اُردو افسانے کے ہمالہ کی ایک سر بہ فلک چوٹی صر صر ِ اَجل سے زمیں بوس ہو گئی ۔جولائی 2020ء نے جاتے جاتے خواجہ سلطان جمیل نسیم کے نہ ہونے کی ہونی کی خبر دی ۔سلطان جمیل نسیم(1935-2020) کا نا م عالمی ادبی حلقوں میں کسی تعارف کا محتاج نہیںوہ گزشتہ چھ عشروں سے پرورش لوح و قلم میں مصروف تھے۔ مرثیہ نگاراور دانش ور خواجہ محمد امیر صبا اکبر آبادی(1908-1991) اورعقیلہ بیگم کے اس ذہین فرزند نے بڑے زوروں سے اپنی صلا حیتوں ،تخلیقی کامرانیوں،ادبی فعالیتوں اور افسانوں کو حقائق کے پیرائے میں بیان کرنے کے معجز نما اسلوب اور زبان و بیان پر اپنی خلاقانہ دسترس کا لوہا منوایا ۔سلطان جمیل نسیم آگرہ میں پیدا ہوئے ،ابتدائی تعلیم گھر میں حاصل کی ۔ جب آزادی کی صبح ِ درخشاں طلوع ہوئی تو سلطان جمیل نسیم سینٹ جونس ہائی اسکول آگرہ میںپانچویں جماعت میںزیر ِ تعلیم تھے۔قیام پاکستان کے بعد وہ کراچی پہنچے اور یہاں سندھ مدرسۃ الاسلام میںایک برس تعلیم حاصل کی ۔اس کے بعد وہ حیدر آباد منتقل ہو گئے یہاں انھو ںنے سینٹ بونا ونچر اسکول میںایک برس گزارا ۔اس کے بعد اُنھوں نے غلام حسین ہدایت اللہ ثانوی مدرسہ میں داخلہ لیا۔سال 1954ء میں انھوں نے جامعہ پنجاب سے میٹرک کاامتحان پاس کیا۔ والدین کی خواہش پر سلطان جمیل نسیم نے ایس ایم کالج کراچی میں داخلہ لے لیالیکن اسی دوران میں انھیں محکمہ ٹیلی فون میں ملازمت مِل گئی اورانھوں نے تعلیم کو خیر بادکہہ دیا۔انھوں نے جن محکموںمیں کچھ عرصہ ملازمت کی اُن میںمحکمہ آبادکار ی اورپبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ شامل ہیں۔سلطان جمیل نسیم نے جامعہ کراچی سے سال 1974ء میں بی اے اور سال 1980ء میں ایم اے کی ڈگری حاصل کی ۔ پس نو آبادیاتی دور میںتخلیق ادب میںروشنی کے سفر کا آغاز ۱۹۵۱ ء میں کیا جب ان کا پہلا افسانہ شائع ہوا۔ سال 1960ء میںسلطان جمیل نسیم شعبہ بنکاری سے وابستہ ہوئے اور سال 1995ء میں ریٹائرمنٹ کے وقت بہ حیثیت نائب صدر یونائیٹڈ بنک کراچی میں خدمات پر مامور تھے۔ اُن کے اڑھائی سو سے زائد افسانے اُن کی زندگی میں شائع ہوئے جنھیں قارئین نے بہت پسند کیا۔ انھوں نے اپنے منفرد اسلوب کے اعجاز سے اردو کے نامور اور ممتاز افسانہ نگار کی حیثیت پوری دنیا میں شہرت حاصل کی ۔ان کے افسانوں کے تراجم دنیا کی بڑی زبانوں میں شائع ہو چکے ہیں۔استاد محترم ڈاکٹر نثار احمد قریشی (مرحوم)جو چار برس قاہرہ کی الاظہر یونیورسٹی میں تدریس اردو پر مامور رہے انھوں نے اسلام آباد میںمیرا تعارف ایک مصری طالبہ سے کرایا جو پس نو آبادیاتی دور میں اُردو افسانے پر تحقیقی اکٹر نثار احمد قریشی کی نگرانی میں سندی تحقیق کے لیے اپنے مقالے کے لیے بنیادی مآخذ تلاش کر ر ہی تھی ۔یہ آج سے تیس سال قبل کی بات ہے،میرے دل میں یہ تجسس پیدا ہوا کہ کیوں نہ میں بھی اس یگانہ روزگار ادیب،ڈرامہ نگار ،صداکار اور افسانہ نگار کے اسلوب کا مطالعہ کروں مگر بعض مسائل کے باعث میں یہ کام مکمل نہ کر سکا۔آج اکتیس جولائی 2020ء کو سلطان جمیل نسیم کی رحلت کی خبر ملی تو دِل بیٹھ گیا۔کیسے کیسے آفتاب و ماہتاب غروب ہو گئے اب اندھیرے کیسے دُور ہوں گے ؟ناخن پہ گرہ نیم باز کا جو قرض تھا سوچتا ہوں اُسے اُتارنے کی سعی کروں ۔
اس سے قبل میں صبا اکبر آبادی کی مرثیہ نگاری پر دو مختصر مضامین لکھ چکا تھا جو بعد میں ماہ نامہ عکاس ،اسلام آباد اور سہ ماہی تجدید نو، لاہور میں شائع ہوئے جنھیں ذوقِ سلیم سے متمتع ادب کے سنجیدہ قارئین نے بہ نظر تحسین دیکھا۔میرے لیے یہ بہت بڑا اعزاز و افتخار ہے کہ مجھے اُن مشاہیر ِ ادب سے ملنے کو مو قع ملا ہے جن کے صبا اکبر آبادی اور اُن کے خاندان کے ادیبوں کے ساتھ نہایت قریبی تعلقات تھے ۔ ا ن مشاہیر ِ ادب میں سید جعفر طاہر ،محمد شیر افضل جعفری ،کبیر انور جعفری ،امیر اختر بھٹی ، ارشاد گرامی ، محمدحامد سراج ،بشیر سیفی ،حاجی محمد یوسف ،ڈاکٹر محمد کبیرخان ،صاحب زادہ رفعت سلطان ، گدا حسین افضل ، احمد بخش ناصر ،بشارت خان ،شفیع ہمدم ، شفیع بلوچ ،عاشق حسین فائق ،رام ریاض ، سجاد حسین ، رانا سلطان محمود ،شیر خان ،منیر حسین ،معین تابش،غلام علی خان چین اور احمد تنویر شامل ہیں ۔یہ سب ادیب پاکستان میںاُردو مرثیہ کے فروغ میں صبا اکبر آبادی کی خدمات اور اُردو افسانے میں عصر ی آ گہی پروان چڑھانے کے سلسلے میں سلطان جمیل نسیم کی مساعی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے تھے ۔ اُن کا خیا ل تھا کہ صبا اکبر آبادی کی مرثیہ نگاری میر ببر علی انیس اور مرزا سلامت علی دبیر کی روایت اور عہد جدید کے مسائل کی تمازت اپنے اندر سموئے ہوئے ہے۔اتنے بڑے علمی اور ادبی گھرانے سے تعلق رکھنے والے سلطان جمیل نسیم نے جب فن افسانہ نگاری کو اپنایا تو خون جگر سے اس صنف ادب کی آبیاری کی۔ اپنی زندگی کے مسائل کو خود اُٹھانے اور سر زیرِ بار قیصر و کسریٰ نہ کرنے کی بنا پر اُن کے افسانوی مجموعے ا ٓج بھی دنیا بھر میں مقبول ہیں۔ سلطان جمیل نسیم کا پہلا افسانوی مجموعہ ’’کھویا ہوا آدمی‘‘ کے عنوان سے سال ۱۹۸۵ ء میں شائع ہوا ۔ قحط الرجال کے موجودہ زمانے میں شہر ِکوراں کا راہ گم کردہ مسافر خضر ؑ اور آج کا دور اپنے براہیم ؑ کی تلاش میں سر گرداںہے۔ معاشرتی زندگی میں بڑھتی ہوئی بے حسی کے نتیجے میں لوگوں کا مزاج عجیب ہو رہاہے اور ہر شہر کوفے کے قریب ہو رہاہے ۔ اپنی ذات کے صنم کدہ اور خار زار ِ حیات میں اس قدر سراب ہیں کہ آدمی ان کی جان لیوا کیفیات میں کھو کر اپنی حسرتوں، تمناؤں ،امنگوں اور ارمانوں کی لاش اپنی ہی کندھوں پر اٹھا کر اپنی تہی دامنی پر خود ہی آنسو بہانے پر مجبور ہے ۔یہ ایک لرزہ خیز اور اعصاب شکن حقیقت ہے کہ ہوائے جورو ستم کے بگولوں نے مظلوم انسانوں کے نشیمن کے تنکے بکھیر دئیے ہیں ۔المیہ یہ ہے کہ پیہم شکست ِدِل کے نتیجے میں آج کا انسان خود بھی اپنی حقیقت کا شناسا نہیں۔اپنے بحر خیالات کے پانی کی عمیق گہرائیوں میں غوطہ زن ہو کر زندگی کے تلخ حقائق کے گہر ہائے آبدار کی غواصی کے لیے وہ ستیز پر آمادہ ہی نہیں۔مسلسل یاس و ہراس اور دل شکستگی کے باعث ایک خوف ناک بے حسی نے اسے اپنی گرفت میں لے لیا ہے۔ افسانوی مجموعہ ’’ کھویا ہوا آدمی‘‘ میں شامل چھبیس(26) افسانے فرد کی اسی جذباتی اور نفسیاتی کیفیت کو منظر عام پر لاتے ہیں۔ان کا دوسر افسانوی مجموعہ ’’سایہ سایہ دھوپ‘‘۱۹۸۹ ء میں منظر عام پر آیا جس میں اکیس (21) افسانے شامل ہیں ۔اس کے بعد ’’ایک شام کا قصہ‘‘ کے عنوان سے ان کا تیسرا افسانوی مجموعہ ۲۰۰۰ ء میں شائع ہوا ۔ اس افسانوی مجموعے میں اکتالیس (41) افسانے شامل ہیں ۔ سترہ (17)افسانوں پر مشتمل ’’میں آئینہ ہوں ‘‘ کے عنوان سے سلطان جمیل نسیم کے افسانوں کا چوتھا مجموعہ ۲۰۰۲ ء میں شائع ہوا۔ ریڈیو پاکستان حیدر آباد نے سال 1957ء میں اپنی نشریات کا آغاز کیا ۔سلطان جمیل نسیم نے نشریات کے آغاز ہی سے ریڈیو پاکستان حیدرآباد کے لیے ریڈیائی ڈرامے لکھنے شروع کیے ۔ ریڈیو پاکستان حیدر آباد سے نشر ہونے والا اُن کا پہلا ڈرامہ ’’ جنرل بخت خان‘‘ بہت مقبول ہوا۔ اُن کے ریڈیائی ڈرامے ریڈیو پاکستان کراچی سے بھی نشر ہوتے رہے ۔ ان کے سات (7) ڈراموں پر مشتمل کتاب ’’ جنگل زمین ،خوشبو ‘‘ 1999ء میں منظر عام پر آ ئی۔ ریڈیو پاکستان کراچی سے اُن کا ڈرامائی فیچر ’’ حامد منزل ‘‘ لگاتار تین برس تک نشر ہوتا رہا جسے ریڈیو کے سامعین نے بہت پسند کیا۔پس نو آبادیاتی دور میں پاکستانی افسانہ نگاروںکے اسلوب پر سلطان جمیل نسیم کے تجزیاتی تقاریر جن کا دورانیہ پینتالیس (45) منٹ ہوتا تھا بہت توجہ سے سنی جاتی تھیں۔ ریڈیو سے نشر ہونے والی اپنی ان تنقیدی و تجزیاتی تقاریر میں سلطان جمیل نسیم نے پاکستان کے چھبیس (26) ممتاز افسانہ نگاروں کے اسلوب پر اپنے خیالات کااظہارکیا۔