جنوب میں بھارت کے چوتھے بڑے دریا ’’دریائے کر شنا ‘‘ (Krishna River)سے لے کر شمال میں ونددھیارینج (Vindhya Range) کے پہاڑی سلسلے تک پھیلے ہوئے دکن کے وسیع علاقے کے مکینوں کی صدیوں سے علم و ادب اور طب و صحت کے مسائل پر توجہ مرکوز رہی ہے ۔ وینس سے تعلق رکھنے والے مشہور سیاح اور تاجر مارکو پولو ( ۱۲۵۴ تا ۱۳۲۴)نے سترہ سال کی عمر میںاس خطے میں قدم رکھا۔مارکو پولو نے پانچ سال(۱۲۷۱ سے ۱۲۷۵ ء) کے عرصے میں دکن میں قیام کیا ۔اپنے مشاہدات میں اس سیاح نے لکھاہے کہ اُس زمانے میںدکن میں گھوڑوں کی نسل کشی نہیں ہوتی تھی اور یہاں کے باشندے باہر کے ممالک بالخصوص خلیج فارس کے علاقوں سے گھوڑے منگواتے تھے ۔اپنے گھوڑوں کو پکے ہوئے کھانے جن میںاُبلے ہوئے چاول اور بُھنا ہوا گوشت شامل تھاکھلاتے جس کے نتیجے میں گھوڑے ہلاک ہو جاتے تھے۔ عرب اور چینی تاجروں کی دکن میں آمد سے طب و صحت کے مسائل پر یہاں کے باشندوں کی توجہ بڑھنے لگی ۔ جہاں تک ملبوسات کا تعلق ہے دکن کے باشندے سادہ اور اَن سِلے لباس سے تن ڈھانپتے تھے۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس علاقے میں علم و ادب کی روشنی پھیلنے لگی اور حفظا نِ صحت کو اولین ترجیح قرار دیا گیا۔ دکھنی زبان کے تخلیق کاروں نے سب سے پہلے نثر میں اپنے اشہبِ قلم کی جولانیاں دکھا ئیں اس کے بعد وہ شاعری کی جانب متوجہ ہوئے ۔ دکنی ادبیات کی تاریخ میںخواجہ بندہ نواز گیسو دراز شہبازؔ کو دکن کے پہلے شاعر کی حیثیت سے ممتاز مقام حاصل ہے ۔ دکنی کے اس قدیم شاعر نے اپنی تخلیقات میں مختلف بیماریوں کے منظوم مجرب نسخے بھی لکھے ہیں جو آج بھی قابل غور ہیں ۔ دکن کے اس قدیم ترین شاعر کا نمونہ کلام درج ذیل ہے :
پانی میں نمک ڈال مزا دیکھتا دِسے
جب گُھل گیا نمک تو نمک بولنا کسے
شاعری میں طبی نسخے پڑھ کر قارئین ان سے مستفید ہوتے ہیں ۔ پروفیسر گدا حسین افضل نے طبی شاعری پر تحقیق کی اور بہت سے شعرا کے منظوم طبی نسخے اکٹھے کیے ۔وہ ان کی اشاعت کی تمنا اپنے دِل میں لیے وہاں چلے گئے جہاں سے کئی کبھی واپس نہیں آیا ۔اب تو ان منظوم طبی نسخوں سے وابستہ تمام حقائق خیال و خواب ہو گئے ہیں ۔جھنگ شہر میں ڈاکٹر عبدالسلام ( نوبل انعام یافتہ پاکستانی سائنس دان ) کے آبائی گھر کے نزدیک حکیم احمد بخش نذیر کے مطب میں اردو زبان کے مقبول شاعر اسد ملتانی( 1902-1959) کی ایک نظم دیکھ کر میں دنگ رہ گیا:
آسان نسخے
جہاں تک کام چلتا ہو غذ اسے
وہاں تک چاہیے بچنا دوا سے
اگر تجھ کو لگے جاڑوںمیں سردی
تو استعمال کر انڈوں کی زردی
جو ہو محسوس معدے میں گرانی
تو چکھ لے سونف یا ادرک کا پانی
اگر خوں کم بنے بلغم زیادہ
تو کھا گاجر ،چنے ،شلجم زیادہ
جو بد ہضمی میں چاہے تُو افاقہ
تو کر لے ایک یا دو وقت فاقہ
جو پیچش ہے تو پیچ اس طرح کس لے
مِلا کر دُودھ میں لیموں کا رس لے
