ڈاکٹر مغنی تبسّم
کہانی جہاں حقیقت نمائی کا ایک دلکش پیرایہ ہے وہیں عدم آگاہی کے رُخ پر حسین نقاب کا بھی کام کرتی ہے۔ ہر اظہار اپنے پیچھے ایک حکایت رکھتا ہے او ر اس جہانِ گزراں میں ہر حقیقت بالآخر ایک کہانی بن جاتی ہے۔
عوض سعید کی ادبی زندگی حقیقت اور حکایت اور کردار سے سایہ کی سمت ایک طویل سفر ہے۔
انھوں نے اس راہ میں پہلا قدم اس وقت اٹھایا جب اُردوافسانہ پختگی کی عمر کو پہنچ چکا تھا۔ مغربی ادب کی مختلف تحریکیں او ر رجحانات ہمارے ادب میں بار پا گئے تھے۔ اظہار کے بہت سے اسالیب آزمائے جا چکے تھے۔ واقعات سے زیادہ کردار نگاری پر توجہ دی جانے لگی تھی۔ کردار کا ایک تصور یہ تھا کہ وہ اپنے طبقے کا نمائندہ ہوتا ہے او ر مخصوص معاشی اور سماجی عوامل اس کی تعمیر میں اہم حصّہ ادا کرتے ہیں۔ اس کے مقابل دوسراتصوریہ پیش کیا گیا تھا کہ کردار ایک فرد ہوتا ہے جس کی بازداشتیں اور جنسی محرومیاں سماجی زندگی میں اپنے اظہاراورنکاس کی راہ ڈھونڈھتی ہیں اور یہی چیز اس کے انفرادی رویّے کو متعین کرتی ہے۔
عوض سعید نے کہانی لکھنے کی ابتدا کی تو وہ بھی کردار نگاری کی طرف مائل ہوئے،پھر اسی کو اپنا خاص فن بنا لیا۔ شخصیتوں سے دلچسپی نے ان سے بہت سی ایسی کہانیاں لکھوائیں جن کے کامیاب نمونے ریت کے محل،نیکی کا بھوت،خونِ صد ہزار انجم۔ بیدل صاحب اور نانی امّاں وغیرہ ہیں۔ ان کا موضوع وہ انسان نہیں ہے جو کسی اجتماع یا انبوہ کے حجم کو ناپنے کی اکائی بن سکتا ہے — وہ انسان بھی نہیں جو کسی طرزِ حیات یا عقیدے کی نشان دہی یا نمائندگی کرتا ہے۔ ان کہانیوں کے کردار معمولی افراد نہیں ہیں۔ ان کا غیر معمولی ہونا ہی دراصل ان کہانیوں کی تخلیق کا محرک بنا ہے اور یہی وہ وصف ہے جو تجسّس کا عنصر ابھار کر شخصیت اور خود کہانی کو دلچسپ بناتا ہے۔
فکشن کی تنقید میں کردار کے ارتقا کا جو تصور پیش کیا جاتا ہے وہ مغالطہ خیز مغالطہ ہے۔ اکثر صورتوں میں کردار ی خصوصیات میں تبدیلی نہیں ہوتی۔ صرف ان کے مظاہر بدل جاتے ہیں۔ ایسا بھی ہوتا ہے کہ بعض خصوصیات پہلے ہی سے کردار میں موجود ہوتی ہیں،لیکن ان کا اظہار بدیر ہوتا ہے۔ عوض سعید کی اکثر کہانیوں میں بھی یہی صورت نظر آئے گی کہ وہ آغاز میں کسی کردار کا جزوی تعارف کراتے ہیں رفتہ رفتہ اس کی شخصیت کے مختلف پہلوؤں سے نقاب سرکاتے جاتے ہیں او ر جب کہانی ختم ہونے کو آتی ہے تو وہ کردار مکمل طور پر بے نقاب ہو جاتا ہے۔