سلطان جمیل نسیم نے خاکہ نگاری میں بھی گہری دلچسپی لی اور پچیس ( 25) شخصیات کے خاکے لکھ کر فن خاکہ نگاری میں بھی اپنے اسلوب کی دھاک بٹھا دی ۔ بچوں کے لیے لکھی گئی سلطان جمیل نسیم کی تحریریں بہت مقبول ہوئیں ۔ہمدرد نو نہال میں ان کی تخلیقات کو بچے بہت شوق سے پڑھتے تھے۔ سلطان جمیل نسیم نے ہمیشہ یہ تمنا کی کہ اس عالم آب و گل میں جہاں دشت ِجنوں سر ِہر خار کو تیز رکھے ہوئے ہے،اس میں اپنے من میں ڈُوب کر سراغِ زندگی کی جستجو ہی اصل زندگی ہے۔ وہ زندگی بھر آئینہ ٔ الفاظ میں حالات کی حقیقی تصاویر دکھانے کی مساعی میں جس انہماک کا مظاہرہ کرتے رہے وہ اُن کی انفرادیت کی دلیل ہے ۔ وہ جانتے ہیں کہ باہر کا دھن تو آ تا جاتا ہے یہ زندگی کھنڈرات اور ویران سرائے کے ٹمٹماتے ہوئے دیے کے مانند ہے۔ سلطان جمیل نسیمکی تحریریں پڑھ کر تمام احوال کھلتا چلا جاتا ہے آئینے میں رکھے چہرے اور خورشید مثال شخص لوح جہاں پر حرف مکرر کے مانند کاتب تقدیر کے ہاتھوںمٹا دیے جاتے ہیں۔چاند چہرے شب فرقت پہ وارے جاتے ہیں اور ہم اپنے گھر کے چراغ مٹی میں محض اِس آس پر رکھ دیتے ہیں کہ زیر زمین سفاک ظلمتیں ان کی تا با نیوں سے کافور ہوجائیں۔سلطان جمیل نسیم کے افسانے انسانیت کے وقار اور سربلندی کے مظہر ہیں۔ سلطان جمیل نسیم نے واضح کیا کہ ایک تخلیقی فعالیت کی حیثیت سے داستان ،افسانہ اور کہانی لکھنا کوئی بچوں کا کھیل نہیںبل کہ یہ تو اسرارِ کائنات کی ایسی تفہیم ہے جس کے وسیلے سے زندگی کی تعمیر نو اور کارِ جہاں کی از سرِ نو تشکیل کی راہ ہموار ہو جاتی ہے ۔ سلطان جمیل نسیم نے اپنے تجربات، مشاہدات اور تاثرات کو پوری دیانت سے زیبِ قرطاس کیا اور انھیں اپنی کتاب ِ زیست کا ایک معتبرحوالہ بنا پیش کیا۔اُن کی کہانیاں ہر عہد کے قاری کے لیے ایسا زادہ راہ ہے جو اُسے سرابوں کے عذابوں سے بچاتاہے ۔ کہانی کارکی زندگی میں کئی سخت مقام آ تے ہیں وہ معاشرتی زندگی کی شقاوت آمیز نا انصافیوں کو دیکھتاہے ،ان کے بارے میں سوچ کر کُڑھتاہے اورپھر تزکیۂ نفس کی خاطراِنھیں قلم و قرطاس کا معتبر حوالہ بناتا چلا جاتاہے ۔ ایک حساس اور زیرک تخلیق کار کی حیثیت سے سلطان جمیل نسیم کی یہی تمنارہی کہ تخلیق ِ فن کے لمحوں میں خون بن کر رگِ سنگ میںاُترجائے ۔ اُنھیں معلوم تھا کہ ملبوس ِ بہار کی تیاری میں تخلیق کار کی اُنگلیاں فگار ہو جاتی ہیں ۔ زندگی کے ساز پر کہانی کی تان چھیڑتے وقت لمحات کی سارنگی کے تار سے جب اُس کی اُنگلیاں ٹکراتی ہیں تو فگار اُنگلیوں سے بہنے والاجگر کا خون فرشِ زمین پر ہر طرف بکھر جاتا ہے ۔ مظلوم انسانوں کے کرب کی آواز کو لوحِ دِل سے نقل کر کے صفحہ ٔ قرطاس پر منتقل کرنا جا ن جوکھوں کا کام ہے ۔ جبر کا ہر انداز مسترد کرتے ہوئے بے بس انسانیت کی مظلومیت اور درندوں کی سادیت پسندی کے نفسیاتی مطالعہ پر توجہ دینا افسانہ نگار کی اہم ترین ذمہ داری ہے ۔ کئی افسانہ نگار ایسے بھی ہیں جو پہلے تو افسانے لکھتے تھے مگر گردشِ ایام نے خود انھیں افسانہ بنا دیااور اہلِ جور نے انھیں اس دنیا کے آئینہ خانے میں تماشا بنا دیا۔ ا س بے ثبات دنیا میں خوابوں کی خیابا ں سازیاں انسان کو نت نئی قلابازیاں کھانے پر مجبور کر دیتی ہیں ۔ انسانیت کے وقار پر مکر و فریب،دغا و دُزدی ،جبر و اِستبداد ،پیمان شکنی،محسن کشی اور ٹھگی کی قبیح واردات کے مرتکب درندوں کی سادیت پسندی کا پردہ فاش کرنا اور مظلوموں سے عہدِ وفا استواررکھنا ایک کٹھن مر حلہ ہے ۔انھیں اس بات کا شدید قلق ہے کہ قحط الجال کے موجودہ زمانے میں انسانیت کی توہین ،تذلیل،تضحیک اور بے توقیری کرنے والے ہر طرف دندناتے پھرتے ہیں جامۂ ابو جہل میں ملبوس چربہ ساز ،سارق اور کفن دُزد قماش کے خفاش انسانیت کے درپئے آزار ہیں۔اس سے بڑھ کر المیہ کیا ہو گا کہ مشکوک نسب کے اجلاف و ارذال اور اُن کے ساتا روہن جن کی بے بصری ،بے حسی، بے غیرتی ،بے ضمیری ،ذہنی افلاس، سادیت پسندی(m Sadis،)کور مغزی اور جہالت مآبی کا ایک عالم شاہد ہو وہ بھی رواقیت کے داعی بن بیٹھیں۔ایسے حالات میں جب کہ زاغ و زغن اور بُوم و شِپر اپنی جہالت کا انعام پا کر چور دروازے سے گُھس کر جاہ و منصب پر غاصبانہ قبضہ کر لیں تو وقت کے اِن سانحات کو کس نام سے تعبیر کیا جا سکتا ہے۔سلطان جمیل نسیم کے افسانے ظالم و سفاک ،موذی و مکار استحصالی عناصر کے لیے عبرت کے تازیانے ثابت ہوئے۔وہ لفظ کی حرمت کو دل و جاں سے عزیز رکھتے تھے ان کی دلی خواہش تھی کہ تیشہ ٔ حرف سے جبر کے ایوانوں کو منہدم کرنے میں تامل نہیں کرنا چاہیے۔ایک جری تخلیق کار کی حیثیت سے سلطان جمیل نسیم نے مفاد پرست استحصالی عناصر اور سسلین مافیا کے جبرکے خلاف کھل کر لکھا ۔ان کی تحریر میں بلا کی اثر آفرینی تھی جو روح کی گہرائیوں میں اترتی چلی جاتی تھی۔ان کے ایک افسانے’’ خواب اور کہانی‘‘ کا ایک کردار اس انداز میں اس لرزہ خیز ،اعصاب شکن اور مسموم ماحول کے خلاف حرف صداقت لکھنے کے بارے میں اپنے عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے لکھتا ہے:
’’ہم لفظوں کے کند ہتھیار استعمال کرتے کرتے تنگ آ چکے ہیں۔اب ہم کچھ اور کرنا چاہتے ہیں ۔۔۔۔وہ کام جو دنیا کے سب لوگ کر رہے ہیں معاشرتی انقلاب۔۔۔معاشی ہمواری۔۔۔اجتماعی مفاد یہ سب لفظ بے اثر ہیں۔ان کے لکھنے میں ہماری قوت ضائع نہ کرو۔ہم بے روح الفاظ اور بے جان قلم سے کوئی رشتہ نہیں رکھنا چاہتے۔‘‘ (ایک شام کا قصہ: صفحہ ۱۲۱)
آج کے دور میں بے حس معاشرے نے اس انداز میں چپ کھینچ لی ہے کہ انسانیت کو نا قابل اندمال صدمات سے دو چار ہونا پڑ رہا ہے۔سلطان جمیل نسیم نے حریت ضمیر سے جینے کے لیے ہمیشہ اسوہ ٔ شبیرؑ کو اپنایا ۔ان کا خیال تھا کہ ضمیر کی آواز سے انسا ن جاگ اٹھتا ہے۔حریت فکر کی پیکار اور ضمیر کی للکار ان کے اسلوب کا امتیازی وصف ہے۔زندگی کے تلخ حقائق ان کے افسانوں میں دبستان دل کی غزل اور چراغ صبح ازل کے روپ میں جلوہ گر ہو کر اذہان کی تطہیر و تنویر کا موثر وسیلہ ثابت ہوتے ہیں۔ہستی کی جبیں پر نمودار ہونے والا ہر خیال حسیں ان کے اسلوب کا امتیازی وصف ہے ۔ان کا وسیع مطالعہ ،عمیق مشاہدہ اور فطرت نگاری لفظ کو پھول بنا کر قریہ ٔ جاں کو معطر کر دیتی ہے۔انھوں نے زمین و زماں،مکین و مکاں اور شیرازہ جزو و کل کو اس انداز میں پیش کیا ہے کہ ان کے اسلوب کی سحر نگاری پر مشاطہ ٔ برگ و گل بھی دم بخود ہے۔ان کی تحریر میں صحیفہ صحیفہ ایثار،خلوص،دردمندی اور محبت کی ضیا پاشیاں نگاہوں کو خیرہ کر دیتی ہیں۔بے لوث محبت اور بے باک صداقت کو زندگی سے عبارت کرنا ان کا ادبی نصب العین ہے۔ایک زیرک تخلیق کار کی حیثیت سے اُنھوں نے جبر کا ہر انداز مسترد کرتے ہوئے ہمیشہ مظلوموں سے عہد وفا استوار رکھا ۔ان کا خیال تھا کہ گردش لیل و نہار کے مسائل سے عہدہ برآ ہونے کا یہی واحد طریقہ ہے۔سلطان جمیل نسیم نے فن کے نکھار کے لیے زندگی کا مطالعہ کرتے وقت اپنے افسانو ںمیں جعل ساز سفہا کی ایسی کریہہ صورت پیش کی ہے جو اُن کے مکر کے پردے میں نہاں رہتی ہے ۔