جگر کے بل پہ ہے انسان جِیتا
اگر ضعفِ جگر ہے کھا پپیتا
جگر میں ہو اگر گرمی دہی کھا
اگر آ نتو ں میں خشکی ہے تو گھی کھا
تھکن سے ہوں اگر عضلات ڈھیلے
تو فور اً دودھ گرما گرم پی لے
جو طاقت میں کمی ہوتی ہے محسوس
تو پِھر ملتاں کی مصری کی ڈلی چُوس
زیادہ گر دماغی ہے تیر ا کام
تو کھایا کر مِلا کر شہد بادا م
اگر ہو دِل کی کم زوری کا احساس
مربہ آ ملہ کھا اور انناس
اگر گرمی کی شدت ہو زیادہ
تو شربت پی بہ جائے آبِ سادہ
جو دُکھتا ہو گلا نزلے کے مارے
تو کر نمکین پانی سے غرارے
اگر ہے درد سے دانتوں کے بے کل
تو اُنگلی سے مسوڑھوں پر نمک مَل
جو ہے افکار ِ دنیا سے پریشاں
نمک داں پڑھ ،نمک داں پڑھ ،نمک داں ( مجلہ نمک داں :فروری ۔ مارچ 1955)
خواجہ بندہ نواز گیسو دراز شہباز کی شاعری میں معرفت اور حکمت کاامتزاج قاری کے لیے ایک روح پرور تجربہ ہے ۔
یوں کہوی خودی اپنی خدا سات محمد ﷺ
جب کُھل گئی خودی تو خدا بِن نہ کوئی دِسے
آسان طبی نسخے بھی خواجہ بندہ نواز گیسو دراز شہباز کی یادگار علمی و ادبی تخلیق ہیں ۔معراج العاشقین و ہدایت نامہ اوررسالہ سہ بارہ تصوف ( تصنیف : 815 & 825ہجری )کے موضوع پر چشم کشا اساسی صداقتوں سے لبریزہیں۔معراج العاشقین میں خواجہ بندہ نواز گیسو دراز شہبازنے شب معراج کے حوالے سے اپنی عقیدت اور روحانیت کوشامل کیا ہے ۔وحدت الوجود کے موضوع پر خواجہ بندہ نواز گیسو دراز شہبازکی تحریریں مذہب کی آفاقی اقدار کی مظہر ہیں ۔ انسانیت کی فلاح اور بندہ پروری سدا ان کا مطمح نظر رہا اس لیے وہ حقیقی معنوں میںبندہ نواز تھے ۔ دولت آباد کے اِس منکسر المزاج صوفی کو بر صغیر کی اکثر زبانوں پر خلاقانہ دستر س حاصل تھی ۔ خواجہ بندہ نواز گیسو دراز شہبازنے مال ودولت دنیا اور رشتہ و پیوند کو بتان وہم و گماں قرار دیا۔ خواجہ بندہ نواز گیسو دراز شہباز کے طبی نسخے جذبۂ انسانیت نوازی کی عمدہ مثال ہیں ۔
آنتوں ہلیلہ آنتوں لوں
پتیں کے گھر جائے کون
آنکھ کو ہلیلہ کو ں لوں
حکیم کے گھر جائے کون
جتنا کاجل اتنا بول
اوس سے دُونا گوند گھول
ذراسی پھٹکڑی نمک لا تھوڑا
قلم جیسے جوں تُرکی گھورا
جس کے منھ میں آوے باس
سُن تُو سیانے میری بات
بولوں دارو میں کِس دہات
اس کی دار دسن مجھ پاس
جس کے منھ میں آوے باس
اُس کی دارو سُن مجھ پاس
جس کے منھ میں دِکھتے دانت
ہلتے جلتے کٹے کٹے پات
وزن برابر سب کو تول
دار د ہووے یوں انمول
داتوں کارن مسّی کر
خوبی کن تو دل میں دھر
زیرہ مرچیاں ستو اسنوٹ
کہتا اجلا لے کر گھونٹ
نیلا طوطہ دھنیا بھون
اس میں ملا تو سیندا لون
پان پلاس کے کاہنٹیاں آن
ما پھل لوچن اور لو بان
جو ں جوں لگاوے پاوے سُکھ
تجھ دانتوں کا جاوے دُکھ