عوض سعید کے تخلیق کردہ کردار عام طور پر اپنے عمل میں متضاد سماجی رویّوں کا اظہار کرتے ہیں۔ کبھی وہ کردار کے کسی خاص رویّے کو اتنا نمایاں کر دیتے ہیں کہ قاری اس کے بارے میں ایک رائے قائم کر لیتا ہے لیکن جب کہانی انجام کے قریب پہنچتی ہے تو اسی کردار کا ایسا رخ سامنے آتا ہے جو قاری کو چونکا دیتا ہے او ر وہ اپنی پہلی رائے کو یکلخت بدل دینے پر مجبور ہو جاتا ہے۔ بعض کہانیوں میں کرداروں کو ابتدا ہی سے ان کی سیرت کی متضاد خصوصیات کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔ ان کے عمل اور رویّے سے یہ جاننا مشکل ہوتا ہے کہ اصلی روپ کونسا ہے ؟آخر میں کسی خاص واقعہ پر اس کش مکش کا خاتمہ ہوتا ہے او ر پورے خط و خال واضح ہو جاتے ہیں (حرامی بہاری)
عوض سعید کی کہانیوں میں کرداروں کا مطالعہ خارجی نوعیت کا ہوتا ہے وہ کرداروں کو بالعموم دوسرے شخص کے نقطۂ نظر سے پیش کرتے ہیں۔ یہ دوسراشخص اکثر صورتوں میں خود افسانہ نگار ہوتا ہے جس کی حیثیت کہانی میں ایک کردار کی ہوتی ہے (ریت کے محل،خونِ صد ہزار انجم،بیدل صاحب وغیرہ)بعض کہانیوں میں کردار کی پیش کش کے اس طریقے سے انحراف کیا گیا ہے۔ ’’پہلی تنخواہ‘‘ میں عبدالصمد کی کردار کشی ایک ہمہ داں راوی کے نقطۂ نظر سے کی گئی ہے۔ یہ ایک نفسیاتی کہانی ہے۔ اس میں کردار کے خارجی عمل کے ساتھ اس کی ذہنی کیفیات اور داخلی کشمکش کو بھی اجاگر کیا گیا ہے۔ ’’نانی امّاں‘‘ کہانی لکھ کر عوض سعید نے اپنی کردار نگاری کو ایک نئی سمت دی ہے۔ اس کہانی میں کردار کی ابتدائی زندگی کے بارے میں چند ایسے اشارے ملتے ہیں جن کی مدد سے کردار کے عمل کو اس کے نفسیاتی تجزیے کی روشنی میں دیکھاجاسکتا ہے۔ ونود کے کردار کو داخل کر کے افسانہ نگار نے کہانی میں ایک نیا مطمحِ نظر ابھارا ہے اس کی وجہ سے کہانی ماضی و حال،توہم پرستی و عقلیت کی آویزش کی تمثیل بن گئی ہے جس میں ’’محلے کی گندی نالی‘ ‘اور ’’شاہ صاحب‘‘ بھی مخصوص تصورات کی علامت بن کر سامنے آتے ہیں۔
عوض سعیداپنے کرداروں کی تصویر کشی میں جزئیات نگاری سے زیادہ کام نہیں لیتے۔ چند آڑے ترچھے خطوط کھینچ کر ایک نقش ابھار دیتے ہیں لیکن یہی خاکہ اتنا جان دار ہوتا ہے کہ تصویر بول اٹھتی ہے۔ اس وصف کے ساتھ ہر کردار میں کوئی بات ایسی ہوتی ہے جس کی وجہ سے وہ نہ صرف ہماری یادداشت میں محفوظ ہو جاتا ہے بلکہ بار بار ذہن میں منڈلاتا ہے۔
عوض سعید نے ایسی کہانیاں بھی لکھی ہیں جن میں کردار ضمنی حیثیت رکھتے ہیں۔ ان میں زندگی کے مخصوص مشاہدوں اور تجربوں یا خاص نفسی کیفیات کو موضوع بنایا گیا ہے۔ اس کی ایک عمدہ مثال ’’کھلونے کا غم‘‘ ہے جس میں بچّے کی موت کے سانحے کو بے حد موثر انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ جذبات نگاری کا کمال یہ ہے کہ جذباتیت سے دامن بچاتے ہوئے غم کے شدید احساس کا اظہار بڑے ہی ضبط اور ٹھہراؤ کے ساتھ ہوا ہے۔ بظاہر یہ ایک فرد کے غم کی حکایت ہے لیکن تمثیلی تعمیم میں یہی کہانی،امید و بیم کی کش مکش،آرزوؤں کی شکست،انسان کی بے چارگی اور حباب آسا زندگی کا حزنیہ بن جاتی ہے۔