ہر ظالم پہ لعنت بھیجنا اور مفلوک الحال طبقے کے دکھ درد میں شامل ہونا سلطان جمیل نسیم کے نزدیک ایک بہت بری نیکی ہے۔ان کے افسانے زندگی کے تمام نشیب و فراز سامنے لاتے ہیں۔وہ یہ دکھانے میں کامیاب رہے ہیں کہ الم نصیبوں اور جگر فگاروں کو ہر دور میں صعوبتوں کا سفر درپیش رہا ہے جب کہ بروٹس قماش کے محسن کش درندے آج بھی گل چھرے اُڑا رہے ہیں اور مجبوروں کے چام کے دام چلا رہے ہیں۔یہ لوگ خوگر انتقام بن کر انسانیت پر مصائب و آلام کے پہاڑ توڑتے چلے جا رہے ہیں۔سلطان جمیل نسیم کا اصرار ہے کہ آج بھی اگر انسان حلقہ بگوش محبت ہو جائے تو یہ دھرتی امن و محبت کا گہوارہ بن سکتی ہے۔ عملی زندگی میں موسموں کا تعلق قلبی کیفیات اور جذبات و احساسات سے ہے۔دِل زندہ ہو اور نگاہ میں شوخی ہو تو تھر کے صحرا میں تھر تھر کانپتے ہوئے لوگ بھی مجبوری ٔ حالات کو پس ِ پشت ڈال کر اش اش کر اُٹھتے ہیں۔ انسانی زندگی میںشکست و ریخت کا ایک غیر مختتم سلسلہ جاری رہتا ہے لیکن ہر مرحلۂ زیست پر اِسے مختلف صورتوں میں دیکھا جاتاہے ۔ انسانی مزاج میں کبھی سوز و سازِ رومی تو کبھی پیچ و تاب ِ رازی کی کیفیت سامنے آتی ہے ۔ان حالات میں چُو لستان کے وہ باسی جن کے دماغ کے کچھ پیچ اور شخصیت کی چُولیں ڈھیلی ہیں جب دیکھتے ہیں کہ باسی کڑی میں اُبا ل آنے کے باعث زندگی پر تکلیف دہ وبال آ گیا ہے تو آٹھ آ ٹھ آنسو رونے کے بجائے جھوٹ کے بازار میں تُلنے والی جنس کے جعلی خریدار بن جاتے ہیں ۔سلطان جمیل نسیم کے افسانوں میں اس جانب متوجہ کیا گیا ہے کہ ہر ہوس پرست انسان کے اندر ایک بھیڑیا پوشیدہ ہوتاہے جو کسی بھی وقت جعلی شخصیت کے حصار سے باہر نکل کر بے بس انسانوں کا خون پی سکتا ہے ۔ سلطان جمیل نسیم نے اردو افسانے کی ثروت میں جو بے پناہ اضافہ کیا ہے وہ تاریخ ادب کا ایک درخشاں باب ہے۔اردو زبان و ادب سے محبت کرنے والوں کی گردن ان کے بار احسان سے ہمیشہ خم رہے گی۔
اردو افسانے کو موضوعات کا جو تنوع سلطان جمیل نسیم نے عطا کیا ہے وہ اپنی مثال آپ ہے۔انھوں نے اُس درندہ صفت اور جلاد منش مافیا کے مکر کا پردہ فاش کیا ہے جو سدا خوگر انتقام بن کر انسانیت کے درپئے آزار رہتا ہے ۔سلطان جمیل نسیم نے واضح کیا ہے کہ ہوس پرستوں کے ذہنی افلاس،کور مغزی اور بے بصری کا یہ عالم ہے کہ عمریں بڑھنے کے ساتھ ساتھ اِن کی بے غیرتی،بے ضمیری ،بے حیائی ،سفاکی ،درندگی اور ہوس ناکی میں بھی پیہم اضافہ ہوتا چلا جاتا ہے ۔یہ آدم خور اپنے مذموم مقاصد کی خاطر مجبور انسانوں پر عرصہ ٔ حیات تنگ کر کے ان کے چام کے دام چلاتے ہیں اور لذت ایذا حاصل کرتے ہیں۔ان مظلوموں کو کہیں سے انصاف بھی نہیں ملتا کیونکہ انصاف بھی تو ایک پتھر کی سل کے نیچے دبا ہے جسے کاٹ کر نکالنے کے لیے تیشہ زر کی احتیاج ہے۔سلطان جمیل نسیم کا پیغام بے لوث محبت پر مبنی ہے ان کا خیال ہے کہ اگر دنیا بھر کے انسان حلقہ بگوش محبت ہو جائیں تو استحصالی عناصر کو منہ کی کھانا پڑے گی۔اس طرح یہ دھرتی امن و راحت کا گہوارہ بن سکتی ہے۔ایک بے خوف صدا جب مہیب سناٹوں کی بھینٹ چڑھتی ہے تو فسطائی جبر کو کھل کھیلنے کا موقع مل جاتا ہے یہ صورت حال انسانی وقار کے لیے بہت برا شگون ہے۔ سلطان جمیل نسیم نے زندگی بھر جبر کے خلاف قلم بہ کف مجاہد کا کردار ادا کیا۔ قوت و ہیبت کے زعم میں مبتلاقوتوں کو یہ جان لینا چاہیے کہ وہ کتب خانوں تک رسائی میں سد سکندری بن کر حائل ہو سکتے ہیں مگر حریت فکر کے مجاہدوں کی فکر کو محبوس کرنا اُن کے بس کی بات نہیں ۔ سلطان جمیل نسیم نے اپنے افسانے ’’انکشاف‘‘ میں ایک ایسا ہی دلدوز سانحہ بیان کیا ہے:
’’وہ شخص مر گیا،میرے روئیں روئیں سے اٹھنے والی ٹیسوں کا احساس مر گیا۔وہ شخص مر گیا۔۔۔اب کے چودھری ۔۔۔ ان کے وڈیرے ان کے سردار ان کے ملک بے کھٹکے جیئیں گے وہ شخص مر گیا۔۔۔اب نظریں جھک جائیں گی،آوازیں دب جائیں گی۔وہ شخص مر گیا اب کچھ لوگ بے خوف ہو کر زندہ رہیں گے اور بہت سے دہشت و خوف سے روز مرتے رہیں گے‘‘(ایک شام کا قصہ : صفحہ ۱۶)
سلطان جمیل نسیم نے پتھروں اور سنگلاخ چٹانوں سے بھرے اس معاشرے میں موجود رابن ہڈ ،ہلاکو خان اورچنگیز خانجیسے ننگ انسانیت خون آشام درندوں کو ان کے قبیح کردار اور بے ہودگیوں کی بنا پر ہدف تنقید بنایا ہے۔ایک حساس تخلیق کار کی حیثیت سے وہ دکھی انسانیت کے مصائب و آلام پر تڑپ اٹھتے ہیں۔ محسن کشی ،پیمان شکنی، منافقت ،ریا کاری،دہشت گردی ،موقع پرستی اور درندگی سے نفرت ان کے ریشے ریشے میں سما گئی تھی۔وہ حرف صداقت کا آئینہ لیے قریہ قریہ مظلوم اور دُکھی انسانیت کی حمایت میں دیوانہ وار پھرتے دکھائی دیتے ہیں۔ان کی تحریروں سے یہ بات واضح ہو جاتی ہے کہ وہ جہد وعمل کے نقیب بھی ہیں اور تقدیر پر بھی ان کا پختہ ایمان ہے۔وہ سمجھتے ہیں کہ لوح تقدیر پر انسان کے مقدر کی جو صورت بتائی جاتی ہے اس سے مفر ممکن ہی نہیں ۔تقدیر ہر لمحہ ،ہر مرحلہ اور ہر گام پر انسانی تدبیر کے پرخچے اڑا کر انسان کو اُسے اپنی اوقات یاد دلاتی ہے۔سیل ِزماں کا ایک تھپیڑا تخت و کلاہ و تاج کے سب سلسلے بہا کر لے جاتا ہے۔سلطان جمیل نسیم نے ایک حقیقت نگار کی حیثیت سے وقائع ،تاریخ اور تاریخ کے مسلسل عمل کے بارے میں جو انداز فکر اپنایا ہے وہ نہایت دل نشیں ہے۔
اسلوب کے بارے میں یہ بات مسلمہ ہے کہ یہ کسی شخصیت کو منعکس کرتا ہے۔سلطان جمیل نسیم کے اسلوب میں ان کی شخصیت کا واضح پر تو دکھائی دیتا ہے۔ ارضِ وطن اور اہل وطن سے قلبی وابستگی اور والہانہ محبت ان کی شخصیت کا نمایاں ترین وصف ہے۔وہ نوع انساں کے مصائب و آلام اور درد و غم کو وہ اپنے ذاتی غم اور صدمے سے تعبیر کرتے ہیں۔دروں بینی کی یہ کیفیت ان کے افسانوں کو آفاقیت عطا کرنے کا وسیلہ ثابت ہوتی ہے۔جس طور سے ہم زیست کرنے پر مجبور ہیں یہ ایک عالم جبر کی کیفیت کا مظہر ہے ۔فسطائی جبر کے ہاتھوں آج مظلوموں کی روح زخم زخم اور دل کرچی کرچی ہو چکا ہے۔سلطان جمیل نسیم نے بے بس و لاچار انسایت کے درد کی ٹیس اور کسک کو دل سے محسوس کرتے ہوئے ان کی داستان غم کو اپنے افسانوں میں جس فنی مہارت کے ساتھ پیش کیا ہے وہ ایک منفرد تجربہ ہے۔سلطان جمیل نسیم نے اپنے متنوع تجربات سے اردو افسانے کو دھنک رنگ مناظرسے سجا دیا ہے۔یہ تحریریں انسانی ہمدردی اور حق و صداقت کے آفاقی اور ابد آشنا تصورات کی آئینہ دار ہیں۔ سلطان جمیل نسیم کے اردو افسانوں کا تعلق اگرچہ پاکستانی تہذیب و معاشرت اور سماج سے ہے اور اس کے سوتے ارض وطن ہی سے پھوٹتے ہیں مگر یہ بات بلا خوف تردید کہی جا سکتی ہے کہ ان افسانوں کی ضیا پاشیاں،اثر آفرینیاں ،اور عطر بیزیاں حدود وقت سے بہت آگے نکل گئی ہیں۔صدیوں تک ان افسانوں کی باز گشت سنائی دیتی رہے گی۔قلم کے احترام کا جو ارفع معیار سلطان جمیل نسیم کی تحریروں میں دکھائی دیتا ہے وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ عصر حاضر میں حریت فکر کے عظیم مجاہد ہیں۔تخیل اور شعور کے باہم اشتراک عمل کے اعجاز سے انھوں نے فہم و ذکا کے لیے نئے آفاق کی جستجو کی ہے۔ان کا قوی مشاہدہ ،عمیق مطالعہ، بے پناہ یاد داشت، ارفع ترین بصیرت،ذوق سلیم،فہم و ادراک کی سطحِ فائقہ ،مظلوم کی حمایت اور ظالم سے نفرت ایسے اوصاف ہیں جو ان کو منفرد اور ممتاز مقام عطا کرتے ہیں۔ایسے با کما ل ادیب کا وجود ملک ،قوم اور نوع انسانی کے لیے بہت بڑا اثاثہ ہے۔
قحط الر جال کے موجودہ زمانے میں ہوس نے نوع انساں کو انتشار اور خود غرضی کی بھینٹ چڑھا دیا ہے ۔مادیت پسندی اور سرما یہ دارانہ سوچ استحصال پر مبنی فسطائی جبر کے ہولناک اثرات کو اپنے اندر چھپائے ہوتی ہے۔آج کے دور کا المیہ یہ ہے کہ دولت ہی کو معیار شرافت سمجھا جا رہا ہے۔قحبہ خانے ،عقوبت خانے اور چنڈو خانے چلانے والے جو فروش گندم نما عطائی ہرطرف دندناتے پھرتے ہیں۔ڈوم ڈھاری،بھانڈ ،بھڑوے،مسخرے ،لچے اور شہدے دولت کے بل بوتے پر قارون بن بیٹھے ہیں اور ان کے سفہا اور ان کے ساتا روہن مظلوموں کی بستیوں کو قلعہ ٔ فراموشی اورگوانتا نا مو بے بنا کر رقص ابلیس میں منہمک ہو جاتے ہیں۔سلطان جمیل نسیم نے ہر ظالم کو اس کی اوقات یاد دلاتے ہوئے اُن پر واضح کر دیا ہے کہ ان سے پہلے بھی جو ایک شخص دولت ،جاہ و منصب پر غاصبانہ قابض تھا اس کو بھی یہی زعم تھا کہ وہ اقتدار پر بلاشرکتِ غیرے قابض ہے لیکن یاد رکھنا چاہیے ہر ایک سر کے ساتھ فقط سنگ ہی رہ جاتا ہے،سلاطین کے بدن ملخ و مور کے جبڑوں میں آجاتے ہیں سکندر اور دارا جیسے نامیوں کی قبر کا نشاں بھی کسی کو معلوم نہیں۔سلطان جمیل نسیم نے جبر کے خلاف اپنے خیالات کا بر ملا اظہار کرنے میں کبھی تامل نہ کیا۔اُن کے افسانوں کے کردار مختلف مقامات پر ایسے خیالات کا اظہار کرتے ہیں جن سے فکر و نظر کے نئے دریچے وا ہوتے چلے جاتے ہیں۔مثال کے طور پر ان کے افسانے ’’واپسی‘‘ کا ایک کردار ’’ منصور‘‘ ہے۔منصور در اصل حالات کا رخ پہچان لینے کے بعداستحصالی عناصر کی شقاوت آمیز نا انصافیوں ،مکر کی چالوں اور سفاکی کے مسموم اثرات کو جان لیتا ہے۔وہ ان خفاش منش حاسدوں اور کینہ پرور درندوں کی بگلا بھگت شخصیت کا عکس اپنے باپ کے کردار میں دیکھ کر نہایت دکھ محسوس کرتا ہے ،سلطان جمیل نسیم نے اس کردار کے بارے میں لکھا ہے:
’’۔۔۔منصور کا ذہن ایک خاص ڈھب اور خاص رخ پر لگ گیاتعلیم تو جیسی بھی تھی جاری رہی ،لیکن اب اس کی سمجھ میں یہ آ گیا اس کا باپ شہر کا ہی نہیں ملک کا بہت ہی با اثر صنعت کار اور تاجر ہے۔جس شخص کو چاہتا ہے بنا دیتا ہے جس کو چاہتا ہے بگاڑ دیتا ہے،جس کو چاہتا ہے خرید لیتا ۔بننے اور بکنے سے کوئی شخص بھی بچ نہیں سکتا۔۔۔۔۔منصور یہ بھی سمجھ گیاکہ اس کی ماں اپنے غلط خیالوں کی سزا بھگت
رہی ہے دولت دھوپ کی دیوار نہیں۔دولت تو ایک محفوظ قلعہ ہے جو بنانے والے کو اپنی پناہ میں رکھتا ہے۔‘‘
حرص و ہوس کے بڑھتے ہوئے رجحان نے مسائل زیست کو اِس قدر اُلجھا دیا ہے کہ زندگی کی کم مائیگی کا احساس بڑھنے لگاہے ۔زندگی کی حقیقی معنویت کو نظر انداز کرنے کی قبیح روش اور اس کے مسموم اثرات کو دیکھ کر کلیجہ منھ کو آ تاہے ۔اپنی ماں کے جن خیالا ت کو منصور غلط قرار دیتا ہے در اصل ان کی صداقت مسلمہ بن جاتی ہے۔اس کی ماں کی نصیحت اسے یاد آتی ہے تو اس کا دل اس کی گواہی دیتا ہے کہ ماں کا کہنا سچ تھا۔وہ ماں جو شوہر سے علیحدہ ہونے کے بعد مرنے کی صورت میں اپنے ظالم شوہر کا کفن بھی قبول کرنے پر آمادہ نہیں اپنے بیٹے کو یہ نصیحت کرتی ہے:
’’ہر شخص کو اپنی زندگی جینی چاہیے۔غیرت اور مجبوری کے علاوہ ہر شے خرید سکتے ہو۔۔۔۔۔۔۔دل جس مطمئن ہو کام وہی اچھا ہوتا ہے ۔ ۔۔۔۔۔۔۔منصور بیٹا دوسروں کی زندگی جینا اور وہ بھی ایسی جس میں چھینا جھپٹی کے سوا کچھ نہ ہو ،یہ زندہ رہنے والوں کا شیوہ نہیں ۔‘‘(میں آئینہ ہوں صفحہ ۵۴)
خیالات کی تونگری ،عقل و خرد کی ثروت،فہم و ادراک کی وسعت اور تجربات و مشاہدات کا تنوع اور ندرت وہ لائق صد رشک و تحسین اوصاف ہیں جو سلطان جمیل نسیم کو عالمی شہرت کا حامل عصر حاضر کا نابغہ اور بے مثال افسانہ نگار ثابت کرتے ہیں۔وہ افسانوں میں حقیقت نگاری کا ایسا التزام کرتے ہیں کہ لفظی اور معنوی صداقتوں کا جادو سر چڑھ کر بولتا ہے اور وحدت تا ثر کا کرشمہ دامن دل کھینچتا ہے۔ان کی افسانہ نگاری زندگی کی حیات آفریں اقدار کی ترجمانی کرتی ہے اور مرگ آفریں قوتوں کے خلاف مسلسل نبرد آزما رہنے کی دعوت دیتی ہے۔وہ جمود کا خاتمہ چاہتے ہیں اسی لیے زندگی کی حرکت و حرارت ان کی تحریروں میں فراواں ہے۔یہی مقصدیت ان کی تحریروں کو صیقل کرنے کا موثر ترین وسیلہ ثابت ہوتی ہے۔وہ یہ واضح کر دیتے ہیں کہ کردار سے عاری ذہنی افلاس کے مارے بعض اجلاف و ارزال انتہائی گھٹیا مقاصد اور سفلہ خواہشات کے تابع ہو کر اپنے ضمیر کا گلا گھونٹتے ہوئے مسلمہ صداقتوں ،اخلاقی اقدار ، تہذیبی روایات اور معاشرتی و ثقافتی معائر کو تہس نہس کرتے ہوئے اپنے آپ کو ذلت،تخریب ،نحوست ،بے برکتی ،بے غیرتی اور بے ضمیری کی اتھاہ گہرائیوں میں غرق کر دیتے ہیں۔سلطان جمیل نسیم نے ایک قلم بکف مجاہد کی حیثیت سے ان تمام کرگس زادوں اور مشکوک نسب کے ٹھگوںکے خلاف طویل اور صبر آزما جدو جہد کی ہے۔وقت کے ہر فرعون ،نمرود ،قارون، شمر ،ہٹلر ،ہلاکو خان، چنگیز خان ،رابن ہڈ کی تعمیر کی ہوئی فصیل ،جبر کو تیشہ ٔ حرف سے منہدم کرسلطان جمیل نسیم کا دستور العمل رہا ہے ۔آج کا انسان ذات کی تنہائی کے آشوب میں مبتلا ہے۔اس پر طرفہ تماشا یہ کہ آلام روزگار کے مہیب بگولے اس کی شمع زیست بجھانے کے در پئے ہیں ۔یہ بجا کہ فطرت لالے کی حنا بندی میں ہر لمحہ مصروف عمل ہے اس کے باوجود بے وفائی اور ہجوم یاس سے فرد گھبرا جاتا ہے۔یہ تنہائیاں ہر اس شخص کے لیے سوہان روح بن جاتی ہیں جو محبتوں میں ہوس کا اسیر نہیں بنتا بلکہ حریت ضمیر سے زندہ رہنے کی روش اپناتا ہے۔جزیرہ ٔجہلا میں گھر ا ہرشخص جانتا ہے کہ چار سو تو سمندر ہے نکل کے کوئی کہاں جائے۔ اپنے گلے میں اب تو اپنی ہی بانہیں ڈالنا ہوں گی۔اپنے افسانے’’ دھند ‘‘ میں سلطان جمیل نسیم نے لکھا ہے:
’’جب آدمی اندر بسے صحرا میں بھٹک رہا ہو تو شہروں کا ہجوم بھی اس کی تنہائی دور نہیں کر سکتا۔‘‘ (میں آئینہ ہوں ۔۔۔۔صفحہ ۷۹)
رنج و اَلم کے ستم کھا کر نیم جاں ہوجانے والے مظلوم انسانوں کے لیے یہ بات حیران کن ثابت ہوتی ہے کہ کوئی اجنبی پہلی ملاقات میں اس قدرخلوص کے ساتھ اُسے حوصلے اور اعتماد سے کام لینے کا مشورہ دے ۔وہ دِل ہی دِل میں سوچنے لگتا ہے کہ پریشاں حالی اور درماندگی کے اِن لمحات میں اُس کے زخموں پر مرہم رکھنے والا یہ چارہ گر تو اُس کے لیے ابرِ کرم کی صورت بن کر آ یا ہے جوکِشت ِجاں کو سیراب کر دے گا اور گھر کے آ نگن میں اُمنگوں کے گل ہائے رنگ رنگ کھل اُٹھیں گے ۔وہ اِس نتیجے پر پہنچا کہ کسی ایسے انسان کو جو حالات سے اس قدر دِل برداشتہ ہوکہ مرگِ ناگہانی کی راہ دیکھ رہاہوزندگی کا مژدۂ جانفزا سنانا خلوص ،مروّت ،وفا اور ایثارکا ارفع ترین معیار ہے ۔ فہم و فراست کی نارسائی اور فکر ِانسانی کا سب سے بڑا سانحہ یہ ہے کہ وہ بالآخرکسی نہ کسی فریب کا شکار ہو کر اُسی چیز کے طلسم کے اسیر ہو جاتی ہے جسے گرفت میں وہ سالہا سال سے ناکامی کا منھ دیکھ رہی ہے:
’’ اپنے آپ کو پہچاننے کا دعویٰ کون کر سکتا ہے۔پہچانتے تو دوسرے ہیں اور آدمی ساری عمر دوسروں کی پہچان کے دائرے میں چکر کھاتا رہتا ہے۔‘‘(میں آئینہ ہوں ۔۔صفحہ ۱۲۲)
سلطان جمیل نسیم کو اس بات کا شدت سے احساس ہے کہ معاشرتی زندگی میں معاملہ فہم لوگوں کا فقدان ہے ۔ایسے درد آ شنا لوگ عنقا ہیں جو ان مظلوموں کو سمجھائیں کہ ظلم کی ہر شب ڈھلتی ہے اور طلوعِ صبحِ بہاراں کی راہ میں جو دیوار بنے گا وہ نہیں رہے گا۔صبر و تحمل سے نہاں خانۂ دِل میں نمو پانے والے انتقامی جذبات پر قابو پایا جا سکتاہے ۔مایوسی اور محرومی جب حد سے بڑھ جاتی ہے تو زندگی میں ایسے مسائل سر اُٹھاتے ہیں جن کا کسی مسیحا کے پاس کوئی حل موجود نہیں ۔یہی وہ مقام ہے جہاں ذہن و ذکاوت کی بے بسی دیکھ کرانسان کی نا رسائی اور عبرت ناک مجبوری پر تر س آتاہے ۔استحصالی مافیا کے ہاتھوں لُٹنے والوں کے ذہن میں کئی سوال پیدا ہوتے ہیں مگر ہر چارہ گر کی خود غرضی کا یہ حال ہے کہ وہ چاری گری میں تامل کا اظہار کرتاہے۔ بعض اوقات حالات نے انسان کو ایک ایسے موڑ پر پہنچا دیتے ہیں کہ وہ اپنی زندگی کے باقی ایام میں انہی سوالوں کا جواب تلاش کرنے میں جی کا زیاں کرتے رہتے ہیں ۔ یہ فریب خورد ہ لوگ خوب سے خوب تر کی جستجو میںہر قدم پر نت نئے سانچے میں ڈھل جانے والے شعبدہ بازوں کے جال میںپھنس جاتے ہیں ۔ ان طالع آزما اور مہم جُو موقع پرستو ںکی مثال ِ ترکی ،عرب اور مارگن نسل کے قیمتی اسپان کی تھی جو خالص گندم کے رسیا تھے مگراَب سادہ بُھس سے بھی محروم تھے ۔ یاس و ہراس کے صحرا کے اِن آ بلہ پا مسافروں کو گردشِ ایام نے قلعۂ فراموشی کااسیر بنا دیا جہاں وہ مکمل انہدام کے قریب پہنچ گئے ۔محبتوں اور چاہتوں کی موہوم منزلوں کے یہ درماندہ رہرو جب اپنی میزان ِ صبح و شام پر نظر ڈالتے تو اِس نتیجے پر پہنچتے کہ مجبوریٔ حالات نے اُنھیں ایسے سرابوں کی جانب دھکیل دیا جو جان لیوا عذابوں سے کم نہ تھے جب چڑیا ںکھیت چُگ کر اُڑ گئیں ، فصل کی برداشت کے بعد فصلی بٹیرے لمبی اُڑان بھر گئے اور سانپ نکل کر اپنے بِل میں جا گھسا تو کفِ افسوس مَلنے سے کچھ حاصل نہیں ہو سکتا۔اپنی تباہ کن غلطیوں سے وابستہ حقائق اور احتسابِ ذات کے تصور کو بالائے طاق رکھتے ہوئے کج فہم اور بے بصر لوگ طویل عرصہ تک اُن عیارو ںسے وفا کی توقع میںخجل ہوتے رہے جو وفا کے مفہوم ہی سے نا آشنا ہوتے ہیں ۔آلام ِ روزگار کی زد میں آ کر بکھر جانے والے یہ لوگ حالات کی قبروں کے کتبوں کی صورت بن جاتے ہیں جنھیں سیلِ زماں کے مہیب تھپیڑوں نے کرچی کِرچی کر دیا تھا۔ یہ بات بلا خوفِ تردید کہی جا سکتی ہے کہ زندگی کا سفر نہایت کٹھن اور پر اسرار ہے مگر اپنے من کی غواصی کر کے زندگی کے گوہر یکتا کی جستجو اس سے کہیں بڑھ کر صبر آزما مرحلہ ہے ۔سلطان جمیل نسیم نے ہمدرد ی کاسوانگ رچانے والوں کی نفسیات پر ر وشنی ڈالتے ہوئے لکھا ہے :