دکن کے یہ قدیم طبی نسخے پڑھنے کے بعد یہ راز کھلا کہ اس دنیا کے آئینہ خانے میں اپنی صحت کو داؤ پر لگانے والوں کو آئینہ دکھایاگیاہے ۔عام طور پر دیکھا گیاہے کہ طبی نسخوں اور ٹوٹکوں کے مطالعہ کے بعد کچھ سادہ لوح لوگ خوداپنا علاج کرنے لگتے ہیں اور اپنی ذات کو تماشا بنا دیتے ہیں۔یہ لوگ اپنی جمع پونجی کود ساختہ معجونوں ،پھکیوں اور کُشتوں میں اُڑا دیتے ہیں ۔دیہی علاقوں میں شرح خواندگی کم ہونے کے باعث سفہا اور اجلاف و ارذال کے پروردہ پیشہ ور ٹھگ ،عادی دروغ ،نیم حکیم اور عطائی کشتوں کے پشتے لگ دیتے ہیں ۔ ایسی حالت میں کوئی بھی چارہ گر ان خود ساختہ بیماروں کی طرف مر ہم بہ دست نہیں آتا۔ پروفیسر انور مسعود نے ادویات کے سائیڈایفکٹس پر ایک نظم لکھی ہے جس میں سر درد کی گولی کے غیر محتاط استعمال سے خبر دارکیا گیا ہے ۔
سر در د میں گولی یہ بڑی زُود اثر ہے
پر تھوڑا سا نقصان بھی ہو سکتاہے اِس سے
ہو سکتی ہے پیدا کوئی تبخیر کی صورت
دِل تنگ وپریشاں بھی ہو سکتاہے اِس سے
ہو سکتی ہے کچھ ثِقلِ سماعت کی شکایت
بے کار کوئی کان بھی ہو سکتاہے اِس سے
پڑ سکتی ہے کچھ جِلد خراشی کی ضرورت
خارش کا کچھ اِمکان بھی ہوسکتاہے اِس سے
ممکن ہے خرابی کوئی ہوجائے جگر میں
آپ کو یرقان بھی ہو سکتا ہے اِس سے
ہو سکتی ہیں یادیں بھی ذرا سی متاثر
معمولی سا نسیان بھی ہو سکتا ہے اِس سے
بینائی کے حق میں بھی یہ گولی نہیں اچھی
دیدہ کوئی حیران بھی ہو سکتاہے اِس سے
ہو سکتا ہے لاحق کوئی پیچیدہ مرض بھی
گُردہ کوئی وِیران بھی ہوسکتا ہے اِس سے
ممکن ہے کہ ہو جائے نشہ اِس سے ذرا سا
پھر آپ کا چالا ن بھی ہو سکتا ہے اِس سے
پنجابی زبان کے شعرا نے بھی طبی نسخوں کو اپنی شاعری کا موضوع بنایا ہے ۔جعلی معالج اور عطائی سادہ لوح لوگوں کو ٹونے ٹوٹکوں کی خوبیاں بتاکر لُوٹ لیتے ہیں۔بہرام ٹھگ اور تشفی کنجڑے کی اولاد کا یہی وتیرہ ہے کہ انھوں نے ہر دور میں سادہ لوح لوگوں کی جیبوں پرڈاکہ ڈالاہے ۔اس قماش کے چوروں کے ہاتھو ں لُٹ جانے والے زندگی بھر کسی کا اعتبار ہی نہیں کرتے ۔پروفیسر انور مسعود نے اپنی پنجابی نظم ’’ جہلم دا پُل ‘‘اسی قسم کے طبی نسخوں کی مرقع نگاری کی ہے ۔ کبھی سانپوں والا باوا نمودار ہوتاہے تو کبھی دانتوں کا ماہر معالج اپنی چرب زبانی سے اپنی جعلی ادویات کی تعریف میں زمین آسمان کے قلابے مِلا کر مسافروں کی آنکھوں میں دُھول جھونکتاہے ۔آ نکھوں کا سرمہ اور دانتوں کا منجن فروخت کرنے والے عطائی بسوں اور گاڑیوں میںگُھس کر اپنی چکنی چُپڑی باتوں سے سادہ لوح مسافروں کو اپنی تیار کی ہوئی ادویات بیچ کر اُن کی صحت سے کھیلتے ہیں۔