اچھی کہانی کی پہلی شرط اور پہچان یہ ہے کہ وہ دلچسپ ہو۔ یہ بات محض واقعات اور کرداروں سے پیلا نہیں ہو سکتی بلکہ کہانی لکھنے والے میں یہ ہنر بھی ہونا چاہئے کہ وہ حقیقت کو افسانہ اور افسانے کو حقیقت بنا دے۔ عوض سعید کواس ہنر پریوں دسترس حاصل ہے کہ وہ پہلے ہی فقرے یا جملے سے قاری کے ذہن میں ایک تجسّس پیدا کر دیتے ہیں اور کہانی کے خاتمے تک اس تجسّس کو پروان چڑھاتے ہیں وہ قاری کے تخیّل کو مختلف امکانات پر غور کرنے کے لیے آزاد چھوڑ دیتے ہیں لیکن اس کی عنان اپنی گرفت میں رکھتے ہیں اور جب چاہتے ہیں اسے کسی خاص سمت میں موڑ دیتے ہیں۔ کہانی میں یہ وصف اس وقت پیدا ہوتا ہے جب کہ پلاٹ بہت زیادہ منظم اور منضبط ہو۔ عوض سعید اپنی کہانیوں میں کرداروں اور واقعات کے انتخاب اور ان کی ترتیب پر خاص توجہ صرف کرتے ہیں جس کی وجہ سے کہانی کے مختلف اجزا میں باہمی توازن ایک منطقی ربط اور تسلسل کے ساتھ قائم رہتا ہے۔ وہ غیر ضروری تفصیل اور صراحت سے احتراز کرتے ہیں۔ کہانی میں جا بجا آئندہ واقعات کی طرف مبہم اشارے رکھ چھوڑتے ہیں جن کا قاری کو پتہ نہیں رہتا اور جب وہ انجام پر پہنچتا ہے تو اس کا ذہن ان اشاروں کی طرف منتقل ہوتا ہے او ر اس انکشاف سے خاص لطف حاصل ہوتا ہے۔ بہت سی کہانیوں میں انجام پر بھی ابہام کا ہلکاساپردہ ڈال دیا ہے اور ایک معنی خیز اشارے پر کہانی ختم کر دی ہے (ریت کے محل،کوئلہ جل بھئی راکھ گنبدِ بے در)
ادھر وہ ایک برسوں میں عوض سعید نے جو کہانیاں لکھی ہیں وہ کئی اعتبار سے ان کی پچھلی کہانیوں سے مختلف ہیں۔ مخصوص طرز کی کردار نگاری سے جس کا ہم جائزہ لے آئے ہیں،اب ان کی ویسی دلچسپی قائم نہیں رہی ہے۔ اب کرداروں کی سیرت سے زیادہ ان کی نفسی کیفیات پر ان کی توجہ بڑھ گئی ہے نفسِ انسانی کی انوکھی اور سربستہ کیفیات،اس کے تجربوں،اور موجودہ عہد میں انسانی زیست کی بے ڈھب صورتِ حال کو انھوں نے بعض کہانیوں میں بڑی فنکاری اور خوبصورتی سے پیش کیا ہے۔ وہمی شبیہہ(Fantasy)اورنفسی علائم کے استعمال سے ان کہانیوں میں ایک پُر اسرارفضاپیدا ہو گئی ہے (سائے کا سفر،دوسری موت،تیسراٹکٹ)عوض سعید کے یہ تجربے جدیدافسانے میں اظہار کے نئے امکانات کی دریافت اور تلاش کی ایک کڑی ہے۔ یہ سفر غیر مختتم ہے۔ شاید اس کی کوئی منزل نہیں ہے۔
٭٭٭