’’ قبر میں کون اترے گا ؟‘‘ کسی نے مری ہوئی آواز میں کہا۔
’’ باپ ہی کو اترنے دو بھائی !‘‘ جواباً دوسری آواز فضا میں تھرائی۔
اور میں لڑکھڑاتے قدموں سے اس ننھے منے گڑھے میں اترا جسے لوگ قبر کہہ رہے تھے۔
میرے ہاتھ میں سفید کرارے کپڑے میں لپٹا ہوا منا میٹھی نیند سو رہا تھا، اس کی زبان گنگ تھی اور آنکھیں بند، اس کے پھول ایسی نرم و ملائم پیشانی پر زخم کا گہرا نشان تھا اور گالوں پر جگہ جگہ خراشیں تھیں۔
’’ ارے بھائی پہلے ذرا گلاب چھڑک دینا۔‘‘ فضا میں ایک گمبھیر آواز گونج کر ڈوب گئی، مجھے محسوس ہوا جیسے آسمان سے تارا ٹوٹ کر میرے پہلو میں آگر ا ہو۔
میں اب ایک چھوٹے سے تاریک ڈربے میں کھڑا ہوں، میرے ہاتھ میں سفید کرارے کپڑے میں لپٹا ہوا ایک کھلونا ہے جسے میں سینے سے چمٹائے ہوئے سوچ رہا ہوں کہ اس انمول ہیرے کو اپنے ہاتھوں سے مٹی میں پھینک آنے سے زیادہ کڑی سزا اور کیا ہو سکتی ہے۔
کہتے ہیں کہ جب بچہ پیدا ہوتا ہے تو آسمان کی پنہائیوں سے فرشتے اتر اتر کر خوشی کے راگ الاپتے ہیں، قدم چومتے ہیں، لیکن یہ کیسا بچہ ہے جس نے دھرتی پر پہلا قدم رکھنے سے پہلے ہی اپنی آنکھیں ہمیشہ ہمیشہ کے لیے بند کر لیں۔ میرے ننھے، میرے لعل،میری جانِ عزیز ! آنکھیں کھول، لیکن وہ چپ چاپ میرے ہاتھوں کی گرفت میں نڈھال سویا ہوا ہے، میں اسے اب اس تنگ چھوٹے سے ڈربے میں چھوڑ جا رہا ہوں جہاں ہوا کا گزر نہیں۔ یہ کیسا مکان ہے ؟ یہ کیسا کمرہ ہے جس میں کوئی کھڑکی نہیں، کوئی آنگن نہیں۔
تھوڑی دیر بعد جب میں تجھے خدا حافظ کہتا ہوا یہاں سے چلا جاؤں گا تو ہوائیں سرسراتی ہوئی دور ہی دور سے تیرے خوبصورت گالوں کی نازک پنکھڑیاں ہوا کے دوش پر جھومتی ہوئی شبنم کے آویزے تجھ پر نچھاور کریں گی۔ دور بہت دو ر آسمان کی وسعتوں میں رہنے والی کوئی اپسرا راج ہنس کے پر لگائے اڑتی ہوئی تیری خوبصورت آرام گاہ کے اطراف پے در پے چکر لگائے گی اور تو میرے منے اس وقت گہری نیند میں ڈوبا ہوا ہو گا۔ میں تجھے کس طرح بتاؤں میری جانِ عزیز کہ تیری خفگی نے میرا کیا حال بنا رکھا ہے۔
چھ برس گزر جانے کے بعد بھی جب اس کی گود ہری نہ ہو سکی تو وہ بڑی مغموم رہنے لگی، وہ اندر ہی اندر گھلی جا رہی تھی۔ میں اس کی ذات میں پرورش پانے والے اس غم سے واقف تھا کیونکہ اس کی ایک ایک حرکت سے اس بات کا اندازہ ہوتا تھا کہ وہ بچے کی خواہش میں مری جا رہی ہے۔ مجھے بچے کی خواہش ضرور تھی لیکن یہ خواہش اتنی شدید نہ تھی کہ میں بچے کے بغیر زندگی کی خوبصورتی کو بوریت پیدا کرنے والا ایک نغمہ سمجھوں۔ یہ تو خیر میری بات تھی لیکن اسریٰ بچے کے لیے ترس ترس گئی تھی۔ کبھی کبھا ریوں بھی ہوا کہ پڑوس کا کوئی بچہ کھیلتا ہوا ہمارے گھر آ دھمکتا تو وہ اسے گود میں بھینچ کر خوب پیار کرتی،اسے چاکلیٹ کھلاتی اور ٹافی کی چند گولیاں اس کے ہاتھ میں تھما کر یوں خوش ہوتی جیسے وہ خود اس کا اپنا بچہ ہو۔ جب بچہ کلکاریاں بھرتا ہوا چلا جاتا تو اس کی بڑی بڑی سرمگیں آنکھوں میں آنسوؤں کے موٹے موٹے قطرے کانپ کانپ جاتے۔ ایسے وقت کبھی اتفاقاً میری نگاہیں اس سے چار ہو بھی جاتیں تو میں بغیر کچھ کہے چپ چاپ ڈرائنگ روم میں آ کر سگریٹ کے لمبے کش لیتا ہوا نہ جانے کیا سوچتا۔
کبھی کبھی مجھے یہ خیال بے طرح کچوکے لگاتا کہ وہ اجنبی بچوں کے لیے اپنی پاکٹ منی کے دئیے ہوئے روپیوں سے مٹھائی اور ٹافیاں کیوں خرید لاتی ہے۔ میرے کہنے کا ہر گز یہ مطلب نہیں کہ مجھے بچوں سے بیر ہے یا کد لیکن وہ جو کہا ہے نا کسی نے ’’ اپنا اپنا ہوتا ہے او ر پرایا، پرایا۔‘‘
پرسوں کی بات ہے جب پڑوس کے بچے کو اس نے آئس فروٹ کھلایا تو اس کی ماں بجائے شکر گزار ہونے کے اپنی ایک سہیلی سے کہہ رہی تھی ’’ کوکب میاں کی بیوی نے میرے بچے کو خراب کر دیا ہے، الم غلم چیزیں کھانے سے اس کی صحت تباہ ہو کر رہ گئی ہے او ر اب وہ اتنا کچھ چٹورا ہو گیا ہے کہ بغیر پیسے کے بات ہی نہیں کرتا۔‘‘
میں سوچتا ہوں یہ غریب جو مشکل سے اپنی زندگی کو ہانکتے ہیں، مارٹن کے چاکلیٹ، کوالٹی کے آئس فروٹ کھانا بھلا کہاں نصیب ہوتا ہے۔ میں اگر چاہتا تو پڑوسن کی اس بکواس کو بنیاد بنا کر اسریٰ کو بہت کچھ سناتاتاکہ وہ اندھی نیکی سے باز آ جائے لیکن اس سلسلے میں میں نے اس سے کچھ بھی نہ کہا، اس خیال سے بھی کہ جب وہ بچے کی ماں بن جائے گی تو تواضع اور مدارات کا یہ سلسلہ خود بہ خود کچے دھاگے کی طرح ٹوٹ جائے گا لیکن دور دور تک اس کے آثار نہ تھے۔
ایک دن میں جب حسبِ معمول آفس سے تھکا ماندہ گھر لوٹا تو میرا موڈ کچھ آف تھا لیکن میں ہمیشہ کی طرح مسکراتا ہوا گھر میں داخل ہوا، میں نے ابھی گھر کی دہلیز پر قدم رکھا ہی تھا کہ اسریٰ نے کہا:
’’ آج صبیحہ کا ٹیلی گرام آیا ہے، اُس کے بچہ ہوا ہے۔‘‘ یہ کہہ کر وہ اس انداز سے مسکرائی کہ اس کی آنکھوں میں آنسو چھلک آئے۔
’’ یہ تو بھئی ! بڑی خوشی کی بات ہے، لیکن یہ تمھاری آنکھوں میں آنسو کیوں ؟‘‘
’’ کہاں ہیں آنسو ؟ میں تو مسکرا رہی ہوں۔‘‘ اُس کے ہاتھ آنکھوں کے حلقوں تک گئے جہاں وہ آنسوؤں کے قطرے دیکھ کر یوں اچھل پڑی جیسے کسی نے چوری کرتے وقت پکڑ لیا ہو۔
وہ عجیب سی تھی، ہنستی تھی تو اِس احتیاط سے کہ کوئی اس کی مسکراہٹ کو چھین نہ لے جائے او ر جب وہ رو پڑتی تو اس تحمل و احتیاط سے کہ کہیں آنسوؤں کے موتی نیچے گر کر کرچی کرچی نہ ہو جائیں۔