دکنی شعرا نے سب سے پہلے مثنوی پر توجہ دی اس کے بعدوہ رباعی ،غزل اور قصیدہ لکھنے پر مائل ہوئے ۔ تاریخ ادب کے مطالعے سے یہ حقیقت ر وزِ روشن کی طرح واضح ہوجاتی ہے کہ ولی دکنی کے زمانے میں جنوبی ہند کے طول و عرض میں ادب اور فنون لطیفہ پرفارسی تہذیب و ثقافت کے اثرات نمایاں تھے ۔اس عہد کے جن ممتاز تخلیق کاروں کے اسلوب پر فارسی تہذیب و ثقافت کے اثرات نمایاں ہیں ان میں محمد قلی قطب شاہ ،ملا وجہی ،غواصی ،احمدگجراتی،نصرتیؔ،ولیؔ اورسراجؔ شامل ہیں ۔تاریخ اوراس کے مسلسل عمل کے نتیجے میں سیاسی ،تہذیبی اورادبی میلانات نئے حقائق کو سامنے لا رہے تھے ۔ بر صغیر کے مطلق العنان مغل بادشاہ اورنگ زیب (B:1618,D;1707 )نے اپنی مہم جوئی اور فوجی یلغار کاآغاز شمالی ہند سے جنوبی ہند کی جانب پیش قدمی سے کیا۔اورنگ زیب (عرصہ حکومت :1658-1707) نے شمال سے جنوب کی طرف دکن میں طویل عرصہ تک مہم جوئی کا سلسلہ جاری رکھا۔اس عرصے میں ادب اور فنون لطیفہ کا معاملہ قطعی مختلف رہا ۔ان شعبوں میں پیش قدمی جنوب سے شمال کی جانب رہی ۔جس زمانے میں اورنگ زیب کی کمان میں مغل مسلح افواج گولکنڈہ کا قلعہ ا ور وہاں موجود پر شکو ہ عمارات کو کھنڈرات میں بدلنے میں مصروف تھیں اس وقت جنوبی ہند سے ادب اور فنون لطیفہ کوزادِ راہ بناکر شمال ہند کی جانب پیش قدمی کرنے والے قلم بہ کف حریت فکر و عمل کے مجاہدافکار تازہ کی مشعل فروزاں کر کے جہانِ تازہ کی جستجو میںشما لی ہند کی جانب رواں دواں تھے۔یہی وہ عہد آفریں لمحات تھے جب رجحان ساز تخلیق کاروں نے تازہ بستیاں آباد کیں اور سفاک ظلمتوں کوکافور کرکے اذہان کی تطہیر و تنویر کا اہتمام کیا ۔تاریخ ادب کے اوراق میں یہ بات محفوظ ہے کہ اسی دور میں اُردو شاعری کا وہ قصر عالی شان تعمیر ہوا جس نے تخلیق ادب کو مقاصد کی رفعت کے اعتبار سے ہم دوشِ ثریا کر دیا۔ ڈاکٹر جمیل جالبی نے عادل شاہی دور میں دکنی زبان کے فروغ کے سلسلے میں لکھا ہے :
’’اورنگ زیب عالم گیر کی فتح دکن کے بعد شمال و جنوب کے درمیان جودیوارکھڑی تھی وہ دُور ہو گئی تھی
اور یہ دونوں علاقے گھر آنگن بن گئے تھے ۔فارسی کے مشہورشاعر ناصر علی دکن گئے تو وہ بھی اُردو میں غزلیں
کہنے لگے ۔میر جعفر زٹلی کی شاعری کے زبان و بیان پر دکنی ادب کی روایات کااثر نمایا ں ہے ۔فائز،مبتلا ،آبرو،
ناجی اور شاہ حاتم کے دیوان ،قدیم کی شاعری پر یہ اثرات نمایا ں ہیں ۔‘‘ (7)
ادب اور فنون لطیفہ میں جذبہ ٔ انسانیت نوازی ،خلوص ،دردمندی اورایثارکے ایسے دور کا آغاز ہوا جس کی پہلے کوئی مثال موجود نہ تھی ۔شعر و ادب میں تعمیر و ترقی کے غلغلے بلند ہوئے ۔ ہر سُوانسانیت کے وقار و سر بلندی ،بے لوث محبت اوربے باک صداقت کے چرچے عام تھے۔دکن سے شمالی ہند کی جانب ولی ؔ نے جس ادبی سفر کا آغاز کیا وہ اس خطے میں مقیم ذوق سلیم سے متمتع باشندوں کے قلوب کو مرکزِ مہر و وفا کرنے کا وسیلہ بن گیا ۔اپنے دامن میں یقین،عزم،محبت ،وفا،اتفاق،دوستی،یگانگت،خلوص،مروّت اورعجزو انکسار کے گل ہائے رنگ رنگ لیے ولی ؔ جب پہلی مرتبہ 1700 میں دہلی پہنچا تواس کے خیالات سے قریہ ٔ جاں مہک اُٹھا۔ دکن سے دہلی کی جانب ولی ؔ کے اس یادگار سفر کے بعد سر زمین دکن اور شمالی ہند کے فکری فاصلے کم ہو گئے اورمعتبر ربط کو پروان چڑھانے میں مدد ملی۔