’’اب ہمدردی جتانے کے لیے ہم زبان اور ہم قوم ہونا ضروری ہو گیا ہے۔۔۔اپنے گروہ کے لیے تو جان لڑا دیتے ہیں لیکں دوسرے کی جان پر بھی بنی ہو تو اس کی فریاد سے کان پر جوں نہیں رینگتی‘‘
’’ مختار ہونے کا جذبہ کسی آدمی کے اندر جب درخت کی طرح سر اٹھاتا ہے تو وہ ساری دنیا کو اپنے سائے میں سمجھنے لگتا ہے مجھے بھی یوں محسوس ہوا جیسے میں بہت اونچا ہوں ۔۔کسی دیوتا کی طرح۔۔۔ کسی تناور درخت کے مانند ۔۔۔ جیسے موت کی دھوپ اور زندگی کی چھائوں میرے اختیار میں ہے۔‘ ‘(میں آئینہ ہوں۔۔۔صفحہ ۱۶۳)
کہا جاتا ہے کہ حسینوں کی آ نکھیں پرستاروں کے لیے زندان کی صورت اختیار کر جاتی ہیں ۔وہ اُن کی یادوں اور خیالات میں اس طر ح کھوئے رہتے ہیںجس طر ح صیاد کے چنگل میں پھنسنے والے طیور
قفس میں پھڑ پھڑاتے رہتے ہیں مگر ان کی رہائی کی کوئی اُمید بر نہیں آتی اور نہ ہی حالات بدلنے کی کوئی صور ت دکھائی دیتی ہے ۔
’’ہمارے معاشرے کی دیواروں میں ایک شگاف پڑ گیا ہے جہاں سے کرنسی بہتی ہوئی آ رہی ہے اگر جلد یہ شگاف بند نہ کیا گیاتو سیلاب دیوار توڑ دے گا ،جس کے ریلے میں پیار و محبت ،امن و سکون اور تہذیب و تمدن وغیرہ سب بہہ جائیں گے۔‘‘(ایک شام کا قصہ۔۔۔صفحہ ۱۰۰)
سلطان جمیل نسیم کے افسانوں کا اسلوبیاتی مطالعہ کرنے سے یہ حقیقت روز روشن کی طرح واضح ہو جاتی ہے کہ انھوں نے اولوالعزمی،ایثار،خلوص،دردمندی،جذبہ ٔ انسانیت نوازی اور بنیادی انسانی حقوق کو اپنی تحریروں میں کلیدی مقام دیا ہے ۔وہ محبت کو ہر قسم کی آ لودگی سے پاک دیکھنے کے آرزومند ہیں۔وہ منافقت کو نفرت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ،ان کے افسانوں میںہوس زر کے بڑھتے ہوئے رجحان کے خلاف مثبت شعور و آگہی پروان چڑھانے کی بھرپور کوشش کی گئی ہے۔وہ ایسی محبت کے جزبات کو مہمیز کرنا چاہتے ہیں جو سفلی خواہشات،ہوس مال و زر،خود غرضی،نفس پرستی اور جھوٹی انا کی جکڑ بندیوں سے نکل کر دلون کو مرکز مہر و وفا کر دے۔ایسا محسوس ہوتا ہے کہ وہ محبت میں تقلیدی ،غیر حقیقی اور غیر فطری انداز پسند نہیں کرتے بلکہ بے ساختگی اور والہانہ پن انھیں دل و جان سے عزیز ہے۔زندگی اور اس کی مقتضیات کے متعلق ان کے نظریات عصری آگہی کا اعلیٰ نمونہ ہیں۔ڈی ۔ایچ ۔لارنس نے کہا تھا:
’’ زندگی کے سوا کوئی چیز اہم نہیں ۔جہاں تک میرا تعلق ہے ،میں زندگی کو زندہ ہستیوں کے اندر ہی دیکھ سکتا ہوں باہر مطلق نہیں اور سب سے بڑا مظہر زندہ بشر ہے ۔یوں تو بارش میں گوبھی کا پھل تک زندگی کا حامل ہوتا ہے اور جتنی زندہ چیزیں ہوتی ہیں سب حیران کن ہوتی ہیں اور جتنی بھی مردہ چیزیں ہوتی ہیں ،زندہ چیزوں کا ضمیمہ ہوتی ہیں ۔مردہ شیر سے زندہ کتا بہتر ہوتا ہے مگر زندہ کتے سے زندہ شیر ہونا بہتر ہے اور یہی زندگی ہے۔‘‘( بحوالہ مظفر علی سید(مترجم):فکشن فن اور فلسفہ،مکتبہ اسلوب ،کراچی ،با اول ۱۹۸۶۔صفحہ ۳۵۔)
سلطان جمیل نسیم نے زندگی کے بارے میں ایسے ہی خیالات کو اپنے اسلوب میں رو بہ عمل لانے کی کوشش کی ہے۔زندگی سے محبت کے ذریعے در اصل وہ اپنی ذات اور کائنات سے محبت کی بات کرتے ہیں اس طرح شخصیت کی نمو کے امکانات روشن تر ہوتے چلے جاتے ہیں۔وہ ارادی اعمال کی مئوثر تنظیم کے ذریعے اخلاقیات کو زندگی سے مربوط کرنے کی بات کرتے ہیں۔انسانیت سے بے لوث محبت بظاہر ان کی عادت ہے لیکن حقیقت میں یہ ان کی فطرت ثانیہ کی صورت اختیار کر چکی ہے۔ان کے کردار کے باطنی پہلو ان کی سیرت کے غماز ہیں یہی پہلو ان کی تحریروں میں جب سامنے آتے ہیں تو قاری ان کا گرویدہ بن جاتا ہے۔اپنے افسانوں میں وہ تمام ارادی اعمال کو لا شعوری یا ارادی طور پر اس لیے پیش نظر رکھتے ہیں کہ اصلاح کی کوئی صورت سامنے آ سکے۔ان کی سیرت کا خارجی پہلو تو ان کے اعلیٰ کردار کی صورت میں سامنے آتا ہے جب کہ کردار کا جوہر سیرت کی شکل میں دیکھا جا سکتا ہے۔ان کا اسلوب ایک چھلنی کے مانند ہے جس میں سے چھن کر ان کی شخصیت کے یہ تمام پہلو قاری کے دل و جاں کو مسخر کر لیتے ہیں۔سلطان جمیل نسیم کی خاندانی شرافت اور عظمت کا ایک عالم معترف ہے۔ان کے خاندان کی علمی و ادبی خدمات تاریخ ادب میں آب زر سے لکھی جائیں گی ۔تاریخ ہر دور میں ان کے نام کی تعظیم کرے گی۔ان کا اسلوب جہاں ان کی زندگی ،معاشرتی حالات،سماجی میلانات اور تہذیبی و ثقافتی اقدار کو اپنے دامن میں سموئے ہوئے ہے وہاں زندگی کی متنوع کیفیات،موسموں کی دھنک رنگ دلفریبی،شدید ترین
جذبات و احساسات کا بیان بھی ان کے اسلوب کو سحر نگار بنا دیتا ہے۔دل کے کھلنے اور مرجھانے کے بدلتے ہوئے منظر نامے ان کی تحریروں صاف جھلکتے ہیں۔
ایک بلند پایہ افسانہ نگار کی حیثیت سے سلطان جمیل نسیم نے اپنے افسانوں میں جو کردار متعارف کرائے ہیں ان کا مطالعہ مختلف پہلووئں سے کیا جا سکتا ہے۔یہ کردار جبلی سطح پر ایک الگ کیفیت سامنے لاتے ہیں۔مثال کے طور پر جب وہ ایک ابلہ،خسیس،کینہ پرور، حاسد اور شقی القلب کردار کا ذکر کرتے ہیں تو ایسے کردار کی کمینگی ،کم ظرفی ،بے غیرتی اور بے ضمیری غیر ارادی طور پر اس کے اعمال و افعال سے ظاہر ہوتی چلی جاتی ہے۔یہاں ان کے افسانے ’’ بھٹکا ہوا ‘‘ کے ایک کردار ’’ نوراں ‘‘کا ذکر دلچسپی سے خالی نہ ہو گاجسے شکورا نامی ایک شخص نے مکمل طور پر منہدم کر دیا۔اگر ماضی پر نظر ڈالیں تو اِس افسانے کے کردار نورا ں کے ہم پیشہ کئی کردار ملتے ہیں جیسے زہرہ کنجڑن ،ادھم بائی، تفسو ،مصبو اور لال کنور وغیرہ۔ سلطان جمیل نسیم نے نوراں کے بارے میں لکھا ہے کہ اِس جواں سال لڑکی کی الہڑ جوانی پورے گائوں کو اپنی لپیٹ میں لے چکی تھی:
’’نوراں کا وجود گائوں بھر کے لیے خارش کے اس زخم کی طرح تھاجس کو کھجانے سے تکلیف ہوتی ہے مگر تسکین بھی ملتی ہے۔‘‘
خسیس عیاش شکورا جو بزعم خود ایک بد معاش ہے اُسے ایک جسم فروش رذیل طوائف کے ہاتھوں خفت و خجالت کا سامنا کرنا پڑتا ہے جب وہ اسے حقار ت سے تھوکنے کے انداز میں دھتکار کر کہتی ہے :
’’بڑا بد ماس بنا پھرتا ہے ۔سریف آدمی کہیں کا ۔بھاگ جا یہاں سے میرا دھندہ خراب نہ کر‘‘(میں آئینہ ہوں۔۔۔ صفحہ ۱۰۲)
معاشرتی زندگی کے تضادات،ارتعاشات اور بے اعتدالیاں دیکھ کر سلطان جمیل نسیم کا دل خون کے آنسو روتا ہے۔انھیں اس بات کا شدید قلق ہے کہ چربہ ساز ،سارق ،کفن دزد اور جامہ ابو جہل میں ملبوس رذیل ترین ٹھگ رواقیت کے داعی بن بیٹھے ہیںایسا محسوس ہوتا ہے کہ معاشرتی زندگی کی بے حسی نے اس زیرک تخلیق کار کو شدید کرب اور اضطراب میں مبتلا کر دیا ہے ۔الم ناک تجربات،روح فرسا حادثات،اور تلخ و تند قسم کے اتفاقات نے انھیں دل شکستہ کر دیا ہے۔نفسیاتی اعتبار سے ایسی کیفیت بیزاری کی محرک بن جاتی ہے اور ایسا ہونا ایک فطری بات معلوم ہوتی ہے۔جب سلطان جمل نسیم کا سینہ و دل حسرتوں سے چھا جاتا ہے اور ہجوم یاس میں ان کا دل گھبرانے لگتا ہے تواپنے اعصاب پر قابو رکھتے ہیں اور تزکیہ ٔنفس کے ذریعے حقائق کو صفحہ ٔقرطاس پر منتقل کرتے چلے جاتے ہیںانھوں نے زندگی کے مختلف ادوار کے بارے میں فکر و خیال کی جو لا نیاں اس بے تکلفی سے دکھائی ہیں کہ ان کی لفظی مرقع نگاری کے اعجاز سے قاری چشم تصور سے دلوں کے تمام موسم دیکھ لیتا ہے۔زبان و بیان پر ان کی خلاقانہ دسترس ان کے اسلوب میں صاف نظر آتی ہے۔ایک کامیاب اور صاحب طرز افسانہ نگار کی حیثیت سے ان کا یہ اسلوب ان کی ذات کا معتبر حوالہ بن کر سامنے آتا ہے:
’’زندگی خواب نہیں ہے مگر خوابوں میں زندگی ہوتی ہے۔نجمہ کی زندگی میں بھی خوابوں سے سجی راتوں نے ڈیرا ڈال لیا تھا۔۔۔۔۔۔۔۔۔عمر کے ساتھ خوابوں کا ماحول بھی بدلتا چلا گیا۔تو اس نے ململ کے دوپٹے کی طرح خواب اوڑھ کر راتوں کا سینہ ڈھک لیا۔ اس رات بھی وہ ایک ایسا ہی خواب دیکھ رہی تھی جو فرصت کے جاگتے لمحوں میں اگر خیال بن جائے تو سارے بدن پر لمس کی صورت یوں رینگنے لگے کہ بیٹھے بیٹھے جھرجھری آ جائے۔‘‘( میں آئینہ ہوں ۔۔صفحہ ۱۶۴ )
سلطان جمیل نسیم نے کردا ر نگاری میں جو بے تکلفی اپنائی ہے وہ ان کی مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ موضوع، مواد اور زبان و بیان کے انتخاب میں ان کے ذوقِ سلیم کی داد دینا ضروری ہے۔موقع اور موضوع کی مناسبت سے ان کے کردار جو گفتگو کرتے ہیں وہ جامد و ساکت پتھروں اور سنگلاخ چٹانوں سے بھی اپنی تاثیر کا لوہا منوا لیتی ہے۔ان کی تحریریں بر جستہ ،بر محل اور فوری ابلاغ کا وسیلہ ثابت ہوتی ہیں:
’’جاگتی آنکھوں میں ٹوٹے خوابوں کی کرچیوں نے بکھر کر گلابی ڈوروں کا ایسا جال بچھا دیا تھا کہ جس کی طرف نظر اٹھ جاتی وہ اسیر ہو کے رہ جاتا۔۔۔اپنی ان ہی نیم وا آنکھوں کے ساتھ جب وہ عروسی پلنگ پر بٹھائی گئی تو امجد اس کا اوڑھنا بچھونا بن کر رہ گئے‘‘ (میں آئینہ ہوں۔۔۔۔۔صفحہ ۱۶۶ )
زندگی کی حقیقی معنویت اور عملی زندگی کی تمازت کو جو منفرد روپ سلطان جمیل نسیم کے افسانوں میں دکھائی دیتا ہے وہ ان کی انفرادیت کی شاندار مثال ہے ۔ان کے اسلوب کے دو پہلو خاص طور پر قابل توجہ ہیں ایک تو یہ کہ وہ اس بات کے متمنی ہیں کہ ہوائے جور و ستم میں بھی رخ وفا کو بجھنے نہ دیا جائے۔زندگی کے خارجی حقائق کو پیش نظر رکھتے ہوئے ان تمام امور پر نگاہ مرکوز کر دی جائے جو زندگی کی رعنائیوں کو گہنا دینے کا سبب بن جاتے ہیں۔یہ دیکھنا ضروری ہے کہ آخر وہ کون سے ننگ انسانیت درندے ہیں جن کی بے رحمانہ مشق ستم،شقاوت آمیز نا انصافیوں ،اہانت آمیز سلوک،انسانی حقوق کی پامالی،بھتہ خوری،دہشت گردی،جنسی جنون،لوٹ مار اور سفاکی باعث رتیں بے ثمر ،کلیاں شرر،عمریں مختصر،زندگیاں پر خطر اور بستیاں خوں میں تر کر دی گئی ہیں وہ ان تمام بیرونی عوامل کو بیخ و بن سے اکھاڑ پھینکنے کے آرزومند ہیں جو مسرت و شادمانی کی راہ میں تار عنکبوت بن گئے ہیں۔ان کے عقوبتی روّیے کے باعث بے بس اور مظلوم انسانوں کی امیدوں کی فصل غارت اور صبح شام کی محنت اکارت چلی جاتی ہے۔سلطان جمیل نسیم کے اسلوب کا دوسرا منفرد پہلویہ ہے کہ وہ کچلی ہوئی بے بس و لاچار انسانیت کے ساتھ اظہار یک جہتی کرنا اپنا نصب العین سمجھتے ہیں۔یاد رکھنا چاہیے کہ جو ظلم پہ لعنت نہ کرے وہ آپ لعین ہے اور جو شخص جبر کا ہر انداز لائق استرداد نہیں ٹھہراتا وہ فسطائی جبر کو برداشت کرنے سے انکار نہیں کرتا اسے دین کا منکر سمجھنا چاہیے۔
سلطان جمیل نسیم کا شمار عالمی شرت کے حامل مایہ ناز پاکستانی ادیبوں اور دانشوروں میں ہوتا ہے۔انسانیت کے وقار اور سر بلندی کے لیے ان کی خدمات کا عدم اعتراف نہ صرف حقائق سے شپرانہ چشم پوشی کے مترادف ہو گا بلکہ اسے احسان فراموشی پر محمول کیا جائے گا ۔اردو ادب کا کوئی دیانت دار نقا د ان کے کمالات کا اعتراف کیے بغیر نہیں رہ سکتا۔ان کے بارے میں اختر الایمان کا یہ شعر لکھتے ہوئے ایک گونہ طمانیت کا احساس ہوتا ہے کہ اس وقت اردو افسانے کا جو تخلیقی منظر نامہ ہے وہ افق ادب پر مثل آفتاب ضو فشاں ہیں؛اختر الایمان کا یہ شعر سلطان جمیل نسیم کے اسلوب کے بارے میںبر محل ہے ؎
کون ستارے چھو سکتا ہے
راہ میں سانس اکھڑ جاتی ہے
سلطان جمیل نسیم کے افسانے اسلوب اور ہیئت کے جمالیاتی عناصر کا صحیح تصور سامنے لاتے ہیں،ان کے منفرد اسلوب کے حسن کا راز انہی عناصر میں مضمر ہے۔اپنے افسانوں میں انھوں نے انسانی نفسیات کی متعدد گتھیاں سلجھانے کی کوشش کی ہے اور اس سعی میں انھیں بڑی حد تک کامیابی حاصل ہوئی ہے۔اپنے ماحول اور معاشرے کے حوالے سے انھوں نے جو کچھ لکھا وہ ان کی ذات کا نہایت معتبر حوالہ بن کر سامنے آیا ہے ان کا قلم اس تہذیب و ثقافت کا محافظ اور امین ہے جو ہماری سماجی زندگی میں صدیوں سے پروان چڑھ رہا ہے ۔انھوں نے پاکستان کی قومی اور علاقائی زبانوں کے کلاسیکی ادب سے بھی استفادہ کیا ہے اس کے ساتھ ساتھ عالمی ادبیات کے گل ہائے رنگ رنگ کی عطر بیزیاں بھی ان کی تحریروں میں اپنا جلوہ دکھا رہی ہیں۔انھوں نے دوسری تہذیبوں کی اقدار و روایات سے اردو ادب کو متعارف کرا کے ایک مستحسن اقدام کیا ہے۔ان افسانوں کے مطالعہ سے یہ بات واضح ہو جاتی ہے کہ جب بھی معاشرے میں انسانیت کے خلاف ناروا سلوک اور استحصا ل پر مبنی رویہ عام ہو گا باہمی احترام کے جذبات عنقا ہوتے چلے جائیں گے اِس کے بعد تہذیبی بے یقینی معاشرے کو اس مقام پر پہنچا دیتی ہے جہاں انسانی اقدار خیال و خواب بن جاتی ہیں۔ان کا فنی جذبہ غیر شخصی ہے اس لیے ان کی شخصیت تخلیق فن کے لمحوں میں
پس منظر میں رہتی ہے۔ان کی تخلیقات میں ماضی ،حال اور مستقبل کے بارے میں جو مثبت انداز فکر دکھائی دیتا ہے وہ عصری آگہی عمدہ مثال ہے۔ان کی پر کشش ،جاذب اور مقبول شخصیت کا راز یہ ہے کہ وہ اپنی حقیقت سے آگاہ ہیں اور خرد کی گتھیاں سلجھانے کا سلیقہ جانتے ہیں یہاںتک کہ مقام شوق میں بھی وہ مستانہ وار رہ وادی ٔخیال کامیابی سے طے کر لیتے ہیں۔ ان کے فن کے سوتے ان کے قلب و روح کی گہرایئوں سے پھوٹتے ہیں۔اردو افسانے کو موضوعات،مواد ،مکالمات،پلاٹ اور کردار نگاری کے لحاظ سے سلطان جمیل نسیم نے مضبوط اور مستحکم بنیاد عطا کی ہے ان کا اسلوب خوشبو کے مانند نہاں خانہ ٔ دِل کو معطر کر دیتا ہے۔انھوں نے جو پھول کھلائے ہیں ان کی تازگی خزاں سے نا آشنا ہے۔
سلطان جمیل نسیم کے افسانوں میں متعدد علامتیں استعمال ہوئی ہیں۔ان علامات کو ایک نفسیاتی کل کی حیثیت سے دیکھنا چاہیے ۔حقیقت یہ ہے کہ لا شعور کی توانائی کو مہمیز کرنے میں ان علاما ت کا ایک اہم کردار ہے۔ان افسانوں کا ڈسکورس تازگی اور ندرت کا پہلو لیے ہوئے ہے۔یہ ڈسکورس تخلیق کار،قاری اور تمام کرداروں کے باہم اشتراک عمل کا مظہر ہے۔ایک بانجھ عورت اور اس کے شوہر کے مابین اختلافات کا بڑا سبب اولاد کا نہ ہونا ہی ہے یہ ڈسکورس قاری پر سوچ کے نئے دروازے کھولتا ہے۔ان کے ایک افسانے زوال کی ایک کردار خورشید ہے جو اپنے شوہر کی اولاد کی تمنا کے جواب میں اس طرح کے استدلال کا سہارا لیتی ہے یہ سوچ اس عورت کے اندرونی خلفشار اور جذباتی نا آسودگی کو نمایاں کرتی ہے :
’’ایسی ہی ہوتیں تو آج ہم دونوں کے ساتھ ہمارا بچہ نہ ہوتا‘‘ سلیم نے بظاہر مسخرے پن سے اپنی خواہش کا اظہار کیا۔لیکن خورشید یہ سنتے ہی عجیب شش و پنج میں پڑ گئی۔مرد شادی کا حاصل بچے کو کیوں سمجھتا ہے ،کسان کی طرح فصل کی تمنا کیوں رکھتا ہے۔دونوں میاں بیوی ہنسی خوشی زندگی بسر کریں یہ کیوں نہیں چاہتا؟‘‘(میں آئینہ ہوں ۔۔۔صفحہ ۶۸)
زندگی کا کوئی موضوع ایسا نہیں جو سلطان جمیل نسیم کے افسانوں میں موجود نہیں۔قیام پاکستان کے بعد جن افسانہ نگاروں نے جدید عصری تقاضوں کے مطابق ادب تخلیق کیا ان میں سلطان جمیل نسیم کا نام اس اعتبار سے ممتاز مقام رکھتا ہے کہ انھوں نے زندگی کی حقیقی مقصدیت اور معنویت کو مدلل انداز میں پیش کیا ۔اپنے اسلوب میں انھوں نے نہایت وضاحت اور صراحت کے ساتھ مسائل زیست کو اپنے افسانوں کا مو ضوع بنایا۔انھوں نے غیر یقینی حالات میں بھی حوصلے اور امید کی شمع فروزاں رکنے کی راہ دکھا ئی و ہ جانتے ہیں کہ بے یقینی غلامی سے بھی بد تر ہوتی ہے اِس کے مسموم اثرات سے تہذیب و تمدن بھی گہنا جاتا ہے۔سلطان جمیل نسیم نے شہریت کے جملہ عوامل کو موضوع بنایا ہے۔انسانی شخصیت کی تعمیر در اصل معاشرے کی مر ہون منت ہے ۔اچھا شہری ہی اچھا انسان کہلا سکتا ہے ۔اس لحاظ سے دیکھیں تو فرد کی شخصیت اپنے معاشرے سے الگ کوئی حیثیت نہیں رکھتی۔سلطان جمیل نسیم نے اپنے افسانوں میں معاشرتی زندگی میں رونما ہونے والی کجی کو نہایت کامیابی کے ساتھ پیش کیا ہے اور اس کی اصلاح کے امکانات کا جائزہ اس فنی مہارت سے لیا ہے کہ قاری اس سے گہرا تاثر قبول کرتا ہے۔
