بات صرف اتنی تھی کہ ایک بہت بڑے شاعر کی قبر کتبے سے محروم تھی،اس سلسلے میں ایک کمیٹی بنائی گئی اور جب کتبے کی تجویز منظور ہو گئی تو کنوینر نے خالی نگاہوں سے مجمع کی طرف دیکھا، لوگ آہستہ آہستہ کھسک رہے تھے۔
’’ کتبے کے لیے پیسہ چاہیے۔ ‘
’’ بالکل چاہیے صاحب! بھلا بغیر پیسے کے کہیں کتبہ بھی تیار ہوا ہے ؟‘‘
’’ لیکن سوال صلیب بدوش ہونے کا ہے۔‘‘
’’ بھلے مانس سیدھی زبان میں کیوں بات نہیں کرتے۔‘‘
’’ ہاں بھئی ! ہماری زبان جب تک ادق رہے گی بیل منڈھے نہیں چڑھے گی۔‘‘
’’ بیل چڑھانے کے لیے پانی بھی تو چاہیے۔‘‘
’’ پانی کی ہمارے دیس میں کیا کمی ہے۔‘‘
’’ آپ کا مطلب سیلاب سے ہے نا ؟‘‘
’’ ساتھیو ! جس مقصد کے لیے ہم جمع ہوئے ہیں وہ پورا ہوتا دکھا ئی نہیں دیتا۔ ‘
’’ یقیناً پورا ہو گا جی۔۔۔ آپ کام تو شروع کروا دیں۔۔۔‘‘
’’ لیکن سوال تو پیسوں کا ہے، افسوس کہ ایک ایسے دور میں جب کہ قبریں مٹ رہی ہیں۔۔۔‘‘
’’ تو مٹا کریں۔‘‘
’’ کیا بک رہے ہو۔‘‘
’’تمھیں یہاں کس نے بلایا ہے۔۔۔ ؟‘‘
’’ میں بنفسِ نفیس آنے کا عادی ہوں، میں صرف یہ پوچھنا چاہتا ہوں، ’’ اتنے برس کے بعد کتبے کا خیال کیوں آیا، پھر ایسی صورت میں جب کہ شاعر نے مرنے سے پہلے وصیت کی تھی کہ اُس کی قبر پر کسی قسم کا کتبہ نہ ہو۔‘‘
’’ شاعر مرتا کب ہے، وہ تو مرمر کر جیتا ہے۔‘‘
’’ کتبہ یقینی لگے گا ؟‘‘
’’ بالکل بجا۔‘‘
’’ شاعر کی قبر کہاں ہے ؟‘‘
’’قبرستان میں۔‘‘
’’عجیب بہروپیوں سے سابقہ پڑا ہے۔‘‘
’’ قبر تو ظاہر ہے قبرستان ہی میں ہو گی، میں یہ جاننا چاہتا تھا کہ قبر کس محلے کے قبرستان میں واقع ہے ؟‘‘
’ ’ حیف کیا زمانہ آ گیا کہ لوگ مشہور شاعر کے مدفن سے واقف نہیں۔‘‘
’’ اسی لیے تو کتبے کی ضرورت ہے۔‘‘
’’ اتنی دیر سے بحث ہو رہی ہے کیا شام کی چائے نہیں ملے گی۔۔۔ ؟‘‘
’’ ضرور ملے گی صاحب۔‘‘
’’ کیا تم نے چاند دیکھا ہے۔۔۔ ؟‘‘
’ ’ ہاں بھئی ! دیکھا ہے۔۔۔ بالکل الٹا ہو کر رہ گیا ہے۔۔۔‘‘
’’ یہ شگون اچھا نہیں ہے۔‘‘
’’ ذرا یہاں سے کھسک جاؤ۔۔۔ یہ بڑے وہمی لوگ ہیں۔‘‘
’’ کیا روزی سے ملاقات ہوئی تھی ؟‘‘
’’ہوئی تو تھی۔‘‘
’’ تو پھر کیا کہا اس نے ؟‘‘
’’ کورٹ شپ کو ابھی لانگ ہونا چاہیے۔‘‘
’’ ساتھیو ! کتبے کی بات تو ادھوری رہ گئی۔۔۔‘‘
’’وہ بات جو طے ہو چکی ہے وہ ادھوری کس طرح رہ سکتی ہے ؟‘‘
’’ تو کل سے کام شروع کروا دیں۔‘‘
’’ بالکل۔۔۔ یقیناً۔۔۔‘‘
’’ ذرا ٹھہرئیے قبر کی شناخت کون کرے گا۔۔۔ ؟‘‘
’’ ہاں بھئی ! یہ کتبے سے زیادہ اہم سوال ہے۔۔۔ کہیں ایسا نہ ہو کہ کسی غریب ادیب کی قبر پر ہمارے شاعر کا کتبہ چڑھا دیا جائے۔۔۔‘‘
ساتھیو! یہ مسئلہ بھی حل ہو جائے گا، ہماری محفل میں علامہ برکت بھی تو ہیں، وہ ان کے جنم جنم کے ساتھی تھے۔‘‘
’’ یار خالی پیٹ میں چائے زہر کی طرح چبھ رہی ہے۔‘‘
’’ گھر سے کھا کر کیوں نہیں آتے ؟‘‘
’’ جی نہیں چاہا۔‘‘
’’ اب یہاں سے کہاں چلیں گے۔‘‘
’’فردوس‘‘
’’ وہاں کیا کام ہے ؟‘‘
’ ’ مجھے ایک عزیز سے ملنا ہے۔‘‘
’’ کیا میں بھی تمھارے ساتھ چل سکتا ہوں ‘‘
’’ اگر اس طرح ایک کے پیچھے ایک سب ہی باہر نکل جائیں تو یہاں کون رہے گا ؟‘‘
’’تم ا س کی فکر نہ کرو،یہاں کافی لوگ ہیں، ہر آدمی ہماری طرح تھوڑا ہی ہوتا ہے ؟‘‘
’’ آدمی بہر حال آدمی ہوتا ہے۔‘‘
’’ چلو، اچھا ہوا ہم انسان ہونے سے بال بال بچ گئے۔‘‘
’’ یہ لوگ تو صرف چائے ہی پر ٹرخا رہے ہیں۔۔۔‘‘
’’ کیا کھانا بھی تناول فرمانے کا ارادہ ہے۔۔۔ ؟‘‘
’’وہ برآمدے میں کون صاحب کھڑے ہیں۔۔۔ ؟‘‘
’’ کوئی بھی ہو گا یار ! میری چائے ٹھنڈی ہو رہی ہے۔۔۔‘‘
’’ تمھیں چائے کی پڑی ہے، مجھے گھر جلد لوٹنا ہے، محلے کی فضا خراب ہے۔‘‘
’’ موسم بھی خراب ہے۔‘‘
’’ ساتھیو ! میں نے آپ کا بہت وقت لیا خدا کا شکر ہے کہ یہ مسئلہ بخیر و خوبی حل ہو گیا۔‘‘
دوسرے دن لوگوں نے دیکھا۔۔۔ برسوں بعد شاعر کی قبر پھول سے لدی ہوئی تھی، اطراف میں لوہے کی رنگین جالی لگوا دی گئی تھی اور سنگ مرمر کا صاف و شفاف کتبہ سر اونچا کیے کھڑا تھا۔۔۔ لیکن سب سے عجیب بات یہ تھی کہ شاعرِ مرحوم کے پہلو میں دفنائے ہوئے ایک آدمی کی قبر کا کتبہ غائب تھا۔۔۔ !
٭٭٭