جب کبھی میں اس کی شخصیت کا احاطہ کرنے لگتا ہوں تو قدم قدم پر احساس ہوتا ہے کہ میں نے اسے سمجھنے میں ٹھوکر کھا ئی ہے، یہ تو میں کہہ نہیں سکتا تھا کہ وہ مجھ سے ناخوش تھی یا میں اسے ناپسند کرتا تھا۔ شادی میں نے اپنی پسند ہی سے کی تھی، اس پسند میں اس کی رضامندی کا بھی زیادہ دخل تھا، میں تو یہ بھی بلا مبالغہ کہہ سکتا ہوں کہ وہ چاہت کے معاملے میں مجھ سے دو ہاتھ آگے ہی تھی۔ اسے میرا بڑا خیال تھا، صبح اٹھتے ہی نہانے کے لیے گرم پانی سے لے کر ناشتے میں بلا ناغہ آملیٹ تیار کرنا اس کا معمول تھا کیونکہ وہ جانتی تھی کہ میں صبح اٹھتے ہی گرم پانی سے غسل کرنا ضروری خیال کرتا ہو ں۔ اسے سگریٹ سے نفرت تھی، لیکن میرے سگریٹ پینے پر اس نے کبھی ناک بھوں نہیں چڑھائی بلکہ اکثر تو وہ میرے ہاتھ سے ماچس کی تیلی لے کر سگریٹ سلگاتی، میں چہلیں کرتا ہوا اس کی آنکھوں پر دھوئیں کے مرغولے چھوڑتا تو ہ مسکرا کر چپ ہو جاتی اور آنکھوں پر یوں ہاتھ رکھ لیتی جیسے چھوٹے بچے آنکھ مچولی کھیلتے سمے اپنی آنکھیں بند کر لیتے ہیں۔
گو اُس کے خد و خال کے گرد ماہ و سال کے بائیس برس منڈلا رہے تھے لیکن صورت پر بھولپن اور شادابی کا وہ جادو تھا کہ دیکھنے والا یہی سمجھتا کہ وہ ابھی سن بلوغ کو پہنچی ہو۔
وہ اپنی بہنوں میں سب سے بڑی تھی لیکن چہرے کی معصومیت کے سبب وہ سب سے چھوٹی دکھائی دیتی تھی۔ خاص طور پر جب وہ شرٹ شلوار پہنتی تو مڈل اسکول میں پڑھنے والی لڑکی سی دکھائی دیتی حالانکہ اسے کالج چھوڑے ہوئے کئی دن ہو چکے تھے۔
ایک دفعہ ایسا بھی ہوا کہ ایک مالدار خاتون نے کسی تقریب میں اسے دیکھا اور قریب آ کر چٹا چٹ اس کی بلائیں لیں، کچھ دیر ادھر ادھر کی باتیں کرنے کے بعد اس کی امی سے سرگوشیانہ انداز میں کہا کہ یہ لڑکی مجھے بے حد پسند ہے میرے لڑکے لیے محفوظ رکھنا، رخصتی بعد میں بھی ہو سکتی ہے، لین دین کا بھی کوئی سوال نہیں اور امی نے جب جواباً سرگوشی کی کہ اس کی شادی ہوئے چھ برس ہو چکے ہیں تو وہ دنگ سی ہو کر رہ گئی۔
یہ بات اُس نے مجھے گذشتہ دنوں بتائی تھی۔
زندگی اپنی سج دھج کے ساتھ گزر رہی تھی، کبھی تیز، کبھی سست گام۔ کبھی کبھی احساس ہوتا کہ میں ایک ایسی دنیا میں سانس لے رہا ہوں جس کا کوئی وجود ہی نہیں ہے او ر اس ڈربے میں زبردستی کسی نے لا پھینکا ہے لیکن جب اسریٰ کے خوبصورت چہرے کو دیکھتا تو احساس ہوتا جیسے زندگی سے زیادہ کوئی خوبصورت شے نہیں ہے۔
پھر ایک دن خالہ جان اچانک پٹنہ سے ہمارے گھر آ دھمکیں، وہ مجھے بہت چاہتی تھیں، ابا اور امی کے انتقال کے بعد انھوں نے ہی میری نگہداشت کی تھی۔ کھانے پینے سے لے کر تعلیم کی منزلوں تک انھوں نے میرا ساتھ دیا تھا۔ خالہ کے ساتھ میری کزن فرحت بھی آئی تھی۔ کانونٹ میں پڑھنے والی فرحت کو میں بالکل سیدھی سادی عورت کے روپ میں دیکھ کر حیران رہ گیا۔