دکنی زبان کے شعر و ادب میں سراپا نگاری،حیات و کائنات ،قلب و روح ،ارضیت و مادیت ،انسانیت و روحانیت اور جذبات و احساسات کے موضوع پر جو مسحور کن انداز جلوہ گر ہے وہ فارسی ادب کا ثمر ہے ۔دکنی زبان کے ادب میں عشق کو زندگی کے تمام معاملات میں محوری حیثیت حاصل ہے۔دکنی زبان کے تخلیق کاروں نے عشق کو عملی زندگی کی ایک اٹل اور نا گزیر صداقت کے رُوپ میں دیکھا اور خرد کی گتھیوں کو سلجھانے کے سلسلے میں جذبۂ عشق پر انحصار کیا ۔اُن کا خیال تھا کہ رنگ ،خوشبواورحسن و خوبی کے تمام استعارے عشق ہی کی عطا ہیں ۔دہلی آنے کے بعد ولی ؔ نے یہاں کے معمر ادیب شاہ سعداللہ گلشن سے ملاقات کی ۔شاہ سعداللہ گلشن نے ولیؔ کو فارسی زبان کی کلاسیکی شاعری سے استفادہ کرنے اور فارسی شاعری کے مضامین کو اپنے اسلوب میں جگہ دینے کا مشورہ دیا ۔قرائن سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ ولی ؔ نے اس مشورے پر عمل کیا ۔ولی ؔ کو سیر و سیاحت سے گہری دلچسپی تھی اس لیے اس نے دہلی کے سفر کے بعد برہان پور ،احمدآباد،گجرات اور کئی اہم تاریخی مقامات کی سیاحت بھی کی ۔سیرو سیاحت کایہ شوق ولی ؔ کی ادبی فعالیتوں کے لیے بہت مفید ثابت ہوا ۔ اپنے اس شوق کے بارے میں ولی ؔ نے کہا تھا :
ع : ہوا ہے سیر کا مشتاق بے تابی سوں من میرا
اس شوق نے ولی ؔ کو نئے ماحول سے آ شنا کیا اور اس کے معجز نما اثر سے ولی ؔ کی شخصیت میں وسعت نظر ،و سیع القلبی،خلوص و مروّت سے مزین ہمہ گیر تعلقات اور انسانی ہمدردی کے جذبات کو مزید نمو ملی ۔دورانِ سفر متعدد مقامات پر اس حساس شاعر کا واسطہ متعدد مسافر نواز احباب سے پڑا ۔اس کے اثرات ولی ؔ کی شاعری میں نمایاں ہیں۔ولی ؔ کے لیے یہ سفر وسیلہ ٔ ظفر ثابت ہوا ۔کئی تراکیب ،محاورات ،ضرب الامثال ،تشبیہات ،استعارات اور علامات کاتعلق سفر کے تجربات سے ہے ۔ان میں سفر ،ہجرت،وصل ،غربت ،جدائی ،یادیں ،فراق،کرب ،راحت،رخصت،گلگشتِ چمن ،موجِ دریا ،سیر صحرا،موج رفتار اور منزل شامل ہیں ۔ان سب کو ایک ایسے نفسیاتی کُل کے رُوپ میں دیکھا جا سکتا ہے جس سے لا شعور کی حرکت و حرارت کو مہمیز و متشکل کرنے میں مدد ملتی ہے ۔دہلی شہر سے والہانہ محبت اورقلبی وابستگی کی جو کیفیت ولی ؔ کی شاعری میں موجود ہے وہ اسی سفر کاکرشمہ ہے ۔ اکثر محققین کاخیال ہے کہ ولیؔ کے دِل میں دہلی کی محبت رچ بس گئی تھی ۔
قدیم دکنی زبان کے شاعر اور اُردوزبان کے شاعر اپنی تخلیقی تحریروں میں صحت کے مسائل پر کُھل کراظہارِ خیال کرتے تھے ۔اس موضوع پراُن کی شاعری ہر عہد میں فکر و خیال کو مہمیزکرنے کا وسیلہ ثابت ہوگی۔
-------------------------------------------------------------------------------------------------------------------------------------------------------------