ہیلو، ہائی، بونجو، آداب
مولانا، مولوی جلال الدین کی غزل کی لفظیات کس شخصیت کی رونمائی کر رہی ہیں؟ رومی کی اپنی شخصیت کی۔ یہ درحقیقت ایک گم شدہ یا مکمل طور پر خود گم کردہ شخصیت ہے۔ یہ ایسی شخصیت ہے جو کسی بھی مذہب سے کوئی رشتہ نہیں رکھتی، نہ ہی رنگ ونسل سے۔ اگر دنیا کو مشرق اور مغرب کے خطوں میں بانٹا جائے تو وہ دونوں میں سے کسی سے بھی سمبندھ نہیں رکھتی۔ زمین کو خشکی اور تری میں تقسیم کیا جائے تو وہ دونوں میں سے کسی ایک کی بھی نہیں۔ مظاہرِ قدرت سے اس کا کوئی علاقہ ہے نہ گردشِ زمین و آسمان سے، نہ عنا صرِ اربعہ میں سے کسی سے بھی اس کا کو ئی تعلق ہے ۔ قومی، علاقائی شناختوں سے اسے کو ئی سروکار نہیں، نہ اس جہاںسے نہ جہانِ دیگر سے، نہ جنت سے نہ جہنم سے، نہ مکاں سے نہ لامکاں سے، نہ ماورا سے— جسم اور روح سے بھی وہ لاتعلق ہے ۔ وہ سر سے پا ئو ں تک اپنے محبوب میں جذب ہے اور ساری کی ساری محبوب میں گم ہے ۔ ایسی شخصیت کی آپ جستجو ہی کر سکتے ہیں۔
آپ کا اپنا
عبداﷲ جاوید
مسی ساگا، کینیڈا