آج سے چند برس پہلے جب میں اس کی شادی میں شریک ہوا تھا تو موقع بے موقع انگریزی میں بات کرنے کو وہ فخر جانتی تھی لیکن جب میں نے اس سے انگریزی میں بات شروع کی تو وہ مسکراتی ہوئی اردو میں بات کرنے لگی۔
میں نے اسے چھیڑتے ہوئے جب یہ کہا کہ ’’ کہیں تمھارے شوہر نامدار ان پڑھ تو نہیں ہیں ؟‘‘ تو وہ قدرے برہم ہو گئی۔
’’ ایسی کوئی بات نہیں ہے وہ تو خاصے پڑھے لکھے ہیں او ر انگریزی کچھ آپ سے ٹھیک ہی بول لیتے ہیں۔‘‘اُس کے اس جواب پر مجھے مزید کچھ کہنے کی ہمت نہ ہوئی۔ پھر اس نے گفتگو کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے کہا ’’ انگریزی میں بات نہ کرنے کی میں نے قسم تو نہیں کھائی ہے لیکن اس کے لیے موقع محل کی ضرورت ہے۔‘‘
اچھا اب تو تم ناصح بھی بن گئی ہو، ایسی ثقیل باتیں تمھارے منہ سے اچھی نہیں لگتیں، ابھی تو تمھارے کھیلنے کودنے کے دن ہیں۔‘‘ میں بولا۔
’’ کھیلنے کودنے کی بھی خوب کہی، دو بچوں کی ماں بن چکی ہوں، اب اگر ٹیبل ٹینس بھی کھیلوں تو لوگ میرا مذاق اڑائیں گے۔ کوکب بھائی آپ نے یہ نہیں پوچھا کہ منی اور ڈکی میرے ساتھ کیوں نہیں آئے۔‘‘
’ ارے بھلا ہو دماغ کا میں منی اور ڈکی کو تو بھول ہی گیا، کہاں چھوڑ آئی ہو تم ان شیطانوں کو، جب میں نے ڈکی اور منی سے پوچھا کیا تم انکل کے ہاں چلو گے ؟ تو پتہ ہے تمھیں انھوں نے کیا کہا۔
’ ہم انکل کے ہاں نہیں جائیں گے، وہاں ہمارا کوئی دوست نہیں ہے جس سے ہم آنکھ مچولی کھیل سکیں۔‘‘
یکبارگی مجھے یوں لگا کسی نے اچانک میرا گلا دبا دیا ہو، میں ایک لمحے کے لیے خلاؤں میں نہ جانے کیا ڈھونڈنے لگا جیسے دور ان خلاؤں میں میری کوئی قیمتی شے دفن ہو۔ میں نے پلٹ کر دالان کی طرف دیکھا تو وہاں خالہ جان اسریٰ سے باتوں میں مشغول تھیں، اسریٰ کی آنکھوں میں آنسو چھلک رہے تھے او ر خالہ جان اسے لاڈ پیار سے کچھ سمجھا رہی تھیں۔ شاید اسریٰ نے فرحت کی بات سن لی ہو مجھے رہ رہ کر گمان گزر رہا تھا۔
میں جب اچانک چپ ہو گیا تو فرحت نے گھگھیاتے ہوئے کہا :
’’کوکب بھائی ! مجھے معاف کر دیجیے، دیکھیے نا میں نے آپ سے کیسی بات کر دی۔
اور پھر ایک بار مجھے احساس ہوا کہ فرحت کی معذرت میرے لیے تازیانہ بن گئی ہے۔ میں بغیر کسی پروگرام کے باہر چلا آیا، میرے ذہن پر ایک بوجھ سا تھا۔ میرے قدم غیر شعوری طور پر ’’گیلارڈ‘‘ کی طرف بڑھ رہے تھے۔ آرکسٹرا کے مدھم سروں سے ’’ گیلارڈ‘‘ کی فضا میں بڑی رومانیت پیدا ہو گئی تھی، درمیانی حصے میں کالج کے بے فکرے لڑکے او ر لڑکیاں ہچکاک کی کسی تازہ فلم پر تبصرہ کر رہی تھے، قریب کی کرسی پر بیٹھا ایک کالا کلوٹا نوجوان اپنے مختصر سے وجود کے ساتھ باوجود سخت سردی کے بڑے مزے لے لے کرآئس کریم کھا رہا تھا۔ میں نے دل میں سوچا آج ’’گے لارڈ‘‘ میں آنے والے گاہکوں کو ہو کیا گیا ہے۔ کوئی بنتِ عنب سے ہم آغوش ہوتا ہی نہیں۔ میں نے ایک خالی کرسی پر بیٹھتے ہوئے بیرے کو آواز دی، وہ جھومتا ہوا میرے قریب آیا۔