تفتیشی اداروں میں جو غیر انسانی رویہ دوران تفتیش ملزموں کے ساتھ اپنایا جاتا ہے اس کے تصور ہی سے رونگٹے کھڑے ہو جاتے ہیں۔خاص طور پر تیسری دنیا کے بعض ترقی پذیر ممالک کی پولیس کا
ظالمانہ تشدد وہاں کے عوام کے لیے پوری دنیا میں بد نامی کا باعث بن چکا ہے۔سلطان جمیل نسیم نے اپنے افسانے ’’انکشاف‘‘کے ایک کردار کے حوالے سے لکھا ہے کہ اس کردار پر جو صدمے گزرے وہ آج بھی لمحہ ٔفکریہ ہیں:
ـ’’کسی ملزم سے بھی اقرار کرانے کے لیے ایسے طریقے استعمال نہیں کیے جاتے ہوں گے جیسے حربے وہ مجھ پر آزما رہے تھے۔چاقو کی نوک سے انھوں نے میرے بدن کو گود ڈالاتھا۔بسورتی ہوئی خراشوں کو زار و قطار روتے ہوئے زخموں میں بدل دیا تھا۔خون کا رنگ فرش پر گرنے اور میرے چندی چندی کپڑوں پر ٹپکنے کے بعد سیاہ پڑ گیا تھا،میری ایک آنکھ سوج کر بند ہو گئی تھی ۔دونوں ہونٹ نیلے ہو کر گوشت کے لو تھڑے کی طرح لٹک گئے تھے ۔ناک میں خون جم جانے سے سانس لینا دشوار ہو گیا تھا۔‘‘(ایک شام کا قصہ ۔۔۔۔صفحہ ۱۲ )
تہذیبی اعتبار سے ہمارا معاشرہ اگرچہ تکنیکی طور پر اکملیت کا داعی ہے مگر جہاں تک روحانیت کا تعلق ہے تو بے رحمانہ انتقام ،حسد اور شقاوت آمیز نا انصافیوں کا عفریت آج ہمارے سروں پر منڈلا رہا ہے۔دلوں میں فاصلے بڑھتے چلے جا رہے ہیں۔دل کی آزادی کا تصور اب خیال و خواب بن چکا ہے۔حالانکہ یہ دل ہی ہے جو مہر و وفا اور صدق و صفا کا امین ہے۔سلطان جمیل نسیم نے افسانے ’’سہارا‘‘ میں دل کے حوالے سے بڑی معنی خیز بات کی ہے:
’’دل قبر نہیں ہوتا جہاں یادوں کو دفن کر دیا جائے توپھر ان کی صورت ہی نظر نہ آئے۔دل تو دریا ہوتا ہے جہاں ڈوبنے والوں کی لاشیں اُبھر آتی ہیں‘‘(ایک شام کا قصہ ۔۔ صفحہ ۱۰۴)
سلطان جمیل نسیم کے افسانوں میں معقولیت کے ساتھ زندگی بسر کرنے کا تصور نمایاں ہے اُن کی خواہش ہے کہ جو بھی صورت حال ہو اس کا خندہ پیشانی سے سامنا کیا جائے اور ظلم کے سامنے سپر انداز ہونے کے بارے میں سوچنا بھی ایک ظالمانہ اندازِ فکر ہے۔فرد کا تعلق اپنی تہذیب اور معاشرت سے ہوتا ہے،قدرتی اور حسی حالات بھی اپنی اصلیت کے اعتبار سے جمالیاتی حالات سے منسلک رہتے ہیں۔سلطان جمیل نسیم نے عالمی کلاسیک کا بنظر غائر جائزہ لینے کے بعد جدید عالمی ادب کے مسلمہ معائر کو بھی اپنے اسلوب کی اساس بنایا ہے۔ان کے افسانوں میں موضوعات کا تنوع،انداز فکر کی ندرت، اسلوب کی انفرادیت،زبان و بیان کی پاکیزگی،سلاست ،روانی، تسلسل، خلوس ،دردمندی اور حریت فکر کے عناصر اپنی تمام تر تابانیوں اور جلوہ سامانیوں کے ساتھ سامنے آکر جہان تازہ کی نوید سناتے ہیں۔ان کے افسانوں میں انسانی جذبات اور احساسات کا بیان اس قدر دل نشیں انداز میںکیا گیا ہے کہ تحریر کا ایک ایک جملے دل میں اترتا چلا جاتا ہے۔مثال کے طور پر یہ جملے قابل توجہ ہیں:
’’ انتظار کی دھوپ میں آدمی دھیرے دھیرے سوکھتا ہے۔وقت اسے گیلے کپڑے کی طرح ایک دم نہیں نچوڑتا بل کہ آہستہ آہستہ بل دے کر اس کے صبر کو بوند بوند ٹپکاتا رہتا ہے(میں ایک آئینہ ہوں : صفحہ ۱۶۵)
انسانی زندگی میں ایسے لمحات بھی آتے ہیں جب کوئی محرم راز اس کے درد کا درماں تلاش نہیں کرتا بلکہ صحن چمن میں ہونے والی آتش زدگی کے وقت جن پہ تکیہ ہوتا ہے وہی پتے ہوا دینے لگتے ہیں۔مار آستین اسے ڈسنے کے لیے اس پر جھپٹتے ہیں اور اس طرح اس کی نجی زندگی اس طرح کے سراغ رسانوں کے عقو بتی طریقوں کی وجہ سے عذاب بنا دی جاتی ہے۔قحط الرجال کے موجودہ زمانے میں محبت نے بھی کورونا وائرس کی شکل اختیار کر لی ہے جس قدر کسی کے قریب جاؤ گے اُسی قدر شدت سے یہ دبوچ لے گا۔ سلطان جمیل نسیم نے اپنے ایک افسانے میں لکھا ہے:
’’دل کا حال اور ابتر ہو گیا،جب یہ احساس ہو جائے کہ ہر لمحہ کوئی دیکھ رہا ہے تو انسان بہت ہی محتاط ہو جاتا ہے۔‘‘
سلطان جمیل نسیم کے افسانے پڑھتے وقت قاری کو یقین ہو جاتاہے کہ تخلیق کار کو انسانی نفسیات پر عبور حاصل ہے۔وہ انفرادی میلانات اور احساسات کے بارے میں جو رائے قائم کر لیتے ہیں وہ سو فی صد درست ثابت ہوتی ہے۔ اپنے کئی افسانوں میں سلطا ن جمیل نسیم نے اس جانب متوجہ کیا ہے کہ کوئی بھی احساس دائمی یا حتمی نہیں ہوتاوقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اُس کا تاثر زائل ہوتا چلاجاتاہے ۔یہاں تک کہ ہجوم ِغم اور سمے کے سم کے ثمر کی تلخی بھی ختم ہو جاتی ہے ۔ انسان کے دل میں ہزاروں خواہشیں ایسی جنم لیتی ہیں کہ ہر خواہش پہ دم نکلتا ہے ۔اس کے باوجود انسان بے بسی کے عالم میں لب اظہار پر تالے لگا کر زندگی کے دن پورے کرنے پر مجبور ہے۔جب اجالے داغ داغ اور سحر شب گزیدہ بنا دی جائے تو مفلوک الحال طبقہ اپنی تباہیو ںاورحسرتوں پر آنسو بہا کر اسے اپنی تقدیر کا لکھا قرار دیتا ہے ۔حیات مستعار کو محض مسرتو ں،شادمانیوں ،حسرتوں اور بد گمانیوں پر مبنی اعداد و شمار کا کھیل سمجھنا ایک مہلک غلطی ہے ۔زندگی تو ایک بُورلدے چھتنا ر کے مانند ہے جو کچھ عرصہ ثمر بار رہنے کے بعد طوفانِ حوادث کے بگولوں کی زد میں آ کر زمیں بوس ہو جاتاہے ۔سلطان جمیل نسیم نے لکھا ہے:
’’ان حالات میں جب اپنی خواہشوں کے ساتھ ساتھ اپنی آواز کو بھی قابو میں رکھنا ضروری ہو ،ایک بے مقصد بات کہنا ،ہیولوں کے خوف میں مبتلا ہوجانا،فریب نظر کو نشان منزل سمجھ لینا ۔۔۔سفر کو کٹھن بنا دیتا
ہے ۔(ایک شام کا قصہ ۔۔۔صفحہ ۷۴)
طبقاتی کشمکش کے بارے میں سلطان جمیل نسیم نے ترقی پسندانہ شعور کو بروئے کار لانے کی کامیاب سعی کی ہے۔انھوں نے ظالم و سفاک ،موذی و مکار اور خونخوار سرمایہ داروں کی انسان دشمن چالوں کو نفرت کی نگاہ سے دیکھتے ہوئے انھیں ہدف تنقید بنایا ہے۔انھوں نے واضح کر دیا ہے کہ امیر اور غریب آدمی کی زندگی میں زمین آسمان کا فرق ہے ۔محنت کش طبقہ قرنوں سے مصائب و آلام کے مہیب پاٹوں میں پستا چلا آ رہا ہے جب کہ استحصالی طبقہ غریبوں کا خون چوس کر عیاشی اور اخلاقی بے راہ روی کا شکار ہو چکا ہے۔حریت ضمیر سے جینے والے اور اسوہ ٔ شبیر پر چلنے والے اب تک صعوبتوں کے سفر میں ہیں جب کہ ابن الوقت ،مفاد پرست اور آدم خور بے ضمیروں کی پانچوں گھی میں اور وارے نیارے ہیں۔سلطان جمیل نسیم ایک عظیم محب وطن پاکستانی ہیں۔اپنی تہذیب ،ثقافت،مذہب اور مٹی کی محبت ان کے ریشے ریشے میں سما گئی ہے۔ان کا خیال ہے کہ وطن محض چمکتے دمکتے ہوئے کنکروں کا نام دینا درست انداز ِ فکر نہیں بل کہ یہ تو اہل وطن کے جسم اور روح سے عبارت ہے۔ اگرچہ سلطان جمیل نسیم کے پاس کینیڈا کی شہریت تھی مگر ارض ِ پاکستان کا ایک ایک ذرہ انھیں اپنی جان سے بھی پیارا تھا۔ ان کے دل کی آواز یہ ہے کہ ارض وطن پر ایسی فصل گل کا نزول ہو جو خزاں کی مسموم ہوائوں کے اندیشے سے بے نیاز ہو۔فرد کے ہاتھوں فرد کا استحصال ان کے نزدیک درندگی اور سفاکی کی انتہا ہے ۔ہر فرعون کو اپنی فرد عمل کا حساب دینے کے لیے تیار رہنا چاہیے۔سلطان جمیل نسیم کے افسانوں میں حوصلے اور امید کی شمع فروزاں رکھی گئی ہے وہ اس با ت پر اصرار کرتے ہیں کہ جبر کے خلاف کھل کر بات کرنا وقت کا اہم ترین تقاضا ہے۔سفہا کے مظالم سہنا اور ان کے خلاف علم بغاوت بلند نہ کرنا منافقت کی دلیل ہے۔سلطان جمیل نسیم ہر قسم کی زیادتی پر صبر کر سکتے ہیں مگر معاشرتی زندگی میں رونما ہونے والی شقاوت آمیز نا انصافیوں ،بے رحمانہ انتقامی کارروائیوں اورعصبیتوں پر مبنی امتیازی سلوک پر وہ تڑپ اٹھتے ہیں ۔وہ ضمیر کی للکار پر لبیک کہنے پر اصرار کرتے ہیں اور درندہ صفت منافقوں کو چیلنج کرتے ہیں کہ اگر ان میں اتنی قوت ہے تو وہ ان کو بھی پاش پاش کر دیں۔اس مقتل میں صرف ان کی سوچ کو لہکتی ڈال کی حیثیت حاصل ہے۔وہ ابن الوقت ،مفاد پرست اور
