بوڑھے ہونے کا تعلق عمر سے نہیں ہے
بڑھاپا تب طاری ہوتا ہے جب محبت جدا ہوجاتی ہے
جب تم جارہے تھے تو پُرتکلف مسکراہٹ کے ساتھ ہی لاحاصلی کا دکھ تھا
میں تمہاری پیشانی کو چوم نہ سکی
میں اور تم ایک کگار پر
موت تمہاری روشن آنکھوں کو اندھیروں میں لے گئی
اس رات خدا مجھے نیند میں لے گیا
اور تم سے بے خبر کردیا
میں، جو بے چین ہوکے پوچھتی تھی
تم ٹھیک ہو نا۔۔۔
اور تم اطمینان سے کہتے تھے
اب ٹھیک ہوں
اُس رات میں تمہیں پوچھ لیتی
تو آنے والی صبح سورج کو گہن نہ لگتا
میرے شکوے میری فریاد میری معافی
میں اور تم ایک کگار پر
میں تم سے کہتی تھی تمہارے اندر کی گھٹن
مجھے ماررہی ہے
میرے دوست۔۔۔۔
تم نے بہت سارا درد سہا
اور تمہارا سفر تمام ہوا
مجھے دیکھو،
بہت سارا درد وجود میں سموکر
تاریکی میں راہیں ٹٹولتی ہوں
میں اورتم ایک کگار پر