’’ کیا چاہیے صاحب !‘‘
’’ کیا وہ چیز یہاں سے اٹھ گئی جسے پی کر آدمی اپنے آپ کو بھول سکتا ہے۔‘‘
میر ے اس سوال پر وہ مخصوص انداز میں مسکرایا۔
صاحب اس کا علیحدہ انتظام ہے، آپ بغل والے ہال میں جائیے۔ جب میں وہاں پہنچا تو لوگوں کا عجیب سا عالم تھا، ہر شخص اپنے اپنے جام تھامے زندگی کی کربناکیوں کے بخیے ادھیڑ رہا تھا۔ ان میں بعض ایسے بھی لوگ تھے جو پی کم رہے تھے او ر کھا زیادہ رہے تھے۔ میں نے ’’ جان ہیگ‘‘ کے پے در پے تین پیگ چڑھائے، حلق سے شراب یوں اتر رہی تھی جیسے کوئی برچھیاں سینے میں چبھو رہا ہو، مجھے احساس ہو رہا تھا جیسے میں نے ایک غم کو بھلانے کے لیے سو غم پالیے ہوں۔ انجانے سوئے ہوئے لا شعور میں پتہ نہیں کتنے ایسے ناسور تھے جو بیک وقت سر نکالے جاگ پڑے تھے۔ میں نے تو صرف اسریٰ ہی کو بچے کی تمنا میں تڑپتے ہوئے دیکھا تھا لیکن یہ آج مجھے ہو کیا گیا ہے۔
میں جب بل ادا کر کے باہر آیا تو ہوائیں سائیں سائیں کر رہی تھیں، میرے قدم ڈگمگا رہے تھے، میں آہستہ آہستہ قدم ناپتا ہوا غیر ارادی طور پر ایک پرائیویٹ ڈسپنسری کے نیچے کھڑا ہو گیا۔
گزرتے جاڑوں کی طویل رات کسی زخمی پرندے کی طرح آہستہ آہستہ رینگ رہی تھی، ڈسپنسری کے نیچے ایک آدمی نے جو بظاہر نیند میں غرق دکھائی دیتا تھا اپنے جسم کو آہستہ آہستہ حرکت دی۔ کروٹ بدلتے ہوئے اس نے ٹھنڈی سانس لی اور بڑبڑانے کے انداز میں کہا ’’چوکیداری بھی ایک لعنت ہے، رات بھر جاگتے ہوئے تارے گنتے رہنا یہ بھی کوئی زندگی ہے، لیکن اس کے علاوہ کریں بھی تو کیا ؟‘‘
یہ کہہ کر اس نے اپنے آپ کو ایک موٹی تو انا سی گالی دی۔
مجھے یاد نہیں کہ میں کب گھر لوٹا۔ صبح جب میں بیدار ہوا تو میں نے دیکھا اسریٰ باورچی خانے میں بیٹھی میر ے لیے آملیٹ اور پراٹھے تیار کر رہی تھی۔ تھوڑی دیر بعد جب اس نے میز پرکھانا چنتے ہوئے مجھے آواز دی تو میں اسریٰ سے آنکھیں چار کرتے ہوئے گھبراہٹ سی محسوس کر رہا تھا، لیکن جب خلاف توقع اس نے کل رات والی لغزش کا کوئی ذکر نہیں چھیڑا تو میری جان میں جان آئی۔ اس کی خاموشی بھی میرے لیے کسی سزا سے کم نہ تھی، جی چاہتا تھا کہ وہ مجھ سے کچھ پوچھے تاکہ ذہن سے بوجھ ہلکا ہو سکے لیکن وہ تو صرف آملیٹ کے قتلے ہی میر ے منہ میں ٹھونستی رہی۔ جب ناشتہ کر چکا تو اس نے تولیہ میرے ہاتھ میں تھماتے ہوئے کہا۔ ’’ آج آپ مجھے کسی لیڈی ڈاکٹر کے ہاں لے چلیے مجھے متلی سی ہو رہی ہے۔ یہ کہہ کر اس نے اپنی آنکھیں یوں جھکا لیں جیسے وہ شرم و حیا کے بوجھ سے دب چکی ہو، اس کے ہونٹوں پر مسکراہٹ کی ایک چمکیلی لکیر ابھر آئی۔ وہ آج بڑی خوب صورت لگ رہی تھی، چہرے کی پژمردگی اچانک شادابی میں تبدیل ہو گئی تھی، یوں معلوم ہوتا تھا جیسے اسے سارے جہاں کی نعمتیں اچانک میسر آ گئی ہوں۔
اُس وقت میرا کچھ عجیب سا عالم تھا، بنجر زمین میں اچانک کونپلیں پھوٹ آئیں گی مجھے خبر نہ تھی۔ میں مسرت اور استعجاب کے دورا ہے پر کھڑا تھا۔ ایک طرف اسریٰ تھی دوسری طرف لیڈی ڈاکٹر مسز خان۔
پھر ایک دن مسز خان نے مجھ سے کہا۔ ’’ مسٹر کوکب اسریٰ کی صحت ٹھیک نہیں ہے، وہ اینیمک ہو گئی ہے۔ اس کا خاص طور پر خیال رکھیے، یہ دوائیں آج ہی کھلانا شروع کر دیجیے ‘‘۔ اس نے نسخہ میرے ہاتھ میں تھماتے ہوئے کہا۔ اسریٰ کی صحت دن بدن نکھرتی جا رہی تھی جس سے مجھے بڑا اطمینان تھا لیکن پچھلے چند دنوں سے مسز خان کچھ کھوئی کھوئی سی تھیں۔ ایسا معلوم ہوتا تھا جیسے وہ کچھ کہنا چاہتی ہیں لیکن کہہ نہیں پاتیں۔
آخر ایک دن مسز خان نے مجھ سے کہہ ہی دیا ’’ کوکب اسریٰ کو دوا خانے میں شریک کرا دو تو بہتر ہے، دوا خانہ اور گھر میں بڑا فرق ہے۔ پھر یوں بھی اسریٰ میری نگاہوں کے سامنے رہے گی۔ میں اس کی اچھی طرح دیکھ بھال کر لیا کروں گی۔
جب میں نے اسریٰ سے یہ بات کہی تو اس نے مغموم لہجے میں کہا :
’’ کوکب میں دوا خانے میں شریک ہونا نہیں چاہتی، میں تمھاری آنکھوں کے سامنے ہی مر جانا چاہتی ہوں، مجھے ایسا معلوم ہو رہا ہے جیسے میں اسی حادثے میں مر جاؤں گی۔‘‘ یہ کہہ کر وہ رو پڑی۔
ایسی باتیں زبان سے نہیں نکالا کرتے میری جان ! آج تمھیں ہو کیا گیا ہے، مسز خان نے کچھ سوچ سمجھ کر ہی مشورہ دیا ہے او ر اسی میں ہماری بھلائی ہے۔‘‘
وہ بڑی مشکل سے راضی ہوئی اور دوسرے دن دوا خانے کی سیڑھیاں چڑھتے ہوئے مجھے یوں دیکھا جیسے میں نے اسے نرک میں پھینک دیا ہو۔
پھر ایک دن مسز خان نے مجھے فون پر اطلاع دی کہ ’’ اسریٰ کی فور سیپ ڈیلیوری Delivery Forcep ہوئی ہے، میں نے اسریٰ کو تو موت کے منہ سے بچا لیا لیکن بچہ ڈیلیوری کے دوران ہی میں مر چکا۔ مجھے بے حد افسوس ہے کوکب، بے حد افسوس۔‘‘
’’ میری آنکھوں کے گرد اندھیرا چھا گیا،بھیانک اندھیرا جیسے سارے حواس معطل ہو چکے ہوں۔‘‘
’’ قبر میں کون اترے گا۔‘‘ کسی نے مری ہوئی آواز میں کہا۔
’’ باپ ہی کو اترنے دو بھائی !‘‘ جواباً دوسری آواز فضا میں تھرائی۔
اور مجھے یوں لگا جیسے میں بھی دھیرے دھیرے قبر میں دھنسا جا رہا ہو۔
٭٭٭