انسان نما بھیڑیوں کو للکارتے ہیں کہ اب ان پر بھی ایک کاری ضرب لگا دی جائے ورنہ جب تک سانس ہے وہ ظلم کے سامنے اپنے تن من دھن کی بازی لگانے کے لیے ہمہ وقت تیار رہیں گے۔ان کا یہ طرز عمل حق گوئی و بے باکی کی درخشاں مثال ہے۔
سلطان جمیل نسیم کے افسانوں کے تمام کردار معاشرتی زندگی میں جا بجا نظر آتے ہیں۔مثال کے طور پر ان کے افسانے ’’خاک کے سوا‘‘ میں ایک کردار ہے جس کا نام ’’ٹھیکے دار گل خان ‘‘ ہے اس کا کچا چٹھا اس افسانے میں اس طرح پیش کیا گیا ہے کہ قاری اس ننگ انسانیت ٹھیکے دار گل خان کی بد اعمالیوں اور قبیح کردار سے نفرت کرنے لگتا ہے۔ٹھیکے دار گل خان قماش کے ٹھگ تاریخ کے ہر دور میں ملتے ہیں بہرام ٹھگ ،نعمت خان کلاونت اور انواری اس کی مثالیں ہیں۔ٹھیکے دار گل خان نیاپنے ضمیر کی لُوٹ سیل لگارکھی ہے اور کالا دھن کمانے کے لیے اپنا منھ کالا کرنے میں مگن ہے۔
’’ٹھیکے دار گل خان میرے جاننے والے ہیں۔پانچ برس پہلے تین روپے ادھار مانگنے آئے تھے ۔اب سیکڑوں بلڈنگیں کھڑی کر دی ہیں،لاکھوں میں کھیلتے ہیں۔‘‘(ایک شام کا قصہ۔۔صفحہ ۳۶)
نیرنگی سیاست دوراں یہ ہے کہ منزلوں پر ان لوگوں نے غاصبانہ قبضہ کر لیا ہے جو شریک سفر ہی نہ تھے ۔ان لوگوں کے منہ سے تلقین اعتماد کے الفاظ سننے پڑ رہے ہیں جنھیں پوری دنیا غیر معتبر قرار دے چکی ہے۔یہی ہماری معاشرتی زندگی کا المیہ ہے کہ چور محل میں جنم لینے والے،بھتہ خوری ،اور کالے دھن سے اپنی تجوریاںبھرنے والے جب دہشت گرد مافیا(Under World)کے بغل بچے کے طور پر چور دروازے سے گھس کر جاہ و منصب پر غاصبانہ قبضہ جم لیتے ہیں توپورے معاشرے کو یر غمال بنا کرمجبوروں ،مظلوموں اور بے بس انسانوں کے چام کے دام چلاتے ہیںیہ سنڈاس اپنے ماضی کو یکسر فراموش کر دیتے ہیں،پیہم حرام خوری ان کا وتیرہ بن جاتا ہے ملمع سازی سے جو فروش گندم نما لوگ مسلسل فریب کاری میں مصروف رہتے ہیں اور اپنی جعلی شان میں آسمان و زمیں کے قلابے ملاتے ہیں ۔ آلامِ روزگار کے پاٹوں میں پسنے والے مجبور انسانوں کی زندگی کا المیہ اِس کے سوا کیا ہے کہ وہ ہر مرحلۂ زیست پر طاقت ور مافیا سے مات کھا جاتے ہیں۔سلطان جمیل نسیم نے اپنے افسانوں میں معاشرتی زبوں حالی اوراقدار و روایات کی پامالی کو جس انداز میں پیش کیا ہے اس پر مشتاق شاد ؔ کا یہ شعرواضح حقائق سامنے لاتاہے:
جنگل میں سانپ شہر میں بستے ہیں آدمی
سانپو ںسے بچ کے آئیں تو ڈستے ہیں آدمی
اگرچہ چربہ ساز،سارق اور جید جاہل اپنی جہا لت کا انعام پانے میں کامیاب ہو جاتے ہیں مگر ان کی گھنائونی صورت اہل درد سے کبھی پوشیدہ نہیں رہ سکتی۔تاریخ ایک مسلسل عمل کا نام ہے تاریخ کا ایک ہی سبق ہے کہ تاریخ سے کوئی بھی سبق سیکھنے کے لیے آمادہ نہیں۔گرگ آشتی کا مکر جلد سامنے آجاتاہے،ایسے لوگوں کو یہ حقیقت فراموش نہیں کرنی چاہیے کہ جعل سازی ،چربہ سازی ، کفن دزدی اور جسارتِ سارقانہ سے کوئی صاحبِ تمکیں نہیں ہو سکتا،ہمالیہ کی بلند و بالا چٹان پر جا دھمکنے سے گدھ کبھی عقاب نہیں بن سکتا،گلستاں میںدرختوں کی کھوہ میںسر چھپا کر چیرہ دستیوں میں منہمک رہنے سے بوم کسی طور سرخاب نہیں کہلا سکتا،شیش محل میں جھپٹ کر کسی شہتیر کے ساتھ الٹا لٹک جانے کے باوجود شپر قیامت تک ہما نہیں بن جاتااسی طرح جاہ و منصب کی اندھی طاقت اور کالے دھن کی بے لگام نخوت کے بل بوتے پر کوئی فرعون دیوتانہیں کہلا سکتا۔سیل زماں کے ایک تھپیڑے کی دیر ہے اس کے بعد جبر کا ہرانداز نیست و نابود ہو جاتاہے ۔یہی نوشتہ دیوار ہے اور یہی قضا و قدر کا فیصلہ ہے اس سے مفر ممکن ہی نہیں۔فطرت کی تعزیریں نہایت سخت ہیں ،چیرہ دستوں کو اس سے غافل نہیں رہنا چاہیے۔ سلطان جمیل نسیمکے افسانوں کا مطا لعہ کرتے وقت ہم چشمِ تصور سے اپنے عہد کے حالات ،واقعات اور کردار دیکھ سکتے یں ۔ سلطان جمیل نسیم نے معاشرتی زندگی میں پائی جانے والی شقاوت آمیز نا انصافیوں کے حوالے سے اپنے والد صبا اکبر آبادی کا یہ اشعار اپنے افسانوی مجموعے ’’ میں آ ئینہ ہو ں‘‘ کے آغاز میں شامل کیے ہیں:
تمھیں سو رُخ نظر آ ئیں گے اپنے
میں آئینہ ہوں اور ٹُوٹا ہوا ہوں
دیکھ کر میری نگاہیں اُس نے
دیر تک آ ئینہ دیکھا ہو گا
سلطان جمیل نسیم نے اپنے مشاہدات ،تجربات ،جذبات اور احساسات کو اس فنی مہارت سے افسانوں میں پیش کیا ہے کہ ان کی تحریریں جہاں قاری کے لیے قلب و روح کی تفسیریں ثابت ہوتی ہیں وہاں استحصالی عناصر کے لیے یہ فطرت کی تعزیریں بن جاتی ہیں۔سلطان جمیل نسیم کی باتیں دل سے نکلتی ہیں اور سیدھی دل میں اترتی چلی جاتی ہیں۔ افسانوں کے مطالعہ کے دوران میںقاری اس تمام تخلیقی عمل میں خود کو شریک محسوس کرتاہے جوکامیاب ابلاغ کی شاندار مثال ہے۔ان کے افسانوں میں اعتدال و توازن کی جو دلکش کیفیت موجود ہے اس کے اعجاز سے جمالیات، حسن و صداقت اور ضمیر کی للکار کے باہمی اشتراک سے ایسے نادر ادب پارے منصہ شہود پر آتے ہیں جو وحدت تاثر کی بدولت قاری کے ذہن کی تطہیر و تنویر کا سامان لیے ہوئے ہیں۔ سلطان جمیل نسیم کا نام افق ادب پر تا ابد مثل آفتاب و ماہتاب ضو فشاں رہے گا ۔ان کے افکار کی ضیا پاشیوں کا سلسلہ ہمیشہ جاری رہے گا۔انھوں نے اپنی تخلیقی کامرانیوں سے نہ صرف اردو زبان و ادب کی ثروت میں اضافہ کیا ہے بلکہ علمی ادب کو بھی معیار اور وقار کی رفعت سے آشنا کیا ہے ۔وہ دلوں کو مسخر کرنے کا فن جانتے ہیں اس لیے انھیں فاتح زمانہ کہا جاتا ہے ۔اپنے افسانوں میں سلطان جمیل نسیم نے معاشرتی زندگی سے متعلق اپنے تجربات ،مشاہدات اور تاثرات کی لفظی مرقع نگاری کرتے وقت اپنے دِل پر اُترنے والے تمام موسموں کی کیفیات کو زیبِ قرطاس کیا ہے ۔ ایک زیرک ،جری اور فعال تخلیق کار کی حیثیت سے سلطان جمیل نسیم نے حسن اور لطافت کی تہذیب اور زندگی کے حقائق کی صورت گری اس طرح کی ہے کہ قاری اُن کے منفرد اسلوب کے سحر میں کھو جاتاہے ۔ سلطان جمیل نسیم نے کامیاب زندگی بسر کی ایک مرتبہ حج بیت اللہ اور دو مرتبہ عمرے کی سعادت حاصل کی۔ ایک وسیع النظر ادیب کی حیثیت سے سلطان جمیل نسیم نے دنیا کی سیاحت پر توجہ دی تاکہ وہاں کی تہذیب و تمدن اور ثقافت کا بہ نظر غائر جائزہ لے سکیں ۔انھوں نے وطن عزیز کے تاریخی مقامات کے علاوہ جن ممالک کی سیاحت کی ان میں امریکا،بر طانیہ، تھائی لینڈ ،سنگاپور ، ملائشیا اورکینیڈاشامل ہیں۔سلطان جمیل نسیم کے اسلوب کوپوری دنیا میں سراہا گیا۔ان کے اسلوب پر جامعہ سندھ میں ایم۔اے سطح کے دو تحقیقی مقالے لکھے گئے ۔ممتاز ادیب اکرام بریلوی نے اپنے تحقیقی کتاب’’ سلطان جمیل نسیم کے افسانے تنقید اور تجزیہ ‘‘ میں اُردو افسانے کے اس جری تخلیق کار کو خراج تحسین پیش کیاہے۔ پاکستان میں اُردو افسانے کی کہکشاں کے سب تابندہ ستارے غروب ہو تے جا رہے ہیں ۔ سلطا ن جمیل نسیم کی رحلت کے بعدجو خلا پیدا ہو اہے اُسے صدیوں تک محسوس کیا جائے گا۔ حیف صد حیف کہ اَ ب کوئی افسانہ نگار ایسا دکھائی نہیں دیتا جسے سلطان جمیل نسیم جیسا کہا جا سکے ۔ اس ابد آشنا ادیب کے حضور آہوں اور آ نسوؤ ں کی صورت میں اپنے جذبات حزیں کا نذرانہ پیش کرتے وقت میں خواجہ میر دردؔ (1720-1785) کا یہ شعر در ج کر ر ہا ہوں جو میری دِلی کیفیت
کی ترجمانی کر ر ہاہے :
مدت تلک جہان میں ہنستے پھرا کیے
جی میں ہے خوب روئیے اَب بیٹھ کر کہیں
سلطان جمیل نسیم کی تاریخ وفات تنویر پھول نے لکھی ہے’’ اہلِ ابلاغ ِ تعلیم ِ ادب سلطان جمیل نسیم(2020ء )
قطعۂ تاریخ وفات ہجری :
چل بسے وہ ،لب پہ میرے ہے دعا
جنت الفردوس دے ربِ جلیل
پھولؔ ! وہ تھے باغِ اُردو کی نسیم
’’ عروۂ ذِکرِ ادب سلطان جمیل ‘‘ ( 1441ہجری )