیتی ہے ۔ اس کی رفاقت نے بلا شبہ مجھے فکر ی اعتبار سے ثروت مند بنا دیامگر اس کی دائمی مفارقت نے مجھے غرقاب غم اور نڈھال کر کے مکمل انہدام کے قریب پہنچا دیا۔ اس کی خاموشی کے بعد سکوت مرگ نے سب احباب کو حواس باختہ کر دیاہے۔ہم ایسے بااصول اور یادگار زمانہ لوگوں کوکیسے بُھول سکتے ہیں ،پُھول بھی جن کے قدموں کی دُھول ہیں۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اجل کے ہاتھوں لگنے والا یہ گھاؤ تو بھر جائے گا مگر مجھے سنبھالنے والا میرا یہ معاون بازو کسی صورت میں بھی دوبارہ اپنی جگہ پر فعال نہیں ہو سکتا ۔ تمھارے جانے سے سب خواب سہانے ٹوٹ گئے ،بہار کے موسم اور ، اور اپنے بیگانے منھ موڑ گئے اور عہد وفا کے سب افسانے دم توڑ گئے۔ایسے عبقری دانش ور کا ملنا دشوار ،اُسے کھو دینا جان لیوا دکھ اور اُس کی دائمی مفارقت کا صدمہ بُھلا دینا بعید از قیاس ہے ۔نصف صدی کی رفاقت کیا گئی کہ ایثار و وفا کے سب ہنگامے عنقا ہو گئے ہیں ،یہاں کی بے کیف زندگی سے اب دل بھر گیاہے ۔احبا ب کی یہی تمناہے کہ دِل کی مشعل فروزاں کر کے ،چشم گریاں کے ساغر تھام کر تقدیر کے سامنے بھکاری بن کر جائیں اور یہی کہیں کہ ہمیں بھی اپنے رفتگاں کے پاس پہنچا دیا جائے ۔ تعزیتی الفاظ سن کر الم نصیب اور جگر فگار پس ماندگان کے آ نسو تو تھم سکتے ہیں ،اس کی تخلیقی تحریریں پڑھ کر دردِ محبت میں افاقہ بھی ہو سکتاہے مگریادوں کا سیل رواں تو کبھی تھم ہی نہیں سکتایہ تو صبر و قرار کو خس وخاشاک کے مانند بہا لے جاتاہے ۔ موت ایک ماندگی کا وقفہ ہے رفاقت در اصل ایک نئے سفر کا آغاز ہے ۔پروفیسر ڈاکٹر سید مقصود حسنی کی علمی وادبی خدمات کی بنا پر اُن کا نام تا ابد زندہ رہے گا۔
ممتاز شاعر علی زریون کے درج ذیل اشعار جو اس نے دانیا ل طریر کی وفات( یکم اگست 2015ء )کے موقع پر لکھے تھے وہ میرے جذبات ِحزیں کی تر جمانی کرتے ہیں۔
تعزیت کیا کروں تری ، میرے دوست
روشنی بھی کبھی مری، میرے دوست
تو ابھی بات کرکے سویا تھا
ایسی کیا نیند آگئی میرے دوست
بُجھ گیا سانس کا دیا تو کیا
جل اُٹھی ، تیری شاعری ، میرے دوست
موت سے کیسے ہار سکتی ہے!
اتنی پُر جوش زندگی ، میرے دوس